ہنر مندی کے فروغ اور صنعت کاری کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

  ہنرمندی کے فروغ اور انٹرپرینیورشپ  کی وزارت کا جل شکتی کی وزارت کے ساتھ جل جیون مشن  کے دوسرے مرحلے کے تحت ایک لاکھ نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے لیے اشتراک


اس اقدام کے تحت دیہی علاقوں میں پانی کی فراہمی کے نظام کے آپریشن اور دیکھ بھال کے لیے ہنرمند افرادی قوت تیار کرنے کی غرض سے آئی ٹی آئیز اور این ایس ٹی آئیز کے ملک گیر نیٹ ورک سے استفادہ کیا جائے گا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 25 NOV 2026 8:31PM by PIB Delhi

دیہی آبی شعبے میں روزگار کے نئے مواقع کے مطابق پیشہ ورانہ تربیت کو ہم آہنگ کرنے کی کوشش کے تحت، وزارت ہنرمندی کے فروغ اور انٹرپرینیورشپ (ایم ایس ڈی ای) کے تحت تربیت کے ڈائریکٹوریٹ جنرل  (ڈی جی ٹی) نے آج وزارت جل شکتی کے، پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کے محکمہ (ڈی ڈی ڈبلیو ایس) کے ساتھ ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے۔ اس اشتراک کا مقصد جل جیون مشن 2.0 کے تحت واٹر سپلائی آپریشن اینڈ مینٹیننس اسکلنگ پروگرام (نل جل متر) پر عمل درآمد کرنا ہے۔

اس اقدام کے تحت کم از کم ایک لاکھ امیدواروں کو تربیت فراہم کرنے اور انہیں سرٹیفکیٹ دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس پر اندازاً 111.93 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ اس کی پوری مالی اعانت محکمہ پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی (ڈی ڈی ڈبلیو ایس) کرے گا۔

مفاہمت نامے پر دستخط کے موقع پر ہنرمندی کے فروغ اور انٹرپرینیورشپ کے وزیر مملکت جینت چودھری، جل شکتی کے مرکزی وزیر سی آر پاٹل اور جل شکتی کے وزیر مملکت وی سومنا موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہنرمندی کے فروغ اور انٹرپرینیورشپ کے وزیر مملکت جینت چودھری نے کہا کہ یہ اقدام ایک اہم قومی پروگرام کے لیے ہنرمند افرادی قوت کی ضروریات پوری کرنے کے مقصد سے بین الوزارتی تال میل کی ایک نمایاں مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں صنعتی تربیتی اداروں (آئی ٹی آئیز) اور نیشنل اسکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس (این ایس ٹی آئیز) کا وسیع نیٹ ورک دیہی علاقوں میں پانی کی فراہمی کے نظام کے آپریشن اور دیکھ بھال کے لیے درکار خصوصی مہارتیں فراہم کرنے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم ہے۔

165 گھنٹے پر مشتمل اس تربیتی پروگرام کو ڈی جی ٹی کے تحت سینٹرل اسٹاف ٹریننگ اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (سی ایس ٹی اے آر آئی) نے محکمہ پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی (ڈی ڈی ڈبلیو ایس) سے مشاورت کے بعد تیار کیا ہے۔ یہ پروگرام آئی ٹی آئیز اور این ایس ٹی آئیز میں کرافٹس مین ٹریننگ اسکیم (سی ٹی ایس) کے فٹر اور پلمبر ٹریڈز کے موجودہ اور سابق تربیت یافتہ امیدواروں کے لیے اختیاری مضمون کے طور پر پیش کیا جائے گا۔

اس پروگرام میں 120 گھنٹے کی ادارہ جاتی تربیت اور 45 گھنٹے کی لازمی عملی تربیت شامل ہے۔ امیدواروں کو پلمبنگ، پانی کی تقسیم، پمپ اور موٹر کی دیکھ بھال، بجلی کے بنیادی کام اور پانی کے معیار کی نگرانی کی تربیت دی جائے گی۔ تربیت کامیابی سے مکمل کرنے والے امیدواروں کو ان کے نیشنل ٹریڈ سرٹیفکیٹ (این ٹی سی) کے علاوہ ڈی جی ٹی کی جانب سے نیشنل اسکلز کوالیفکیشن فریم ورک (این ایس کیو ایف) کے مطابق قلیل مدتی تربیت کا سرٹیفکیٹ بھی دیا جائے گا۔

ڈی جی ٹی کے تحت نیشنل انسٹرکشنل میڈیا انسٹی ٹیوٹ (این آئی ایم آئی) تربیت کے تال میل، جائزے، سرٹیفکیشن اور فنڈز کی تقسیم کی نگرانی کرے گا۔ ڈی ڈی ڈبلیو ایس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والے امیدواروں کی تفصیلات ضلعی اور گرام پنچایت کی سطح پر دستیاب کرائے گا، جہاں متعلقہ ریاستوں کی پالیسیوں کے مطابق انہیں کام پر مامور کیا جا سکے گا۔

ہندوستان میں اب تقریباً 16 کروڑ دیہی گھرانوں کو نل کے ذریعے پانی کے کنکشن فراہم کیے جا چکے ہیں۔ پانی کی فراہمی کے ان نظاموں کو فعال رکھنے کے لیے گاؤں کی سطح پر تربیت یافتہ عملے کی ضرورت ہے۔ اس پروگرام کا مقصد اسی ضرورت کو پورا کرنا اور اس عمل کے ذریعے دیہی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔

IMG_256

IMG_256

IMG_256

***********

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U : 8266 )


(ریلیز آئی ڈی: 2341662) وزیٹر کاؤنٹر : 5
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी