دیہی ترقیات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

زراعت و دیہی ترقی کی وزارت کی مشترکہ ورکشاپ، جس میں غربت کے خاتمے کے لیے دونوں وزارتوں کے کردار پر غور کیا گیا، نئی دہلی میں مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان کی صدارت میں اختتام پذیر ہوئی


افسران اور ملازمین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا: ’’آپ نے محض اسکیمیں ہی وضع نہیں کیں بلکہ قوم کی تعمیر میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ ملک کی ترقی کے اس سفر کے حقیقی محرک آپ ہی ہیں۔‘‘

’’انتہائی غربت کی شرح 27.1 فیصد سے کم ہو کر 2.6 فیصد رہ گئی ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ غربت کے شکنجے میں اب بھی پھنسے ہوئے ہر فرد کو اس سے باہر نکالا جائے۔‘‘ — جناب شیوراج سنگھ چوہان

’’زرعی شعبے کی شرحِ نمو تاریخی سطح پر 4.45 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جس کے نتیجے میں بھارت کا زرعی شعبہ سبز انقلاب کے دور سے بھی آگے نکل گیا ہے۔‘‘ — مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان

’’لکھ پتی دیدی اسکیم، پکے مکانات، دیہی سڑکوں، وِکست بھارت – جی رام جی اور آبی ذخائر والے علاقوں کی ترقی جیسے اقدامات نے دیہی غریبوں کی زندگیوں میں نمایاں تبدیلی برپا کی ہے۔‘‘ — جناب شیوراج سنگھ

بھارتی زرعی تحقیقاتی کونسل (آئی سی اے  آر) کی اختراعات نے کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کیا ہے۔ ان اختراعات پر لگائے گئے ہر ایک روپے کے عوض 13.85 روپے کا معاشی فائدہ حاصل ہوا ہے

،،اس کامیابی کا جشن خوشی اور بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منائیں۔‘‘ جناب شیوراج سنگھ چوہان نے سیکشن افسران سے لے کر سکریٹریز تک، تمام عہدیداروں اور ملازمین کی کاوشوں کو سراہا

جناب شیوراج سنگھ چوہان نے ملازمین کے درمیان بیٹھ کر ان سے براہِ راست تبادلۂ خیال کیا اور ان کی تجاویز طلب کیں انہوں نے کہا کہ اب اگلا ہدف آزاد تجارتی معاہدوں(ایف ٹی ایز) کے ذریعے عالمی منڈیوں میں بھارت کی نمایاں شناخت قائم کرنا ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 23 NOV 2026 9:15PM by PIB Delhi

وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کی دوراندیش قیادت میں بھارت نے غربت کے خاتمے کے میدان میں غیر معمولی، بے مثال اور تاریخی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ عالمی بینک کی حالیہ رپورٹ کے مطابق، ملک میں تقریباً 50 کروڑ افراد غربت سے باہر نکل آئے ہیں، جبکہ انتہائی غربت کی شرح 27.1 فیصد سے کم ہو کر محض 2.6 فیصد رہ گئی ہے۔یہ نمایاں پیش رفت مختلف شعبوں اور حکومتی اقدامات کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے، جن میں بالخصوص زراعت اور اس سے منسلک سرگرمیاں، زرعی تحقیق، زمینی وسائل اور دیہی ترقی کے شعبے شامل ہیں۔ان شعبوں کی جانب سے غربت کے خاتمے کے اس اہم ہدف کے حصول میں ادا کیے گئے کردار کا جائزہ لینے اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر تبادلۂ خیال کرنے کے لیے آج نئی دہلی کے ڈاکٹر امبیڈکر انٹرنیشنل سینٹر میں ایک روزہ خصوصی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔اس مشترکہ ورکشاپ کی صدارت زراعت و کسانوں کی بہبود اور دیہی ترقی کےمرکزی وزیرجناب شیوراج سنگھ چوہان نے کی۔ اس موقع پر زراعت و کسانوں کی بہبود کے  مرکزی وزیر مملکت جناب بھاگیرتھ چودھری اور دیہی ترقی  کےمرکزی وزیر مملکت جناب کملیش  پاسوان نے بھی شرکت کی۔ملک کی اس پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے جناب چوہان نے اسے ’’ایک غیر معمولی، ناقابلِ تصور اور بے مثال معجزہ‘‘ قرار دیا۔

