PIB Backgrounder
azadi ka amrit mahotsav

کاشی تمل سنگمم 5.0


تھروکُّرل پئیلووم: تھروکُّرل کو ہندوستان بھر کے تعلیمی اداروں تک پہنچانے کی مہم

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 25 NOV 2026 9:41AM by PIB Delhi

کاشی تمل سنگمم تمل ناڈو اور کاشی (وارانسی) کے درمیان قدیم ثقافتی، لسانی اور تہذیبی روابط کا جشن مناتا ہے، جو‘ایک بھارت شریشٹھ بھارت’ کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔ اس کا پانچواں ایڈیشن28 نومبر سے 12 دسمبر 2026 تک منعقد ہوگا، جس کا موضوع ‘‘تھروکُّرل پئیلووم – تھروکُّرل ابھیاس کریں’’ ہے۔ اس کا مقصد نوجوان  اسٹوڈنٹس میں تھروکُّرل کی لازوال تعلیمات کو فروغ دینا ہے۔ اس پروگرام کے تحت تمل ناڈو سے تقریباً 1,400 مندوبین وارانسی، پریاگ راج اور ایودھیا کا دورہ کریں گے۔ ملک گیر سطح پر اسٹوڈنٹس کی شمولیت کے ایک پروگرام کے تحت اعلیٰ تعلیم کے 1,000 اداروں کو شامل کیا جائے گا، جب کہ تمل ناڈو کے اساتذہ اتر پردیش کے اسکولوں اور کالجوں میں تھروکُّرل کی تعلیمات سے طلبہ کو روشناس کرائیں گے۔ تعلیمی تبادلوں، ثقافتی پروگراموں اور کثیر لسانی رسائی کے ذریعے اس پہل کا مقصد باہمی تفہیم کو گہرا کرنا، عوام کے درمیان روابط کو مضبوط بنانا اور ہندوستان کے مشترکہ ورثے کو فروغ دینا ہے۔

 

کاشی تمل سنگمم کے بارے میں

کاشی تمل سنگمم تمل ناڈو اور کاشی کے درمیان صدیوں قدیم تہذیبی رشتوں کا جشن مناتا ہے۔ یہ دونوں ہی قدیم علمی مراکز رہے ہیں۔ دونوں ریاستوں کے بہت سے لوگ اپنی مذہبی روایات کے تحت کاشی اور رامیشورم کا دورہ کرتے رہے ہیں، جو ہندوستان کے شمالی اور جنوبی حصوں کے درمیان ثقافتی روابط کی عکاسی کرتا ہے۔

تمل ناڈو کے بہت سے لوگ کئی نسلوں سے ہنومان گھاٹ اور کیدار گھاٹ کے آس پاس آباد ہیں۔ تمل ناڈو سے دھرم پورم ادھینم کے سوامی کمارا گروپرا کاشی آئے اور انہوں نے کیدار گھاٹ پر کیداریشور مندر تعمیر کرایا۔ اسی گھاٹ پر 200 سال قدیم کماراسوامی مٹھ اور مارکنڈے آشرم بھی واقع ہیں۔ تمل ناڈو کے شہر تینکاسی کو جنوبی ہندوستان کا کاشی کہا جاتا ہے۔ بنارس ہندو یونیورسٹی میں مہاکوی سبرامنیا بھارتی کے نام سے ایک خصوصی چیئر قائم ہے۔

سنگمم کا وسیع تر مقصد، جس کا اعلان 2022 میں کیا گیا تھا، دونوں علمی اور ثقافتی روایات کو ایک دوسرے کے قریب لانا، مشترکہ ورثے کے تئیں تفہیم پیدا کرنا اور دونوں خطوں کے عوام کے درمیان روابط کو مزید گہرا کرنا ہے۔

پہلا کاشی تمل سنگمم 2022 میں آزادی کا امرت مہوتسو کے دوران منعقد ہوا تھا۔ اس کے چار ایڈیشن کے دوران دونوں خطوں کے درمیان علم، زبان، روایات اور عملی زندگی کے تجربات کے تبادلے کو فروغ ملا ہے۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے اسے ایک ایسا ‘متحرک پروگرام’ قرار دیا ہے جو‘ایک بھارت، شریشٹھ بھارت’ کے جذبے کو مزید گہرا کرتا ہے۔

ہر ایڈیشن میں تمل ناڈو سے اسٹوڈنٹس، اساتذہ، دست کاروں، دانشوروں، روحانی  پیشواؤں اور ثقافتی شعبہ سے وابستہ افراد نے ایک ہفتہ سے لے کر دس دن تک کاشی میں قیام کیا ہے۔ انہوں نے کاشی کے مندروں، تمل ناڈو سے تاریخی روابط رکھنے والے مقامات اور قریبی شہروں ایودھیا اور پریاگ راج کا دورہ کیا ہے۔ شرکاء نے سیمیناروں، مذاکروں، ثقافتی پروگراموں، کھیلوں کے مقابلوں اور نمائشوں کے دوران کاشی کے اپنے ہم منصبوں سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔

اس سنگمم کا انعقاد وزارت تعلیم کے محکمۂ اعلیٰ تعلیم کی جانب سے آئی آئی ٹی مدراس، بنارس ہندو یونیورسٹی، سینٹرل انسٹی ٹیوٹ آف کلاسیکل تمل (سی آئی سی ٹی)، چنئی اور حکومت اتر پردیش کے اشتراک سے کیا جاتا ہے۔ اس میں ثقافت، ریلوے، سیاحت اور ٹیکسٹائل سمیت مرکزی حکومت کی متعدد وزارتیں اور محکمے بھی شراکت دار ہیں۔

کاشی تمل سنگمم 5.0: تھروکُّرل پئیلووم

سنگمم کا پانچواں ایڈیشن 28 نومبر سے 12 دسمبر- 2026 تک منعقد ہوگا، جس کا موضوع ‘‘تھروکُّرل پئیلووم – تھروکُّرل ابھیاس کریں’’ (آئیے، تھروکُّرل سیکھیں)ہے۔

تھروکُّرل اخلاقیات اور طرز عمل سے متعلق تمل زبان کا ایک کلاسیکی متن ہے۔ اس کے مصنف تروولوور نے اسے تین حصوں میں تقسیم کیا ہے: ارم (نیکی)، پورل (دولت) اور انبم (محبت)۔ اس متن میں1,330 دوہے شامل ہیں۔ سینٹرل انسٹی ٹیوٹ آف کلاسیکل تمل (سی آئی سی ٹی) نے اس کا ترجمہ ہندوستان کی25 زبانوں میں کیا ہے، جن میں آئین کے آٹھویں شیڈول میں شامل تمام 22 زبانیں بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کئی غیر ملکی زبانوں اور بریل رسم الخط میں بھی اس کے تراجم کیے گئے ہیں۔

پانچویں ایڈیشن کے مقاصد درج ذیل ہیں:

  1.  تھروکُّرل کی اخلاقی اور اقداری دانش کو نوجوانوں اور ملک بھر کے  اسٹوڈنٹس کے قریب لانا۔
  2.  تعلیمی سرگرمیوں، کثیر لسانی وسائل اور وسیع تر عوامی رسائی کے ذریعے اس متن کو پڑھنے، سمجھنے اور اس کی اقدار کو روزمرہ زندگی میں اپنانے کی حوصلہ افزائی کرنا۔
  3.  مختلف تعلیمی شعبوں اور لسانی پس منظر سے تعلق رکھنے والے طلبہ میں تھروکُّرل کے بارے میں وسیع تر تفہیم کو فروغ دینا۔

A poster with text and a riverAI-generated content may be incorrect.

