الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹکنالوجی کی وزارت
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
26 NOV 2026 1:44PM by PIB Delhi
حکومتِ ہند کی وزارتِ الیکٹرانکس و اطلاعاتی ٹیکنالوجی (ایم ای آئی ٹی وائی) کے تحت ڈیجیٹل انڈیا کارپوریشن (ڈی آئی سی) کے ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن (ڈی آئی بی ڈی) اور وزارتِ سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کے محکمہ سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات نے محکمے کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور خدمات تک کثیر لسانی رسائی کو مضبوط بنانے کے لیے مفاہمت نامے (ایم او یو) کا تبادلہ کیا ہے۔
مرکزی وزیر سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات ڈاکٹر ویریندر کمار، وزیر مملکت برائے سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات جناب بی ایل ورما، محکمہ سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کے سکریٹری جناب سدھانش پنت اور ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب امیتابھ ناگ کی موجودگی میں مفاہمت نامے (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے اور اس کا تبادلہ کیا گیا۔ اس موقع پر متعلقہ اداروں کے سینئر افسران اور نمائندے بھی موجود تھے۔

یہ شراکت داری بھاشنی کی مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی لسانی ٹیکنالوجی خدمات کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم سماویش کے ساتھ مربوط کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔ سماویش پلیٹ فارم محکمے کا ایک متحدہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے، جس کے ذریعے مختلف اسکیموں اور خدمات تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ اس انضمام سے 22 سے زائد زبانوں میں معلومات اور خدمات تک رسائی ممکن ہوگی، جس سے شہریوں اور مستفیدین کو اپنی سمجھ کی زبان میں سرکاری پلیٹ فارمز سے استفادہ کرنے میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ، دستاویزات کا خلاصہ تیار کرنے جیسی ٹیکنالوجی پر مبنی خدمات بھی فراہم کی جا سکیں گی، جس سے ڈیجیٹل معلومات کی رسائی اور افادیت مزید بہتر ہوگی۔
محکمہ سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کے ذریعہ تیار کردہ سماویش واحد ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے محکمے کی اسکیموں، خدمات اور ادارہ جاتی پورٹلوں کو یکجا کرتا ہے۔ اس پلیٹ فارم کا مقصد متعدد پورٹلوں پر دستیاب معلومات اور خدمات کو ایک جگہ فراہم کرکے شہریوں، مستفیدین اور دیگر متعلقہ فریقوں کے لیے ان تک رسائی کو آسان بنانا ہے۔ بھاشنی کے تعاون سے یہ کثیر لسانی صلاحیتیں فلاحی اسکیموں اور سرکاری خدمات سے متعلق معلومات تک رسائی میں حائل لسانی رکاوٹوں کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔
اس انضمام سے پلیٹ فارم کی مصنوعی ذہانت پر مبنی معاون خدمات کو بھی تقویت ملے گی، جن میں سماجک سہایک بھی شامل ہے۔ یہ ایک چیٹ بوٹ ہے، جسے 22 سے زائد زبانوں میں معلومات اور معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ شہریوں کو خدمات فراہم کرنے والے ڈیجیٹل نظام میں لسانی ٹیکنالوجی کو شامل کرنے سے مختلف زبانیں بولنے والے افراد متعلقہ معلومات تک رسائی حاصل کر سکیں گے اور سرکاری خدمات سے بآسانی استفادہ کر سکیں گے۔
