صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی ہیلتھ سکریٹری محترمہ پونیا سلیلا سریواستو نے صحت کے شعبے میں زیادہ سرمایہ کاری اور سرکاری و نجی شراکت داری پر وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے زور کو اجاگر کیا


بنگلورو میں نیشنل ہیلتھ مشن اور پردھان منتری آیوشمان بھارت  ہیلتھ انفراسٹرکچر مشن سے متعلق قومی سطح کی رہنما ورکشاپ سے خطاب

پی ایم-اے بی ایچ آئی ایم کے تحت ملک بھر میں بنیادی ڈھانچے کی 19,983 اکائیوں کی منظوری دی گئی ہے، جن میں 2,151 بلاک پبلک ہیلتھ یونٹس، 744 مربوط عوامی صحت تجربہ گاہیں اور 631 انتہائی نگہداشت کے مراکز شامل ہیں

مرکز اور ریاستوں کی باہمی کوششوں کے ذریعے عوامی صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، بیماریوں کی نگرانی اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاری پر زور دیا

ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے پی ایم-اے بی ایچ آئی ایم کے نفاذ میں تیزی لانے اور منظور شدہ بنیادی ڈھانچے کو بروقت فعال بنانے کی اپیل کی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 26 NOV 2026 4:28PM by PIB Delhi

مرکزی سکریٹری برائے صحت محترمہ پونیا سلیلا سریواستو نے کرناٹک کے بنگلورو میں نیشنل ہیلتھ مشن (این ایچ ایم) اور پردھان منتری آیوشمان بھارت ہیلتھ انفراسٹرکچر مشن (پی ایم-اے بی ایچ آئی ایم) سے متعلق قومی سطح کی رہنما ورکشاپ سے خطاب کیا۔ 25 نومبر 2026 کو شروع ہونے والی اس دو روزہ ورکشاپ میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے نمائندوں کے ساتھ وزارتِ صحت و خاندانی بہبود کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اس کا مقصد دونوں قومی مشنوں کی پیش رفت کا جائزہ لینا، ان کے نفاذ سے متعلق ترجیحات پر تبادلۂ خیال کرنا اور صحتِ عامہ کے بہتر نتائج کے لیے باہمی تال میل کو مضبوط بنانا تھا۔

ورکشاپ کے پہلے روز خطاب کرتے ہوئے محترمہ سریواستو نے پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز) کے حصول کی جانب پیش رفت تیز کرنے کے لیے مشن کے تحت مربوط انداز میں کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے زمینی صورتِ حال کی مستحکم سمجھ بوجھ اور مختلف محکموں کے درمیان مؤثر تال میل ضروری ہے۔ انہوں نے ڈیجیٹل صحت سے متعلق اقدامات سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی اہمیت کو اجاگر کیا، خاص طور پر آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن (اے بی ڈی ایم) اور آروگیہ سیتو کے ساتھ روابط مضبوط بنانے پر زور دیا، تاکہ صحت کی خدمات مربوط، باہمی تعاون پر مبنی اور مؤثر انداز میں فراہم کی جا سکیں۔

دوسرے روز شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ سریواستو نے کووڈ-19 عالمی وبا کے تجربات اور اس سے حاصل ہونے والے اسباق کی روشنی میں ملک کے عوامی صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ وبا کے دوران صحت کی سہولتوں، تحقیقی صلاحیتوں، جینوم کی ترتیب (جینومک سیکوینسنگ) اور ویکسین کی تیاری کی صلاحیت میں تیزی سے اضافہ کرنے کی ضرورت پیش آئی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی ایم-اے بی ایچ آئی ایم کا تصور اسی مقصد سے پیش کیا گیا تھا کہ مستقبل میں وباؤں اور بیماریوں کے پھیلاؤ سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے ملک کی تیاری کو بہتر بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ہیلتھ مشن (این ایچ ایم) صحت کی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنا کر صحت سے متعلق پائیدار ترقی کے اہم اہداف کے حصول میں مددگار ہے، جبکہ پی ایم-اے بی ایچ آئی ایم عوامی صحت کے نظام کو مضبوط بنانے، ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاری اور وباؤں کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے ضروری بنیادی ڈھانچے، ادارہ جاتی صلاحیتوں اور نظام کو مستحکم بنا کر ان کوششوں کو مزید تقویت فراہم کرتا ہے۔