کاشی تمل سنگمم 5.0 کے اہم اقدامات

 اسٹوڈنٹس  کی شمولیت کا پروگرام

 اسٹوڈنٹس میں مختلف تعلیمی شعبوں اور لسانی پس منظر کے اعتبار سے تھروکُّرل کے بارے میں وسیع تر تفہیم کو فروغ دینے کے لیے اعلیٰ تعلیم کے 1,000 اداروں کے ذریعے ملک گیر سطح پر اسٹوڈنٹس کی شمولیت کا پروگرام شروع کیا جائے گا۔ اس پروگرام میں منظم مطالعہ، تحقیق اور تعلیمی اداروں میں منعقد ہونے والی سرگرمیاں شامل ہوں گی۔

  1. ہر حصہ لینے والا ادارہ تھروکُّرل میں دلچسپی رکھنے والے اسٹوڈنٹس کی صلاحیت کا جائزہ لے گا اور میرٹ کی بنیاد پر ایک طالب علم کو نامزد کرے گا۔
  2. منتخب  اسٹوڈنٹس کو آن لائن تعلیمی رہنمائی فراہم کی جائے گی، جو آئین کے آٹھویں شیڈول میں شامل 22 زبانوں اور انگریزی میں دستیاب ہوگی۔
  3. اس کے بعد ایک ماہ تک تحقیقی اور تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں گی، جن کے لیے سینٹرل انسٹی ٹیوٹ آف کلاسیکل تمل (سی آئی سی ٹی) کی جانب سے کثیر لسانی مطالعاتی مواد فراہم کیا جائے گا۔ پروگرام کے رہنما خطوط اور مقررہ شرائط کی تکمیل سے مشروط، اہل منتخب اسٹوڈنٹس میں سے ہر ایک کو 10,000 روپے کا وظیفہ دیا جائے گا۔
  4. ہر طالب علم اپنے متعلقہ تدریسی رہنما کی نگرانی میں 4 سے 10 صفحات پر مشتمل ایک مضمون یا تحقیقی نوٹ تحریر کرے گا اور اپنے ادارے میں تھروکُّرل پر ایک گھنٹے کی پیشکش بھی دے گا۔

A diagram of a student's engagement programAI-generated content may be incorrect.

اتر پردیش کے اسکولوں اور کالجوں میں تھروکُّرل کی تدریس

سنگمم کے دوران تمل ناڈو کے 50 اساتذہ اتر پردیش کا دورہ کریں گے اور وہاں کے اسکولوں اور کالجوں میں تھروکُّرل کی تعلیم دیں گے۔ تمل ناڈو کے تھروکُّرل کے ماہرین بھی وارانسی کے اسکولوں اور کالجوں کا دورہ کریں گے۔ وہ تعارفی تربیتی ماڈیولز، باہمی تبادلۂ خیال پر مبنی نشستوں اور سوال و جواب کے مقابلوں کے ذریعے طلبہ کو اس متن کی بنیادی اقدار سے روشناس کرائیں گے۔

اسکولوں میں مطالعاتی نشستیں

نیشنل بک ٹرسٹ(این بی ٹی)، راشٹریہ ای-پُستکالیہ کے اشتراک سے وارانسی کے اسکولوں میں مطالعے کی عادت، قصہ گوئی اور تخلیقی سرگرمیوں سے متعلق باہمی تبادلے پر مبنی نشستوں کا انعقاد کرے گا۔

افتتاحی تقریب، کانفرنس اور ثقافتی پروگرام

کاشی تمل سنگمم 5.0 کا افتتاح 28 نومبر 2026 کو ہوگا، جب کہ اس کی اختتامی تقریب 12 دسمبر 2026 کو منعقد کی جائے گی۔  اسٹوڈنٹس کی شمولیت کے پروگرام کے تحت منتخب  اسٹوڈنٹس دونوں تقریبات میں آن لائن شرکت کریں گے۔ بنارس ہندو یونیورسٹی، بھارتیہ بھاشا سمیتی کے اشتراک سے تھروکُّرل پر ایک قومی کانفرنس کا بھی مشترکہ طور پر انعقاد کرے گی۔ وزارت ثقافت کی جانب سے ثقافتی دستے فراہم کیے جائیں گے، تھروکُّرل پر بنائی گئی مختصر فلمیں دکھائی جائیں گی اور مختلف مقامات پر ثقافتی پروگرام پیش کیے جائیں گے۔ مرکزی مقام پر مندوبین کے لیے تمل ناڈو اور اتر پردیش کے دست کاری اور دست بافی کے سامان کے فروخت مراکز بھی قائم کیے جائیں گے۔

