پوسٹ کرنے کی تاریخ:
26 NOV 2026 5:49PM by PIB Delhi
محکمۂ اراضی وسائل (ڈی او ایل آر)، وزارتِ دیہی ترقی نے آج سری لنکا کے سرکاری افسران کے ایک وفد کی میزبانی کی۔ یہ وفد قومی مرکز برائے اچھی حکمرانی (این سی جی جی) کے زیرِ اہتمام ایک مطالعاتی پروگرام کے تحت ہندوستان کے دورے پر ہے۔ اس تبادلۂ خیال کا محور اراضی ریکارڈ کو ڈیجیٹل شکل دینے اور جدید بنانے کے سلسلے میں ہندوستان کے تجربات تھے۔ اس دوران ڈیجیٹل انڈیا لینڈ ریکارڈز ماڈرنائزیشن پروگرام (ڈی آئی ایل آر ایم پی)، رجسٹریشن کے عمل کو کمپیوٹرائزڈ بنانے، اراضی کے سروے اور دوبارہ سروے، نقشہ (این اے کے ایس ایچ اے) اور لینڈ اسٹیک اقدام پر عمل درآمد پر خصوصی توجہ دی گئی۔

سری لنکا کے وفد کی قیادت محترمہ آئی بی گوناوردھنا، ایڈیشنل لینڈ کمشنر اور ٹیم لیڈر نے کی۔ وفد میں ڈاکٹر اے پی سنگھ، ایسوسی ایٹ پروفیسر اور کورس کوآرڈینیٹر، قومی مرکز برائے اچھی حکمرانی (این سی جی جی) اور محترمہ جی ڈی نادیکا، لینڈ کمشنر کے علاوہ سری لنکا کے اراضی، سروے اور انتظامی خدمات سے وابستہ سینئر افسران بھی شامل تھے۔
وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے محکمۂ اراضی وسائل کے سکریٹری جناب دلیپ کمار نے ڈیجیٹل تبدیلی، ٹیکنالوجی پر مبنی اصلاحات اور مربوط اراضی معلوماتی نظام کے ذریعے اراضی کے انتظام و انصرام کو مستحکم بنانے کے لیے ہندوستان کی کوششوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے محکمے کے اہم اقدامات اور اسکیموں کا جائزہ پیش کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ڈیجیٹل نظام اپنانے سے شفافیت میں اضافہ، خدمات کی فراہمی میں بہتری اور اراضی کے انتظام کو زیادہ مؤثر اور شہریوں کی ضروریات کے مطابق بنانے میں مدد ملتی ہے۔
جناب دلیپ کمار نے کہا کہ ’’شفاف، مؤثر اور شہریوں پر مرکوز اراضی انتظام و انصرام کے لیے اراضی ریکارڈ کو ڈیجیٹل شکل دینا ناگزیر ہے۔ اپنے تجربات کا تبادلہ اور ایک دوسرے سے سیکھنے کا عمل ادارہ جاتی صلاحیت کو مستحکم بنانے اور اراضی کے انتظام سے متعلق اصلاحات کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔‘‘

تبادلۂ خیال کے دوران محکمۂ اراضی وسائل کے ڈائریکٹر جناب شیام کمار نے ڈیجیٹل انڈیا لینڈ ریکارڈز ماڈرنائزیشن پروگرام (ڈی آئی ایل آر ایم پی) اور نقشہ (این اے کے ایس ایچ اے) کا جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے اراضی ریکارڈ کی جدیدکاری، جغرافیائی و مکانی نقشہ سازی اور اراضی سے متعلق معلوماتی ذخائر کو مربوط بنانے کے شعبوں میں اہم کامیابیوں، ٹیکنالوجی کے استعمال اور اب تک ہونے والی پیش رفت کو اجاگر کیا۔
اس تبادلۂ خیال میں کاغذ کے بغیر رجسٹریشن اور خودکار ملکیت کی منتقلی کے ذریعے جائیداد کی رجسٹریشن کو اراضی ریکارڈ سے مربوط بنانے کے موضوع پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس نظام کے تحت رجسٹریشن کی تفصیلات الیکٹرانک طور پر محصولات کے حکام کو بھیجی جا سکتی ہیں، تاکہ اراضی ریکارڈ کو بروقت اپ ڈیٹ کیا جا سکے، تاخیر کم ہو اور دستی مداخلت کی ضرورت گھٹے۔

وفد کو بھارت لینڈ اسٹیک کے بارے میں بھی تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔ یہ ایک مربوط جغرافیائی اطلاعاتی نظام (جی آئی ایس) پر مبنی پلیٹ فارم ہے، جس میں اراضی ریکارڈ، جغرافیائی و مکانی معلومات، جائیداد کی رجسٹریشن، زمین کے استعمال کی زوننگ، عمارتوں کی منظوری، قانونی تنازعات اور اراضی سے متعلق دیگر معلومات کو یکجا کیا گیا ہے، تاکہ زمین کے ہر قطعے کی ایک متحدہ ڈیجیٹل تصویر فراہم کی جا سکے۔
اس تبادلۂ خیال سے ڈیجیٹل اراضی انتظام و انصرام اور ٹیکنالوجی پر مبنی اصلاحات کے شعبے میں تجربات کے تبادلے کا موقع ملا۔ اس دوران ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان باہمی تعاون اور معلومات و تجربات کے اشتراک کے مزید امکانات کو بھی اجاگر کیا گیا۔

***
ش ح۔ ا ع خ۔ ن م۔
U- 8318