یہ مفاہمت نامہ سماجی بہبود کی خدمات کی فراہمی کے نظام تک ہندوستان کے لسانی ٹیکنالوجی کے نظام کے فوائد پہنچانے کی مشترکہ کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔ مصنوعی ذہانت پر مبنی ترجمے، تکلم اور دیگر لسانی خدمات کے ذریعے بھاشنی، ڈیجیٹل معلومات کو ملک بھر کے شہریوں کے لیے مزید قابلِ رسائی، جامع اور ان کی ضروریات کے مطابق بنانے کی محکمے کی کوششوں میں مدد گار ثابت ہو گا۔
ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب امیتابھ ناگ نے کہا: ہمارا وژن یہ یقینی بنانا ہے کہ سرکاری معلومات اور خدمات تک رسائی حاصل کرنے میں زبان کبھی رکاوٹ نہ بنے۔ بھاشنی متن، بیان اور ویڈیو کے ترجمے کے ذریعے کثیر لسانی مصنوعی ذہانت کو فروغ دے رہا ہے، ساتھ ہی قبائلی اور کم سہولت یافتہ زبانوں تک بھی اپنی رسائی بڑھا رہا ہے۔ ہماری جاری کوششوں میں بھیلی جیسی قبائلی زبانوں اور میزور جیسی کم وسائل والی زبانوں کو ڈیجیٹل شکل دینا اور انہیں ڈیجیٹل نظام کا حصہ بنانے کی پہل شامل ہے۔ آئندہ ہم ان صلاحیتوں کو سرکاری رپورٹوں، اسکیموں سے متعلق دستاویزات اور ویڈیو تک وسعت دینے کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر تکلم کی سہولت بھی فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ اس اشتراک کے ذریعے ہمارا مقصد عوامی معلومات کو زیادہ جامع اور قابلِ رسائی بنانا ہے، تاکہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فوائد ہر فرد تک پہنچ سکیں، خواہ اس کی زبان یا جغرافیائی محلِ وقوع کچھ بھی ہو، اور یہ سہولت آخری فرد تک پہنچے۔
یہ شراکت داری حکومتِ ہند کے ایک جامع اور ڈیجیٹل طور پر بااختیار ملک کی تعمیر کے وژن سے ہم آہنگ ہے، جہاں ٹیکنالوجی عوامی خدمات تک مساوی رسائی کو ممکن بناتی ہے۔ اس سے کثیر لسانی ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ دینے کے بھاشنی کے عزم کو بھی تقویت ملتی ہے۔ اس مقصد کے تحت ہندوستانی زبانوں کی ٹیکنالوجی کو سرکاری پلیٹ فارمز کے ساتھ مربوط کیا جا رہا ہے، تاکہ باشندے اپنی پسندیدہ زبان میں ڈیجیٹل عوامی خدمات سے زیادہ آسانی کے ساتھ استفادہ کر سکیں۔
ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن (ڈی آئی بی ڈی) کے بارے میں
ڈیجیٹل انڈیا کارپوریشن (ڈی آئی سی)، وزارتِ الیکٹرانکس و اطلاعاتی ٹیکنالوجی (میتی) کے تحت کام کرنے والا ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن (ڈی آئی بی ڈی)، مصنوعی ذہانت پر مبنی کثیر لسانی ڈیجیٹل شمولیت کے لیے ہندوستان کا قومی اقدام ہے۔ نیشنل ہب فار لینگویج ٹیکنالوجی (این ایچ ایل ٹی) کے ذریعے بھاشنی 800 سے زائد سرکاری ویب سائٹس کو سہولت فراہم کر رہا ہے، 11 ارب سے زیادہ اے آئی اِنفرنسز کو ممکن بنا چکا ہے، روزانہ 2.4 کروڑ سے زیادہ اے آئی اِنفرنسز انجام دیتا ہے اور ہندوستان کی 36 تحریری زبانوں، 23 ہندوستانی صوتی زبانوں اور 35 بین الاقوامی زبانوں میں معاونت کرتا ہے۔ ڈی آئی بی ڈی تحقیق، اوپن انوویشن، ڈیٹا سیٹس، اسٹارٹ اَپس اور تعلیمی اشتراک کے ذریعے کثیر لسانی مصنوعی ذہانت کو بھی فروغ دے رہا ہے، جس سے ہندوستان کے ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر (ڈی پی آئی) کو مزید مضبوطی حاصل ہو رہی ہے۔
***
ش ح۔ م ش ع۔ ج
uno -8290