مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

کابینہ نے 16ویں مالیاتی کمیشن کے دورانیے (مالی سال 2026-27 سے 2030-31) کے لیے 1,141 کروڑ روپے کے تخمینہ جاتی اخراجات کے ساتھ ڈاک آپریشنز اسکیم کو جاری رکھنے کی منظوری دی


اس اسکیم کا مقصد ڈاک کے نیٹ ورک کو جدید طرز پر ڈھالنا، پارسل اور ڈاک کی ترسیل کے نظام کو مضبوط بنانا، دیہی علاقوں میں رابطے کی سہولیات کو بہتر بنانا اور شہریوں کی ضروریات پر مبنی خدمات کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

ای کامرس لاجسٹکس، مالیاتی شمولیت، بین الاقوامی ڈاک آپریشنز اور انڈیا پوسٹ کی خدمات کی ڈیجیٹل تبدیلی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 25 NOV 2026 3:41PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ نے 16ویں مالیاتی کمیشن کے دورانیے، یعنی مالی سال 2026-27 سے 2030-31 تک، مرکزی شعبے کی اسکیم ’’ڈاک آپریشنز‘‘ کو جاری رکھنے کی منظوری  دی ہے۔ اس اسکیم کے لیے 1,141 کروڑ روپے کے اخراجات تجویز کیے گئے ہیں۔ اس اسکیم کا مقصد ڈاک کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا، عملیاتی کارکردگی کو بہتر بنانا اور ملک بھر میں لاجسٹکس، ای کامرس اور ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔

دنیا کے سب سے بڑے ڈاک نیٹ ورکس میں سے ایک، جس میں 1.65 لاکھ ڈاک خانے شامل ہیں اور ان میں 1,49,655 ڈاک خانے دیہی علاقوں میں واقع ہیں، کے ساتھ انڈیا پوسٹ خصوصاً دور دراز اور سہولیات سے محروم علاقوں میں بدستور ڈاک، پارسل، بینکاری، بیمہ اور شہریوں کی ضروریات پر مبنی دیگر خدمات کی فراہمی کا ایک اہم ذریعہ ہے۔

اپنی بنیادی ڈاک خدمات کے علاوہ، انڈیا پوسٹ مختلف اقدامات کے ذریعے وسیع پیمانے پر عوامی خدمات بھی فراہم کرتا ہے۔ ان میں پوسٹ آفس سیونگس بینک (پی او ایس بی)، انڈیا پوسٹ پیمنٹس بینک (آئی پی پی بی)، پوسٹل لائف انشورنس (پی ایل آئی)، آدھار کا اندراج اور اس میں ترمیم، پوسٹ آفس پاسپورٹ سیوا کیندروں کے ذریعے پاسپورٹ خدمات، کے وائی سی کی تصدیق کی خدمات اور ڈاک گھر نریات کیندروں (ڈی این کے) کے ذریعے دیہی دستکاروں کو تعاون فراہم کرنا شامل ہے۔

یہ اسکیم ڈاک کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے، آخری سرے تک ترسیل کے نظام کو مضبوط کرنے، لاجسٹکس کی کارکردگی بہتر بنانے، مالیاتی شمولیت کو فروغ دینے اور ملک بھر میں صارفین کی ضروریات پر مبنی خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔ یہ تجویز ڈیجیٹل انڈیا، آتم نربھر بھارت اور وِکسِت بھارت کے وسیع تر مقاصد سے بھی ہم آہنگ ہے۔

اس اسکیم کو مالی سال 2026-27 سے 2030-31 تک پانچ سال کی مدت میں نافذ کرنے کی تجویز ہے۔

ڈاک آپریشنز اسکیم درج ذیل چھ ذیلی اسکیموں پر مشتمل ہے:

  1. دیہی کاروبار اور ڈاک نیٹ ورک تک رسائی – 120 کروڑ روپے: اس کا مقصد بنیادی ڈھانچے میں بہتری، یکساں برانڈنگ اور وسائل کے بہتر استعمال کے ذریعے ڈاک خانوں، خصوصاً دیہی علاقوں کے ڈاک خانوں کو مؤثر اور شہریوں کی ضروریات پر مبنی خدمات کے مراکز میں تبدیل کرنا ہے۔ اس جزو کے تحت مالیاتی شمولیت، ڈیجیٹل رابطے اور مقامی اقتصادی ترقی کو مضبوط بنانے کے ساتھ آخری سرے تک ترسیل کے نظام کو بہتر بنانے اور سہولیات سے محروم علاقوں میں ڈاک اور شہریوں سے متعلق خدمات تک رسائی بڑھانے پر توجہ دی جائے گی۔
  2. ڈاک نیٹ ورک کی اصلاح و بہتری – 575 کروڑ روپے: اس کے تحت مرکزی ترسیلی نظام، مشینی عمل، جدید ڈاک ٹیکنالوجی (اے پی ٹی 2.0) کے تحت جدید آئی ٹی حل، جی آئی ایس پر مبنی خدمات اور بہتر بنیادی ڈھانچے کے ذریعے ڈاک آپریشنز کو جدید بنانے کا منصوبہ ہے۔ اس اقدام میں ترسیلی ڈاک خانوں، ڈاک کی چھانٹی اور ہینڈلنگ کے نظام، میل موٹر سروس (ایم ایم ایس) کی ورکشاپس، سڑک کے ذریعے نقل و حمل کے نیٹ ورک اور جدید اسمارٹ 24 گھنٹے فعال لیٹر باکسوں کو مضبوط بنانا بھی شامل ہے، تاکہ پورے نیٹ ورک میں عملیاتی کارکردگی، شفافیت، خدمات کے معیار اور لاجسٹکس کے نظام کی قابلِ اعتماد حیثیت کو بہتر بنایا جا سکے۔
  3. پارسل نیٹ ورک کی اصلاح و بہتری – 278 کروڑ روپے: اس کے تحت پارسل ہب تعمیر کرنے اور پارسل پیکیجنگ یونٹس (پی پی یوز) کے دائرۂ کار کو نئے سرے سے مرتب کیے گئے چھانٹی کے نظام کے مطابق وسعت دینے کا منصوبہ ہے، تاکہ پارسلوں کی نقل و حرکت کو منظم کیا جا سکے، ہینڈلنگ کے مراحل کم ہوں، گنجائش سے متعلق رکاوٹیں دور کی جا سکیں اور ترسیل کے وقت میں کمی لائی جا سکے۔ اس جزو کا مقصد خصوصی طور پر تیار کردہ سہولیات، معیاری اور محفوظ پیکیجنگ اور عملیاتی لچک میں اضافے کے ذریعے ای کامرس اور دیہی بازاروں سے آنے والے پارسلوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی ضروریات کو پورا کرنا بھی ہے۔ اس سے صارفین کا اعتماد بڑھانے اور لاجسٹکس کے شعبے میں انڈیا پوسٹ کی مسابقتی صلاحیت کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
  4. بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور بین الاقوامی ڈاک کے لیے بنیادی سہولیات میں توسیع – 8 کروڑ روپے: اس کا مقصد فارن پوسٹ آفس (ایف پی او) اور سب فارن پوسٹ آفس (ایس ایف پی او) کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنا کر بین الاقوامی ڈاک خدمات کو مضبوط کرنا اور بیرونِ ملک سے آنے والی و جانے والی ڈاک کی کھیپوں کی پروسیسنگ میں تیزی لانا ہے۔ اس اقدام میں پوسٹل اور آر ایم ایس ڈویژن کے ذریعے مارکیٹنگ اور تشہیر کی سرگرمیاں بھی شامل ہیں، تاکہ انڈیا پوسٹ کو ایک قابلِ اعتماد بین الاقوامی لاجسٹکس خدمات فراہم کرنے والے ادارے کے طور پر مستحکم کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ضابطوں کی تعمیل، ٹیکنالوجی کے انضمام اور برآمدات سے متعلق لاجسٹکس معاونت کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔
  5. مارکیٹنگ کی سرگرمیاں بشمول خدمات کا معیار – 100 کروڑ روپے: اس جزو کا مقصد ٹیلی ویژن، ڈیجیٹل ذرائع، ریڈیو، پرنٹ اور آؤٹ ڈور پلیٹ فارمز کے ذریعے مختلف ذرائع پر مشتمل تشہیری مہمات کے ذریعے فروغ، برانڈنگ، عوامی رابطے اور صارفین کی شمولیت کو بڑھانا ہے۔ اس میں تقریبات اور نمائشوں میں شرکت، سوشل میڈیا مہمات، براہِ راست مارکیٹنگ اور ڈاک چوپال سرگرمیوں کو وسعت دینا بھی شامل ہے، تاکہ بالخصوص دیہی اور سہولیات سے محروم علاقوں میں عوام سے زمینی سطح پر رابطہ مزید مضبوط ہو۔ اس کے علاوہ، خدمات کے معیار کو بہتر بنانے اور صارفین پر مرکوز طریقۂ کار کو مستحکم کرنے کے لیے بنیادی ڈھانچے کی بہتری، اسٹوڈیو کی سہولیات، آئی سی ٹی میں بہتری، مارکیٹ ریسرچ، انفلوئنسرز کی شمولیت اور تیسرے فریق کے ذریعے جائزے کے نظام کو بھی فروغ دیا جائے گا۔
  6. ڈاک ٹکٹ جمع کرنے سے متعلق سرگرمیاں – 60 کروڑ روپے: اس کے تحت نمائشوں، سیمیناروں، کوئز مقابلوں، اسکولوں میں ڈاک ٹکٹ جمع کرنے کے کلبوں اور خوشبودار، ہولوگرافک اور تھری ڈی ڈاک ٹکٹوں سمیت جدید ڈیزائن کے ڈاک ٹکٹوں کے ذریعے فلاٹیلی کو فروغ دینے کی تجویز ہے۔ اس جزو میں ڈیجیٹل ذرائع سے عوامی رابطے کی سرگرمیاں، ’ڈھائی اکشر‘ خط نویسی مقابلے اور ’اسپرش‘ اسکالرشپ جیسے پروگرام، ڈاک ٹکٹوں کی تیاری اور ترسیل کے مراکز کو جدید بنانا، مارکیٹ ریسرچ اور بین الاقوامی تعاون بھی شامل ہیں۔ اس کا مقصد ڈاک ٹکٹ جمع کرنے کے شوق کو ایک دلچسپ تعلیمی اور ثقافتی سرگرمی کے طور پر نئی زندگی دینا، اس کے ساتھ ہی عملیاتی کارکردگی اور آمدنی کے امکانات کو بہتر بنانا ہے۔

*****

 

ش ح۔ک ح۔ش ہ ب

U N-8221 


(ریلیز آئی ڈی: 2341276) وزیٹر کاؤنٹر : 5