پوسٹ کرنے کی تاریخ:
25 NOV 2026 3:56PM by PIB Delhi
بھاری صنعتوں کی وزارت (ایم ایچ آئی) آٹوموبائل اور آٹو کمپوننٹ صنعت کے لیے پیداوار سے منسلک ترغیبی اسکیم (پی ایل آئی) کے ذریعے ہندوستان کے آٹوموبائل اور آٹو کمپوننٹ مینوفیکچرنگ کے نظام کو مسلسل مستحکم کر رہی ہے۔ اس اسکیم کا مقصد ملکی مینوفیکچرنگ کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا، آٹوموبائل کی جدید ٹیکنالوجیز کو فروغ دینا اور ہندوستان کو آٹوموبائل مینوفیکچرنگ کا عالمی مرکز بنانا ہے۔
بھاری صنعتوں اور فولاد کی وزارت کےمرکزی وزیر جناب ایچ۔ ڈی۔ کمارسوامی نے آج بھاری صنعتوں کی وزارت(ایم ایچ آئی) کے ایڈیشنل سکریٹری ڈاکٹر حنیف قریشی کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی، جس میں پی ایل آئی-آٹو اسکیم کی پیش رفت اور نفاذ کا جائزہ لیا گیا۔

پی ایل آئی-آٹو اسکیم کے تحت ترغیبی رقم کی تقسیم میں تیزی
کل25,938 کروڑ روپے کے منظور شدہ بجٹ کے ساتھ، پی ایل آئی-آٹو اسکیم نے سرمایہ کاری کو فروغ دینے، گھریلو سپلائی چین کو مستحکم کرنے اور جدید آٹوموٹیو ٹیکنالوجی (اے اے ٹی) کی مصنوعات کی تیاری کی حوصلہ افزائی کرنے میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ مالی سال 2026–27 کے دوران، اس اسکیم کے تحت 25 نومبر 2026 تک 4,385.28 کروڑ روپے کی ترغیبی رقم تقسیم کی جا چکی ہے۔ اسکیم کے آغاز سے اب تک تقسیم کی جانے والی ترغیبی رقم کی مجموعی مالیت 6,771.64 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔
سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ، فروخت میں اضافی نمو اور روزگار کے مواقع کی فراہمی
اس اسکیم نے سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بھی حوصلہ افزا پیش رفت درج کی ہے۔ 30 ستمبر 2026 تک، منظور شدہ درخواست دہندگان نے مجموعی طور پر 52,806 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی اطلاع دی، جو 42,500 کروڑ روپے کے مقررہ سرمایہ کاری کے ہدف سے زیادہ ہے۔ اس اسکیم کے ذریعے بنیادی سال مالی سال 2019–20 کے مقابلے میں 82,993 کروڑ روپے کی اضافی فروخت ممکن ہوئی ہے اور روزگار کے 77,755 مواقع پیدا ہوئے ہیں، جو ہندوستان کے آٹوموبائل مینوفیکچرنگ کے نظام کو مستحکم بنانے میں اس کے تعاون کی عکاسی کرتے ہیں۔
گھریلو مینوفیکچرنگ اور ویلیو ایڈیشن کا استحکام
گھریلو ویلیو ایڈیشن کو فروغ دینا پی ایل آئی-آٹو اسکیم کا ایک اہم مقصد ہے۔ اس اسکیم کے تحت ترغیبی فوائد حاصل کرنے کے اہل ہونے کے لیے مصنوعات میں کم از کم 50 فیصد گھریلو ویلیو ایڈیشن (ڈی وی اے) لازمی قرار دیا گیا ہے۔ 25 نومبر 2026 تک، 9 چیمپئن او ای ایمز کو 139 مصنوعات/اقسام اور 10 کمپوننٹ چیمپئنز کو 53 مصنوعات/اقسام کے لیے ڈی وی اے سرٹیفکیٹ جاری کیے جا چکے ہیں۔ یہ پیش رفت جدید آٹوموٹیو مصنوعات اور اجزا کی تیاری میں ملک کی بڑھتی ہوئی گھریلو صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہے۔
یہ پہل حکومتِ ہند کے آتم نربھر بھارت کے وژن سے ہم آہنگ ہے اور آٹوموبائل اور آٹو کمپوننٹ مینوفیکچرنگ کے لیے ایک نمایاں عالمی مرکز بننے کے ملک کے عزم کو مزید مستحکم کرتی ہے۔ بھاری صنعتوں کی وزارت مسلسل پالیسی اقدامات اور صنعتی تعاون کے ذریعے ایک مضبوط، مستحکم اور تکنیکی اعتبار سے جدید آٹوموبائل صنعت کی ترقی میں تعاون دینے کے لیے پُرعزم ہے۔
*****
ش ح۔ک ح۔ش ہ ب
U N-8230