پوسٹ کرنے کی تاریخ:
27 NOV 2026 12:02PM by PIB Delhi
خواتین و اطفال کی بہبود کی وزارت (ایم ڈبلیو سی ڈی) اور ہنرمندی کے فروغ و صنعت کاری کی وزارت (ایم ایس ڈی ای) مشترکہ طور پر 28 نومبر 2026 کو سہ پہر 3:30 بجے اتراکھنڈ سنسکرت اکیڈمی آڈیٹوریم، ہریدوار میں نویا کے دوسرے مرحلے کا آغاز کریں گی۔ نویا کا پورا نام ’نوجوان خواتین اور نوعمر لڑکیوں کے لیے پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے امنگوں کو پروان چڑھانا‘ ہے۔ اس کے آزمائشی مرحلے سے حاصل ہونے والے تجربات کی بنیاد پر نویا 2.0 کا مقصد نوعمر لڑکیوں اور نوجوان خواتین کی امنگوں کو پروان چڑھاتے ہوئے، ان کی صلاحیتوں کو مستحکم کرکے اور انہیں زیادہ خود اعتمادی، خود انحصاری اور معاشی خود مختاری حاصل کرنے کے قابل بناکر خواتین کی قیادت میں ترقی کو آگے بڑھانا ہے۔
اس پروگرام میں خواتین و اطفال کی بہبود کی مرکزی وزیر محترمہ انپورنا دیوی؛ ہنرمندی کے فروغ اور صنعت کاری کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج)نیز تعلیم کے وزیر مملکت جناب جینت چودھری؛ اتراکھنڈ حکومت میں خواتین کو بااختیار بنانے اور اطفال کی بہبود، خوراک و شہری رسد، کھیل اور نوجوانوں کی بہبود کی کابینی وزیر محترمہ ریکھا آریہ؛ پنچایتی راج، آفات سے نمٹنے کے بندوبست اور بازآبادکاری، آیوش اور آیوش تعلیم، تنظیمِ نو اور مردم شماری کے کابینی وزیر جناب مدن کوشک؛ اور اتراکھنڈ سے لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ جناب تریویندر سنگھ راوت شرکت کریں گے۔
افتتاحی پروگرام کے دوران مرکزی وزراء باضابطہ طور پر نویا 2.0 کا آغاز کریں گے۔ اس موقع پر اتراکھنڈ میں پی ایم جن من کے تحت تعمیر کیے گئے سکشم آنگن واڑی مراکز اور نئے آنگن واڑی مراکز کا افتتاح بھی کیا جائے گا، نیز پردھان منتری کوشل وکاس یوجنا (پی ایم کے وی وائی) کے تحت تربیت حاصل کرنے والے امیدواروں میں اسناد تقسیم کی جائیں گی۔
نویا: امنگوں کو پروان چڑھانا اور خودمختاری کو فروغ دینا
نویا خواتین و اطفال کی بہبود کی وزارت اور ہنرمندی کے فروغ و صنعت کاری کی وزارت کی ایک مشترکہ پہل ہے، جس کا مقصد خواتین و اطفال کی بہبود اور ہنرمندی کے فروغ سے وابستہ شعبوں کی صلاحیتوں کو یکجا کرکے نوعمر لڑکیوں اور نوجوان خواتین کو بااختیار بنانا ہے۔ یہ پہل اس بات کو تسلیم کرتی ہے کہ بااختیار بنانے کا عمل محض تربیت فراہم کرنے تک محدود نہیں ہے، بلکہ اس میں امنگوں کو پروان چڑھانا، خود اعتمادی پیدا کرنا، صلاحیتوں کو فروغ دینا اور مستقبل کے بارے میں باخبر فیصلے کرنے کے قابل بنانا بھی شامل ہے۔
اس پہل کے آزمائشی مرحلے کا آغاز 24 جون 2025 کو اتر پردیش کے ضلع سون بھدر سے کیا گیا تھا، جس کے تحت 19 ریاستوں کے 27 امنگوں والے اضلاع کا احاطہ کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ اس مرحلے میں تقریباً 1200 نوعمر لڑکیوں کو صنعتوں کی ضروریات سے ہم آہنگ مختلف پیشہ ورانہ شعبوں میں تربیت دی گئی، جن میں ڈرون کی تیاری اور جوڑنے کی تکنیک، شمسی فوٹو وولٹک (سولر پی وی) تنصیبات میں معاونت اور فیشن ڈیزائننگ شامل ہیں۔ اس پہل میں ڈیجیٹل اور مالیاتی خواندگی، روزگار کے لیے تیاری اور صنعت کاری پر بھی خصوصی توجہ دی گئی، تاکہ لڑکیوں میں خود اعتمادی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ان کی سماجی و اقتصادی خودمختاری کو بھی مستحکم کیا جا سکے۔