اس ورکشاپ میں چاروں متعلقہ محکموں کے اعلیٰ ترین عہدیداروں نے شرکت کی، جن کے کام اور اقدامات کا جائزہ لیا جا رہا تھا۔ شرکاء میں زراعت و کسانوں کی بہبود کے محکمہ کے سکریٹری جناب اتیش چندرا، دیہی ترقی کے محکمہ  کےسکریٹری جناب روہت کنسل، اراضی وسائل کے محکمہ  کےسکریٹری جناب دلیپ کمار، اور زرعی تحقیق و تعلیم کےمحکمہ (ڈی اے آر ای ) کے سکریٹری نیز بھارتی زرعی تحقیقاتی کونسل (آئی سی اے آر) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ایم ایل جاٹ شامل تھے۔ان کے علاوہ چاروں محکموں کے سینئر افسران اور سائنس دانوں نے بھی ورکشاپ میں شرکت کی۔ سیکشن افسران، اسسٹنٹ سیکشن افسران اور دیگر بڑی تعداد میں افسران و ملازمین بھی اس موقع پر موجود تھے۔مختلف عہدوں اور سطحوں سے تعلق رکھنے والے ملازمین کی شرکت اس بات کی عکاس تھی کہ ورکشاپ کا مقصد صرف محکموں کی کامیابیوں کا جائزہ لینا ہی نہیں تھا بلکہ ان تمام افراد کی خدمات کا اعتراف کرنا بھی تھا، جو پالیسیوں اور اسکیموں کو مرحلۂ منصوبہ بندی سے لے کر عملی نفاذ تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔

50 کروڑ افراد کو غربت سے باہر نکالنا، جو امریکہ کی مجموعی آبادی سے بھی زیادہ ہے، کسی معجزے سے کم نہیں

زراعت و کسانوں کی بہبود کےمحکمہ ، بھارتی زرعی تحقیقاتی کونسل (آئی سی اے آر)، دیہی ترقی کےمحکمہ اور اراضی وسائل  کےمحکمہ کے افسران اور ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت اور رہنمائی میں بھارت نے جو کامیابی حاصل کی ہے، وہ واقعی غیر معمولی، حیرت انگیز اور ناقابلِ تصور ہے۔انہوں نے کہا کہ خود عالمی بینک نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ دنیا کے کسی دوسرے ملک نے اتنی تیز رفتاری سے غربت میں کمی نہیں کی۔ تقریباً 50 کروڑ افراد کا خطِ غربت سے اوپر آ جانا ایک تاریخی پیش رفت ہے، بالخصوص اس لیے کہ اس کامیابی کا تعلق اتنی بڑی آبادی سے ہے۔جناب چوہان نے کہا کہ یہ پیش رفت وزیرِ اعظم کی قیادت، دوراندیشی اور انتھک محنت کا نتیجہ ہے، تاہم دونوں وزارتوں کے ہر افسر اور ملازم کی خدمات کا اعتراف کرنا بھی نہایت ضروری ہے۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی کسی ایک فرد یا محکمہ کی انفرادی کاوشوں کا نتیجہ نہیں، بلکہ پوری سرکاری مشینری میں کام کرنے والے افراد کی اجتماعی محنت اور مشترکہ کوششوں کا ثمر ہے، جنہوں نے ترقیاتی اقدامات کو عوام تک پہنچانے اور ان کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے اپنا کردار ادا کیا۔

’’آپ نے محض اسکیمیں وضع نہیں کیں بلکہ قوم کی تعمیر کی ہے‘‘: اس کامیابی کا جشن منائیں

