سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

 سی ایس آئی آر-آئی آئی آئی ایم، جموں کوڈی آئی   ڈی  اے سی انڈیا ایوارڈ 2026 میں ’’ہنر اور اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں سال کےسرکردہ ادارے‘‘ کے ایوارڈ سے نوازا گیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 26 NOV 2026 5:03PM by PIB Delhi

سی ایس آئی آر-انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انٹیگریٹیو میڈیسن (سی ایس آئی آر-آئی آئی آئی ایم)، جموں کو ڈی آئی ڈی اے سی  انڈیا ایوارڈ 2026 میں اعلیٰ تعلیم اور ہنرسازی کے شعبے میں سال کے ممتاز ادارے کے زمرے میں اہم بین الاقوامی اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ اس ادارے کو اعلیٰ تعلیم اور ہنرسازی کے شعبے میں ایک نمایاں رہنما ادارہ بھی قرار دیا گیا ہے، جو ہنرکی ترقی، صنعت پر مبنی تعلیم اور عملی تجربے کے ذریعے پڑھائی کے عمل میں اس کے بڑھتے ہوئے کردار کا اعتراف ہے۔ ڈی آئی ڈی اے سی  اسکلز کی جانب سے انتخاب اور ماہرین کی جیوری کے متعدد جائزوں کے بعد سی ایس آئی آر-آئی آئی آئی ایم نے شارٹ لسٹ کیے گئے کئی حتمی امیدواروں میں سبقت حاصل کرتے ہوئے یہ ایوارڈ جیتا۔

ڈی آئی ڈی اے سی  انڈیا 2026 پروگرام 25 سے 27 نومبر تک بنگلورمیں منعقد ہو رہا ہے۔ اس پروگرام میں 19 ممالک کے وزراء اور ممتاز شخصیات، 500 سے زائد صنعتی شراکت داروں کے نمائندوں اور تقریباً 1,000 تعلیمی اور دیگر اداروں نے شرکت کی ہے۔ ان اداروں نے پروگرام اور اس سے وابستہ مقابلوں میں بھی حصہ لیا ہے۔

یہ کامیابی سائنسی مہارت کو عملی ہنر، روزگار کے مواقع اور علاقائی ترقی میں بدلنے کے واسطے سی ایس آئی آر-آئی آئی آئی ایم کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ سی ایس آئی آر انٹیگریٹیڈ اسکل انیشی ایٹو کے تحت ادارے نے بتدریج ایسے جامع اور روزگار پر مبنی تربیتی پروگراموں کی جانب پیش رفت کی ہے، جنہیں صنعت کی حقیقی ضروریات کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔ ان پروگراموں میں عملی تربیت، جدید آلات کے استعمال، صنعتی شعبے سے واقفیت اور روزگار کے حصول کی صلاحیت کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ صنعتوں اور دیگر متعلقہ فریقوں کو اس عمل میں شامل کرکے سی ایس آئی آر-آئی آئی آئی ایم نے سائنسی تعلیم اور کام کی ضروریات کے درمیان رابطے کو مضبوط بنایا ہے، جس سے نوجوانوں کو منڈی کی ضروریات کے مطابق مہارتیں حاصل کرنے کے مواقع فراہم ہو رہے ہیں۔

اس انقلاب آفریں عمل میں ایک اہم کردار سی ایس آئی آر-آئی آئی آئی ایم کے پرنسپل سائنٹسٹ اور ہنرمندی کی ترقی کے نوڈل سائنٹسٹ ڈاکٹر ناصر الرشید نے ادا کیا ہے۔ ان کی کوششوں سے صنعتوں سے منسلک، روزگار پر مبنی تربیت، ادارہ جاتی شراکت داری اور عملی تربیت کے مواقع کو وسعت دینے میں مدد ملی ہے۔ سائنسی مہارت کو ہنرکی ترقی، صنعتی ضروریات اور طلبہ کی رہنمائی سے جوڑنے کے لیے ان کی کوششوں نے ادارے کے ہنرسازی کے نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

سی ایس آئی آر کی سطح پر سی ایس آئی آر انٹیگریٹڈ اسکل انیشی ایٹو کے نوڈل سائنٹسٹ ڈاکٹر ونے کمار نے سی ایس آئی آر کی مختلف تجربہ گاہوں میں مربوط ہنرکے ترقیاتی پروگرام کو منظم کرنے اور فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس اہم حصولیابی پر سی ایس آئی آر-آئی آئی آئی ایم کی ہنرکی ترقی کی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے انہوں نے صنعت پر مبنی تربیت کو آگے بڑھانے، ادارہ جاتی شراکت داری کو مضبوط بنانے اور سی ایس آئی آر انٹیگریٹڈ اسکل انیشی ایٹو کے مقاصد کو مؤثر پروگراموں میں تبدیل کرنے کے لیے ادارے کی کوششوں کو قابل تحسین قرار دیا۔

سی ایس آئی آر-آئی آئی آئی ایم کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زبیر احمد نے اس ادارہ جاتی کایا پلٹ کی تشکیل اور حوصلہ افزائی میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔ سائنسی تحقیق کو تجربہ گاہوں کی حدود سے باہر لے جانے اور اسے سماجی ضروریات سے جوڑنے کے اپنے وژن کے تحت انہوں نے مسلسل صنعتی شراکت داری، عملی تربیت، اختراعات، انٹرپرینیورشپ اور صلاحیت سازی کو فروغ دیا ہے۔ صنعت کے ساتھ ادارے کے روابط مضبوط بنانے اور نوجوانوں کے لیے بامعنی مواقع پیدا کرنے پر ان کی خصوصی توجہ نے ان کامیابیوں کے لیے ادارہ جاتی رہنمائی اور حوصلہ افزائی فراہم کی ہے۔ ڈی آئی ڈی اے سی  کو  حاصل ہونے والا یہ اعزاز ان کی قیادت اور سائنس و ہنر کو سماجی و معاشی ترقی کے مؤثر ذرائع بنانے کے لیے سی ایس آئی آر-آئی آئی آئی ایم کی پوری ٹیم کے اجتماعی عزم کا عکاس ہے۔

اس اہم کامیابی پر ادارے کو مبارک باد دیتے ہوئے سی ایس آئی آر کی ڈائریکٹر جنرل اور محکمہ سائنسی و صنعتی تحقیق (ڈی ایس آئی آر) کی سکریٹری ڈاکٹر این کلیسیلوی نے ڈاکٹر زبیر احمد اور سی ایس آئی آر-آئی آئی آئی ایم، جموں کی پوری ٹیم کی لگن، ادارہ جاتی قیادت اور ہنرمندی کی ترقی و اعلیٰ تعلیم کو آگے بڑھانے میں ان کے کردار کی ستائش کی۔

یہ اعزاز سی ایس آئی آر-آئی آئی آئی ایم کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے اور ہنرمند افرادی قوت تیار کرنے، نوجوان اختراع کاروں کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے، صنعتی شراکت داری کو مضبوط بنانے اور جموں و کشمیر سمیت پورے ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنے کے اس کے عزم کو مزید تقویت فراہم کرتا ہے۔

***

ش ح۔ م ش  ع۔ ج

uno-8311


(ریلیز آئی ڈی: 2342103) وزیٹر کاؤنٹر : 6
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी