پوسٹ کرنے کی تاریخ:
25 NOV 2026 3:59PM by PIB Delhi
عالمی اور ملکی نمائش کنندگان کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر، وزارت دفاع کے محکمہ دفاعی پیداوار (ڈی ڈی پی) نے ایرو انڈیا 2027 کے لیے بنیادی ڈھانچے میں بڑے پیمانے پر توسیع کا کام شروع کیا ہے۔ اس نمائش کا انعقاد 8 سے 12 فروری 2027 تک بنگلور کے ایئر فورس اسٹیشن یلہنکا میں کیا جائے گا۔ ایشیا کے سب سے بڑے فضائی شو اور دنیا کی اہم ترین فضائی و دفاعی نمائشوں میں سے ایک، ایرو انڈیا کے 16ویں ایڈیشن کے لیے نمائش گاہ کی درخواستیں ابتدائی گنجائش سے تقریباً 12,000 مربع میٹر زیادہ موصول ہوئی ہیں۔ یہ ہندوستان کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے فضائی اور دفاعی شعبے کی پختگی کا ثبوت ہے۔
یلہنکا کے مقام پر ہندوستانی فضائیہ کے فعال تربیتی اڈے کے سخت فضائی حفاظتی اور عملیاتی ضوابط کے باعث افقی سمت میں توسیع کی گنجائش محدود ہے۔ ان جگہ کی رکاوٹوں کو دور کرنے اور زیادہ سے زیادہ نمائش کنندگان کو موقع فراہم کرنے کے واسطے محکمہ دفاعی پیداوار نے دو اہم اقدامات کیے ہیں:
- دو اضافی ہینگر کی تعمیر: نمائش کے لیے مجموعی جگہ میں خاطر خواہ اضافہ کرنے کے مقصد سے دو نئے نمائشی ہینگر تعمیر کیے جا رہے ہیں۔
- پہلی بار میزانائن فلور بنانے کی اجازت: سطح پر جگہ میں اضافہ کیے بغیر عمودی جگہ کا بہتر استعمال کرنے کے واسطے ایرو انڈیا کی تاریخ میں پہلی بار نمائش کنندگان کو اپنے مختص کردہ اسٹالز کے اندر میزانائن فلور تعمیر کرنے کی اجازت دی جائے گی، بشرطیکہ ہینگر کی اونچائی اس کی اجازت دیتی ہو۔ میزانائن کے تمام ڈھانچوں کو مقررہ ساختی استحکام، وزن برداشت کرنے کی صلاحیت اور حفاظتی معیارات کی سختی سے پابندی ہوگی۔
محکمہ دفاعی پیداوار کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ عالمی فضائی شعبے کی سرکردہ کمپنیوں، ملکی صنعت کاروں اور اختراع کاروں کو ایرو انڈیا 2027 میں اپنی جدید ترین صلاحیتوں اور ٹیکنالوجی کی نمائش کے لیے خاطر خواہ مواقع فراہم ہوں۔
*****
(ش ح – م ش ع –م ذ)
U. No.8229