گوا، 25 نومبر 2026
گھانا، فرانس اور سعودی عرب کی مشترکہ بین الاقوامی پیشکش، فلم 'ایگو وی ریچ آل' کی ٹیم نے آج گوا کے پنجی میں منعقدہ 57ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (اِفی) کے موقع پر پریس کانفرنس ہال میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کی۔ انٹرنیشنل سنیما سیکشن کے تحت پیش کی جانے والی 104 منٹ دورانیے کی یہ فیچر فلم اس فیسٹیول میں اپنا ایشیا پریمیئر منا رہی ہے۔
ہدایت کار امارتی آرمر اور پروڈیوسر یموہ آئیک نے فلم کے تخلیقی سفر، گھانا کی سڑکوں پر بچپن اور بقا کی جدوجہد کے احاطے، اور مقامی جڑوں سے جڑی کہانیوں کو دنیا بھر کے ناظرین تک پہنچانے میں بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

فلم کے موضوعاتی محرکات پر بات کرتے ہوئے ہدایت کار امارتی آرمر نے کہا کہ وہ طویل عرصے سے گھانا میں گلی کوچوں میں گزرنے والے بچپن اور سماجی حاشیے پر زندگی گزارنے والے نوجوانوں کی کہانیوں سے متاثر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس فلم کے ذریعے یہ تلاش کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ معاشرے کی نظروں سے اکثر اوجھل رہنے والے افراد کی کہانیوں کو وسیع تر قومی اور سنیمائی مکالمے کا حصہ کیسے بنایا جا سکتا ہے۔ اس کہانی کے ذریعے فلم ساز اس بات کی توثیق کرنا چاہتے ہیں کہ مختلف حالات سے تعلق رکھنے والے نوجوان بھی ملک اور اس کے مستقبل کا برابر کا حصہ ہیں۔
اپنے فلم سازی کے سفر اور گھانا کے ساتھ اپنے مسلسل تعلق پر روشنی ڈالتے ہوئے آرمر نے اس ضرورت پر زور دیا کہ فلم ساز اپنی کہانیوں کی ملکیت خود سنبھالیں اور اپنی آواز دوسروں تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد فلم ساز اکثر مالی دشواریوں اور محدود وسائل کے اندر رہ کر کام کرتے ہیں، اس لیے سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے اور فلمی صنعت کو مضبوط بنانے کے لیے ایسی فلمیں تخلیق کرنا ناگزیر ہے جو بہترین سنیمائی معیار اور کہانی سنانے کی بھرپور صلاحیت کا مظاہرہ کریں۔
بھارت اور گھانا کے درمیان ثقافتی تبادلے کے امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے فلم سازوں نے دونوں ممالک کی سنیمائی ثقافتوں کے درمیان مماثلت کا ذکر کیا اور بھارت کے بالی ووڈ کے ہم پلہ کے طور پر گھانا کے 'گھالی ووڈ' کی مثال دی۔ انہوں نے کہا کہ بعض ثقافتی تجربات اور سماجی حقائق میں یکسانیت کے پیشِ نظر، دونوں ممالک کے ناظرین ایک دوسرے کی کہانی سنانے کی روایات میں ثقافتی ہم آہنگی محسوس کر سکتے ہیں۔

فلم سازوں نے بھارتی اور گھانا کے فلم سازوں کے درمیان وسیع تر اشتراک و تعاون کے امکانات تلاش کرنے میں بھی دلچسپی ظاہر کی، جس میں گھانا سے تخلیقی صلاحیتوں، کہانیوں اور سنیمائی تجربات کو بھارت لانے اور اس کے برعکس مواقع شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی شراکت داری ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دے سکتی ہے، فلم سازوں کے لیے نئے مواقع پیدا کر سکتی ہے اور بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر افریقی سنیما کی شناخت کو مزید مستحکم کر سکتی ہے۔
پریس کانفرنس کی نظامت جناب منن سنگھ نے کی۔
مکمل کانفرنس یہاں ملاحظہ کریں:
اِفی لوئیڈ یہاں ملاحظہ کریں: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1®=48
**********
(ش ح –ا ب ن)
U.No:8257