جل شکتی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کے محکمےنے جل جیون مشن 2.0 کے تحت ایک لاکھ نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے لیے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریننگ کے ساتھ مفاہمت نامے پر دستخط کیے


جل شکتی کی وزارت کا پائیدار دیہی آبی سپلائی خدمات کے لیے ہنرمند افرادی قوت کو مستحکم بنانے کی غرض سے ہنرمندی کی ترقی اور صنعت کاری  کی وزارت کے ساتھ اشتراک

’نل جل متر‘ کی ہنرمند مقامی افرادی قوت تیار کرکے دیہی نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی پہل

ملک بھر میں آئی ٹی آئی اور این ایس ٹی آئی کے ذریعے آبی سپلائی کے نظام کے آپریشن اور دیکھ بھال سے متعلق تربیتی پروگرام شروع کیا جائے گا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 25 NOV 2026 5:00PM by PIB Delhi

پینے کے پانی کے دیہی بنیادی ڈھانچے کی طویل مدتی پائیداری کو یقینی بنانے اور مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے،  جل شکتی کی وزارت کے تحت پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کے محکمے(ڈی ڈی ڈبلیو ایس) اور ہنرمندی کی ترقی اور صنعت کاری کی وزارت کے تحت ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریننگ (ڈی جی ٹی) نے آج جل جیون مشن 2.0 (جے جے ایم 2.0) کے تحت آبی سپلائی کے نظام کے آپریشن اور دیکھ بھال سے متعلق ہنرمندی کے تربیتی پروگرام (نل جل متر) کے لیے ایک مفاہمت نامے (ایم او یو) پر دستخط کیے۔

اس مفاہمت نامے پر نئی دلی میں مرکزی وزیر برائے جل شکتی جناب سی آر پاٹل، وزیر مملکت برائے جل شکتی جناب وی۔ سومنا اور ہنرمندی کی ترقی اور صنعت کاری کی وزارت کے وزیر مملکت جناب جینت چودھری کی موجودگی میں، مرکزی وزیر برائے جل شکتی کے رہائشی دفتر میں دستخط کیے گئے۔

اس معاہدے پر باضابطہ طور پر نیشنل جل جیون مشن (این جے جے ایم) کی جوائنٹ سکریٹری محترمہ سواتی مینا نائک اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریننگ (ڈی جی ٹی) کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل جناب سنیل کمار گپتا نے دستخط کیے۔ اس موقع پرہنرمندی کی ترقی اور صنعت کاری کی وزارت  کی سکریٹری محترمہ دیباشری مکھرجی، پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کے محکمے کے سکریٹری جناب اشوک کے۔ کے۔ مینا، نیشنل جل جیون مشن کے ایڈیشنل سکریٹری اور مشن ڈائریکٹر جناب کمل کشور سوان اور دونوں وزارتوں کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر موجود معزز مرکزی وزراء نے اس پہل کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ہنرمند مقامی افرادی قوت کے ذریعے دیہی آبی سپلائی نظام کو مستحکم بنانے اور دیہی نوجوانوں کے لیے ذریعۂ معاش کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے جل جیون مشن 2.0 کے مقاصد کی تکمیل کے لیے ملک کے پیشہ ورانہ تربیتی بنیادی ڈھانچے سے استفادہ کرنے کی غرض سے ’حکومت کے مجموعی نقطۂ نظر‘  کے تحت مختلف وزارتوں کے درمیان باہمی تعاون کی اہمیت کو بھی تسلیم کیا۔

جل جیون مشن 2.0 اور ہنرمندی کے اس اقدام کے بارے میں تفصیلات پیش کرتے ہوئے  پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کے محکمے کے سکریٹری جناب اشوک کے۔ کے۔ مینا نے کہا کہ اب تک تقریباً 16 کروڑ دیہی گھرانوں کو نل کے ذریعے پانی کی فراہمی کے نظام سے جوڑا جا چکا ہے اور اب اگلی ترجیح ایک مضبوط آپریشن اور دیکھ بھال کا نظام قائم کرنا ہے، جو طویل مدت تک ان سہولیات کی دیکھ بھال کو یقینی بنا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دیہاتوں اور قریبی علاقوں میں بروقت تکنیکی معاونت دستیاب ہونی چاہیے، تاکہ روزمرہ کے آپریشن سے متعلق مسائل بیرونی ایجنسیوں پر انحصار کیے بغیر فوری طور پر حل کیے جا سکیں۔

جناب مینا نے اس بات کو اجاگر کیا کہ ڈی ڈی ڈبلیو ایس اور ڈی جی ٹی کے درمیان یہ شراکت داری ہندوستان کے پیشہ ورانہ تربیتی نظام کو براہِ راست دیہی آبی شعبے سے منسلک کرے گی۔ دیہی علاقوں میں کام کرنے والی آبی سپلائی اسکیموں میں منظم کلاس روم تعلیم اور عملی تربیت کے ذریعے تربیت یافتہ نوجوانوں کا ایک نیا گروپ تیار کیا جائے گا، جو آپریشن اور دیکھ بھال کی سرگرمیوں میں معاونت فراہم کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سند یافتہ امیدواروں کا ڈیٹا بیس ضلع اور گرام پنچایت سطح پر دستیاب کرایا جائے گا، تاکہ ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے اپنی متعلقہ پالیسیوں اور ضروریات کے مطابق ہنرمند افراد کی خدمات حاصل کر سکیں۔

اس مفاہمت نامے کے ذریعے جل جیون مشن 2.0 کے تحت آبی سپلائی کے نظام کے آپریشن اور دیکھ بھال سے متعلق ہنرمندی کے تربیتی پروگرام کے نفاذ کے لیے  پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کے محکمے(ڈی ڈی ڈبلیو ایس) اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریننگ (ڈی جی ٹی) کے درمیان ایک مشترکہ فریم ورک کو باضابطہ شکل دی گئی ہے۔ اس پہل کا مقصد ملک بھر میں موجودہ آئی ٹی آئی اور این ایس ٹی آئی نیٹ ورک سے استفادہ کرتے ہوئے ایسی تربیت یافتہ اور سند یافتہ افرادی قوت تیار کرنا ہے، جو دیہی پائپ کے ذریعے پانی کی فراہمی کے نظام کے آپریشن اور دیکھ بھال میں معاونت کر سکے۔

پروگرام کی اہم خصوصیات

  1. پیمانے اور مالی اخراجات کی تفصیلات: اس مفاہمت نامے کے تحت جل جیون مشن کی توسیعی مدت کے دوران کم از کم 1,00,000 (ایک لاکھ) امیدواروں کو تربیت اور سرٹیفکیشن فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس پر تقریباً 111.93 کروڑ روپے خرچ ہونے کا تخمینہ ہے، جس کی مکمل مالی ذمہ داری  پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کا محکمہ (ڈی ڈی ڈبلیو ایس) اپنے محکمانہ بجٹ سے برداشت کرے گا۔
  2. این ایس کیو ایف کے مطابق 165 گھنٹے کا کورس: ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریننگ (ڈی جی ٹی) کے تحت سینٹرل اسٹاف ٹریننگ اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (سی ایس ٹی اے آر آئی) نے ڈی ڈی ڈبلیو ایس سے مشاورت کے بعد یہ کورس تیار کیا ہے، جسے این سی وی ای ٹی نے منظوری دی ہے۔ مختصر مدتی تربیتی (ایس ٹی ٹی) کورس میں 120 گھنٹے کی ادارہ جاتی تربیت (نظری اور عملی) اور 45 گھنٹے کی لازمی دورانِ ملازمت تربیت (او جے ٹی) شامل ہے۔
  3. نشان زد گروپ اور دوہری سند: یہ کورس سرکاری آئی ٹی آئی اور این ایس ٹی آئی میں کرافٹس مین ٹریننگ اسکیم (سی ٹی ایس) کے فٹر اور پلمبر شعبوں کے موجودہ اور فارغ التحصیل تربیت یافتگان کے لیے اختیاری مضمون کے طور پر پیش کیا جائے گا۔ کامیابی کے ساتھ تربیت مکمل کرنے والے امیدواروں کو ڈی جی ٹی کی جانب سے این ایس کیو ایف کے مطابق مختصر مدتی تربیت (ایس ٹی ٹی) کا سرٹیفکیٹ دیا جائے گا، جو ان کے نیشنل ٹریڈ سرٹیفکیٹ (این ٹی سی) کے علاوہ ہوگا۔
  4. عملی مہارتیں اور فیلڈ تربیت: نصاب میں پلمبنگ، پانی کی فراہمی کے نظام، پمپ اور موٹر، بنیادی برقی کام، پانی کے معیار کی نگرانی اور معمول کی آپریشن و دیکھ بھال (او اینڈ ایم) سے متعلق تربیت شامل ہے۔ ڈی ڈی ڈبلیو ایس کی جانب سے فعال دیہی پائپ کے ذریعے آبی سپلائی اسکیموں میں 45 گھنٹے کی دورانِ ملازمت تربیت (او جے ٹی) کا انتظام کیا جائے گا، جس کے ذریعے تربیت یافتگان کو دیہات کے حقیقی حالات میں براہِ راست عملی تجربہ حاصل ہوگا۔
  5. نفاذ اور انتظامی نظام: ڈی جی ٹی کا ماتحت ادارہ نیشنل انسٹرکشنل میڈیا انسٹی ٹیوٹ (این آئی ایم آئی) فنڈز کی تقسیم، تربیت کے تال میل، جائزے اور سرٹیفکیشن کے لیے تربیتی شراکت دار کے طور پر کام کرے گا۔ ڈی ڈی ڈبلیو ایس تربیت کاروں کی واقفیتی تربیت، دورانِ ملازمت تربیت کے مقامات کی نشاندہی اور سند یافتہ امیدواروں کا ڈیٹا بیس ضلع اور گرام پنچایت سطح پر دستیاب کرانے میں معاونت کرے گا، تاکہ متعلقہ ریاستی انسانی وسائل کی پالیسیوں کے مطابق انہیں آپریشن اور دیکھ بھال کے کاموں میں شامل کیا جا سکے۔ اس پروگرام کے نفاذ، مقررہ اہداف اور فنڈز کے استعمال کی نگرانی کے لیے ایک مشترکہ اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جس کی صدارت وہ افسر کرے گا جو ڈی ڈی ڈبلیو ایس کے جوائنٹ سکریٹری کے عہدے سے کم رتبہ نہ رکھتا ہو۔

پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کے محکمہ(ڈی ڈی ڈبلیو ایس) اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریننگ (ڈی جی ٹی) کے درمیان یہ شراکت داری ہندوستان کے دیہی آبی شعبے میں آپریشن اور دیکھ بھال کی صلاحیت کو ادارہ جاتی شکل دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ملک کے مستحکم پیشہ ورانہ تربیتی نظام میں آبی سپلائی کے نظام کے آپریشن اور دیکھ بھال سے متعلق ہنرمندی کی تربیت کو شامل کرکے، اس پہل کے ذریعے سند یافتہ ’نل جل متر‘ کی ایک پائیدار افرادی قوت تیار کی جائے گی، جو تکنیکی اور فیلڈ سطح کی مہارتوں سے لیس ہوگی۔ توقع ہے کہ یہ پروگرام پائپ کے ذریعے پانی کی فراہمی کے دیہی بنیادی ڈھانچے کو طویل مدت تک فعال رکھنے، نچلی سطح پر خدمات کی فراہمی کو مستحکم بنانے اور دیہی نوجوانوں کے لیے روزگار کے بامعنی مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوگا، اس طرح جل جیون مشن 2.0 کے مقاصد کی تکمیل میں بھی مدد ملے گی۔

*****

 

ش ح۔ک ح۔ش ہ ب

U N-8239

                          


(ریلیز آئی ڈی: 2341465) وزیٹر کاؤنٹر : 5
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Kannada