57th International Film Festival of India 2026
20 – 28 Nov 2026

‘‘ایمانداری، صبر اور اپنے فن سے وفاداری کو شعار بنائیں’’: مکیش چھابڑا نے افی 2026 کی ماسٹر کلاس میں کاسٹنگ اور اداکاری کے اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی


 ‘‘میری توجہ اس ملک کے لیے آسکر ایوارڈ حاصل کرنے پر ہے’’: مکیش چھابڑا

اداکاری میں عمر کی کوئی قید نہیں؛ فلمی صنعت کو 40، 50 اور 60 سال کی عمر کے باصلاحیت فنکاروں کی ضرورت ہے:مکیش چھابڑا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 26 NOV 2026 4:45PMby PIB Delhiریلیز آئی ڈی: 2342090Views: 5

معروف کاسٹنگ ڈائریکٹر مکیش چھابڑا نے آج گوا میں منعقدہ 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول آف انڈیا (اِفّی) کے دوران ‘‘دی کاسٹنگ میجک: آڈیشنز اَن پلگڈ’’ کے عنوان سے منعقدہ ایک پُرہجوم ماسٹر کلاس میں ابھرتے ہوئے اداکاروں کے ساتھ قیمتی معلومات اور عملی مشورے شیئر کیے۔ اس سیشن میں اداکاری کے خواہش مند افراد، اداکاری کے شعبے میں قدم رکھنے کے خواہش مند تجربہ کار پیشہ ور افراد، مصنفین، ابھرتے ہوئے فلم سازوں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے پُرجوش انداز میں شرکت کی۔ ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے شرکا کے ساتھ ساتھ گوا کے مقامی افراد کی بڑی تعداد نے بھی مکیش چھابڑا کے ساتھ گفتگو میں بھرپور حصہ لیا اور ایک اچھا اداکار بننے کی خصوصیات، آڈیشن میں کامیابی حاصل کرنے کے طریقوں اور کاسٹنگ کی دنیا میں آگے بڑھنے کے مختلف پہلوؤں سے متعلق کئی سوالات پوچھے۔

فیسٹیول کے ڈائریکٹر آشوتوش گوواریکر نے مکیش چھابڑا کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا، ‘‘مجھے مکیش کی سب سے اچھی بات یہ لگتی ہے کہ کرداروں کو پہچاننے کی ان میں غیر معمولی صلاحیت ہے اور وہ موزوں اداکاروں کی تلاش کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔‘‘

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/DSC00098.JPG(1)_20261126164744_1baf9f.jpeg

300 سے زائد فلموں اور ویب سیریز میں کام کرنے کا تجربہ رکھنے والے مکیش چھابڑا نے فنکاروں کے انتخاب کے وسیع اور اکثر صبر آزما عمل کی ایک جھلک پیش کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موزوں اداکار کی تلاش صرف فنکاروں کے کوائف یا جانے پہچانے چہروں تک محدود نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا، ‘‘ہمارے ملک میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں۔ پہلے جب کاسٹنگ ڈائریکٹر نہیں ہوتے تھے تو یہ کام مشکل ہوا کرتا تھا۔ میں اپنی ٹیم کو صلاحیتوں کی تلاش کے لیے ہر جگہ بھیجتا ہوں۔ ہمیں جڑوں تک پہنچنا ہوتا ہے۔ ہمارے ملک میں ثقافتی فنون اور ذیلی ثقافتوں کی اتنی اقسام ہیں، جہاں بے شمار خام صلاحیتیں دیکھنے کو ملتی ہیں۔’’