افسران اور ملازمین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ یہ کامیابی خودبخود حاصل نہیں ہوئی، بلکہ اس کے پیچھے ان تمام افراد کی انتھک محنت، لگن، عزم اور مسلسل کوششیں شامل ہیں، جنہوں نے سرکاری پروگراموں اور اسکیموں کو عملی جامہ پہنانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے ورکشاپ میں شریک افراد پر زور دیا کہ وہ خوشی اور جشن کے جذبے کے ساتھ اس میں حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ملک نے اتنی بڑی کامیابی حاصل کی ہے تو اس سے پیدا ہونے والی خوشی اور فخر کے آثار ہر ایک کے چہرے پر بھی نمایاں ہونے چاہئیں۔جناب چوہان نے وزیرِ اعظم کے اس قول کا حوالہ دیا کہ ’’آپ نے محض اسکیمیں ہی وضع نہیں کیں بلکہ قوم کی تعمیر کی ہے۔‘‘انہوں نے وضاحت کی کہ عام طور پر جائزہ اجلاسوں میں صرف اعلیٰ عہدیدار ہی شرکت کرتے ہیں، لیکن انہوں نے دانستہ طور پر اس ورکشاپ کو ایک مختلف انداز میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔ ان کی خواہش تھی کہ سیکشن افسران اور اسسٹنٹ سیکشن افسران سے لے کر سکریٹریز تک، ہر سطح کے افسران و ملازمین اس میں شریک ہوں، کیونکہ یہی افراد انتظامی نظام کی بنیاد ہیں اور سرکاری فائلوں پر کام کا آغاز بھی انہی سطحوں سے ہوتا ہے۔انہوں نے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ محض ملک کے ترقیاتی سفر کے خاموش تماشائی نہیں بلکہ اس سفر کے حقیقی محرک اور فعال شریک ہیں۔ملازمین سے براہِ راست رابطے اور ان کے تجربات جاننے کے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے جناب شیوراج سنگھ چوہان خود اسٹیج سے اتر کر حاضرین کے درمیان جا بیٹھے۔ انہوں نے ملازمین سے گفتگو کی، زمینی سطح پر کام کے دوران پیش آنے والے ان کے تجربات معلوم کیے اور ان سے مستقبل کے لیے تجاویز بھی طلب کیں۔

غربت کے شکنجے میں اب بھی پھنسے افراد کو اس سے باہر نکالنے کا عزم

مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ انسان محض روزی روٹی کمانے کے لیے کام نہیں کرتا بلکہ وہ اپنی زندگی کو بامقصد بنانے اور ملک کے عوام کی خدمت کے جذبے سے بھی کام کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی سرکاری اسکیم کے سفر کے ہر مرحلے پر ملازمین کا اہم کردار ہوتا ہے۔ خواہ کسی اسکیم کی تشکیل نچلی سطح سے کی جائے، اسے غور و خوض اور منظوری کے لیے کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے یا بعد ازاں زمینی سطح پر نافذ کیا جائے، اس کی کامیابی کے لیے مختلف سطحوں پر کام کرنے والے تمام افراد کی کوششیں ناگزیر ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم کی جانب سے کیے گئے دو اہم عزم اب ملک کے سامنے ہیں۔ پہلا یہ کہ جو لوگ غربت کی لکیر سے اوپر آ چکے ہیں، انہیں کسی بھی صورت دوبارہ غربت کی لکیر سے نیچے نہ جانے دیا جائے۔دوسرا اہم عزم یہ ہے کہ آبادی کے باقی ماندہ 2.6 سے 2.7 فیصد حصے کو بھی تیزی سے غربت سے باہر نکالا جائے اور ان کے معیارِ زندگی کو بہتر بنایا جائے۔جناب چوہان نے اس بات پر زور دیا کہ اب تک حاصل کی گئی پیش رفت اور کامیابیوں کو ہر حال میں برقرار رکھنا ضروری ہے، ساتھ ہی حکومت کو ان افراد تک بھی ترقی کے ثمرات پہنچانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنی چاہئیں جو اب تک ملک کی ترقی سے پوری طرح مستفید نہیں ہو سکے ہیں۔لہٰذا، مستقبل کا اصل ہدف حاصل شدہ کامیابیوں کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ باقی ماندہ افراد کے لیے بھی بہتر اور خوش حال زندگی کو یقینی بنانا ہے۔

