سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ہندوستان کی حیاتیاتی معیشت کے 2030 تک 300 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع؛ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے صنعتوں پر زور دیا کہ وہ حیاتیاتی ٹیکنالوجی کے آئندہ انقلاب کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں


حیاتیاتی ٹیکنالوجی کے اسٹارٹ اَپس کی تعداد 2014 میں 50 سے 60 تھی، جو بڑھ کر تقریباً 11,000 ہوگئی ہے؛ حیاتیاتی معیشت کا حجم 10 ارب ڈالر سے بڑھ کر 195 ارب ڈالر تک پہنچ گیا: ڈاکٹر جتیندر سنگھ

سی آئی آئی گلوبل جینومکس سمٹ 2026 میں ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ جینومکس اور ملٹی اومکس صحت کی دیکھ بھال، زراعت اور اقتصادی ترقی کے لیے اہم تزویراتی ٹیکنالوجیز کے طور پر ابھر رہی ہیں

ہندوستان کے جینیاتی تنوع سے تحقیق اور اختراع کے شعبے میں عالمی سطح پر منفرد برتری حاصل ہوتی ہے: ڈاکٹر جتیندر سنگھ

سائنسی دریافتوں کو اقتصادی مواقع میں تبدیل کرنے کے لیے صنعتوں کی شراکت داری، نجی سرمایہ کاری اور تحقیق و ترقی کے شعبے میں اشتراک ناگزیر ہے: ڈاکٹر جتیندر سنگھ

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 25 NOV 2026 3:28PM by PIB Delhi

ہندوستان کی حیاتیاتی معیشت کے 2030 تک 300 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے اور حیاتیاتی ٹیکنالوجی آئندہ صنعتی انقلاب کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج یہ بات کہتے ہوئے صنعتوں کے رہنماؤں، اسٹارٹ اَپس اور سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ جینومکس، ملٹی اومکس اور جدید حیاتیاتی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں زیادہ سرمایہ کاری اور فعال شراکت داری کے ذریعے ابھرتے ہوئے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان میں حیاتیاتی ٹیکنالوجی کے اسٹارٹ اَپس کی تعداد 2014 میں محض 50 سے 60 تھی، جو اب بڑھ کر 11,000 سے تجاوز کرچکی ہے۔

گزشتہ صنعتی انقلاب میں اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے انقلابی کردار سے موازنہ کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ اب حیاتیاتی ٹیکنالوجی ایک ایسی تزویراتی ٹیکنالوجی کے طور پر ابھر رہی ہے جو صحت کی دیکھ بھال، زراعت اور عالمی اقتصادی مسابقت کے مستقبل کا تعین کرے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کاروباری اداروں کو تیزی سے بدلتے ہوئے تکنیکی منظرنامے کے مطابق خود کو ڈھالنا ہوگا، کیونکہ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو اپنانے میں ناکام رہنے والے اداروں کے غیر متعلق ہوجانے کا خطرہ ہے۔

نئی دہلی میں ’جینومکس اور ملٹی اومکس کے ذریعے آئندہ حیاتیاتی معیشت کو فروغ‘ کے موضوع پر منعقدہ سی آئی آئی گلوبل جینومکس سمٹ 2026 سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ اس سمٹ نے سائنس اور ٹیکنالوجی کے جدید ترین شعبوں کو صنعتی شراکت داری سے جوڑنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کیا ہے، جس کے ذریعے سائنسی دریافتوں کو صحت کی دیکھ بھال کے حل، اقتصادی مواقع اور مجموعی قومی ترقی میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے ہندوستان کے حیاتیاتی ٹیکنالوجی کے نظام کو آگے بڑھانے کے لیے صنعتوں کے نمائندوں، اسٹارٹ اَپس اور دیگر متعلقہ فریقوں کو ایک ساتھ لانے پر سی آئی آئی کی ستائش کی۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ ڈی این اے کی ترتیب شناسی، حسابی حیاتیات، مصنوعی ذہانت اور مختلف اومکس ٹیکنالوجیز، جن میں میٹابولومکس، ٹرانسکرپٹومکس اور پروٹومکس شامل ہیں، کا باہمی امتزاج پیچیدہ بیماریوں کو سمجھنے کے انداز میں انقلاب برپا کرے گا اور ہر فرد کی ضرورت کے مطابق علاج کی سہولت فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ ایک ہی بیماری کے لیے مختلف افراد کو علاج کے مختلف طریقوں کی ضرورت ہوسکتی ہے، جس کے پیش نظر مستقبل کے طبی طریقہ کار میں جینومکس کی اہمیت مسلسل بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجیز اب محض تحقیقی تجربہ گاہوں تک محدود نہیں رہی ہیں، بلکہ صحت کی دیکھ بھال کے نظام، کاروباری اداروں اور مسابقت میں برقرار رہنے کے خواہش مند ممالک کے لیے ناگزیر بنتی جارہی ہیں۔

جینوم کی تحقیق کے شعبے میں ہندوستان کی منفرد برتری کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ ملک کا غیر معمولی جینیاتی تنوع تحقیق اور ترقی کے لیے ایک بڑا عالمی اثاثہ ثابت ہوسکتا ہے۔ ہندوستان کے متنوع آبادیاتی گروہ اور بیماریوں کی وسیع اقسام جینوم سے متعلق اعداد و شمار جمع کرنے اور دنیا بھر کی آبادیوں کے لیے مفید حل تیار کرنے کی خاطر ایک وسیع علمی بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جینوم کی تحقیق میں زیادہ سرمایہ کاری سے نہ صرف ہندوستان کی سائنسی صلاحیتیں مضبوط ہوں گی بلکہ صنعت اور تجارت کے لیے بھی اہم مواقع پیدا ہوں گے۔

جینوم انڈیا پروجیکٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 80 مختلف آبادیاتی گروہوں کی نمائندگی کرنے والے 10,000 افراد کی مکمل جینوم ترتیب شناسی کا کام پہلے ہی انجام دیا جاچکا ہے، جس سے مستقبل کی تحقیق کے لیے ایک قیمتی بنیاد تیار ہوئی ہے۔ انہوں نے صنعت سے وابستہ متعلقہ فریقوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ حکومت کی ان پہل قدمیوں کے ساتھ شراکت داری کریں اور اس سائنسی اثاثے کو عملی استعمال میں لانے کے لیے اقدامات کریں۔

وزیر موصوف نے صحت کی دیکھ بھال کے علاوہ زراعت اور مویشی پروری کے شعبوں میں بھی حیاتیاتی ٹیکنالوجی کے وسیع امکانات کی جانب توجہ مبذول کرائی۔ انہوں نے کہا کہ جینومکس اور جدید حیاتیاتی ٹیکنالوجی کے ذریعے فصلوں کی پیداوار، غذائیت کے معیار اور کیڑوں و بیماریوں کے خلاف مزاحمت کی صلاحیت بہتر بنائی جاسکتی ہے، جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے والی زراعت کو بھی فروغ دیا جاسکتا ہے۔ مویشی پروری کے شعبے میں جینوم سے متعلق اطلاقی ٹیکنالوجیز افزائش نسل کے طریقوں کو بہتر بنانے اور بیماریوں کی نگرانی کے نظام کو مضبوط کرنے میں مدد دے سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان ٹیکنالوجیز کے وسیع تر استعمال سے کاروباری اداروں کو مختلف شعبوں میں مہارت حاصل کرنے اور پائیدار نیز اختراع پر مبنی کاروباری ادارے قائم کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔

ہندوستان کے تیزی سے وسعت پذیر حیاتیاتی ٹیکنالوجی کے نظام کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ حکومت نے حیاتیاتی ٹیکنالوجی کے ذریعے ترقی کو تیز کرنے کے لیے ’بائیو ای 3 پالیسی‘ (معیشت، ماحولیات اور روزگار کے لیے حیاتیاتی ٹیکنالوجی) متعارف کرائی ہے۔ بائیو فاؤنڈریز اور دیگر معاون بنیادی ڈھانچے کا قیام تحقیق، اسٹارٹ اَپس اور صنعتوں کو سائنسی دریافتوں کو تجارتی طور پر قابل عمل مصنوعات میں تبدیل کرنے میں مدد فراہم کرنے کے مقصد سے عمل میں لایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں حیاتیاتی ٹیکنالوجی کے اسٹارٹ اَپس کا نظام 2014 میں محض 50 سے 60 اسٹارٹ اَپس تھے جو  بڑھ کر آج 11,000 سے زیادہ ہوچکا ہے، جبکہ ملک کی حیاتیاتی معیشت کا حجم تقریباً 10 ارب ڈالر سے بڑھ کر قریب 195 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ 2030 تک اسے 300 ارب ڈالر تک پہنچانے کے ہدف کے ساتھ ہندوستان حیاتیاتی ٹیکنالوجی کے ذریعے اقتصادی ترقی کے ایک اہم دور میں داخل ہورہا ہے۔