فنکاروں کے انتخاب کے اپنے طریقۂ کار کی وضاحت کرتے ہوئے مکیش چھابڑا نے بتایا کہ عموماً کسی فلم کا اسکرپٹ تیار ہونے کے بعد ہدایت کار سب سے پہلے ان سے رابطہ کرتے ہیں۔ وہ ابتدا میں اسکرپٹ کو پوری توجہ سے پڑھتے ہیں اور کرداروں کے ساتھ ساتھ ہدایت کار کے تصور اور وژن پر تبادلۂ خیال کرتے ہیں۔ اگلے مرحلے میں یہ طے کیا جاتا ہے کہ کسی کردار کے لیے پہلے سے معروف اداکار موزوں ہوگا یا کسی نئے چہرے کو موقع دیا جانا چاہیے۔ اس کے بعد وہ اس علاقے کا سفر کرتے ہیں جہاں کہانی کوا ہم کردار درکار ہے، تاکہ وہاں کی مقامی برادریوں میں موجود باصلاحیت افراد کو تلاش کیا جا سکے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ان کا کام کردار کو سمجھنا، اس کے لیے موزوں شخصیت کی شناخت کرنا اور ایسے اداکار کی سفارش کرنا ہے جو ہدایت کار کے تصور کے عین مطابق ہو۔ انہوں نے کہا، ‘‘ہدایت کار مجھے میری رائے اور خیالات کے لیے منتخب کرتے ہیں، نہ کہ میرے اعداد و شمار کے لیے۔’’ انہوں نے خود کو اداکار اور ہدایت کار کے درمیان ایک پُل قرار دیا۔

DSC00032.jpeg

اس پورے عمل کا پیمانہ بہت وسیع ہو سکتا ہے۔ فلم ‘دنگل’ کے لیے فنکاروں کے انتخاب کا ذکر کرتے ہوئے مکیش چھابڑا نے بتایا کہ اس عمل میں تقریباً دو سال لگے اور ان کرداروں کے لیے لگ بھگ 14 ہزار لڑکیوں نے آڈیشن دیا تھا۔ ان کے مطابق فلم‘رامائن’ کے لیے فنکاروں کے انتخاب کا عمل چھ سال تک جاری رہا۔ انہوں نے فلم‘گینگز آف واسے پور’ کے لیے 384 افراد کے انتخاب کا ذکر بھی کیا، جو ان کے کریئر میں ایک اہم موڑ ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا، ’’گینگز آف واسے پور نے میری زندگی بدل دی۔’’

معروف فلم سازوں کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے مکیش چھابڑا نے کہا کہ ہر ہدایت کار کا اپنا منفرد وژن اور کام کرنے کا انداز ہوتا ہے۔ ان کی ذمہ داری یہ یقینی بنانا ہے کہ اداکار، فلم ساز کے تصور کے مطابق کرداروں کے لیے موزوں ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ بعض اوقات فنکاروں کے انتخاب کا عمل کہانی نویسی پر بھی اثر انداز ہو سکتا ہے۔ فلم ‘کائی پو چے!’ کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے یاد کیا کہ گٹو کا کردار راج کمار راؤ کو ذہن میں رکھ کر لکھا گیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ نوازالدین صدیقی اور منوج باجپائی جیسے باصلاحیت اداکار اپنے کرداروں میں اپنی انفرادی خوبیاں شامل کرتے ہیں، جس سے بعض اوقات ہدایت کارکو کرداروں پر ازسرِنو غور کرنے اور ان میں تبدیلیاں کرنے کی ترغیب ملتی ہیں۔

دو دہائیوں سے زیادہ عرصے پر محیط اپنے سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے مکیش چھابڑا نے بتایا کہ اداکار عامر خان ان اولین شخصیات میں شامل تھے جنہوں نے ان کے کام کو پہچانا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا یہ سفر نئی صلاحیتوں کو تلاش کرنے کے دیرپا جذبے سے عبارت رہا ہے۔ آئندہ دو سے تین برسوں کے دوران تقریباً 100 مزید فلموں کے لیے فنکاروں کے انتخاب کا کام ان کے سامنے ہے، اور وہ اس عمل میں پوری دل جمعی کے ساتھ مصروف ہیں۔

کاسٹنگ ڈائریکٹر کا وسیع تر وژن

چھابڑا نے اعتراف کیا کہ کاسٹنگ ایک مسلسل ارتقا پذیر تخلیقی عمل ہے، جس کی ضروریات ہر فلم اور اسکرپٹ کے ساتھ بدلتی رہتی ہیں۔ بعض اوقات کسی کردار کے لیے اس سے زیادہ موزوں اداکار مل جانے پر آخری لمحے میں بھی پہلے سے منتخب اداکار کو تبدیل کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اس طرح کے فیصلے تخلیقی عمل کا حصہ ہوتے ہیں اور فلم کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جاتے ہیں۔