زرعی شعبے کی شرحِ نمو تاریخی سطح پر 4.45 فیصد تک پہنچ گئی؛ آئی سی اے آر کی تحقیق سے سرمایہ کاری کے مقابلے میں 13.85 گنا معاشی فائدہ حاصل

زرعی شعبے کی کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ گزشتہ 12 برسوں کے دوران اس شعبے میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور زراعت کے میدان میں ایسے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں جن پر ملک فخر کر سکتا ہے۔انہوں نے نشاندہی کی کہ سبز انقلاب کے دور میں بھی زرعی شعبے کی شرحِ نمو عموماً 3 سے 3.5 فیصد کے درمیان رہی تھی، جبکہ اب بھارت کی گزشتہ ایک دہائی کی زرعی شرحِ نمو تاریخی سطح پر 4.45 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جو اس دور میں درج کی گئی شرحِ نمو سے بھی زیادہ ہے۔زرعی شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے محکمہ زراعت و کسانوں کی بہبود کے تحت پی ایم کسان سمان ندھی  کے ذریعے کسانوں کو فراہم کی جانے والی 4.66 لاکھ کروڑ روپے سے زائد کی براہِ راست مالی امداد کو نمایاں طور پر پیش کیا۔انہوں نے بتایا کہ ملک میں غذائی اجناس کی پیداوار 376.56 ملین ٹن، جبکہ باغبانی کی پیداوار 386.91 ملین ٹن تک پہنچ گئی ہے۔اس کے علاوہ کسانوں کو کم شرحِ سود پر زرعی قرضوں کی فراہمی، فصلوں کی بیمہ اسکیم، قدرتی کاشت کاری، 10 ہزار کسان پروڈیوسر تنظیموں(ایف پی اوز) کا قیام اور ایگری اسٹیک جیسے ڈیجیٹل اقدامات نے بھی کسانوں کی مدد کی ہے اور ان کی آمدنی میں اضافے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ان تمام اقدامات سے نہ صرف زرعی پیداوار کو مستحکم بنانے میں مدد ملی ہے بلکہ کسانوں کو دستیاب سہولیات، مالی معاونت اور دیگر وسائل میں بھی بہتری آئی ہے۔

محکمہ زرعی تحقیق و تعلیم (ڈی اے آر ای /آئی سی اے آر) کی جانب سے پیش کی گئی ایک تفصیلی پریزنٹیشن میں سائنسی تحقیق اور اختراعات کے نتیجے میں حاصل ہونے والے معاشی فوائد کو اجاگر کیا گیا۔ پریزنٹیشن کے مطابق، زرعی تحقیق اور تعلیم کے شعبے میں لگائے گئے ہر ایک روپے کے عوض 13.85 روپے کا معاشی فائدہ حاصل ہوا، جبکہ مویشی پروری سے متعلق تحقیق میں کی گئی سرمایہ کاری پر 20.81 روپے کا منافع حاصل ہوا۔سال 2014 سے اب تک فصلوں کی 3,436 نئی اقسام متعارف کرائی جا چکی ہیں، جن میں سے 93 فیصد موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔پریزنٹیشن میں غذائیت سے بھرپور فصلوں کی بہتر اقسام، مچھلی کی پیداوار کے 19.78 ملین ٹن تک پہنچنے اور 500 سے زائد زرعی مشینوں کی دستیابی کو بھی نمایاں کیا گیا۔اس کے علاوہ، کرشی وگیان کیندروں(کے وی کیز) کے ذریعے ڈیجیٹل ذرائع سے ہر سال پانچ کروڑ کسانوں تک زرعی معلومات اور جدید سائنسی رہنمائی پہنچائی جا رہی ہے۔تحقیق پر مبنی ان پیش رفتوں، جدید تکنیکی اقدامات اور معلومات کے تبادلے کی کوششوں نے دیہی معیشت کو مضبوط بنانے اور زرعی سائنس و ٹیکنالوجی کے ثمرات ملک بھر کے کسانوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

