حکومت ہند کے سائنٹفک امور کے مشیر خاص کا دفتر
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
26 NOV 2026 7:33PM by PIB Delhi
ٹیکنالوجی ڈائیلاگ کا تیسرا ایڈیشن ”ٹیکنالوجی کے باہمی امتزاج کی راہیں متعین کرنا“ کے موضوع کے تحت 30 نومبر سے 2 دسمبر 2026 تک انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس (آئی آئی ایس سی)، بنگلورو میں منعقد ہوگا۔ اس ڈائیلاگ کا انعقاد حکومت ہند کے پرنسپل سائنسی مشیر کے دفتر کی جانب سے وزارت خارجہ، حکومت ہند؛ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس، بنگلورو؛ آبزرور ریسرچ فاؤنڈیشن (او آر ایف) اور گلوبل انوویشن اسکوائر (جی آئی ایس) کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔
گزشتہ چند برسوں کے دوران ٹیکنالوجی ڈائیلاگ ٹیکنالوجی سفارت کاری کے لیے ہندوستان کے اہم ترین ٹریک 1.5 پلیٹ فارموں میں سے ایک بن کر ابھرا ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے ہندوستان اور دنیا بھر کے اعلیٰ سرکاری عہدیداروں، پالیسی سازوں، محققین، صنعت کاروں، سرمایہ کاروں اور اختراع کاروں کو ایک ساتھ آنے اور اہم و ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز پر تبادلۂ خیال کرنے کے ساتھ ساتھ اسٹریٹجک شراکت داریوں کو فروغ دینے کا موقع ملتا ہے۔ سال 2023 کے ایڈیشن میں جہاں انقلابی تبدیلیاں لانے والی ٹیکنالوجیز سے وابستہ مواقع اور خطرات کا جائزہ لیا گیا تھا، وہیں 2025 کے ایڈیشن میں ٹیکنالوجی سفارت کاری اور اہم و ابھرتے ہوئے ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ہندوستان کی اسٹریٹجک شراکت داریوں پر توجہ مرکوز کی گئی تھی۔
ان مباحثوں کو آگے بڑھاتے ہوئے، سال 2026 کے ایڈیشن میں مختلف شعبوں اور جہتوں میں جدید ترین ٹیکنالوجیز کے بڑھتے ہوئے باہمی امتزاج پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اس کے تحت مصنوعی ذہانت اور کوانٹم کمپیوٹنگ، سیمی کنڈکٹر، بایو اکانومی، نیورو ٹیکنالوجی، سائبر سکیورٹی اور پوسٹ کوانٹم تیاری، نیز خلائی صلاحیتیں اہم موضوعات ہوں گے۔ ان ٹیکنالوجیز کے درمیان بڑھتے ہوئے باہمی اشتراک اور امتزاج سے عالمی اختراعی نظام میں تبدیلی آ رہی ہے اور سائنسی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، جبکہ اس کے ساتھ معاشی مسابقت، قومی سلامتی، ٹیکنالوجی کے نظم و نسق اور بین الاقوامی تعاون سے متعلق اہم سوالات بھی سامنے آ رہے ہیں۔ اس ڈائیلاگ میں اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ ان ٹیکنالوجیز کو قومی ٹیکنالوجی مشنوں کے ساتھ کس طرح مربوط کیا جا سکتا ہے، تاکہ بالآخر عالمی سطح پر مسابقت کی صلاحیت رکھنے والا، مستحکم اور اسٹریٹجک طور پر خودمختار اختراعی نظام تشکیل دینے میں مدد مل سکے۔
اس ڈائیلاگ میں ممتاز اور متنوع شعبوں سے تعلق رکھنے والے مفکرین اور ماہرین شرکت کریں گے، جن میں حکومت ہند اور سفارتی مشنوں کے سینئر نمائندے، بین الاقوامی ایجنسیاں اور کثیر جہتی ادارے، نیز ممتاز سائنس داں، عالمی ٹیکنالوجی کمپنیاں، تحقیقی ادارے، وینچر کیپیٹل فرم اور ڈیپ ٹیک اسٹارٹ اپ شامل ہوں گے۔ متعدد اداروں کے قائدین اور ماہرین کے ساتھ ہندوستان کے سائنسی اور ٹیکنالوجی سے متعلق اداروں کے نمائندے سائنسی تحقیق، صنعتی اختراع، سرمایہ کاری، پالیسی سازی اور بین الاقوامی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر اپنے خیالات پیش کریں گے۔ ان کی شرکت سے ٹیکنالوجی پالیسی وضع کرنے، جدید ترین تحقیق کو آگے بڑھانے، تجارتی استعمال کے لیے نئی ایجادات تیار کرنے اور ابھرتی ہوئی اختراعات کے لیے مالی وسائل فراہم کرنے والے متعلقہ فریقوں کے درمیان تبادلۂ خیال کو فروغ ملے گا۔
