پوسٹ کرنے کی تاریخ:
25 NOV 2026 5:48PM by PIB Delhi
دیہی ترقی، زراعت اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان اور مرکزی وزیر برائے خواتین و بہبودِ اطفال محترمہ اناپورنا دیوی نے آج نئی دہلی کے پوسا میں واقع این اے ایس سی کمپلیکس میں صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق قومی مہم ’’نئی چیتنا: پہل بدلاؤ کی‘‘ کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز کیا۔ اس موقع پر محکمہ دیہی ترقی کے سکریٹری جناب روہت کنسل، خواتین و اطفال کی بہبود کی وزارت کے سکریٹری جناب انل ملک اور محکمہ انصاف کے سکریٹری جناب نیرج ورما کے علاوہ اس مہم میں شریک وزارتوں کے سینئر افسران، ریاستی حکومتوں کے نمائندے، ترقیاتی شراکت دار اور ملک بھر سے تعلق رکھنے والی خواتین رہنما بھی موجود تھیں۔
اس تقریب کا اہم ترین پہلو تشدد سے پاک گاؤں کے اقدام (وی ایف وی آئی) سے متعلق چار فریقی مفاہمت کی ایک اہم یادداشت پر دستخط تھے۔ اس یادداشت پر محکمہ دیہی ترقی، وزارت برائے خواتین و بہبودِ اطفال، محکمہ انصاف اور قومی قانونی خدمات اتھارٹی (نالسا) نے دستخط کیے۔ اس مفاہمت کی یادداشت کے تحت ڈی اے وائی-این آر ایل ایم کے صنفی وسائل مراکز کو ون اسٹاپ مراکز، خواتین کی ہیلپ لائن 181، دِشا 2.0 اور قانونی امداد کی خدمات سے مربوط کیا گیا ہے، تاکہ تشدد کی روک تھام اور تحفظ سے لے کر قانونی مدد اور بازآبادکاری تک معاونت کا ایک مربوط نظام قائم کیا جا سکے۔ اس اقدام کو 9 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں آزمائشی طور پر شروع کیا جائے گا۔ اس کا بنیادی مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ تشدد کا سامنا کرنے والی کسی بھی خاتون کو مدد حاصل کرنے کے لیے تنہا راستہ تلاش نہ کرنا پڑے۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا، ان کے وقار اور عزت و احترام کو یقینی بنانا ترقی یافتہ ہندوستان کے تصور کا بنیادی حصہ ہے۔ انہوں نے دیہی معیشت میں تقریباً 3.75 کروڑ لکھ پتی دیدیوں کے تعاون کو بھی سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معاشی خود مختاری کے ساتھ خواتین کے وقار، تحفظ اور مساوی مواقع کو یقینی بنانا بھی ضروری ہے اور پدرشاہی سوچ کو چیلنج کرنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی اپیل کی۔ اس مفاہمت کی یادداشت کو تحفظ، انصاف، بازآبادکاری اور روزگار کی معاونت کو یکجا کرنے والا ایک جامع نظام قرار دیتے ہوئے انہوں نے ریاستوں، خود امدادی گروپوں (ایس ایچ جی)، آنگن واڑی مراکز کے نیٹ ورک اور مقامی برادریوں پر زور دیا کہ وہ اس مہم کو زمینی سطح پر ایک مسلسل اور مؤثر تحریک میں تبدیل کریں۔ ساتھ ہی، انہوں نے منشیات سے پاک اور تشدد سے پاک دیہات کے قیام کے لیے ’نشہ مکت بھارت ابھیان‘ کو بھی اس مہم سے مربوط کرنے کی اپیل کی۔
محترمہ اناپورنا دیوی نے اس مہم کو ہر گھر تک پہنچانے میں سماجی اداروں کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے امدادی خدمات کے وسیع تر استعمال کی اپیل کرتے ہوئے شہریوں پر زور دیا کہ وہ خواتین کی ہیلپ لائن 181 اور ہنگامی امدادی نمبر 112 کو یاد رکھیں، اپنے پاس محفوظ رکھیں اور دوسروں کے ساتھ بھی شیئر کریں، تاکہ پریشانی کا سامنا کرنے والی کسی بھی خاتون کو بروقت مدد سے محروم نہ رہنا پڑے۔