ڈجیٹل اور عوامی رسائی

کاشی تمل سنگمم 5.0 میں ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے تھروکُّرل کی تعلیمات کو ہندوستان بھر میں وسیع تر سامعین اور قارئین تک پہنچانے کی کوشش بھی کی جائے گی۔ سی آئی سی ٹی کی تھروکُّرل کثیر لسانی ایپ میں تمام 1,330 دوہے آئین کے آٹھویں شیڈول میں شامل 22 زبانوں کے تراجم کے ساتھ دستیاب ہیں۔ اس ایڈیشن کے لیے سی آئی سی ٹی کے پروگرام میں منتخب دوہوں پر مختصر متحرک ویڈیوز اور فلمیں نیز تھروکُّرل کی صوتی کتابیں بھی شامل ہیں۔ ہندوستانی ریلوے، ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا اور نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا کے اشتراک سے ریلوے اسٹیشنوں، ہوائی اڈوں اور شاہراہوں کے ٹول پلازوں پر مسافروں کی معلومات فراہم کرنے والے نظاموں اور سائن بورڈز پر تراجم کے ساتھ تھروکُّرل کے دوہے دکھانے کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے۔

مندوبین اور سفر کا پروگرام

تمل ناڈو سے تقریباً1,400 شرکاء سات گروپوں میں تقسیم ہو کر اس آٹھ روزہ سفر میں حصہ لیں گے۔ ہر گروپ میں تقریباً200 افراد ہوں گے۔ اس سفر میں چار دن آمد و رفت اور چار دن دوروں اور طے شدہ پروگراموں کے لیے مختص ہوں گے۔ اس سفر کے پروگرام میں وارانسی، پریاگ راج اور ایودھیا شامل ہیں، جہاں ثقافتی، تعلیمی، متعلقہ شعبوں اور روحانیت سے وابستہ سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔

شرکاء کا تعلق سات زمروں سے ہوگا:

  1. اسٹوڈنٹس
  2. اساتذہ
  3. مصنفین اور ذرائع ابلاغ سے وابستہ پیشہ ور افراد
  4. زراعت اور اس سے متعلقہ شعبے
  5. پیشہ ور افراد اور دست کار
  6. خواتین
  7. روحانی  پیشوا

وارانسی میں قیام کے دوران مندوبین اہم مذہبی، تاریخی اور ثقافتی مقامات کا دورہ کریں گے، جن میں کاشی وشوناتھ مندر، سارناتھ یا بنارس ہندو یونیورسٹی، رام نگر قلعہ اور بھارت ماتا مندر شامل ہیں۔ ان کے پروگرام میں گنگا آرتی، گنگا اسنان، تعلیمی نشستیں اور ثقافتی پروگرام بھی شامل ہوں گے۔ اس کے بعد مندوبین پریاگ راج میں تروینی سنگم اور ایودھیا میں شری رام مندر کا دورہ کریں گے۔

تمل ورثے سے متعلق ایک خصوصی سیاحتی راستے کے تحت مندوبین کو مہاکوی سبرامنیا بھارتی کے آبائی گھر، کیدار گھاٹ اور ‘لٹل تمل ناڈو’ میں واقع کاشی مٹھ لے جایا جائے گا۔ اس کے علاوہ بنارس ہندو یونیورسٹی کے شعبۂ تمل میں ایک تعلیمی تبادلۂ خیال کا پروگرام بھی منعقد ہوگا۔

کاشی تمل سنگمم کے پہلے چار ایڈیشن 2022 سے 2025 کے درمیان منعقد ہوئے، جنہوں نے تمل ناڈو اور کاشی کے درمیان ثقافتی، لسانی اور تاریخی روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اسی ورثے کو آگے بڑھاتے ہوئے پانچویں ایڈیشن کا مقصد دونوں خطوں کے عوام کے درمیان روابط کو مزید گہرا کرنا اور ان کے مشترکہ ورثے کا جشن منانا ہے۔

کاشی تمل سنگمم 1.0 (نومبر سے دسمبر 2022)

