سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

شمال مشرقی بھارت میں پائے جانے والے نظر انداز کیے گئے پٹ وائپر سانپوں کے زہر کے خلاف پہلی خصوصی اینٹی وینم دوا تیار

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 25 NOV 2026 3:53PM by PIB Delhi

شمال مشرقی ریاستوں میں عام طور پر پائے جانے والے پٹ وائپر سانپوں کی دو مخصوص اقسام کے زہر کے خلاف مؤثر ایک نئی اینٹی وینم دوا تیار کی گئی ہے۔ اس سے ان علاقوں میں سانپ کے کاٹنے کے واقعات کے علاج کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔

شمال مشرقی بھارت میں زہریلے سانپوں کی کئی اقسام پائی جاتی ہیں، جس کی وجہ سے سانپ کا کاٹنا صحتِ عامہ کا ایک بڑا مسئلہ ہے۔ تاہم، بھارت میں کمرشیل طور پر دستیاب اینٹی وینم دوا بنیادی طور پر چار اہم زہریلے سانپوں، یعنی رسل وائپر، چشمہ دار کوبرا، کامن کریٹ اور اسکیلڈ وائپر کے زہر کو بے اثر کرنے کے لیے تیار کی جاتی ہے۔ لیکن شمال مشرقی بھارت میں پائے جانے والے طبی لحاظ سے اہم زہریلے سانپوں کی کئی دوسری اقسام کے زہر کے خلاف اس مشترکہ اینٹی وینم دوا کی افادیت محدود ثابت ہوئی ہے۔

شمال مشرقی ریاستوں میں پائے جانے والے پٹ وائپر سانپوں کی دو اقسام، یعنی پوپ پٹ وائپر (  ٹرائیمریسرس  پوپیورم )  اور سرخ دم والا بانس پٹ وائپر ( ٹرائیمریسرس ایریتھرورس  ) کا کاٹنا  ، ان علاقوں میں ایک عام طبی ہنگامی صورتِ حال ہے۔  صحت کے  عالمی ادارے  ( ڈبلیو ایچ او ) سانپ کے کاٹنے کو نظر انداز کی جانے والی ایک استوائی بیماری اور طبی ہنگامی صورتِ حال قرار دیتا ہے۔

ایک حالیہ تحقیق کے مطابق، ان مخصوص سانپوں کے زہر کے خلاف مؤثر اینٹی وینم دوا کی عدم دستیابی شمال مشرقی بھارت میں سانپ کے کاٹنے کے علاج کے بحران کی ایک بڑی وجہ ہے۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261125155417_727f13.jpg

شکل :  ایک خاکہ  ، جس میں شمال مشرقی بھارت کے پٹ وائپر سانپوں کے زہر کو بے اثر کرنے کی صلاحیت کے معاملے میں نئی بائی ویلنٹ اینٹی وینم ( بی آئی – اے وی )  کی بھارتی پولی ویلنٹ اینٹی وینم  ( پی اے وی )  کے مقابلے میں بہتر کارکردگی دکھائی گئی ہے۔

 

گواہاٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف ایڈوانسڈ اسٹڈی اِن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ( آئی اے ایس ایس ٹی )  کے ڈائریکٹر اور سائنس و ٹیکنالوجی کے محکمے ( ڈی ایس ٹی )  کے خود مختار ادارے سے وابستہ پروفیسر آشیش کے  مکھرجی کی قیادت میں ایک تحقیقی ٹیم نے گھوڑے سے حاصل کردہ اینٹی باڈی کے ایف ( اے بی ) 2  حصے پر مبنی ایک نئی دو اقسام کے زہر کے خلاف مؤثر اینٹی وینم دوا تیار کی ہے۔ یہ دوا خاص طور پر پٹ وائپر کی دو اقسام، یعنی ٹی ایریتھرورس  اور  ٹی پوپیورم کے زہر کو بے اثر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ان سانپوں کے زہر کے نمونے میزورم اور میگھالیہ ریاستوں سے جمع کیے گئے تھے۔ اس تحقیق کا مقصد  ، ان علاقوں میں سانپ کے کاٹنے کے علاج میں موجود کمی کو دور کرنا ہے۔

اس منصوبے میں گوہاٹی کے  آئی اے ایس ایس ٹی ، پریمیم سیرمز اینڈ ویکسینز پرائیویٹ لمیٹڈ، پونے، امریتا ریسرچ سینٹر، دلّی-این سی آر، میزورم یونیورسٹی اور گواہاٹی کے آرانیاک نے مشترکہ طور پر کام کیا۔ یہ تحقیق تعلیمی اداروں اور صنعتی شعبے کے درمیان تعاون کی ایک نمایاں مثال ہے۔

لیباریٹری اور ابتدائی طبی تجربات میں نئی دو اقسام کے زہر کے خلاف تیار کردہ اینٹی وینم نے شمال مشرقی خطے کے پٹ وائپر سانپوں کے کاٹنے سے ہونے والے زہریلے اثرات کے خلاف بھارتی پولی ویلنٹ اینٹی وینم کے مقابلے میں نمایاں طور پر بہتر تحفظ فراہم کیا  ( شکل – 1 )

پٹ وائپر کے زہر کا اثر خون جمنے کے عمل میں خرابی پیدا کرنے کے ساتھ جسم کے متاثرہ حصوں اور اندرونی اعضا کے ٹشوز کو نقصان پہنچانے کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے۔ نئی اینٹی وینم دوا  ، ان دونوں طرح کے نقصانات کو نمایاں حد تک کم کرنے میں مؤثر ثابت ہوئی ہے۔

تحقیق کی قیادت کرنے والے پروفیسر مکھرجی نے بتایا کہ اس نئی اینٹی وینم دوا کو مریضوں کے علاج میں معمول کے طور پر استعمال کرنے سے پہلے مزید طبی تجربات اور قانونی و ضابطہ جاتی جانچ کی ضرورت ہوگی۔ تاہم، انہوں نے اس کی کامیابی کے حوالے سے امید ظاہر کی ہے۔

انٹرنیشنل جرنل آف بایو لوجیکل میکرو مالی کیولز میں شائع ہونے والی  ، اس تحقیق میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ بھارت کے مختلف علاقوں میں شدید زہریلے اثرات پیدا کرنے والے سانپوں کی اقسام کو مدنظر رکھتے ہوئے مخصوص خطوں کے لیے الگ اینٹی وینم دوائیں تیار کرنا ضروری ہے۔ خاص طور پر شمال مشرقی بھارت میں اس کی اہمیت زیادہ ہے، کیونکہ وہاں طبی لحاظ سے اہم زہریلے سانپوں کی کئی اقسام ایسی ہیں  ، جو روایتی طور پر تسلیم شدہ چار اہم زہریلے سانپوں  (  بگ فور )  کے دائرے میں شامل نہیں ہیں۔

تحقیق کی اشاعت کا لنک :  10.1016/j.ijbiomac.2026.154578

 

****

( ش ح ۔    ا  ع  خ ۔ ع ا )

U.No. 8234

 


(ریلیز آئی ڈی: 2341451) وزیٹر کاؤنٹر : 3
یہ ریلیز پڑھیں: English