شہری ہوابازی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

کابینہ نے ہوا بازی کے شعبے میں دیکھ بھال، مرمت اور اوورہال (ایم آر او) کے لیے جمہوریہ سنگاپور کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت کو منظوری دی


مفاہمت نامے سے دیکھ بھال کے شعبے میں ہنرمندی کو فروغ دینے اور ایم آر او سہولتوں کی ترقی میں مدد ملے گی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 25 NOV 2026 6:21PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ نے آج حکومتِ ہند اور جمہوریہ سنگاپور کے درمیان ‘‘ہوا بازی کے شعبے میں دیکھ بھال، مرمت اور اوورہال (ایم آر او) کے تحت ہنرمندی اور صنعتی ترقی میں تعاون’’ سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی منظوری دے دی۔

اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے مرکزی وزیر برائے شہری ہوا بازی جناب رام موہن نائیڈو نے کہا، ‘‘ہندوستان اور سنگاپور کے درمیان یہ مفاہمت نامہ انتہائی اہم اثرات مرتب کرے گی اور عزت مآب وزیر اعظم کے آتم نربھر بھارت کے وژن سے پوری طرح ہم آہنگ ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہوائی جہاز کے ہر پرزے، بشمول لینڈنگ گیئر، ریڈومز، انجن، کاک پٹ ڈسپلے، سیٹ، ونگس اور چھوٹے سے چھوٹے حصے کی مرمت ہندوستان میں ہی ہو۔ اس مفاہمت نامے کا مقصد ہندوستان کو خطے کی ہوا بازی کی مرمت و دیکھ بھال کا مرکز بنانا بھی ہے۔’’

ہندوستان اور سنگاپور کی شراکت داری کے امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر موصوف نے مزید کہا،’’سنگاپور میں ہوا بازی کے شعبے میں ایم آر او کا ایک مستحکم نظام موجود ہے، جبکہ ہندوستان دنیا کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی ہوا بازی کی بازاروں میں شامل ہے۔ ہوائی جہازوں کے ہمارے بڑھتے ہوئے بیڑے، خطے میں ہوا بازی کے مرکز کی حیثیت سے ہماری اہم جغرافیائی پوزیشن اور کاروبار کرنے میں آسانی کو بہتر بنانے کے لیے حکومت کی مسلسل کوششوں کے پیش نظر ہندوستان ایم آر او شعبے کی ترقی کے لیے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے۔’’

مجوزہ تعاون سے ہندوستانی تربیتی اداروں کو معلومات کے تبادلے اور صنعت سے وابستہ تجربات کے ذریعے اپنے نصاب اور تربیتی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ اس پہل سے صنعت کی زیادہ شراکت داری کے ذریعے ملک میں ایم آر او کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں بھی مدد ملنے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ، وقت کے ساتھ بیرونِ ملک مرمت اور دیکھ بھال کی خدمات پر ہندوستان کا انحصار کم ہوگا۔

یہ مفاہمت نامہ دونوں ملکوں کے درمیان علم، مہارت اور بہترین طور طریقوں کے تبادلے کو آسان بنانے کے لیے ایک لائحۂ عمل فراہم کرے گی۔

مفاہمت کی یادداشت کی اہم تجاویز میں درج ذیل شامل ہیں:

1. ہوائی جہاز کی دیکھ بھال کے انجینئرز (اے ایم ای) کی تربیت کے لیے صنعت کی ضروریات کے مطابق نصاب مشترکہ طور پر تیار کرنا۔

2. نصاب کے معیاری نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے مہارتوں کا تبادلہ اور ہندوستانی اداروں کی صلاحیت سازی۔

3. سنگاپور کے ایم آر او اداروں کے ساتھ انٹرن شپ اور تبادلے کے پروگرام، تاکہ ہندوستانی طلبہ کو صنعت میں عملی تجربہ حاصل کرنے کا موقع مل سکے۔

4. ایم آر او سہولتوں کی توسیع میں معاونت کے لیے ہندوستانی اور سنگاپور کے صنعتی متعلقہ شراکت داروں کے درمیان تعاون کو فروغ دینا۔

ہندوستان کی ایم آر او ضروریات کے بارے میں بات کرتے ہوئے جناب رام موہن نائیڈو نے کہا، ’’ہندوستان میں فضائی ٹریفک میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور فضائی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیاں اپنے ہوائی جہازوں کے بیڑے میں مسلسل توسیع کر رہی ہیں۔ اس کے نتیجے میں ملک میں گھریلو سطح پر ہی ایم آر او کی سہولتوں اور تربیت یافتہ ہوائی جہاز کی دیکھ بھال کے انجینئروں کی مانگ بڑھ رہی ہے۔ اب ملک کے اندر ایم آر او کے نظام کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بیرونِ ملک مرمت اور دیکھ بھال کی خدمات پر انحصار کے باعث ہماری فضائی کمپنیوں کو اکثر زیادہ لاگت برداشت کرنی پڑتی ہے اور ہوائی جہاز بھی طویل عرصے تک خدمات سے باہر رہتے ہیں۔ یہ اہم مفاہمت نامہ ہمیں تربیت یافتہ اے ایم ای اور جدید ایم آر او سہولتوں سے متعلق اپنی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے کے قابل بنائے گی۔ اس کے علاوہ، یہ فیصلہ ہندوستان کو عالمی سطح پر ہوا بازی کے شعبے میں ہنرمندی کے فروغ اور دنیا بھر کی فضائی کمپنیوں کے لیے ایم آر او کے مرکز کے طور پر ترقی دینے میں ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔’’

یہ مفاہمت نامہ ہندوستان کے ہوا بازی کے نظام کو مضبوط بنانے، نوجوانوں کے لیے ہنرمندی پر مبنی روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ہوا بازی کے ایم آر او شعبے میں آتم نربھر بھارت کے وژن کو آگے بڑھانے کی سمت ایک اور اہم قدم ہے۔

*****

 ( ش ح ۔ م ش۔اش ق)

U. No. 8250


(ریلیز آئی ڈی: 2341483) وزیٹر کاؤنٹر : 4
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी