پوسٹ کرنے کی تاریخ:
26 NOV 2026 5:54PM by PIB Delhi
آج 26 نومبر 2026 کو ملک بھر میں یومِ آئین (سمودھان دیوس) منایا گیا۔ یہ دن 26 نومبر 1949 کو دستور ساز اسمبلی کے ذریعے ہندوستان کے آئین کو منظور کیے جانے کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ یہ موقع ہمیں آئین میں درج اقدار اور اصولوں اور ان کی پاسداری کے لیے اپنی اجتماعی ذمہ داری کا احساس دلاتا ہے۔
پارلیمانی امور کی وزارت نے مائی جی او وی پورٹل کے ذریعے آئین کی تمہید کی آن لائن اجتماعی قرأت کا اہتمام کیا، جو 23 زبانوں میں منعقد کی گئی۔ ان میں آئین کے آٹھویں شیڈول میں شامل 22 زبانیں اور انگریزی شامل تھیں۔ ملک بھر کے شہریوں نے اس پہل میں حصہ لیتے ہوئے آئین کی تمہید پڑھی، اس کے سرٹیفکیٹ حاصل کیے اور انہیں سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔
پارلیمانی امور کی وزارت نے پارلیمنٹ ہاؤس میں بھی یومِ آئین منایا، جہاں وزارت کے سکریٹری کی قیادت میں افسران اور اہلکاروں نے صبح 11 بجے اجتماعی طور پر آئین کی تمہید پڑھی۔ اس کے ذریعے انصاف، آزادی، مساوات اور اخوت کی آئینی اقدار کے تئیں اپنے عزم کا اعادہ کیا گیا۔


آئین کے بارے میں بیداری کو فروغ دینے، بالخصوص نوجوانوں میں اس کی اہمیت اجاگر کرنے کے مقصد سےنوجوانوں کے امور کے محکمے کی جانب سے 18 سے 26 نومبر 2026 تک مائی جی او وی اور مائی بھارت پورٹل کے ذریعے آئین سے متعلق کوئز مقابلے کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس کے علاوہ، نوجوانوں کی شرکت اور سرگرم شمولیت کی حوصلہ افزائی کے لیے 24 سے 26 نومبر 2026 تک تمام 36 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 786 اضلاع میں ’وکست بھارت یووا سمواد‘ کا انعقاد کیا گیا۔
حکومتِ ہند کی مختلف وزارتوں اور محکموں، ریاستی اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حکومتوں، تعلیمی اداروں اور دیگر تنظیموں کی جانب سے بھی مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔ ان میں آئین کی تمہید کی قرأت، سمینار، کوئز مقابلے، مضمون نویسی اور مباحثے کے مقابلے، ثقافتی پروگرام اور بیداری مہمات شامل تھیں۔
یومِ آئین ہمیں دستور کے معماروں، بالخصوص مسودہ سازی کمیٹی کے صدر اور بھارت رتن ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی خدمات کو یاد کرنے اور آئین میں درج نصب العین کے تئیں اپنے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔
ان تقریبات کے ذریعے آئینی اقدار، ذمہ دار شہری ہونے کے احساس اور ہندوستان کی جمہوریت کو مضبوط بنانے میں فعال شرکت کی اہمیت کا اعادہ کیا گیا۔
***
ش ح۔ ک ح۔ ش ہ ب
U.No. 8314