پوسٹ کرنے کی تاریخ:
26 NOV 2026 4:34PM by PIB Delhi
ثقافت کی وزارت نے نئی دہلی کے دوارکا میں واقع سینٹرفارکلچرل ریسورسیز اینڈ ٹریننگ(سی سی آر ٹی) کے کیمپس میں سری گرو تیغ بہادر جی کے 350ویں شہیدی دوس کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کے اختتام پر ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا۔ اس پروگرام میں ضمیر کی آزادی، مذہبی آزادی اور انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے گرو تیغ بہادر جی کی عظیم قربانی کو یاد کیا گیا۔
سری گرو تیغ بہادر جی کے 350ویں شہیدی دوس کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات 24 نومبر 2025 سے 24 نومبر 2026 تک منعقد کی گئیں۔ ان تقریبات کا افتتاح وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے ہریانہ کے کروکشیتر میں کیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی ملک بھر میں مختلف پروگراموں کے انعقاد کا سلسلہ شروع ہوا، جن کا مقصد گرو صاحب کی زندگی، تعلیمات اور عظیم قربانی کو اجاگر کرنا تھا۔ ان تقریبات کے ایک حصے کے طور پر سری گرو تیغ بہادر جی کے اعزاز میں ایک یادگاری سکہ اور ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا گیا۔

اختتامی تقریب میں ثقافت اور سیاحت کے مرکزی وزیر جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اقلیتی امور کے قومی کمیشن کے سابق چیئرمین جناب اقبال سنگھ لال پورہ اور ہندوستانی فضائیہ کے سابق سربراہ جناب امر پریت سنگھ نے مہمانانِ اعزازی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس موقع پر وزارت کے سینئر افسران اور دیگر ممتاز شخصیات بھی موجود تھیں۔

اس پروگرام میں شبَد کیرتن، ایک نمائش اور مختصر فلم پیش کی گئی، جن کے ذریعے سری گرو تیغ بہادر جی کی زندگی، تعلیمات اور عظیم قربانی کو اجاگر کیا گیا۔ ان پریزنٹیشنز کے ذریعے ان کے پیغامِ ہمدردی، حوصلے، انسانی وقار اور آزادیِ ضمیر کے احترام پر غور و فکر کا موقع فراہم کیا گیا۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے کہا کہ یہ موقع محض ایک پروگرام کے اختتام کا نہیں، بلکہ سری گرو تیغ بہادر جی کے تئیں یاد، عقیدت، غور و فکر اور عوامی بیداری کی ایک سالہ مہم کے اختتام کی علامت ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ان تقریبات کا مقصد گرو صاحب کی زندگی اور تعلیمات سے تحریک حاصل کرنا اور موجودہ نسل کو ان کے نظریات کو سمجھنے، اپنانے اور آگے بڑھانے کے قابل بنانا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ انسانی کامیابیوں کو صرف مادی حصولیابیوں کی بنیاد پر نہیں پرکھا جا سکتا۔ انسانی زندگی اور ترقی کا حقیقی مقصد ایک ایسے معاشرے کی تشکیل ہے جہاں ہر فرد کی آزادی اور عزت و وقار کا تحفظ کیا جائے اور انہیں برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گرو تیغ بہادر جی کی تعلیمات آج بھی معاشرے کو ان اقدار کی راہ دکھا رہی ہیں اور آنے والی نسلوں کے لیے بھی ان کی اہمیت برقرار رہے گی۔

ہندوستانی فضائیہ کے سابق سربراہ جناب امر پریت سنگھ نے اس بات کو اجاگر کیا کہ سری گرو تیغ بہادر جی نے اپنی پوری زندگی دوسروں کے حقوق اور ان کے عقیدے کی آزادی کے تحفظ کے لیے وقف کر دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر لوگ اپنے مذہب اور عقائد کے تحفظ کے لیے جدوجہد کرتے ہیں، لیکن گرو تیغ بہادر جی نے دوسروں کے عقائد اور ان کی آزادی کے تحفظ کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی۔ انہوں نے کہا کہ یہی بات گرو جی کی شہادت کو غیر معمولی بناتی ہے اور اسے بے لوث خدمت اور بہادری کی ایک لازوال مثال کے طور پر پیش کرتی ہے۔
اقلیتی امور کے قومی کمیشن کے سابق چیئرمین جناب اقبال سنگھ لال پورہ نے سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کے انعقاد اور سری گرو تیغ بہادر جی کی تعلیمات کو ملک بھر کے لوگوں تک پہنچانے کے لیے ثقافت کی وزارت کی کوششوں کو سراہا۔
ثقافت کی وزارت کے جوائنٹ سکریٹری جناب سمر نندا نے سری گرو تیغ بہادر جی کی زندگی، تعلیمات اور فلسفے کو ملک بھر کے لوگوں تک پہنچانے کے لیے وزارت کی جانب سے مختلف ریاستوں میں منعقد کیے گئے پروگراموں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ ان پروگراموں نے اسکالرز، فن کاروں، مذہبی تنظیموں اور مقامی برادریوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع کیا، جہاں انہوں نے گرو صاحب کے نظریات کو ایک دوسرے کے ساتھ ساجھاکیا اور ان پر غور و فکر کیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سنٹرفارکلچرل ریسورسیز اینڈ ٹریننگ (سی سی آر ٹی) نے طلبہ کو گرو تیغ بہادر جی کی زندگی اور تعلیمات سے روشناس کرانے کے لیے اسکولوں میں تعلیمی اور ثقافتی پروگرام منعقد کیے۔ اس پہل کے تحت 220 اسکولوں میں ورکشاپس کا اہتمام کیا گیا، جن میں تقریباً 68 ہزار طلبہ نے شرکت کی۔ ان کوششوں کا مقصد نئی نسل کو گرو صاحب کے ہمدردی، بے لوث خدمت، بے خوفی، خدمت اور سب کی فلاح و بہبود کے پیغام سے روشناس کرانا تھا۔
ان اقدامات کے ذریعے ثقافت کی وزارت نے ہندوستان کے مالا مال روحانی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے ساتھ ساتھ عظیم روحانی رہنماؤں کی لازوال تعلیمات کو آنے والی نسلوں تک پہنچانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

*****
ش ح۔م ع۔ف ر
U- 8308