چھابڑا کے لیے کاسٹنگ محض ایک پیشہ نہیں بلکہ طرزِ زندگی ہے۔ انہوں نے کہا، ‘‘کاسٹنگ میرے لیے صرف ایک کام نہیں ہے۔ میں اسی سے اپنی روزی کماتا ہوں، یہی میری زندگی ہے۔ میری توجہ اس بات پر ہے کہ میں اپنے ملک کے لیے آسکر لے کر آؤں۔ میں پوری دیانت داری کے ساتھ اپنا کام کرتا ہوں۔’’

‘‘ناکامی اور نامنظوری اس سفر کا لازمی حصہ ہیں’’

ابھرتے ہوئے اداکاروں کو درپیش ایک اہم مسئلے پر بات کرتے ہوئے چھابڑا نے مسترد کیے جانے کے تجربے اور ثابت قدمی کی اہمیت پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے کہا،‘‘یہ زندگی کا ایک حصہ ہے، آپ کو اس کا سامنا کرنا سیکھنا ہوگا۔ ہمارا کام صرف کسی کردار کے لیے موزوں ترین صلاحیت کو تلاش کرنا ہے۔ اگر آپ ہر وقت خود کو مسترد کیے جانے کے احساس اور مایوسی میں مبتلا رکھیں گے تو بہت سے مواقع آپ کے ہاتھ سے نکل جائیں گے۔’’

اپنے ذاتی تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ فلمی دنیا میں ان کا سفر ہرگز آسان نہیں تھا۔ انہوں نے معاون ہدایت کار کی حیثیت سے اپنے کریئر کا آغاز کیا اور ابتدا میں زیادہ تر کاسٹنگ کے کام سے وابستہ رہے۔ اپنی شناخت بنانے کے لیے انہیں کئی سال تک جدوجہد کرنی پڑی۔ انہوں نے  اپنے سفر کویاد کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی دنوں میں بہت سے ہدایت کاروں نے انہیں مسترد کر دیا تھا، لیکن آج انہی میں سے بعض فلم ساز ان کے ساتھ کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ‘‘ہر شخص کو زندگی میں جدوجہد کرنی پڑتی ہے۔ میں اپنی دکھ بھری داستان بیان نہیں کرنا چاہتا، لیکن مجھے واقعی بہت مشکل حالات سے گزرنا پڑا ہے۔’’

‘‘اداکاری کا عمر سے کوئی تعلق نہیں، صرف صلاحیت ہی اہم ہے’’

ابھرتے ہوئے اداکاروں کو ان کا مشورہ تھا کہ وہ اپنے کریئر کی رفتار سے مایوس ہونے کے بجائے صبر، مثبت سوچ اور اپنے فن سے وابستگی برقرار رکھیں۔ انہوں نے کہا، ’’اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ اداکاری کر سکتے ہیں تو اس میدان میں آگے بڑھیں اور اپنا کام جاری رکھیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ صلاحیت کی کوئی عمر نہیں ہوتی۔ ’’اداکاری کا عمر سے کوئی تعلق نہیں، صرف صلاحیت ہی اہم ہے۔‘‘ انہوں نے 40، 50 اور 60 سال کی عمر کے لوگوں کو بھی اداکاری کے میدان میں قدم رکھنے کی ترغیب دی اور کہا کہ فلمی صنعت کو ہر نسل کے فن کاروں کی ضرورت ہے۔

کسی اداکار کو دوسروں سے ممتاز کیا چیز بناتی ہے؟

چھابڑا کے نزدیک کسی کردار کے لیے موزوں اداکار کا انتخاب کرتے وقت صرف صلاحیت ہی واحد معیار نہیں ہوتی، بلکہ شخصیت، ایمانداری، سادگی اور ہدایت کے مطابق کام کرنے کی صلاحیت بھی اتنی ہی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’اداکار میں ہدایت کے مطابق خود کو ڈھالنے کی صلاحیت بھی ہونی چاہیے۔ ہدایات پر عمل کرنا بہت ضروری ہے۔ ایمانداری اور دی گئی ہدایات کی پابندی بھی اہم ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’اگر آپ زندگی اور انسانی جذبات کو سمجھتے ہیں تو آپ اداکاری کو بھی سمجھتے ہیں۔‘‘

کسی کردار کے لیے آڈیشن میں کامیابی کیسے حاصل کریں؟

چھابڑا نے آڈیشن دینے والے تمام ابھرتے ہوئے اداکاروں کو مشورہ دیا کہ وہ کردار اور اس کے پس منظر کو اچھی طرح سمجھنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا، ’’اپنے ذہن میں منظر کی تشکیل کرنا بہت ضروری ہے۔ ہم اداکار کی فہم و فراست کو سمجھنا چاہتے ہیں۔ براہِ کرم اپنی تیاری مکمل کرکے آئیں۔‘‘

اپنی اداکاری کی ویڈیو ریکارڈ کرکے بھیجنے کے حوالے سے چھابڑا نے مشورہ دیا کہ پس منظر صاف ستھرا اور غیر ضروری چیزوں سے پاک ہونا چاہیے، غیر ضروری میک اَپ سے گریز کیا جائے اور پوری توجہ اداکاری پر مرکوز رکھی جائے۔ اداکار کے ساتھ ڈائیلاگ پڑھنے والے شخص کو مناسب اشارے دینے چاہئیں، جبکہ ویڈیو کی منظر بندی اس طرح ہونی چاہیے کہ قریب سے لیا گیا منظر اداکار کی آنکھوں اور تاثرات کو واضح طور پر دکھا سکے۔

انہوں نے نوجوان اداکاروں کو سوشل میڈیا پر مسلسل دوسروں سے پذیرائی حاصل کرنے کی کوشش سے بھی خبردار کیا۔ اس کے بجائے انہیں اپنے فن کو نکھارنے، خود اعتمادی پیدا کرنے اور تجربہ حاصل کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔ ان کے مطابق، تھیٹر خود اعتمادی پیدا کرنے اور اداکاری کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے خاص طور پر ابھرتے ہوئے فن کاروں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنی عمر یا سابقہ تجربے کی پروا کیے بغیر تھیٹر گروپوں سے وابستہ ہوں اور اسٹیج پر ہونے والے ڈراموں میں حصہ لیں۔

انہوں نے ابھرتے ہوئے اداکاروں پر زور دیا کہ وہ اپنی سادگی اور ایمانداری برقرار رکھیں، سیکھنے کے عمل سے وابستہ رہیں اور بے صبری یا فوری شہرت حاصل کرنے کی خواہش کو اپنے سفر میں رکاوٹ نہ بننے دیں۔ انہوں نے کہا، ’’یہ سب صبر اور مثبت سوچ کا کھیل ہے۔ اگر کوئی چیز آپ کے نصیب میں ہے تو وہ آپ تک ضرور پہنچے گی۔‘‘ انہوں نے نئے اداکاروں کو ایک اور اہم مشورہ دیتے ہوئے کہا، ’’فطری اور سادہ رہیں۔‘‘

ان کی اس خصوصی تربیتی نشست نے اس حقیقت کو نمایاں کیا کہ پردۂ سیمیں پر ہر یادگار کردار کے پیچھے تلاش، تیاری اور باہمی تعاون کا ایک طویل اور محنت طلب عمل ہوتا ہے۔ اور ہر ابھرتے ہوئے اداکار کے لیے اس سفر کا آغاز لوگوں کو سمجھنے، فن کا احترام کرنے اور موزوں کردار کے انتظار میں صبر و تحمل سے کام لینے سے ہوتا ہے۔

پریس کانفرنس کی مکمل ویڈیو یہاں دیکھیں:

Read IFFILOID here: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1&reg=48

******

UNO- 8309

ش ح۔ع ح ۔اش ق


Great films resonate through passionate voices. Share your love for cinema with #IFFI2026 and #StoriesWithoutBorders. Tag us @pibindia on Instagram and @PIB_India on X, and we will help amplify your festival moments!

For accredited journalists, critics, bloggers, and vloggers seeking 1-on-1 interviews with filmmakers and festival juries, write to us at:
iffi.mediadesk@pib.gov.in with the subject line: Take One with PIB.


Official Release ID: 2342090
•
Media Centre: Goa
•
Festival Dates: Nov 20 – 28, 2026