پوسٹ کرنے کی تاریخ:
26 NOV 2026 8:00PM by PIB Delhi
بھارت اور متحدہ عرب امارات کی مشترکہ دفاعی تعاون کمیٹی کا 14واں اجلاس 26 نومبر 2026 کو ابوظہبی میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت بھارتی جانب سے سیکرٹری دفاع جناب راجیش کمار سنگھ اور متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع کے انڈر سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل ابراہیم ناصر ایم العلوی نے کی۔
اس اجلاس نے ان اقدامات کو تزویراتی سمت فراہم کی جن کا خاکہ مئی 2026 میں بھارتی وزیر اعظم کے دورہ متحدہ عرب امارات کے دوران طے پانے والے بھارت-متحدہ عرب امارات اسٹریٹجک ڈیفنس پارٹنرشپ فریم ورک میں پیش کیا گیا تھا۔ دونوں فریقین نے دفاعی صنعت، دفاعی جدت اور جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت سائبر، فوجی تربیت اور سمندری تحفظ سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ دفاعی تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے اگلی نسل کے دفاعی سازوسامان کی مشترکہ تیاری اور پیداوار میں شراکت داری کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا۔

مشترکہ سربراہان نے فیصلہ کیا کہ اگلے جے ڈی سی سی اجلاس سے قبل، دفاعی تعاون میں ہونے والی پیش رفت کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیا جائے گا۔ بھارتی وفد میں محکمہ دفاع، بھارتی مسلح افواج، نیشنل سیکیورٹی کونسل سیکرٹریٹ اور وزارت خارجہ کے نمائندے شامل تھے۔
کاروبار سے کاروبار شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے، بھارتی دفاعی صنعت کا ایک وفد بھی جے ڈی سی سی وفد کے ہمراہ تھا۔ اجلاس کے موقع پر دونوں ممالک کی دفاعی صنعتوں کے درمیان کاروبار سے کاروبار بات چیت بھی ہوئی۔ بھارتی دفاعی صنعت کے وفد نے توازن انڈسٹریل پارک کا دورہ کیا اور متحدہ عرب امارات کی توازن اکنامک کونسل کے ساتھ ملاقات کی، جس کا مقصد باہمی تعاون کے ممکنہ شعبوں کا جائزہ لینا تھا۔
سیکرٹری دفاع کی قیادت میں بھارتی وفد نے متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے دفاعی امور، جناب محمد بن مبارک فاضل المزروعی سے بھی ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے خلیج اور مغربی ایشیا کے خطے میں ابھرتی ہوئی جغرافیائی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اوراسٹریٹجک دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سیکرٹری دفاع نے بھارتی وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ اس سے قبل، سیکرٹری دفاع نے ابوظہبی میں ’واحۃ الکرامہ‘پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ یہ مقام ان بہادر فوجیوں کے لیے وقف ہے جنہوں نے متحدہ عرب امارات کی خدمت میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
_20261126200142_2b0de8.jpeg)
بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان صدیوں پرانے تاریخی تعلقات ہیں جن کی بنیاد تجارت اور ثقافتی تبادلوں پر استوار ہے، اور اس کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے عوام کے مابین بھی مضبوط روابط موجود ہیں۔ ان دو طرفہ تعلقات کو اب ایک ’اسٹریٹجک شراکت داری‘کا درجہ دیا گیا ہے، جس میں اب ’اسٹریٹجک دفاعی شراکت داری‘ بھی شامل ہے۔
***
(ش ح۔اص)
UR No 8332