دیہی ترقی اور محکمہ اراضی وسائل کی اسکیموں نے دیہات اور غریب دیہی آبادی کی زندگیوں میں نمایاں تبدیلی برپا کی ہے

ورکشاپ میں دیہی ترقی کےمحکمہ اور اراضی وسائل کے محکمہ (ڈی او ایل آر) کے ذریعے نافذ کی جانے والی مختلف اسکیموں کے اثرات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ غربت کے خاتمے کی جانب ملک کی پیش رفت میں ان دونوں محکموں نے نہایت اہم کردار ادا کیا ہے۔اس  موقع پر پیش کی گئی پریزنٹیشنز میں دیہی ترقی کی مختلف اسکیموں کے دائرۂ کار اور ان کے نتائج کو اجاگر کیا گیا۔دین دیال انتودیہ یوجنا – قومی دیہی روزگار مشن (ڈی اے وائی- این آر ایل ایم) کے تحت 10 کروڑ سے زائد خواتین کو خود امدادی گروپوں  سے جوڑا جا چکا ہے، جبکہ اب تک 3.76 کروڑ خواتین ’لکھ پتی دیدی‘ بن چکی ہیں۔پردھان منتری آواس یوجنا – گرامین (پی ایم اے وائی- جی) کے تحت 3.99 کروڑ پکے مکانات تعمیر کیے جا چکے ہیں، جبکہ پردھان منتری گرام سڑک یوجنا(پی ایم جی ایس وائی) کے ذریعے ہر موسم میں آمدورفت کے قابل دیہی سڑکوں کا 7.99 لاکھ کلومیٹر طویل نیٹ ورک قائم کیا گیا ہے۔وِکست بھارت – جی رام جی(وی بی- جی رام جی) کے تحت اب دیہی خاندانوں کو سال میں 125 دن کے روزگار کی ضمانت حاصل ہے۔ اس کے علاوہ، سماجی امداد کے پروگراموں اور براہِ راست مستفیدین کے کھاتوں میں رقم کی منتقلی (ڈی بی ٹی) کے نظام میں 99.9 فیصد شفافیت نے معاشرے کے آخری پائیدان پر کھڑے افراد کو بھی بااختیار بنانے میں مدد فراہم کی ہے۔ان تمام اقدامات نے روزگار کے مواقع فراہم کرنے، رہائش کی سہولت یقینی بنانے، دیہی علاقوں میں سڑکوں اور آمدورفت کے نظام کو بہتر بنانے اور مستحق افراد تک سرکاری امداد پہنچانے کے ذریعے دیہی خاندانوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اراضی وسائل کے محکمہ (ڈی او ایل آر) کے تحت پردھان منتری کرشی سنچائی یوجنا کے واٹرشیڈ ڈیولپمنٹ کمپوننٹ (ڈبلیو ڈی سی- پی ایم کے ایس اوئی) کے ذریعے 3.40 کروڑ ہیکٹر اراضی پر آبی تحفظ اور زمین کی بہتری کے کاموں میں معاونت فراہم کی گئی ہے۔ ان اقدامات سے براہِ راست 61.15 لاکھ کسان مستفید ہوئے ہیں۔ان کوششوں کے نتیجے میں زیرِ آبپاشی رقبے اور دودھ کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ کسانوں کی اوسط سالانہ آمدنی میں 70 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ورکشاپ میں پیش کیے گئے اعداد و شمار نے اس بات کو اجاگر کیا کہ آبی ذخائر والے علاقوں کی ترقی سے زمین اور آبی وسائل کو بہتر بنانے، زرعی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور کسان برادری کے ذریعۂ معاش کو مستحکم کرنے میں نمایاں مدد ملی ہے۔اس پروگرام کے اثرات کا اندازہ اس حقیقت سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ لاکھوں کسانوں کو ان اقدامات سے براہِ راست فائدہ پہنچا ہے اور ان کی سالانہ آمدنی میں بھی قابلِ ذکر بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔

بجٹ اور سرکاری اسکیموں کو مزید بہتر بنانے کے لیے تجاویز طلب؛ کامیابیوں کو عوام تک پہنچانے پر زور

ورکشاپ کے اختتامی اجلاس کے دوران مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان نے تمام افسران اور ملازمین کو کھلی دعوت دی کہ وہ اپنے خیالات، تجاویز اور مفید مشوروں سے انہیں آگاہ کریں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اب تک حاصل کی گئی کامیابیوں کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ مزید بہتری کی گنجائش باقی نہیں رہی۔ پی ایم -کسان  اور ای-نام  جیسی اسکیموں کے حوالے سے پہلے ہی کئی مفید تجاویز موصول ہو چکی ہیں۔جناب چوہان نے سبھی سے اپیل کی کہ اگر ان کے پاس بجٹ، موجودہ اسکیموں میں تبدیلی یا کسانوں کی آمدنی بڑھانے کے لیے نئی اسکیمیں متعارف کرانے سے متعلق کوئی تجویز ہو تو وہ بلا جھجھک انہیں تحریری طور پر ارسال کریں۔انہوں نے بتایا کہ مستقبل میں وہ نچلی سطح پر کام کرنے والے ملازمین کے ساتھ محکمہ وار غیر رسمی ملاقاتیں بھی کریں گے۔محکمے کے سربراہ کی حیثیت سے انہوں نے اپنے ساتھیوں کو یقین دلایا کہ عہدے یا ذمہ داری کی سطح سے قطع نظر، وہ ہر افسر اور ملازم کے لیے ہمیشہ دستیاب اور قابلِ رسائی رہیں گے۔انہوں نے تمام ملازمین کو دعوت دی کہ وہ اپنے عملی تجربات، زمینی حقائق اور مفید تجاویز کے ذریعے سرکاری پروگراموں اور اسکیموں کو مزید بہتر، مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کے عمل میں اپنا بھرپور تعاون پیش کریں۔

جناب شیوراج سنگھ چوہان نے اس بات پر بھی خصوصی زور دیا کہ محکموں کی کامیابیوں اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات محض سرکاری فائلوں اور رسمی اعلانات تک محدود نہ رہیں، بلکہ انہیں مؤثر انداز میں عوام اور کسانوں تک پہنچایا جائے۔انہوں نے کہا کہ محکموں کی جانب سے کیے جانے والے کاموں اور عوام کی زندگیوں پر ان کے مثبت اثرات سے لوگوں کو آگاہ کرنا بھی ایک اہم ذمہ داری ہے۔ اس ضمن میں مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب افسران خود زمینی سطح پر پہنچ کر عوام سے براہِ راست رابطہ قائم کرتے ہیں تو اس کے مثبت نتائج اور پیغام پورے ملک تک پہنچتے ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کا ترقیاتی سفر ابھی ختم نہیں ہوا ہے اور سال 2029، 2030-31 نیز ’وِکست بھارت @2047‘ کے لیے مقرر کردہ اہداف کو مقررہ وقت پر حاصل کرنا ضروری ہے۔آزاد تجارتی معاہدوں (ایف ٹی ایز) کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب اگلا ہدف بھارتی زرعی مصنوعات کو دنیا بھر کی منڈیوں میں نمایاں مقام دلانا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو زراعت کے شعبے میں حاصل ہونے والی پیش رفت کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ملک کی زرعی مصنوعات عالمی منڈیوں تک پہنچیں اور وہاں بین الاقوامی مصنوعات کا کامیابی سے مقابلہ کر سکیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 (ش ح – م م -ع ن)

U. No. 8201


(ریلیز آئی ڈی: 2341080) وزیٹر کاؤنٹر : 5
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी