پوسٹ کرنے کی تاریخ:
25 NOV 2026 5:35PM by PIB Delhi
دیہی ترقی کے محکمے (ڈی او آر ڈی) اور قومی بینک برائے زراعت و دیہی ترقی (نابارڈ) نے آج دین دیال انتودیہ یوجنا – قومی دیہی روزی روٹی مشن (ڈی اے وائی-این آر ایل ایم) کے تحت خواتین کے اپنی مدد آپ گروپوں کے لیے سود میں رعایت کی اسکیم اور خواتین کے کاروباری اداروں کے فروغ کے فنڈ (ڈبلیو ای اے ایف) کے انتظام اور تکنیکی معاونت سے متعلق ایک معاہدے پر دستخط کیے۔ اس معاہدے پر دیہی ترقی کے محکمے کے ایڈیشنل سکریٹری جناب وپن کمار اور نابارڈ کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر جناب اجے کمار سود نے دیہی ترقی کے سکریٹری جناب روہت کنسل اور نابارڈ کے چیئرمین ڈاکٹر شاجی کرشنن وی کی موجودگی میں دستخط کیے۔ معاہدے پر دستخط کے بعد سکریٹری اور چیئرمین نے مشترکہ طور پر سود میں رعایت سے متعلق پورٹل کا آغاز کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے دیہی ترقی کے سکریٹری جناب روہت کنسل نے کہا کہ اپنی مدد آپ گروپوں کی تحریک نے غیر معمولی رسائی اور وسعت حاصل کرلی ہے اور اب یہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ پر مرکوز ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہی ہے۔ اپنی مدد آپ گروپوں کے لیے اب تک 14 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کا رسمی قرض فراہم کیا جا چکا ہے، جس کے نتیجے میں دیہی علاقوں میں قرض کے غیر رسمی ذرائع کی جگہ بتدریج رسمی ذرائع لے رہے ہیں۔ آئندہ پانچ برسوں کے دوران محکمے کا ہدف اپنی مدد آپ گروپوں کے لیے اضافی 10 لاکھ کروڑ روپے اور انفرادی کاروباری اداروں کے لیے ایک لاکھ کروڑ روپے کے قرض کی فراہمی میں سہولت فراہم کرنا ہے۔
سکریٹری نے کہا کہ‘‘سود میں رعایت سے قرض مزیدکفایتی ہو جائے گا، ضمانت کی فیس کی واپسی سے بغیر کسی ضمانت کے قرض حاصل کرنا زیادہ محفوظ اور نئے پورٹل سے یہ عمل تیز تر ہو جائے گا۔’’ انہوں نے دیہی ترقی کے محکمے اور نابارڈ سے اپیل کی کہ وہ اپنی مدد آپ گروپوں کے ارکان کے لیے ان کی ضروریات کے مطابق قرض کی سہولتیں وضع کرنے، کاروباری سرگرمیوں کے لیے معاون نظام کو مضبوط بنانے، اسکیموں سے متعلق معلومات کی کمی کو دور کرنے اور اپنی مدد آپ گروپوں کے ایک مضبوط اور پائیدار نظام کے قیام کے لیے صلاحیت سازی کے مقصد سے قریبی تعاون کے ساتھ کام کریں۔
اس معاہدے کے تحت نابارڈ دونوں اسکیموں کے لیے واحد نوڈل ایجنسی کے طور پر کام کرے گا۔ اس کے دائرے میں سرکاری شعبے کے بینک، نجی شعبے کے بینک، چھوٹے مالیاتی بینک، علاقائی دیہی بینک اور کوآپریٹو بینک شامل ہوں گے۔ نابارڈ محکمے کو تکنیکی، انتظامی اور نفاذ سے متعلق معاونت بھی فراہم کرے گا۔ اب تمام بینک ایک ہی ضابطے، حساب کتاب کے ملاپ کے ایک ہی طریقۂ کار اور جواب دہی کے ایک ہی مرکز کے تحت کام کریں گے۔
نابارڈ کے چیئرمین ڈاکٹر شاجی کرشنن وی نے کہا کہ‘‘یہ شراکت داری نابارڈ کی ادارہ جاتی صلاحیتوں اور ڈی اے وائی-این آر ایل ایم کے کمیونٹی نیٹ ورک کو یکجا کرتی ہے، تاکہ اپنی مدد آپ گروپوں سے وابستہ خواتین کو روزی روٹی کے ذرائع سے آگے بڑھ کر کامیاب کاروباری ادارے قائم کرنے کی جانب تیزی سے گامزن کیا جا سکے۔’’ انہوں نے مالی شمولیت اور خواتین کی قیادت میں ترقی کو فروغ دینے کے لیے محکمے کے ساتھ اپنے اشتراک کو مزید گہرا کرنے کے تئیں نابارڈ کے عزم کا اعادہ کیا۔
دیہی ترقی کے ایڈیشنل سکریٹری جناب وپن کمار نے کہا کہ خواتین کے اپنی مدد آپ گروپوں نے اپنے مالیاتی نظم و ضبط اور قرض ادا کرنے کی صلاحیت کے بل پر رسمی بینکاری نظام میں ایک قابلِ اعتماد مقام حاصل کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ’’اب ہمارے سامنے سوال یہ نہیں ہے کہ بینکوں کو دیہی خواتین کو قرض دینا چاہیے یا نہیں، بلکہ یہ ہے کہ یہ قرض انہیں کتنی جلدی، کتنی کم لاگت پر اور کس حد تک آگے بڑھنے میں مدد دے سکتا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ پورٹل پر ہر شریک بینک کے شامل ہوتے ہی دعووں کی کارروائی اور ان کی ادائیگی مقررہ وقت پر کی جا سکے گی۔
یہ معاہدہ دیہی خواتین تک قرض کی سہولت پہنچانے کے طریقۂ کار کو مزید مضبوط بنائے گا۔ بروقت اور یقینی طور پر رقم کی واپسی سے بینکوں کا اعتماد بڑھے گا اور وہ خواتین کے اجتماعی گروپوں کو زیادہ رقم کے قرض فراہم کرنے کے لیے آمادہ ہوں گے، جبکہ کم لاگت اور مشترکہ خطرے کی ذمہ داری سے خواتین کے لیے کاروباری سرگرمیوں کی مالی اعانت کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔ وقت گزرنے کے ساتھ اس پورٹل کے ذریعے حاصل ہونے والے حقیقی وقت کے اعداد و شمار سے یہ واضح طور پر معلوم ہو سکے گا کہ دیہی خواتین تک قرض کس طرح پہنچ رہا ہے۔ اس سے ڈی اے وائی-این آر ایل ایم کے تحت زیادہ مؤثر طور پر مستحقین کی نشاندہی اور بہتر معلومات پر مبنی پالیسی سازی میں مدد ملے گی۔ یہ تمام اقدامات مل کر ‘لکھ پتی دیدیوں’ کو دیہی علاقوں کی کاروباری خواتین اور روزگار فراہم کرنے والی شخصیتوں میں تبدیل کرنے کی جانب ایک فیصلہ کن قدم ہیں۔
دیہی ترقی کے محکمے(ڈی او آر ڈی) اور نابارڈ کے درمیان معاہدے پر دستخط اور سود میں رعایت سے متعلق پورٹل کا آغاز، نئی دہلی، 25 نومبر 2026
*****
( ش ح ۔ م ش۔اش ق)
U. No. 8247