حیاتیاتی ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہندوستان کی بڑھتی ہوئی عالمی ساکھ کا ذکر کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کووڈ-19 کے لیے ملک کی تیار کردہ ڈی این اے ویکسین کا حوالہ دیا، جو 30 ممالک کو فراہم کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی حیاتیاتی ٹیکنالوجی کی مصنوعات کو بین الاقوامی سطح پر تیزی سے قبولیت حاصل ہورہی ہے۔ انہوں نے ایچ پی وی ویکسین، ہیموفیلیا کے علاج سے متعلق تحقیق اور ٹاٹا میموریل سینٹر میں سرطان کے علاج کے لیے کم لاگت والی کار-ٹی سیل تھراپی کی پیش رفت کا بھی ذکر کیا اور انہیں جدید طبی تحقیق کے شعبے میں ہندوستان کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کی مثالیں قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں ظاہر کرتی ہیں کہ ہندوستان اب اس مرحلے پر پہنچ چکا ہے جہاں اس کی حیاتیاتی ٹیکنالوجی سے متعلق اختراعات عالمی منڈیوں میں وسیع پیمانے پر جگہ بنا سکتی ہیں اور صنعتوں کی زیادہ سے زیادہ شراکت داری کو راغب کرسکتی ہیں۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اپنے خطاب میں نجی شعبے سے تحقیق و ترقی میں سرمایہ کاری بڑھانے اور سرکاری اداروں، تحقیقی تنظیموں اور اسٹارٹ اَپس کے ساتھ مضبوط شراکت داری قائم کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے ایک لاکھ کروڑ روپے کی تحقیق، ترقی اور اختراع (آر ڈی آئی) اسکیم کا حوالہ دیتے ہوئے اسے اعلیٰ اثرات کی حامل ٹیکنالوجیز میں نجی شعبے کی شراکت داری کو تیز کرنے کے لیے ایک اہم پہل قرار دیا۔ انہوں نے صنعتوں کے رہنماؤں پر بھی یہ زور دیا کہ وہ کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) کے تحت مالی اعانت فراہم کرکے سائنسی تحقیق کی حمایت کریں، بالخصوص سرطان، ذیابیطس اور صحت سے متعلق دیگر بڑے چیلنجوں کے شعبوں میں۔ تحقیقی سرگرمیوں کے لیے مالی اعانت کو معاشرے کی فلاح و بہبود میں تعاون قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سائنسی تحقیق میں سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے فوائد  انفرادی کاروباری اداروں کے دائرے سے کہیں آگے تک پہنچ سکتے ہیں۔

صنعتی نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے دوران وزیر موصوف نے کہا کہ جینومکس کے عالمی مرکز کے طور پر ہندوستان کے ابھرنے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ذہنیت ہے۔ انہوں نے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور کاروبار کے نئے مواقع کے تئیں زیادہ کشادہ ذہن اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ حیاتیاتی ٹیکنالوجی کی مصنوعات اور جدید علاج کے لیے ضابطہ جاتی طریقہ کار سے متعلق خدشات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت، وزارت صحت و خاندانی بہبود اور انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے ساتھ مشاورت کرتے ہوئے طریقہ کار کو آسان بنانے اور ضابطہ جاتی تقاضوں میں پائی جانے والی تکرار کو دور کرنے کے لیے کام کررہی ہے۔ انہوں نے صنعتی نمائندوں کو دعوت دی کہ وہ اپنے مخصوص مسائل اور قابل عمل تجاویز پیش کریں تاکہ بہتر ادارہ جاتی تال میل کے ذریعے ان کا جائزہ لیا جاسکے۔

اپنے خطاب کے اختتام پر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے سی آئی آئی پر زور دیا کہ وہ حکومت اور صنعتوں کے درمیان ایک اہم رابطہ کار کا کردار ادا کرے اور ہندوستان کے حیاتیاتی ٹیکنالوجی کے نظام میں زیادہ سرمایہ کاری، تحقیقی شراکت داری اور وسیع تر شمولیت کو فروغ دے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی سائنسی اور تکنیکی ترقی کی کامیابی کا اندازہ محض ترتیب دیے گئے جینومز کی تعداد یا شائع شدہ تحقیقی مقالوں سے نہیں، بلکہ اس بات سے لگایا جائے گا کہ اس سے کتنی زندگیوں میں بہتری آئی، کتنی مصنوعات تیار ہوئیں اور اقتصادی مواقع کے کتنے نئے دروازے کھلے۔ انہوں نے آتم نربھر بھارت اور وِکست بھارت 2047 کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے ہندوستان کی سائنسی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی خاطر اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔

 

***

ش ح۔ م م ع ۔ا ک م

8233:U-No


(ریلیز آئی ڈی: 2341360) وزیٹر کاؤنٹر : 4
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी