زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
25 NOV 2026 11:45PM by PIB Delhi
زراعت و کسانوں کی فلاح و بہبود اور دیہی ترقی کے مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان نے آج مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو، ریاستی وزراء جناب پرہلاد سنگھ پٹیل اور جناب ایدل سنگھ کناسانا اور سینئر افسران کے ساتھ ایک جامع اور نتیجہ خیز میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں مدھیہ پردیش میں زرعی ترقی کو تیز کرنے اور دیہی بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینے کے مقصد سے پیش کی گئی اہم تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

ریاست کی ترقی کے لیے سرگرم اور پیش قدمی پر مبنی طرزِ عمل اختیار کرنے پر وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو اور ان کی پوری ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ مذکورہ وفد نے سڑکوں، پلوں، رہائش، آبپاشی اور مختلف مرکزی مشنوں سے متعلق کئی اہم تجاویز پیش کیں۔
میٹنگ کے اہم فیصلے اور نمایاں پہلو:
پلوں اور سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کی منظوری: دیہی رابطے کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر مرکز نے مدھیہ پردیش میں 223 پلوں کی تعمیر کے لیے 643.14 کروڑ روپے منظور کیے۔ اس کے علاوہ، تقریباً 600 کروڑ روپے کے سڑکوں کی تعمیر سے متعلق تجاویز بھی میٹنگ میں پیش کی گئیں اور ان پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
سائنسی زرعی لائحۂ عمل: دیہی ترقی کے مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان نے اعلان کیا کہ زرعی پیداوار اور پائیداری میں اضافے کے لیے زرعی سائنس دانوں کے اشتراک سے مدھیہ پردیش کے لیے ایک مخصوص سائنسی زرعی لائحۂ عمل تیار کیا جائے گا۔
زرعی کلسٹرز اور سینٹرس آف ایکسیلنس: جدید زرعی طریقوں کو فروغ دینے اور زرعی پیداوار کی قدر میں اضافے کے لیے مدھیہ پردیش کو دو زرعی کلسٹرز اور دو سینٹر آف ایکسیلنس دیے جائیں گے۔
صاف ستھرے پودوں کا پروگرام: اس پروگرام کے تحت مدھیہ پردیش میں خصوصی نرسریاں تیار کرنے کا کام شروع کیا جائے گا، تاکہ کسانوں کو بیماریوں سے مبرا اور اعلیٰ معیار کا پود لگانے کا مواد دستیاب کرایا جا سکے۔
مائیکرو آبپاشی اور آبپاشی کے شعبے میں تعاون: آبپاشی کے شعبے میں مدھیہ پردیش کی غیر معمولی اور بے مثال کارکردگی کو سراہتے ہوئے مرکزی وزیر نے بتایا کہ ’’فی قطرہ زیادہ فصل‘‘ (پی ڈی ایم سی) اسکیم کے تحت وسیع پیمانے پر تعاون فراہم کرنے کے سلسلے میں تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی ریاست کی جانب سے آبپاشی سے متعلق پیش کی گئی دیگر تجاویز کے مؤثر حل دریافت کرنے پر بھی غور کیا گیا۔


***
(ش ح -ش م-ع ن)
U. No. 8269