پوسٹ کرنے کی تاریخ:
26 NOV 2026 7:43PM by PIB Delhi
صدر جمہوریہ ہند، محترمہ دروپدی مرمو نے آج یعنی 26 نومبر 2026 نئی دہلی میں سپریم کورٹ آف انڈیا کی جانب سے منعقدہ یومِ آئین کی تقریبات میں شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، صدر جمہوریہ نے ہم وطنوں کویومِ آئین کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ 26 نومبر 1949 کو ہندوستان کے عوام نے اپنا آئین اپنایا تھا۔ 2015 میں، ہمارے آئین کے بنیادی معمار ڈاکٹر بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کی 125 ویں یومِ پیدائش کے مبارک موقع پر، یہ فیصلہ کیا گیا کہ ہر سال اس تاریخ کو یومِ آئین کے طور پر منایا جائے۔ یہ دن آئین کے عظیم معمار اور اس میں شامل اعلیٰ اقدار و نظریات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔

صدرجمہوریہ نے کہا کہ سپریم کورٹ، ہائی کورٹس اور ضلعی و نچلی عدالتوں نے ہماری جمہوریہ کے شاندار سفر میں انمول کردار ادا کیا ہے۔ گزشتہ دہائیوں کے دوران، زندگی کے کئی شعبوں میں ناقابلِ تصور تبدیلیاں آئی ہیں۔ خاص طور پر، ٹیکنالوجی اور میڈیا کا اثر و رسوخ انتہائی وسیع اور گہرا ہو گیا ہے۔ بدلتے ہوئے حالات اور توقعات کے مطابق اپنے کردار کو ڈھالتے ہوئے، عدلیہ نے انصاف کے بنیادی اصولوں کو برقرار رکھا ہے اور انہیں مزید مضبوط کیا ہے۔ بھارتیہ عدلیہ نے وقتاً فوقتاًعدالتی احتساب پر خصوصی زور دیا ہے، اور اس طرح آئین سازوں کے تصور کردہ نظریات کو عملی جامہ پہنایا ہے۔ عدالتی آزادی اور عدالتی احتساب کے مابین ہم آہنگی عدلیہ کے کردار کو تقویت بخشتی ہے۔ صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ انصاف کی بروقت فراہمی، خود انصاف کے تصور کا ایک لازمی جزو ہے۔ انصاف کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے، عدلیہ مختلف اقدامات کر رہی ہے، جیسے کہ قانونی طریقہ کار کو آسان بنانا، ٹیکنالوجی کا استعمال، اور خصوصی عدالتوں کا قیام۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ان کوششوں کے باوجود، زیر التوا مقدمات کا بھاری انبار ہمارے نظامِ انصاف کے لیے ایک بڑا چیلنج بنا ہوا ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ عدلیہ کی ہر سطح پر کی جانے والی مشترکہ کوششوں کے ذریعے اس چیلنج سے نمٹا جائے گا۔

صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ ہر کسی کے پاس ہائی کورٹس یا سپریم کورٹ تک رسائی حاصل کرنے کے لیے درکار وسائل نہیں ہوتے۔ ہمارا آئین مساوی مواقع کی بنیاد پر انصاف کی فراہمی کا تقاضا کرتا ہے، جس میں مفت قانونی امداد کی سہولت بھی شامل ہے۔ اس آئینی تقاضے کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ کوئی بھی شہری معاشی مشکلات یا کسی اور قسم کی دشواری کی وجہ سے انصاف حاصل کرنے کے موقع سے محروم نہ رہے۔ صدرِ مملکت نے زور دیا کہ کسی قوم کی حقیقی ترقی اس بات میں مضمر ہے کہ ہر شہری کو ترقی کرنے اور کامیاب ہونے کے مساوی مواقع حاصل ہوں۔ انہوں نے ہر بچے کو معیاری تعلیم تک مساوی رسائی فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ معاشرے کے غریب اور پسماندہ طبقات کو دستیاب قانونی نمائندگی کے معیار اور قابلِ اعتماد ہونے پر توجہ دینا بھی انتہائی ضروری ہے۔ اس تناظر میں، ضلعی، ریاستی اور قومی سطح پر کام کرنے والے قانونی خدمات کے اداروں کو اپنی کوششیں تیز کرنی چاہئیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ انصاف ان کمزور اور پسماندہ گروہوں تک پہنچ سکے۔
صدرِجمہوریہ نے کہا کہ ہمارے ملک میں قانونی تعلیم کے دوران، قوانین کے مطالعے کے ساتھ ساتھ ہمدردی اور اخلاقیات کو بھی اتنی ہی اہمیت دی جانی چاہیے۔ انہوں نے وکلاء برادری کی ممتاز شخصیات پر زور دیا کہ وہ نوجوان وکلاء کے لیے متاثر کن مثالیں قائم کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان وکلاء کو یہ دیکھنا چاہیے کہ کس طرح عمدہ کارکردگی کو ہمدردی کے ساتھ، اور قابلیت کو شفقت کے ساتھ جوڑا جا سکتا ہے۔
صدرجمہوریہ نے کہا کہ عدلیہ اور وکلاء برادری میں خواتین کی وسیع تر اور زیادہ فعال شرکت ہمارے معاشرے کو مزید منصفانہ، عادلانہ، مساوی اور سب کو شامل کرنے والا بنانے میں مدد دے گی۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ عدالتی فیصلوں میں خواتین کا نقطہ نظر شمولیت، تنوع اور توازن میں اضافہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے ججوں اور وکلاء کے طور پر خواتین کی زیادہ شرکت کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ شمولیت اور میرٹ پر زیادہ توجہ دینے سے ہماری عدلیہ مزید مضبوط ہوگی۔ صدرجمہوریہ نے نشاندہی کی کہ سپریم کورٹ نے انصاف تک رسائی کو فروغ دینے کے لیے خصوصی ضروریات والے افراد، تیزاب حملے کا شکار ہونے والوں، 80 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں اور خطِ غربت سے نیچے زندگی گزارنے والے افراد سے متعلق مقدمات کو ترجیح دے کر اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے مقدمات کے زیادہ مؤثر انتظام اور فہرست سازی، ڈیجیٹل تبدیلی کو فروغ دینے، اور تنازعات کے خوش اسلوبی سے حل کی حوصلہ افزائی کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ہمارا عدالتی برادری اس اعلیٰ نصب العین کی پاسداری جاری رکھے گی جس کے تحت دستور ساز اسمبلی کے اراکین نے عدلیہ سے متعلق دفعات وضع کی تھیں۔
***
(ش ح۔اص)
UR No 8328