پہلا ایڈیشن نومبر سے دسمبر 2022 کے دوران منعقد ہوا۔ تمل ناڈو سے زندگی کے 12 مختلف شعبوں کی نمائندگی کرنے والے 2,500 سے زائد افراد نے آٹھ روزہ دوروں کے تحت وارانسی، پریاگ راج اور ایودھیا کا سفر کیا۔ اس پروگرام کا انعقاد وارانسی کی بنارس ہندو یونیورسٹی میں کیا گیا تھا۔ وزیر اعظم نے 19 نومبر 2022 کو وارانسی میں اس کا افتتاح کیا تھا۔ مندوبین نے سیمیناروں اور مختلف مقامات کے دوروں میں حصہ لیا، جہاں انہیں اپنے جیسے کاروبار، پیشوں اور دلچسپیوں سے وابستہ افراد سے ملاقات کا موقع ملا۔ کاشی میں ایک ماہ تک جاری رہنے والی نمائش بھی لگائی گئی، جس میں دونوں خطوں کے دست بافی کے سامان، دست کاری کی مصنوعات، ایک ضلع ایک مصنوعات کے تحت تیار کردہ اشیاء، کتابیں، دستاویزی فلمیں، کھانے پینے کی اشیاء اور فنون کی نمائش کی گئی۔ اس کے ساتھ ہی تعلیمی تبادلوں، سیمیناروں اور ماہرین و دانشوروں کے درمیان تبادلۂ خیال کا بھی اہتمام کیا گیا۔

کاشی تمل سنگمم 2.0 (دسمبر 2023)

دوسرا ایڈیشن 17 سے 30 دسمبر 2023 تک وارانسی کے نمو گھاٹ پر منعقد ہوا، جس کا افتتاح وزیر اعظم نے کیا تھا۔ اس ایڈیشن کی ایک اہم خصوصیت وزیر اعظم کی تقریر کا تمل زبان میں حقیقی وقت میں ایپ کے ذریعے ترجمہ کرنے کا پہلا انتظام تھا، جس سے دورے پر آئے مندوبین کو فائدہ پہنچا۔ اس ایڈیشن کے پروگرام کے تحت ٹرین کے ذریعے وارانسی، پریاگ راج اور ایودھیا کے آٹھ روزہ دوروں کا انتظام کیا گیا تھا۔ مندوبین کو سات گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا اور ہر گروپ کا نام ایک مقدس دریا کے نام پر رکھا گیا تھا، جن میں گنگا، جمنا، سرسوتی، سندھو، نرمدا، گوداوری اور کاویری شامل تھے۔ اس پروگرام میں تمل ناڈو اور کاشی کے فنون، دست بافی، دست کاری اور کھانے پینے کی اشیاء کے اسٹالز، نمو گھاٹ پر ثقافتی پروگرام اور ادب، قدیم متون، فلسفے، روحانیت، موسیقی، رقص، ڈرامہ، یوگا، آیوروید اور جدید اختراعات پر تعلیمی تبادلے شامل تھے۔

کاشی تمل سنگمم 3.0 (فروری 2025)

تیسرا ایڈیشن 15 سے 24 فروری 2025 تک منعقد ہوا۔ اس میں مہارشی آگستیہ کی علمی و تہذیبی وراثت کو اجاگر کیا گیا اور ہندوستانی علمی روایت کو عصر حاضر کے مباحث سے جوڑا گیا۔ اس میں تمل ناڈو سے تقریباً 1,000مندوبین نے شرکت کی، جب کہ مختلف مرکزی یونیورسٹیوں کے مزید 200  اسٹوڈنٹس بھی اس پروگرام کا حصہ بنے۔ اس ایڈیشن کے پروگرام میں پہلی مرتبہ پریاگ راج میں مہاکمبھ اور ایودھیا میں نئے تعمیر شدہ رام مندر کے دورے بھی شامل کیے گئے۔ کاشی میں مہارشی آگستیہ پر ایک نمائش منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا، جس کے ساتھ ان کے علمی کاموں پر سیمینار، ورکشاپس اور کتابوں کی رونمائی بھی شامل تھی۔ یہ ایڈیشن قومی تعلیمی پالیسی - 2020 کے اس تصور سے ہم آہنگ تھا، جس میں ہندوستانی علمی نظام کو جدید علمی نظاموں کے ساتھ مربوط کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ اس ایڈیشن میں869 سے زائد فن کاروں اور مقامی لوک و کلاسیکی فنون کے 190 گروپوں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا، جب کہ تقریباً 2 لاکھ افراد نے اس پروگرام کا مشاہدہ کیا۔

