پوسٹ کرنے کی تاریخ:
25 NOV 2026 9:05PM by PIB Delhi
ہندوستان نے لا بینئالے دی وینیزیا کی 61ویں بین الاقوامی آرٹ نمائش (بینئالے آرٹے 2026) میں بہترین ملکی نمائندگی کے لیے وزیٹرز لائین ایوارڈ جیتا ہے۔ وینس بینالے کو فنون لطیفہ(آرٹ) کی دنیا کا اولمپکس بھی کہا جاتا ہے۔ لا بینئالے دی وینیزیا نے آج عوام کی جانب سے ظاہر کی گئی پسند کی بنیاد پر وزیٹرز لائین ایوارڈز کے فاتحین کا اعلان کیا۔
اس نتیجے پر تبصرہ کرتے ہوئے لا بینئالے دی وینیزیا کے صدر جناب پیٹرانجیلو بٹافوکو نے کہا کہ ناظرین نے وزیٹرز ایوارڈ کے ذریعے پابلو پکاسو کے اس خیال کو حقیقت کا روپ دیا ہے کہ ‘‘ایک مصوری صرف اسی وقت زندہ رہتی ہے جب کوئی اسے دیکھتا ہے۔’’
ثقافت کے مرکزی وزیر جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے کہا کہ یہ ملک کے لیے بے حد فخر کا لمحہ ہے۔ ‘‘یہ عالمی اعزاز نئی نسل کے ہندوستانی فنکاروں اور ہندوستان کے مضبوط عصری فنون لطیفہ (آرٹ)کے منظرنامے کا ثبوت ہے۔ یہ اس بات کا جشن ہے کہ ہندوستان کی لازوال فنکارانہ روایات کس طرح عصری اظہار کی مؤثر صورت اختیار کرکے دنیا بھر کے لوگوں کے دلوں کو چھو سکتی ہیں۔ یہ ایوارڈ ہندوستانی فنکاروں کی نسلوں کو جوش و جذبے اور اعتماد کے ساتھ دنیا سے جڑنے کی ترغیب دے گا۔’’
اس موقع پر سکریٹری ثقافت وویک اگروال نے کہا:
‘‘وینس بینالے میں ہندوستان کو باوقار وزیٹرز لائین ایوارڈ سے نوازا جانا ایک بہت بڑا اعزاز اور قومی فخر کا لمحہ ہے۔ یہ اس بات کا مضبوط ثبوت ہے کہ ہندوستان کے عصری فنکارانہ اظہار، جو ہماری تہذیبی اقدار اور مادی روایات میں گہری جڑیں رکھتے ہیں، دنیا بھر سے آنے والے ناظرین کے دلوں میں اپنی جگہ بنا رہے ہیں۔ ایک طویل وقفے کے بعد وینس بینالے میں ہندوستان کی واپسی عالمی ثقافتی منظرنامے کے ساتھ ہمارے نئے سرے سے روابط کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ہے۔ پویلین کے افتتاح کے بعد سے یہ عالمی سطح پر فنون لطیفہ (آرٹ )سے متعلق مباحث کا حصہ رہا ہے، جس کا اظہار اسے ملنے والے غیر معمولی طور پر مثبت تبصروں، پُرجوش ردعمل اور دنیا بھر سے آنے والے زائرین اور فنون لطیفہ (آرٹ )کے قدر دانوں کی بڑی تعداد سے ہوتا ہے۔ یہ اعزاز ہندوستان کے ثقافتی سفر میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور ہمارے متنوع، متحرک اور مسلسل ارتقا پذیر تخلیقی اظہار کی آفاقی معنویت اور کشش کی تصدیق کرتا ہے۔’’
ہندوستان کے پویلین کے بارے میں
وزارت ثقافت نے نیتا مکیش امبانی کلچرل سینٹر (این ایم اے سی سی) اور سرینڈپیٹی آرٹس کے اشتراک سے ہندوستان کا قومی پویلین پیش کیا۔ وزارت ثقافت کی نیشنل گیلری آف ماڈرن آرٹ (این جی ایم اے) اس پویلین کی کمشنر تھی، جبکہ اندرا گاندھی نیشنل سینٹر فار دی آرٹس (آئی جی این سی اے) نے اس کے نفاذ میں شراکت دار کا کردار ادا کیا۔ اس پویلین کا عنوان جیوگرافیز آف ڈسٹنس: ریممبرنگ ہوم تھا۔ اسے آرسینالے دی وینیزیا کے تاریخی آئسولوٹو مقامات میں قائم کیا گیا تھا۔ ثقافت و سیاحت کے مرکزی وزیرجناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے 6 مئی 2026 کو اس پویلین کا افتتاح کیا۔
اس نمائش میں اس بات کا جائزہ لیا گیا ہے کہ جن لوگوں کی زندگیوں پر تبدیلی یا فاصلے کے اثرات مرتب ہوتے ہیں، ان کے لیے گھر محض ایک متعین جگہ نہیں رہتا، بلکہ ایک ایسی کیفیت بن جاتا ہے جسے وہ اپنے ساتھ لیے پھرتے ہیں۔ یہ کیفیت یادوں، مادی اشیا، رسوم و روایات اور ذاتی اساطیر سے تشکیل پاتی ہے۔ نمائش میں ہندوستان کے مختلف خطوں، مواد اور دست کاری کے متنوع طریقوں کے ذریعے بینالے کے موضوع ان مائنر کیز کا جواب پیش کیا گیا۔ افتتاح کے موقع پر جناب شیخاوت نے کہا تھا کہ یہ نمائش ایک ایسے معاصر ہندوستان کی عکاسی کرتی ہے جو اپنی جڑوں سے وابستہ ہونے کے ساتھ ساتھ مستقبل کی جانب بھی گامزن ہے۔
|
فنکار
|
فن پارہ
|
تفصیل
|
|
الور بالاسبرامنیم (بالا)
|
صرف ہمارے لیے نہیں
|
مٹی اور دیہی تمل ناڈو سے حاصل کی گئی قدرتی خاک سے تیار کردہ مجسماتی تختیوں کا ایک سلسلہ۔ ان فن پاروں میں قدرتی دراڑوں اور شکستگیوں کو نمایاں کیا گیا ہے، جو وقت گزرنے اور ماحولیاتی قوتوں کے اثرات کو ظاہر کرتی ہیں۔ یہ فن پارے زمین، یادداشت اور تبدیلی کے باہمی تعلق کا جائزہ لیتے ہیں۔
|
|
رنجنی شیٹّر
|
ایک ہی آسمان تلے
|
پھولوں اور قدرتی نشوونما سے متاثر ہوکر نہایت نفاست سے تیار کیا گیا ایک معلق مجسماتی فن پارہ۔ روایتی دست کاری کے طریقوں سے تخلیق کردہ اس کی نامیاتی شکلیں ایک ایسا ماحول تشکیل دیتی ہیں جو باغ کا سا احساس دلاتا ہے اور فطرت، دست کاری اور گھر کے تصور کو یکجا کرتا ہے۔
|
|
سوماکشی سنگھ
|
مستقل پتہ
|
فنکار کے نئی دہلی میں واقع خاندانی گھر کی، جسے منہدم کر دیا گیا تھا، نازک کڑھائی کے دھاگوں کی مدد سے حقیقی جسامت میں تیار کردہ ایک ایسا نمونہ جو دیکھنے والوں کو اپنے اندر سمو لیتا ہے۔ یہ فن پارہ یادوں، گھریلو فضا اور احساسِ وابستگی کے موضوعات کا احاطہ کرتا ہے اور گھر کے تصور کو ایک پائیدار جذباتی اور ثقافتی تجربے میں بدل دیتا ہے۔
|
|
سکرما سونم تاشی
|
گھر کی بازگشت
|
کاغذ کی لُگدی سے تیار کردہ ایک فن پارہ(پیپر ماشی)، جس میں لداخ کے روایتی طرزِ تعمیر اور قدرتی ماحول کا جائزہ لیا گیا ہے۔ یہ فن پارہ بدلتے ہوئے ماحولیاتی حالات اور جدید تعمیرات کے درمیان روایتی تعمیراتی طریقوں کی کمزوری اور عدم تحفظ کو اجاگر کرتا ہے اور پائیداری اور ثقافتی تسلسل سے متعلق سوالات اٹھاتا ہے۔
|
|
عاصم واقف
|
چال
|
بانس سے تیار کردہ ایک وسیع پیمانے کا فن پارہ، جو ہندوستان کے شہری مناظر میں نظر آنے والے بانس کے عارضی ڈھانچوں کے طرزِ تعمیر سے متاثر ہے۔ روایتی تعمیراتی طریقوں میں گہری جڑیں رکھنے والے اس مادّے کو بروئے کار لاتے ہوئے یہ فن پارہ شہری تبدیلی اور تجدید کے عمل کا جائزہ لیتا ہے۔
|


بصری فنون کی نمائش کے ساتھ ساتھ، ہندوستان کے پویلین میں سرینڈپیٹی آرٹس کی نگرانی میں ایک وسیع تر مظاہراتی پروگرام بھی پیش کیا گیا۔ اس پروگرام کے تحت مئی سے نومبر 2026 تک بینالے کے دوران موسیقی، حرکات و سکنات، داستان گوئی اور مختلف فنون کے امتزاج پر مبنی مظاہروں کے ذریعے وینس میں پویلین اور ثقافتی مقامات کو سرگرمیوں کا مرکز بنایا گیا۔
وینس میں زائرین کی پسندیدہ جگہ
بینالے کے دوران تقریباً 4.5 لاکھ زائرین ہندوستان کے پویلین میں آئے، جس کے باعث یہ اس ایڈیشن کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے قومی پویلینز میں شامل رہا۔ زائرین میں عالمی فنون لطیفہ کی دنیا کی ممتاز شخصیات، عجائب گھروں کے سربراہان، کیوریٹرز، فن پاروں کے جمع کنندگان اور ناقدین کے علاوہ ثقافت اور عوامی زندگی سے وابستہ معروف شخصیات بھی شامل تھیں۔
نمائش کے ساتھ ساتھ سرینڈپیٹی آرٹس نے مئی سے نومبر 2026 تک وینس کے مختلف مقامات پر پرفارمنس اور تقریبات کا ایک پروگرام بھی منعقد کیا۔ اس پروگرام میں بصری اور عملی فنون کو یکجا کیا گیا اور ہندوستانی ثقافتی روایات اور بینالے کے موضوع سے ماخوذ مختلف فنون کے امتزاج پر مبنی پیشکشیں شامل کی گئیں۔ اس پروگرام کے ذریعے پویلین کے تصورات کو آرسینالے کی حدود سے باہر شہر بھر کے ناظرین تک پہنچایا گیا۔

شاندار واپسی اور آگے کا سفر
ہندوستان نے سات سال کے وقفے کے بعد 2026 میں وینس آرٹ بینالے میں شرکت کی۔ واپسی پر قومی پویلین کے لیے اعلیٰ ترین اعزاز حاصل کرنا اس کی غیر معمولی واپسی کا مظہر ہے۔ یہ عالمی عصری فنون لطیفہ(آرٹ ) اور ثقافتی سفارت کاری کے میدان میں ہندوستان کی بڑھتی ہوئی موجودگی کی عکاسی کرتا ہے۔
اس رفتار کو برقرار رکھتے ہوئے، وزارت ثقافت 4 دسمبر 2026 سے 108 دنوں کے لیے نئی دہلی میںانڈیا بینالے کا انعقاد کرے گی۔ اس کا مرکزی مقام پرانا قلعہ ہوگا، جبکہ لال قلعہ، قطب مینار، جنتر منتر، صفدرجنگ کا مقبرہ، اگرسین کی باولی اور شہر کے دیگر ثقافتی مقامات جیسے تاریخی ورثے کی عمارتوں میں بھی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ انڈیا بینالے کے ذریعے عصری فنون لطیفہ، طرز تعمیر اور ڈیزائن کو ہندوستان کی تاریخی یادگاروں میں پیش کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ طلبہ کے لیے ایک خصوصی اسٹوڈنٹس بینالےبھی منعقد کیا جائے گا۔
انڈیا بینالے کا انعقاد سرکاری اور نجی شعبے کی ایک منفرد شراکت داری کے تحت کیا جا رہا ہے، جس میں وزارت ثقافت بنیادی ڈھانچہ اور ضروری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ مقامات تک رسائی بھی مہیا کرے گی، جبکہ نمائش کے انتظامات نجی شرکاء انجام دیں گے۔ یہ تقریب وکاس بھی، وراثت بھی کے جذبے کے تحت ایک منفرد بینالے پاس کے ذریعے ہندوستانی اور بین الاقوامی ناظرین کو شہر بھر میں ملک کے زندہ ورثے اور تخلیقی توانائی کے جشن میں شرکت کا موقع فراہم کرے گی۔





****
ش ح۔ ش آ۔م ش
U-8275