لوک سبھا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

بھارت کا آئین، اس کی جمہوریت، قومی اتحاد اور مستقبل کی ترقی کی اساس ہے: لوک سبھا اسپیکر


لوک سبھا اسپیکر نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ آئینی اقدار اپنائیں اور حب الوطنی، عزم و لگن کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں

دستور ساز اسمبلی کا بحث و مباحثہ بھارت کی بات چیت، تبادلۂ خیال اور اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی دیرینہ روایت کی عکاسی کرتا ہے: لوک سبھا اسپیکر

لوک سبھا اسپیکر نے نوجوان شرکاء سے آئین کے اصولوں اور تبدیلی کے جذبے کو ملک کے کونے کونے تک پہنچانے کی اپیل کی

یومِ آئین کے موقع پر لوک سبھا اسپیکر کا طلبہ سے خطاب

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 26 NOV 2026 5:44PM by PIB Delhi

لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا نے آج کہا کہ بھارت کا آئین محض ملک کا اعلیٰ ترین قانون ہی نہیں، بلکہ اس کی جمہوری اقدار، قومی یکجہتی اور اجتماعی امنگوں کی بنیاد بھی ہے۔ بھارت کے آئین نے غیر معمولی تنوع کے باوجود ملک کی یکجہتی کو برقرار رکھتے ہوئے مختلف ادوار میں تبدیلی اور ترقی کے سفر میں دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کی رہنمائی کی ہے۔ آئین سازوں کے دیرپا وژن اور دور اندیشی کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئین نے مضبوط پارلیمانی جمہوریت کی بنیاد رکھی ہے اور آج بھی یہ امن، خوشحالی اور ترقی کی جانب بھارت کے سفر کو روشنی فراہم کر رہا ہے۔

یومِ آئین کے موقع پر تاریخی سینٹرل ہال میں نوجوان شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جناب برلا نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ محض آئین کا مطالعہ کرنے تک محدود نہ رہیں، بلکہ اس کے اصولوں کو اپنے خیالات، طرزِ عمل اور روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ بنائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جمہوریت کی اصل قوت صرف شہریوں کو حاصل حقوق میں نہیں، بلکہ معاشرے اور ملک کے تئیں اپنے فرائض اور ذمہ داریاں ادا کرنے کے ان کے جذبے میں بھی مضمر ہے۔

سمودھان سدن کی تاریخی وراثت کا ذکر کرتے ہوئے جناب برلا نے کہا کہ اس عمارت نے بھارت کی آزادی کی جدوجہد کے اہم مراحل اور اس کے بعد آزاد بھارت کی تقدیر کا تعین کرنے والی تاریخی بحث و مباحثے کی کارروائیوں کا مشاہدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی عمارت ان قربانیوں، پختہ عزم اور دور اندیش امنگوں کی لازوال یادگار ہے، جنہوں نے بھارت کی جمہوریت کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئین اپنے آفاقی نظریات اور جمہوری اصولوں کے ساتھ نہ صرف بھارت بلکہ دنیا بھر کے جمہوری معاشروں کے لیے بھی مشعلِ راہ بنا ہوا ہے۔

دستور ساز اسمبلی کے غیر معمولی سفر کا ذکر کرتے ہوئے لوک سبھا اسپیکر نے کہا کہ اس کے ارکان نے دو سال اور گیارہ ماہ تک غور و خوض کیا۔ اس دوران مختلف نقطۂ ہائے نظر کو یکجا کیا گیا، تفصیلی بحث و مباحثہ ہوا اور پیچیدہ مسائل کو مکالمے، مدلل گفتگو اور باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیا گیا۔ اختلافِ رائے کے باوجود ارکان نے رواداری اور اتفاقِ رائے کا مثالی مظاہرہ کیا اور تمام دیگر امور پر ملک کے وسیع تر مفادات کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ غیر معمولی عمل بھارت کے جمہوری مزاج اور اجتماعی فیصلہ سازی کی دیرینہ روایت کی ایک روشن مثال ہے۔

جناب برلا نے کہا کہ آئین نے بھارت کی بے پناہ لسانی، مذہبی اور ثقافتی گوناگونیت کے ساتھ ساتھ مختلف بولیوں، روایات اور تہذیبوں کا احترام کرتے ہوئے ملک کے اتحاد اور سالمیت کے تحفظ کے لیے ایک پائیدار نظام فراہم کیا ہے۔ انصاف، آزادی، مساوات اور اخوت کے بنیادی اصولوں کو آئین میں شامل کرکے تمام شہریوں کے لیے ایک مشترکہ آئینی شناخت یقینی بنائی گئی ہے اور ملک کے مستقبل کے لیے ایک مشترکہ وژن تشکیل دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی پارلیمانی جمہوریت اپنی قوت اور جواز انہی آئینی اقدار اور جمہوری اداروں پر عوام کے اعتماد سے حاصل کرتی ہے۔

