پوسٹ کرنے کی تاریخ:
26 NOV 2026 5:35PM by PIB Delhi
45ویں انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر (آئی آئی ٹی ایف) 2026 کے اختتامی مرحلے میں داخل ہونے کے ساتھ ہی، قومی دارالحکومت کے بھارت منڈپم میں قائم سماجی انصاف و تفویض اختیارات کی وزارت کے پویلین کو زائرین کی جانب سے مسلسل حوصلہ افزا پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ 25 نومبر 2026 تک یہاں مجموعی فروخت 1.81 کروڑ روپے سے تجاوز کر چکی ہے۔ یہ کامیابی مقامی مصنوعات، روایتی دست کاری اور ملک بھر کی مختلف برادریوں سے تعلق رکھنے والے دست کاروں کی کاروباری صلاحیتوں کے تئیں صارفین کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور قدر شناسی کی عکاس ہے۔

25 نومبر 2026 تک درج کی گئی 1.81 کروڑ روپے کی فروخت کے مقابلے میں مجموعی فروخت میں تقریباً 40 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فروخت میں مسلسل اضافے سے صارفین کی بھرپور پذیرائی اور روایتی دست کاروں اور کاروباری افراد کو منڈی تک براہِ راست رسائی فراہم کرنے کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے۔

نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں آئی ٹی پی او کے گراؤنڈ فلور پر واقع ہال نمبر 5 میں قائم وزارت کا پویلین ہندوستان کے متنوع ثقافتی ورثے، روایتی ہنر اور مقامی دست کاری کی نمائش کے ایک شاندار پلیٹ فارم کے طور پر ابھرا ہے۔ یہاں آنے والے زائرین دست ساز مصنوعات کی وسیع اقسام کا مشاہدہ کر رہے ہیں اور انہیں خرید بھی رہے ہیں، جس سے اس نمائش میں حصہ لینے والے دست کاروں کو براہِ راست معاشی طور پر بااختیار بنانے میں مدد مل رہی ہے۔

تجارتی میلہ کل، 27 نومبر 2026 کو اختتام پذیر ہونے والا ہے۔ ایسے میں باقی دن زائرین کو ہندوستان کی مالامال فنکارانہ روایات سے روشناس ہونے، مستند مقامی مصنوعات خریدنے اور مختلف برادریوں سے تعلق رکھنے والے دست کاروں اور کاروباری افراد کے روزگار کے ذرائع کو فروغ دینے میں تعاون کا موقع فراہم کرتے ہیں۔

وزارت کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ اس تجارتی میلے میں وزارت کے تین اعلیٰ سطحی مالیاتی و ترقیاتی اداروں، یعنی نیشنل شیڈیولڈ کاسٹس فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایس ایف ڈی سی)، نیشنل بیک ورڈ کلاسز فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این بی سی ایف ڈی سی) اور نیشنل صفائی کرمچاریز فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایس کے ایف ڈی سی) کے ذریعے 19 ریاستوں کے 130 سے زائد دست کار حصہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان اعلیٰ سطحی مالیاتی و ترقیاتی اداروں کی شرکت سے درج فہرست ذاتوں، پسماندہ طبقات، صفائی متروں اور غیر نوٹیفائڈ، خانہ بدوش اور نیم خانہ بدوش قبائل (ڈی این ٹی) سے تعلق رکھنے والے دست کاروں اور کاروباری افراد کے لیے منڈیوں تک رسائی کے روابط کو مضبوط بنانے، کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور روزگار کے پائیدار مواقع پیدا کرنے کے تئیں وزارت کے مسلسل عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔

عہدیدار نے کہا کہ یہ کوششیں وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے رہنما اصول‘‘سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس، سب کا پریاس’’کے تحت ان کے وژن سے ہم آہنگ ہیں، جس کا مقصد اجتماعی شمولیت پر مبنی ترقی، معاشی خودمختاری اور مساویانہ ترقی کو فروغ دینا ہے۔

عہدیدار نے بتایا کہ اس پویلین میں روایتی دست کاری کے کپڑوں، نفیس ڈیزائن والے دست ساز فن پاروں، ہاتھ سے تیار کردہ زیورات، ملبوسات، جوتوں، دست ساز اشیا اور دیگر مقامی مصنوعات کا وسیع ذخیرہ نمائش کے لیے رکھا گیا ہے۔ یہ مصنوعات ملک کے مختلف خطوں کی منفرد فنکارانہ شناخت، روایتی ہنرمندی اور ثقافتی تنوع کی عکاسی کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صارفین کی جانب سے بڑھتی ہوئی پذیرائی اس بات کو اجاگر کرتی ہے کہ قومی سطح کی نمائشیں دست کاروں کو اپنی مصنوعات کی تشہیر اور شناخت کو فروغ دینے، صارفین سے براہِ راست رابطہ قائم کرنے، ان کی بدلتی ہوئی پسند اور ترجیحات کو سمجھنے، کاروباری روابط استوار کرنے اور منڈی کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے کس قدر اہم ہیں۔

عہدیدار نے کہا کہ آئی آئی ٹی ایف جیسے باوقار پلیٹ فارم پر شرکت سے دست کاروں کو اپنی کاروباری صلاحیتوں کو مزید نکھارنے، گاہکوں کا دائرہ وسیع کرنے اور کاروبار کے پائیدار امکانات پیدا کرنے کا موقع بھی ملتا ہے، جس سے معاشی خود انحصاری کو فروغ حاصل ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت کی شرکت کا ایک اہم پہلو ٹیولپ (روایتی دست کاروں کی ترقی اور ذریعۂ معاش کا پروگرام) کو فروغ دینا ہے، جس کا مقصد دست کاروں کی تیار کردہ مصنوعات کو منڈی میں ایک منفرد شناخت دلانا اور صارفین کے درمیان ان کی مقبولیت اور پہچان کو بڑھانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیولپ پہل کے ذریعے وزارت کا مقصد روایتی دست کاری اور موجودہ دور کی منڈی کی ضروریات کے درمیان خلیج کو دور کرنا، اختراع کی حوصلہ افزائی کرنا، کاروباری صلاحیتوں کو مستحکم بنانا اور دست کاروں کے لیے آمدنی کے پائیدار مواقع پیدا کرنا ہے۔

13 نومبر کو افتتاح ہونے والے 45ویں انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر 2026 میں ملک اور بیرونِ ملک سے صنعت کاروں، کاروباری افراد، تاجروں اور صارفین نے شرکت کی ہے۔ اس میلے نے تجارت، کاروبار، صنعت کاری اور ثقافتی تبادلے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔

تجارتی میلہ اختتام کے قریب پہنچ رہا ہے، ایسے میں وزارت کا پویلین زائرین کو ہندوستان کے مالامال ثقافتی ورثے سے روشناس ہونے کے ساتھ ساتھ روایتی دست کاروں کو براہِ راست معاشی طور پر بااختیار بنانے اور ان کے لیے روزگار کے پائیدار ذرائع کے فروغ میں تعاون کا موقع فراہم کر رہا ہے۔

آئی آئی ٹی ایف 2026 میں وزارت کی شرکت شمولیتی معاشی ترقی کو فروغ دینے، روایتی دست کاری کے تحفظ، زمینی سطح پر کاروباری سرگرمیوں کو مضبوط بنانے اور روزگار کے پائیدار مواقع پیدا کرنے کے اس کے عزم کو مزید مستحکم کرتی ہے، تاکہ 2047 تک وکست بھارت -@2047کے وژن کو حقیقت میں بدلنے کی سمت پیش رفت کی جا سکے۔
***
ش ح۔ع ح ۔اش ق
UNO- 8315