نویا 2.0: بااختیار بنانے کے دائرہ کار میں توسیع
آزمائشی مرحلے کے تجربات کی بنیاد پر نویا 2.0 کا دائرہ بڑھا کر 24 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 100 اضلاع تک وسیع کیا جائے گا، جس میں بالخصوص امنگوں والے اضلاع اور دور دراز و دشوار گزار علاقوں پر توجہ دی جائے گی۔ اس پہل کے تحت اہلیت کی عمر کی حد بھی 16 سے 18 سال کے بجائے بڑھا کر 16 سے 25 سال کر دی گئی ہے، جس سے زیادہ تعداد میں نوعمر لڑکیوں اور نوجوان خواتین کو اس کے دائرے میں شامل کیا جا سکے گا۔
اس توسیع شدہ پہل کے ذریعے صنعتوں کی ضروریات سے ہم آہنگ جدید اور روایتی طور پر خواتین کے لیے کم معروف پیشہ ورانہ شعبوں میں ہنرمندی کی تربیت تک رسائی کے مزید مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی روزگار، عملی تربیت (اپرنٹس شپ) اور صنعت کاری کے امکانات کو بھی مستحکم کیا جائے گا۔ اس میں ادارہ جاتی تال میل، ضلع کی سطح پر مربوط عمل درآمد اور نتائج پر مبنی معاونت کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، ضلع کی سطح پر مؤثر تال میل اور عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ایک منظم معیاری عملی طریقۂ کار (ایس او پی) بھی متعارف کرایا گیا ہے۔
ٹیکنالوجی کے ذریعے عمل درآمد
اسکل انڈیا ڈیجیٹل ہب (ایس آئی ڈی ایچ) ہنرمندی کے فروغ کے مواقع تک رسائی آسان بنانے اور امیدواروں کو اندراج سے لے کر تربیت اور سرٹیفکیشن تک کے پورے عمل میں معاونت فراہم کرنے کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔ اس کے ذریعے مستفیدین کے اندراج، حاضری، تربیت میں پیش رفت اور سرٹیفکیشن کی حقیقی وقت میں نگرانی بھی ممکن ہو سکے گی، جس سے شفافیت اور جواب دہی کو مزید تقویت ملے گی۔ اس کے علاوہ، ڈیجیٹل طور پر قابل تصدیق اسناد امیدواروں کو اپنی مہارتوں اور صلاحیتوں کا ثبوت پیش کرنے میں بھی مدد فراہم کریں گی۔
خواتین کی قیادت میں ترقی کو فروغ دینا
خواتین و اطفال کی بہبود کی وزارت اور ہنرمندی کے فروغ و صنعت کاری کی وزارت کے باہمی اشتراک سے نویا 2.0 کا مقصد ایک ایسا سازگار ماحول تشکیل دینا ہے، جہاں نوعمر لڑکیاں اور نوجوان خواتین، بالخصوص امنگوں والے اور پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والی لڑکیاں، اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں، اپنی امنگوں کو پورا کرنے کے لیے آگے بڑھ سکیں اور ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بامعنی کردار ادا کر سکیں۔
نویا 2.0 امنگوں کو مواقع میں اور مواقع کو خودمختاری میں بدلنے کی سمت ایک اہم قدم ہے، جو ہر نوجوان خاتون کو اپنا مستقبل خود سنوارنے اور وِکست بھارت کے خواب کو حقیقت بنانے میں اپنا رول ادا کرنے کے قابل بنائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(ش ح –ع ح-ع ن)
U. No. 8348