جناب روہت کنسل نے ’نئی چیتنا‘ کے سفر کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح یہ مہم بیداری پیدا کرنے کی ایک کوشش سے ترقی کرتے ہوئے ملک گیر اور برادری کی قیادت والی تحریک بن گئی ہے۔ اب تک اس میں 5.3 کروڑ افراد حصہ لے چکے ہیں اور تقریباً 7,000 صنفی وسائل مراکز قائم کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کا پانچواں ایڈیشن بیداری اور سماجی اعتماد کو مؤثر معاونت، قانونی مدد اور بروقت انصاف تک رسائی میں تبدیل کرنے کا کام کرے گا۔
جناب انل ملک نے ہیلپ لائنز، قانونی خدمات اور معاون اداروں کے درمیان بہتر تال میل قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا، جس کے ساتھ بروقت کارروائی اور مسلسل فالو اپ بھی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے 16 روزہ عملی منصوبے کو اجاگر کرتے ہوئے خواتین کے تحفظ کے تئیں خاندانوں، برادریوں اور اداروں کی مشترکہ ذمہ داری پر زور دیا۔
جناب نیرج ورما نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ قانونی تحفظات کو ایسی خدمات میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے جن تک خواتین، بالخصوص دیہی اور دور دراز علاقوں میں رہنے والی خواتین، بآسانی رسائی حاصل کر سکیں۔ انہوں نے قانونی بیداری کو مستحکم بنانے، متعلقہ خدمات تک رسائی اور مفت قانونی امداد فراہم کرنے میں نالسا، ٹیلی لا، نیائے بندھو، پیرا لیگل رضاکاروں اور صنفی وسائل مراکز کے کردار کو اجاگر کیا۔
اس موقع پر بین وزارتی مشترکہ ایڈوائزری بھی جاری کی گئی، جس کے ذریعے صنفی امتیاز اور تشدد سے نمٹنے اور خواتین کی معاشی خود مختاری کو فروغ دینے کے لیے حکومت کے تمام محکموں کو یکجا کرکے کام کرنے کے طریقۂ کار کو مزید وسعت دی گئی ہے۔ اس میں تعاون کرنے والی وزارتیں اور محکمے یہ ہیں: دیہی ترقی، خواتین و اطفال کی بہبود، اسکولی تعلیم و خواندگی، امور داخلہ ، پنچایتی راج، زراعت و کسانوں کی فلاح و بہبود، سماجی انصاف و تفویض اختیارات، نوجوانوں کے امور اور کھیل، صحت و خاندانی بہبود، بہت چھوٹی، چھوٹی اور اوسط درجے کی صنعتیں، اطلاعات و نشریات، انصاف، محنت و روزگار، محصولات اور سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہیں۔
ڈی اے وائی-این آر ایل ایم کی قیادت میں یہ مہم 23 دسمبر 2026 تک تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں جاری رہے گی۔ اس مہم کے چار بنیادی موضوعات ہیں: شناخت، اثاثہ سازی، نقل و حرکت اور بلا معاوضہ دیکھ بھال کے کام کی ازسرنو تقسیم۔ خود امدادی گروپوں اور سماجی اداروں کے ذریعے یہ مہم دیہی ہندوستان تک پہنچے گی، جہاں بیداری مہمات، ریلیوں، سماجی اجلاسوں، نکڑ ناٹکوں اور مردوں و نوجوانوں کے ساتھ مکالموں کا اہتمام کیا جائے گا۔
اس تقریب میں ’نئی چیتنا 4.0‘ کی جائزہ رپورٹ اور ’نئی چیتنا‘ ترانہ بھی جاری کیا گیا۔ اس کے علاوہ، صنفی مساوات کے فروغ کے لیے سرگرم نمایاں افراد اور ون اسٹاپ مراکز کے منتظمین نے زمینی سطح پر اپنے تجربات بھی بیان کیے۔ خود امدادی گروپوں سے وابستہ خواتین، آنگن واڑی کارکنان، ریاستی دیہی روزگار مشنوں اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ’نئی چیتنا‘ صنفی مساوات کے لیے ایک حقیقی عوامی تحریک ہے۔
***
ش ح۔ م م ع ۔ا ک م
8248:U-No