محترمہ سریواستو نے اجاگر کیا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں حکومت نے صحت کے بنیادی ڈھانچے اور خدمات کی فراہمی کو مضبوط بنانے کے لیے صحت کے شعبے میں سرمایہ جاتی سرمایہ کاری بڑھانے اور سرکاری و نجی شراکت داری کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی ہے۔

پچیس اکتوبر 2021 کو 64,180 کروڑ روپے کے مالیاتی تخمینے کے ساتھ شروع کیے گئے پی ایم-اے بی ایچ آئی ایم کا مقصد عوامی صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا، بیماریوں کی نگرانی اور وبائی امراض سے نمٹنے کی صلاحیت کو بہتر بنانا، وباؤں سے متعلق تحقیق کو فروغ دینا اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاری اور حیاتیاتی تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ اس مشن کے تحت ملک بھر میں بنیادی ڈھانچے کی 19,983 اکائیوں کو منظوری دی گئی ہے، جو صحت کی سہولتوں، تشخیصی صلاحیتوں اور انتہائی نگہداشت کے بنیادی ڈھانچے کی توسیع کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

اس مشن کے تحت پہلے سے عمارتوں سے محروم مقامات پر 11,001 آیوشمان آروگیہ مندر۔ ذیلی صحت مراکز اور 5,456 شہری آیوشمان آروگیہ مندر قائم کرکے نچلی سطح پر صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ مفت ادویات اور تشخیصی خدمات سے متعلق پہل کے ذریعے ان مراکز میں ضروری ادویات اور تشخیصی سہولتوں کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے، جس سے بنیادی صحت کی خدمات تک رسائی بہتر ہو رہی ہے۔

تشخیص اور بیماریوں کی نگرانی کے نظام کو بھی 2,151 بلاک پبلک ہیلتھ یونٹس اور ضلع کی سطح پر 744 مربوط عوامی صحت تجربہ گاہوں کے قیام کے ذریعے مضبوط بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، اس مشن کے تحت 631 انتہائی نگہداشت کے مراکز اور 48 وائرس تحقیق و تشخیص کی تجربہ گاہوں کو بھی تعاون فراہم کیا گیا ہے، جس سے بروقت تشخیص، بیماریوں کے علاج و انتظام، انتہائی نگہداشت اور تحقیق کی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔

پی ایم-اے بی ایچ آئی ایم کے تحت مرکزی شعبے کی مداخلتوں کو اجاگر کرتے ہوئے محترمہ سریواستو نے بیماریوں کی نگرانی، وباؤں کی تحقیقات اور ان سے نمٹنے کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے ملک کے مختلف حصوں میں قومی مرکز برائے امراضِ کنٹرول (این سی ڈی سی) کی شاخیں قائم کرنے کا ذکر کیا۔ دیگر اہم اقدامات میں بڑے ہوائی اڈوں پر قرنطینہ کی سہولتوں کی ترقی، ہوائی اڈوں اور بندرگاہوں پر داخلے کے مقامات کو مضبوط بنانا اور 20 شہروں میں شہری نگرانی کے مراکز کا قیام شامل ہے۔

انہوں نے بھارت ہیلتھ انیشی ایٹو فار سہیوگ ہتا اینڈ میتری (بھِشم) کیوبز کا بھی ذکر کیا، جو ہنگامی حالات میں فوری طور پر چھوٹے اسپتالوں جیسی طبی سہولتیں قائم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ یہ کیوبز ضرورت مند اداروں کے لیے ایچ ایل ایل کے ذریعے دستیاب ہیں۔ انہوں نے محکمۂ تحقیقِ صحت کو جینوم کی ترتیب سے متعلق تحقیق کے لیے فراہم کیے جانے والے تعاون کا بھی ذکر کیا، جو صحتِ عامہ کو درپیش نئے خطرات کی تحقیقات اور ان سے نمٹنے کی ملک کی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لیے اہم ہے۔

بیماریوں کی نگرانی کے مضبوط نظام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے، محترمہ سریواستو نے عوامی صحت سے متعلق واقعات کی بروقت شناخت اور ان سے نمٹنے میں مربوط بیماری نگرانی پروگرام (آئی ڈی ایس پی) اور مربوط صحت معلوماتی پلیٹ فارم (آئی ایچ آئی پی) کے کردار کو اجاگر کیا۔ ان پلیٹ فارموں کے ذریعے موصول ہونے والی معلومات وزارت کو قومی مشترکہ وبا ردِعمل ٹیم کے ذریعے تال میل قائم کرنے اور ضروری تعاون فراہم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔

آئی ایچ آئی پی تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں فعال ہے۔ اس کے ذریعے ڈھائی لاکھ سے زیادہ سرکاری اور نجی صحت مراکز کے توسط سے صحت سے متعلق 50 بیماریوں اور قومی صحت کے 12 پروگراموں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔

محترمہ سریواستو نے پی ایم-اے بی ایچ آئی ایم کے اہداف بروقت حاصل کرنے کے لیے ترجیحات کے تعین، باقاعدگی سے نگرانی اور مرکزی حکومت، ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے درمیان قریبی تال میل کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ بنیادی ڈھانچے اور سرمایہ جاتی سرمایہ کاری سے متعلق اپنی ضروریات کی نشاندہی کریں اور اپنی تجاویز پیش کریں، جن پر مرکزی حکومت ملک بھر میں صحت کی سہولتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے غور کر سکتی ہے۔

مشن کے مؤثر نفاذ کے لیے اجتماعی کوششوں پر زور دیتے ہوئے، انہوں نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے اپیل کی کہ وہ وزارت کے ساتھ قریبی تال میل قائم کرکے اس بات کو یقینی بنائیں کہ منظور شدہ بنیادی ڈھانچے کو ضروری آلات، انسانی وسائل اور انتظامی سہولتوں سے آراستہ کرکے فعال مراکز میں تبدیل کیا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحتِ عامہ کو درپیش نئے چیلنجوں اور مستقبل میں صحت سے متعلق ہنگامی حالات سے مؤثر طور پر نمٹنے کی ملک کی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لیے مرکز اور ریاستوں کے درمیان مسلسل تعاون ناگزیر ہے۔

ورکشاپ میں پردھان منتری آیوشمان بھارت ہیلتھ انفراسٹرکچر مشن کی طبعی اور مالی پیش رفت سے متعلق تکنیکی اجلاس منعقد کیے گئے۔ اس کے علاوہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں نے مشن کے نفاذ کی صورتِ حال، کامیابیوں اور ترجیحات کے بارے میں اپنے اپنے جائزے پیش کیے۔ تبادلۂ خیال کے دوران اس بات کو اجاگر کیا گیا کہ بنیادی ڈھانچے کو بروقت فعال بنانے، صحت کی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے اور عوامی صحت کا ایک مستحکم نظام قائم کرنے کے لیے مرکز اور ریاستوں کی مشترکہ کوششیں، باقاعدہ نگرانی اور سرمایہ کاری میں ہم آہنگی نہایت اہم ہیں۔

اس ورکشاپ میں کرناٹک حکومت کے محکمۂ صحت اور خاندانی بہبود کے پرنسپل سکریٹری جناب رتوک رنجنم پانڈے؛ مرکزی وزارتِ صحت اور خاندانی بہبود کے نیشنل ہیلتھ مشن کی ایڈیشنل سکریٹری اور مشن ڈائریکٹر محترمہ آرادھنا پٹنائک؛ کرناٹک کے  نیشنل ہیلتھ مشن کے مشن ڈائریکٹر جناب ایس اکرم پاشا؛ وزارت کے سینئر افسران اور اہلکاروں کے علاوہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

****

 (ش ح ۔رک)

U. No.8302


(ریلیز آئی ڈی: 2342048) وزیٹر کاؤنٹر : 3
یہ ریلیز پڑھیں: English