تین روزہ پروگرام کے دوران اعلیٰ سطح کے مکمل اجلاس، ماہرین کے پینل مباحثے، غیر رسمی تبادلۂ خیال کی نشستیں، پالیسی سے متعلق بند کمرے میں گول میز کانفرنسیں اور ہندوستان کے ڈیپ ٹیک اور اختراعی نظام سے متعارف کرانے کے لیے خصوصی دوروں کا اہتمام کیا جائے گا۔ ان نشستوں میں درج ذیل موضوعاتی شعبوں پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا:
- مصنوعی ذہانت اور کوانٹم ٹیکنالوجی: کمپیوٹیشنل انٹیلی جنس کے مستقبل کی تشکیل
- جدید ترین ٹیکنالوجیز: بایو اکانومی کے نئے دور کے امکانات کی راہیں کھولنا
- دماغ، اگلا محاذ: انسانی صلاحیتوں کو بڑھانے میں نیورو ٹیکنالوجی کا کردار
- سائبر سکیورٹی سے آگے: اہم نظاموں کو محفوظ بنانے کے تقاضے
- آنے والی دہائیوں میں سیمی کنڈکٹرز کے شعبے میں مسابقت کا تعین کون اور کن عوامل سے ہوگا
- خلائی سال 2050: عظیم باہمی امتزاج کے لیے ٹیکنالوجی کے نئے محاذوں کو آگے بڑھانا
ان مخصوص ٹیکنالوجی شعبوں سے متعلق مباحثوں کے ساتھ ساتھ، اس ڈائیلاگ میں ڈیپ ٹیک کے لیے مالی وسائل کی فراہمی اور اس کی تجارتی کاری، جدید کمپیوٹنگ اور فاؤنڈیشن ماڈلوں تک رسائی، اسٹریٹجک ٹیکنالوجی شراکت داریوں، سکیورٹی ٹیکنالوجیز میں پیش رفت اور ذمہ دارانہ مصنوعی ذہانت کے نظم و نسق سے متعلق وسیع تر امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
سوئس نیکس (Swissnex) کے اشتراک سے روڈ ٹو جنیوا اقدام کے تحت جنیوا اے آئی سمٹ 2027 کی تیاری کے سلسلے میں ایک خصوصی ضمنی تقریب کے طور پر منعقد ہونے والی ہندوستان-سوئٹزرلینڈ اے آئی پالیسی گول میز کانفرنس سمیت مخصوص نشستوں کے ذریعے دوطرفہ ٹیکنالوجی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی، سکیورٹی ٹیکنالوجیز میں ہونے والی پیش رفت پر ایک مباحثے میں اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ یہ ٹیکنالوجیز اہم بنیادی ڈھانچے کے تحفظ کے لیے کس حد تک تیار ہیں۔ اس دوران ان حلوں کی نشاندہی بھی کی جائے گی جنہیں فوری طور پر استعمال میں لایا جا سکتا ہے اور ان کی بھی جنہیں مزید آزمائش اور توثیق کی ضرورت ہے۔
اسٹریٹجک مصنوعی ذہانت کے شعبے میں صنعت کے ذمہ دارانہ طرزِ عمل سے متعلق مشاورت میں پالیسی ساز، صنعت کے قائدین اور ٹیکنالوجی کے ماہرین ایک ساتھ جمع ہوں گے اور ٹیکنالوجی کے نظم و نسق سے متعلق عالمی سطح پر جاری مباحثے میں اپنا تعاون پیش کریں گے۔ ان پالیسی سے متعلق سرگرمیوں کے ساتھ ہندوستان کے خلائی، دفاعی اور ڈیپ ٹیک اختراعی مراکز کے خصوصی دوروں کا بھی اہتمام کیا جائے گا، جن سے بین الاقوامی مندوبین اور متعلقہ فریقوں کو ہندوستان کی ابھرتی ہوئی تکنیکی صلاحیتوں اور ان کے عملی استعمال کے بارے میں براہ راست معلومات حاصل ہوں گی۔
ڈی ایس سی آئی اور جی ای ایس ڈی اے کے اشتراک سے منعقد ہونے والی ایک خصوصی سرگرمی پر مبنی ورکشاپ میں قومی اور بین الاقوامی ماہرین شرکت کریں گے، جہاں یہ عملی طور پر دکھایا جائے گا کہ ٹیکنالوجی کے مستقبل کا پیشگی جائزہ کس طرح لیا جا سکتا ہے۔ اس طرح محض نظریاتی مباحثوں سے آگے بڑھ کر اس کے عملی اطلاق پر توجہ دی جائے گی۔ اس ورکشاپ میں مقداری اور معیاری طریقۂ کار متعارف کرائے جائیں گے اور یہ بھی دکھایا جائے گا کہ مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ سمیت جدید ڈیجیٹل ٹول کس طرح مستقبل کے امکانات کا پیشگی جائزہ لینے کی صلاحیتوں کو بہتر بنا رہے ہیں اور اسٹریٹجک فیصلہ سازی میں معاون ثابت ہو رہے ہیں۔
ہندوستان کے سائنسی تحقیق اور اختراع کے ممتاز ترین اداروں میں سے ایک، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس (آئی آئی ایس سی) میں منعقد ہونے والے اس ڈائیلاگ کا مقصد اسٹریٹجک شراکت داریوں کو مضبوط بنانا، مختلف شعبوں کے درمیان اشتراک کو فروغ دینا اور ٹیکنالوجی کے باہمی امتزاج، سفارت کاری، نظم و نسق اور اختراع کے مستقبل کی تشکیل میں اپنا تعاون پیش کرنا ہے۔
ڈائیلاگ کے بارے میں مزید معلومات کے لیے ملاحظہ کریں: http://www.technologydialogue.in/
**************
ش ح۔ ف ش
U: 8327