الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ایس ٹی پی آئی نے اتر پردیش کے آئی ٹی/آئی ٹی ای ایس اور اسٹارٹ اَپ کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے بریلی میں اپنے 75ویں مرکز کا افتتاح کیا


نیا مرکز روہیل کھنڈ خطے میں ٹیکنالوجی کے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے اور آئی ٹی/آئی ٹی ای ایس اداروں، اسٹارٹ اَپس اور ٹیکنالوجی پر مبنی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں معاون ہوگا

اس پہل کا مقصد خطے میں اختراع کو فروغ دینا، کاروباری مواقع فراہم کرنا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 27 NOV 2026 9:52AM by PIB Delhi

سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس آف انڈیا (ایس ٹی پی آئی)، وزارتِ الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی (مائٹی)، حکومتِ ہند کے تحت کام کرنے والے ایک ممتاز سائنس و ٹیکنالوجی ادارے نے اتر پردیش کے بریلی میں اپنے مرکز کا افتتاح کیا۔ اس مرکز کا افتتاح ، حکومتِ ہندکے الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی اور تجارت و صنعت کے وزیر مملکت  جناب جتن پرساد نے کیا۔ اس موقع پر اترپردیش حکومت میں جنگلات و ماحولیات، چڑیا گھر اور موسمیاتی تبدیلی کے وزیر (آزادانہ چارج) ڈاکٹر ارون کمار سکسینہ؛ بریلی کے  رکن پارلیمنٹ جناب چھترپال سنگھ گنگوار؛ راجیہ سبھا کی رکن پارلیمنٹ محترمہ شروتی گنگوار؛ اور ایس ٹی پی آئی کےڈائریکٹر جنرل جناب اروند کمارسمیت دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔

اس مرکز کا افتتاح ایس ٹی پی آئی کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے، کیونکہ بریلی ملک میں اس کا 75واں مرکز بن گیا ہے۔ اس سے ملک بھر میں اس کے نیٹ ورک کو مزید وسعت ملے گی اور بڑے شہروں سے آگے بھی بھارت کے ٹیکنالوجی نظام کو مضبوط بنانے کے عزم کو تقویت حاصل ہوگی۔ ایس ٹی پی آئی کے 75 مراکز میں سے 67 مراکز درجہ دوم اور درجہ سوم کے شہروں میں قائم ہیں، جو ٹیکنالوجی کے بنیادی ڈھانچے کو مختلف خطوں تک وسعت دینے اور علاقائی سطح پر کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے اس کی مسلسل کوششوں کی عکاسی کرتے ہیں۔ تقریباً 18.25 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے دو ایکڑ اراضی پر تعمیر کیا گیا بریلی مرکز ٹیکنالوجی اداروں اور نئے کاروباری افراد کو ایک ادارہ جاتی پلیٹ فارم فراہم کرکے خطے کے آئی ٹی/آئی ٹی ای ایس نظام کو مضبوط بنانے میں مدد دے گا۔

الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی اور تجارت و صنعت کے وزیر مملکت، حکومتِ ہند، جناب جتن پرساد نے کہا، ’’ایس ٹی پی آئی کے بریلی مرکز کا افتتاح نہ صرف بریلی بلکہ پورے روہیل کھنڈ خطے، بالخصوص پیلی بھیت، شاہجہاں پور اور بدایوں کے نوجوانوں کے لیے ایک اہم تحفہ ہے۔ اب انہیں آئی ٹی، اسٹارٹ اَپس، انکیوبیشن، اختراع اور تحقیق کے شعبوں میں مواقع حاصل کرنے کے لیے ممبئی، نوئیڈا اور حیدرآباد جیسے بڑے مراکز کا رخ نہیں کرنا پڑے گا، بلکہ انہیں اپنے ہی علاقے میں عالمی معیار کی تکنیکی سہولتیں میسر آئیں گی۔ اس طرح وہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کی تشکیل کے ساتھ مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کرسکیں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی دور اندیش قیادت اور طویل مدتی پالیسیوں کے تحت، جس طرح مرکز اور ریاست کے درمیان تال میل ترقی کو آگے بڑھاتا ہے، اسی طرح تجارت اور ٹیکنالوجی بھارت کی ترقی کے دو اہم محرک ہیں۔ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبے میں ایک کروڑ نوجوانوں کو تربیت دینے، بیرونی انحصار کم کرنے اور کووِڈ-19 وبا جیسی ہنگامی صورت حال کے بعد سپلائی چین کو مستحکم بنانے کے لیے سیمی کنڈکٹر چِپ کی تیاری اور پیکیجنگ کا نظام قائم کرنے، ڈیٹا سینٹروں اور سافٹ ویئر کی برآمدات کو وسعت دینے اور آتم نربھر بھارت کو آگے بڑھانے کے عزم سے بھارت کی تکنیکی خود کفالت کی کوششوں میں تیزی آ رہی ہے اور نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’آئی ٹی کے شعبے میں بھارت آج دنیا کے لیے ہنرمند افرادی قوت کا ایک بڑا مرکز بن چکا ہے، جس کی بنیاد نوجوانوں کی تکنیکی مہارت اور ڈیزائننگ کی صلاحیتیں ہیں۔ ایس ٹی پی آئی کی جانب سے ہنرمندی کی ترقی اور دیگر معاونت کے ساتھ مفت تکنیکی سہولتیں فراہم کرنے سے یہ یقینی بنایا جا رہا ہے کہ مالی مشکلات کسی بھی باصلاحیت فرد یا کاروباری کوشش کی راہ میں رکاوٹ نہ بنیں۔ مقامی سطح پر چھوٹی، بہت چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں (ایم ایس ایم ایز)، آئی ٹی صنعتوں، تجارتی ایوانوں اور کاروباری افراد کی جانب سے اس مرکز کی بھرپور صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کے بعد ہم مزید عمارتوں اور تکنیکی سہولتوں میں توسیع کریں گے۔ اسی دوران ڈیجیٹل انڈیا کے تحت کام کرنے والے کامن سروس سینٹرز (سی ایس سیز) دیہی علاقوں میں آدھار، بینکنگ، بجلی کے بلوں کی ادائیگی اور دیگر شہری خدمات تک رسائی کو مسلسل وسعت دے رہے ہیں۔ مجھے پورا یقین ہے کہ ایس ٹی پی آئی کے ڈائریکٹر جنرل جناب اروند کمار اور ان کی ٹیم کی کوششوں کے نتیجے میں بریلی بھی نوئیڈا، کانپور، لکھنؤ اور گورکھپور کی طرح ایک بڑے آئی ٹی مرکز کے طور پر ابھرے گا اور پورے روہیل کھنڈ خطے میں تکنیکی اور اقتصادی ترقی کو رفتار دے گا۔‘‘

اتر پردیش حکومت میں جنگلات و ماحولیات، چڑیا گھر اور موسمیاتی تبدیلی کے محکموں کے وزیر (آزادانہ چارج) ڈاکٹر ارون کمار سکسینہ نے کہا، ’’ایس ٹی پی آئی کے بریلی مرکز کا قیام اس خطے کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت ہے اور اس سے ٹیکنالوجی کے شعبے میں مواقع کو وسعت دینے میں مدد ملے گی۔ بریلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں صلاحیتوں اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ یہ مرکز نوجوانوں، اسٹارٹ اَپس اور ٹیکنالوجی سے وابستہ اداروں کو نئے مواقع تلاش کرنے، اختراعی خیالات کو عملی شکل دینے اور ریاست کی اقتصادی ترقی میں اپنا تعاون دینے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔‘‘

بریلی کے رکن پارلیمنٹ جناب چھترپال سنگھ گنگوار نے کہا، ’’ایس ٹی پی آئی کے بریلی مرکز کا افتتاح اس خطے کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ اس سے ٹیکنالوجی پر مبنی کاروباری سرگرمیوں کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرنے میں مدد ملے گی اور نئے کاروبار شروع کرنے کے خواہش مند افراد اور نوجوان پیشہ ور افراد کو مواقع کے ایک وسیع تر نظام تک رسائی حاصل ہوگی۔‘‘

راجیہ سبھا کی رکن پارلیمنٹ محترمہ شروتی گنگوار نے کہا، ’’ایس ٹی پی آئی کے بریلی مرکز کا افتتاح اس خطے، بالخصوص یہاں کے باصلاحیت نوجوانوں اور نئے کاروبار شروع کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔ ٹیکنالوجی کے بنیادی ڈھانچے اور اسٹارٹ اَپ کے لیے سازگار نظام تک رسائی سے مقامی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے، اختراعی سوچ کو فروغ دینے اور پیشہ ورانہ ترقی کے نئے راستے کھولنے میں مدد مل سکتی ہے۔‘‘

ایس ٹی پی آئی کے ڈائریکٹر جنرل جناب اروند کمار نے کہا، ’’بریلی مرکز کا افتتاح ایس ٹی پی آئی کے سفر میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ اس کے ساتھ ملک بھر میں ہمارے مراکز کی تعداد بڑھ کر 75 ہو گئی ہے، جن میں سے 67 مراکز درجہ دوم اور درجہ سوم کے شہروں میں واقع ہیں۔ یہ اس عزم کا مظہر ہے کہ ہم قائم شدہ آئی ٹی مراکز سے آگے بھی ٹیکنالوجی کے بنیادی ڈھانچے اور کاروباری مواقع کو وسعت دینے اور نئے خطوں کو بھارت کی ڈیجیٹل معیشت میں حصہ لینے کے قابل بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں۔ تقریباً 18.25 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے دو ایکڑ اراضی پر تعمیر کیا گیا بریلی مرکز اس نیٹ ورک میں ایک اہم اضافہ ہے۔ یہ روہیل کھنڈ خطے میں آئی ٹی/آئی ٹی ای ایس اداروں، اسٹارٹ اَپس اور نئے کاروبار شروع کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے سازگار ماحول فراہم کرے گا۔ اپنے بنیادی ڈھانچے، انکیوبیشن اقدامات اور صنعتی روابط کے ذریعے ہمارا مقصد مقامی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا، کاروباری سرگرمیوں کی ترقی میں سہولت فراہم کرنا اور ٹیکنالوجی پر مبنی اختراعی اداروں کے قیام میں معاونت کرنا ہے۔‘‘

بریلی مرکز کے قیام سے ملک بھر میں ایس ٹی پی آئی کی موجودگی کو مزید وسعت ملی ہے اور قائم شدہ ٹیکنالوجی مراکز سے آگے بھی آئی ٹی/آئی ٹی ای ایس صنعت کو فروغ دینے کی اس کی کوششوں کو تقویت حاصل ہوئی ہے۔ اپنے مراکز کے نیٹ ورک، انکیوبیشن سہولتوں اور کاروبار کو فروغ دینے کے اقدامات کے ذریعے ایس ٹی پی آئی بنیادی ڈھانچے، صنعتی روابط اور مصنوعات کی تیاری و تخلیقی اور اختراعی حقوق کے حصول کے مواقع فراہم کرکے اسٹارٹ اَپس اور ٹیکنالوجی سے وابستہ اداروں کی مسلسل معاونت کر رہا ہے۔

اس تقریب میں کئی ممتاز شخصیات اور عوامی نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

یہ افتتاح اتر پردیش کے علاقائی ٹیکنالوجی نظام کو مضبوط بنانے، کاروباری سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرنے اور حکومت، صنعت، تعلیمی اداروں اور اسٹارٹ اَپس کے درمیان بہتر تال میل کے ذریعے ٹیکنالوجی پر مبنی اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

ایس ٹی پی آئی کے بارے میں:

سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس آف انڈیا (ایس ٹی پی آئی)، وزارتِ الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی (مائٹی) کے تحت کام کرنے والا ایک ممتاز سائنس و ٹیکنالوجی ادارہ ہے، جو آئی ٹی/آئی ٹی ای ایس صنعت، اختراع، تحقیق و ترقی، اسٹارٹ اَپس اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مصنوعات کی تیاری اور تخلیقی و اختراعی حقوق کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے۔ ان جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں انٹرنیٹ آف تھنگز، بلاک چین، مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ، کمپیوٹر وژن، روبوٹکس، حقیقت نما اور مجازی حقیقت، اینیمیشن اور ویزوئل افیکٹ، نیز ڈیٹا سائنس اور تجزیات شامل ہیں۔ ایس ٹی پی آئی گیمنگ، مالیاتی ٹیکنالوجی، زرعی ٹیکنالوجی، طبی ٹیکنالوجی، خودکار اور مربوط نقل و حرکت، الیکٹرانکس سسٹم ڈیزائن اور مینوفیکچرنگ (ای ایس ڈی ایم)، سائبر سکیورٹی، انڈسٹری 4.0 اور ڈرونز جیسے شعبوں میں بھی اختراع کو فروغ دینے کے لیے معاونت فراہم کرتا ہے۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 (ش ح –ع ح-ع ن)

U. No. 8341


(ریلیز آئی ڈی: 2342401) وزیٹر کاؤنٹر : 8
یہ ریلیز پڑھیں: English , Gujarati , हिन्दी