ملک کے تینوں ستونوں کی الگ الگ لیکن ایک دوسرے کی تکمیل کرنے والی ذمہ داریوں کی وضاحت کرتے ہوئے جناب برلا نے کہا کہ مقننہ عوام کی امنگوں کی ترجمان ہے اور ان کی توقعات کو قوانین اور پالیسیوں کی شکل دیتی ہے؛ انتظامیہ ان پالیسیوں پر عمل درآمد کے ذریعے انہیں عملی جامہ پہناتی ہے؛ جبکہ عدلیہ آئین کی بالادستی برقرار رکھتی ہے، شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرتی ہے اور انصاف کو یقینی بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے اپنے آئینی دائرۂ کار میں کام کرتے ہوئے یہ ادارے اجتماعی طور پر جمہوری نظامِ حکمرانی کی بنیادوں کو مضبوط بناتے ہیں اور آئینی نظام پر عوام کے اعتماد کو مزید مستحکم کرتے ہیں۔

لوک سبھا اسپیکر نے مزید کہا کہ آئین سازوں نے غیر معمولی دانش مندی اور دور اندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ایسا آئینی ڈھانچہ تشکیل دیا تھا جو اپنے وقت کے فوری چیلنجوں سے بالاتر تھا اور بدلتے ہوئے سیاسی، سماجی اور اقتصادی حالات میں آنے والی نسلوں کی رہنمائی کرنے کی صلاحیت رکھتا تھا۔ انہوں نے زور دیا کہ پارلیمنٹ اور دیگر جمہوری اداروں کو عوامی امنگوں، مختلف نقطۂ ہائے نظر اور تعمیری بحث و مباحثے کے مؤثر اور فعال مراکز کے طور پر اپنا کردار ادا کرتے رہنا چاہیے، جہاں خیالات کو عوام کے لیے بامعنی نتائج میں تبدیل کیا جا سکے۔

جناب برلا نے کہا کہ بھارت کے نوجوان ملک کی سب سے بڑی طاقت اور صلاحیتوں، کاروباری جذبے، اختراع اور تخلیقی صلاحیتوں کا ایک وسیع ذخیرہ ہیں۔ آج جب نوجوان بھارتی سائنس، ٹیکنالوجی اور علم کے ابھرتے ہوئے شعبوں میں نمایاں پیش رفت کر رہے ہیں، ایسے میں ان کا وژن، توانائی اور عزم ملک کے مستقبل کی تشکیل اور وِکست بھارت کے عزم کو حقیقت میں بدلنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آئین کی جانب سے انہیں دیے گئے حقوق اور مواقع سے پوری طرح واقف رہیں اور اس بات کو بھی سمجھیں کہ معاشرے اور ملک کے تئیں ان کی ذمہ داریاں بھی اتنی ہی اہم ہیں۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ آئینی شعور، قانونی فہم اور عوامی خدمت کے پختہ عزم سے آراستہ نسل جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے اور آئینی طرزِ حکمرانی کی بنیادوں کو مزید مستحکم کرنے میں گراں قدر کردار ادا کرے گی۔

نوجوان شرکاء کے جوش و خروش اور عزم کی ستائش کرتے ہوئے جناب برلا نے ان پر زور دیا کہ وہ کانسٹی ٹیوشن ہاؤس میں حاصل ہونے والے تجربات اور معلومات کو اس کی تاریخی عمارت کی حدود سے باہر لے جائیں اور آئینی اقدار کا پیغام اپنی اپنی ریاستوں، تعلیمی اداروں، کام کی جگہوں اور برادریوں تک پہنچائیں۔ انہوں نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ آئین کے سفیر بنیں اور اپنے ساتھی طلبہ اور نوجوان شہریوں کو اس کے اصولوں کو سمجھنے، جمہوری عمل میں بامعنی شرکت کرنے اور مثبت و تعمیری تبدیلی لانے میں اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دیں۔ انہوں نے خاص طور پر اس بات پر زور دیا کہ ترقی، انصاف اور مواقع کے فوائد ہر شہری تک، بالخصوص آخری صف میں کھڑے لوگوں تک پہنچانے کویقینی بنایا جائے۔

اپنے خطاب کے اختتام پر لوک سبھا اسپیکر نے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ حب الوطنی، لگن، محنت اور آئینی اقدار سے غیر متزلزل وابستگی کو اپنی زندگی کے رہنما اصول بنائیں۔ انہوں نے ان سے زور دے کر کہا کہ وہ سمودھان سدن سے نئے جوش و جذبے، وسیع تر نقطۂ نظر اور اس پختہ عزم کے ساتھ رخصت ہوں کہ وہ آئین کا مطالعہ کریں گے، اسے سمجھیں گے اور اس کی روح اور الفاظ کے مطابق اس پر عمل کریں گے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ آئینی اصولوں سے ہر شہری کی اجتماعی وابستگی ہی ایک مضبوط، سبھی کی شمولیت والی، ترقی پسند اور ترقی یافتہ بھارت کی بنیاد بنی رہے گی۔

*****

ش ح۔م ع۔ف ر

U- 8316      


(ریلیز آئی ڈی: 2342139) وزیٹر کاؤنٹر : 16
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Gujarati