پوسٹ کرنے کی تاریخ:
26 NOV 2026 12:10PM by PIB Delhi
سرکاری اعداد و شمار کی مؤثر ترسیل کے لیے یہ ضروری ہے کہ صارفین اپنی ضرورت کا ڈیٹا آسانی سے تلاش کر سکیں، اسے قابلِ استعمال فارمیٹس میں حاصل کر سکیں اور تجزیے کے لیے دوبارہ استعمال کر سکیں۔ اعداد وشمار اور پروگرام کے نفاذ سے متعلق وزارت (ایم او ایس پی آئی)نے سرکاری اعداد و شمار کے لیے ایک یکجا پلیٹ فارم (ون اسٹاپ ونڈو) کے طور پر eSankhyiki تیار کیا ہے۔ مذکورہ پورٹل صارفین کو ڈیٹا سیٹس تلاش کرنے، انٹرایکٹو بصری پیشکش (ویژولائزیشنز) کے ذریعے اشاریوں کا جائزہ لینے، اور متعلقہ میٹا ڈیٹا سے رجوع کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ صارفین مشینی طور پر پڑھے جا سکنے والے فارمیٹس میں براہِ راست ڈاؤن لوڈ اور ایپلیکیشن پروگرامنگ انٹرفیس(اے پی آئیز) کے ذریعے ڈیٹا تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں، جو ڈیٹا کو دیگر ایپلیکیشنز میں حاصل کرنے اور استعمال کرنے کی اجازت دیتے ہیں۔ فی الحال، eSankhyiki پورٹل پر 43 شماریاتی مصنوعات کے ساتھ 1109ڈیٹا سیٹس موجود ہیں جن میں 139 ملین (13 کروڑ 90 لاکھ) سے زائد ریکارڈز شامل ہیں۔
وکست بھارت انیشی ایٹو فار اسٹیٹسٹیکل ٹرانسفارمیشن، اینالیٹکس اینڈ ریسرچ (وی آئی ایس ٹی اے آر) ذیلی قومی (ریاستی و ضلعی) اعداد و شمار کو مضبوط بنانے اور ترسیل سمیت تمام شماریاتی عمل میں ڈیجیٹل آلات کے استعمال کو وسعت دینے پر زور دیتا ہے۔ شماریاتی استحکام کے لیے معاونت کے جزو کے ذریعے، اس اسکیم کا مقصد ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کی صلاحیت کو بڑھانا ہے تاکہ وہ ضلعی سطح سمیت مزید تفصیلی و باریک بین اعداد و شمار تیار کر سکیں اور مقامی منصوبہ بندی و پالیسی سازی میں ان کے استعمال میں معاونت فراہم کر سکیں۔
ذیلی قومی اعداد و شمار اور ڈیجیٹل ترسیل پر اسی توجہ کے پیش نظر، اعداد وشمار اور پروگرام کے نفاذ سے متعلق وزارت (ایم او ایس پی آئی) نے eSankhyiki پورٹل پر اسٹیٹ ڈیش بورڈ کا آغاز کیا ہے۔ یہ ڈیش بورڈ پورٹل پر موجود شماریاتی مصنوعات میں پہلے سے دستیاب منتخب اشاریوں کے لیے ریاستی سطح کے ڈیٹا کو یکجا کرتا ہے۔ اسے انسٹی ٹیوٹ فار کمپیٹیٹیونس کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔
یہ ڈیش بورڈ فی الحال 10 وسیع موضوعات کے تحت 21 شماریاتی مصنوعات کے 283 اشاریے پیش کرتا ہے، جن میں زراعت، تعلیم، روزگار اور اجرت، اور صنفی مساوات و شمولیت شامل ہیں۔ صارفین دستیاب اشاریوں کو دیکھنے کے لیے کسی ریاست اور موضوع کا انتخاب کر سکتے ہیں، یا مختلف ریاستوں میں کسی ایک موضوع کا جائزہ لے سکتے ہیں۔ انٹرایکٹو چارٹس اور فلٹرز ڈیٹا کے تجزیے میں مدد دیتے ہیں، جبکہ متعلقہ میٹا ڈیٹا اور شماریاتی نوٹس اعداد و شمار کی درست تشریح کے لیے ضروری سیاق و سباق فراہم کرتے ہیں۔ صارفین بنیادی ڈیٹا اور میٹا ڈیٹا ڈاؤن لوڈ کرنے کے ساتھ ساتھ بصری پیشکش (ویژولائزیشنز) کو بھی ڈاؤن لوڈ یا شیئر کر سکتے ہیں۔ متعدد شماریاتی مصنوعات کے اشاریوں کو مربوط اور موضوع پر مبنی ریاستی پروفائلز میں یکجا کر کے، ریاستی ڈیش بورڈ محض ڈیٹا کی دستیابی سے آگے بڑھ کر اس کے مؤثر استعمال کی جانب منتقلی کو مستحکم کرتا ہے۔
مذکورہ اقدام کے ذریعے، اعداد وشمار اور پروگرام کے نفاذ سے متعلق وزارت (ایم او ایس پی آئی) ٹیکنالوجی اور جدت طرازی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ملک کے شماریاتی نظام کو مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے، تاکہ سرکاری اعداد و شمار کو باخبر فیصلہ سازی کے لیے مزید قابلِ رسائی، شفاف، باہم ہم آہنگ (انٹرآپریبل) اور مفید بنایا جا سکے۔ اس ڈیش بورڈ کو بتدریج وسعت دی جائے گی اور اس میں مزید اشاریے شامل کیے جائیں گے۔ یہ پالیسی سازی، منصوبہ بندی اور تحقیق کے لیے ذیلی قومی اعداد و شمار تک رسائی کو بہتر بنانے کی ایم او ایس پی آئی کی مسلسل کوششوں کا ایک حصہ ہے۔
ریاستی ڈیش بورڈ تک eSankhyiki پورٹل کے ذریعے https://esankhyiki.mospi.gov.inپر رسائی حاصل کی جا سکے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(ش ح -ش م-ع ن)
U. No. 8284