کاشی تمل سنگمم 4.0 (دسمبر 2025)

چوتھا ایڈیشن 2 سے 15 دسمبر 2025 تک منعقد ہوا، جس کا موضوع ‘‘تمل کرکلم – آئیے، تمل سیکھیں’’ تھا۔ اس میں تمل ناڈو سے سات زمروں کے تحت 1,400 سے زائد مندوبین نے شرکت کی۔ اس ایڈیشن کی ایک اہم خصوصیت50 تربیت یافتہ تمل اساتذہ اور رابطہ کاروں کی وارانسی آمد تھی، جنہوں نے 50 اسکولوں کے 1,500 سے زائد  اسٹوڈنٹس کو بنیادی تمل زبان سکھائی۔‘تمل کرپوم پہل’ کے تحت کاشی کے 300 کالج  اسٹوڈنٹس کے لیے تمل ناڈو کے تعلیمی مطالعاتی دوروں کا اہتمام کیا گیا۔ اس ایڈیشن میں مہارشی اگستیہ گاڑی مہم بھی شامل تھی، جو تینکاسی سے کاشی تک نکالی گئی اور جس کے ذریعے دونوں خطوں کے مشترکہ ثقافتی اور تہذیبی ورثے کو اجاگر کیا گیا۔ ہندوستانی ریلوے نے مندوبین کے لیے سات خصوصی ٹرینیں چلائیں، جب کہ قدیم تمل متن تولکاپّیم کے چار ہندوستانی اور چھ غیر ملکی زبانوں میں تراجم کی رونمائی بھی کی گئی۔ اس ایڈیشن کا اختتام 30 دسمبر 2025 کو رامیشورم میں منعقدہ اختتامی تقریب کے ساتھ ہوا۔

مشترکہ تہذیبی ورثے کو آگے بڑھانا

کاشی تمل سنگمم ہندوستان کی اس قدیم روایت کی عکاسی کرتا ہے، جس میں زبان، ادب، علم اور مشترکہ طرز زندگی نے مختلف خطوں کی برادریوں کو ایک دوسرے سے جوڑے رکھا ہے۔ براہ راست میل جول اور سیکھنے سکھانے کے ذریعے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتے ہوئے اس پہل کا مقصد باہمی تفہیم کو مزید گہرا کرنا اور تمل ناڈو و کاشی کے درمیان روابط کو مضبوط بنانا ہے۔

تھروکُّرل پر اپنی توجہ مرکوز کرتے ہوئے پانچواں ایڈیشن سنگمم کی روایتی سرگرمیوں کو تعلیمی اداروں اور ملک بھر کے نوجوان  اسٹوڈنٹس تک وسعت دیتا ہے۔ لسانی اور علاقائی حدود سے بالاتر ہو کر تمل زبان کے ایک کلاسیکی متن کے مطالعہ کی حوصلہ افزائی کے ذریعے اس کا مقصد ہندوستان کے ادبی اور فلسفیانہ ورثے کو وسیع تر حلقوں کے لیے قابلِ رسائی بنانا ہے۔ اس طرح کاشی تمل سنگمم مشترکہ علم، ثقافتی تفہیم اور عوامی روابط کے ذریعے قومی یکجہتی کو فروغ دیتے ہوئے‘ایک بھارت شریشٹھ بھارت’ کے جذبے کو مسلسل آگے بڑھا رہا ہے۔

 

حوالہ جات

  • Ministry of Education

https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2326535

https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2332761

https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2198004

https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=1877338

https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=1869678

https://kashitamil.iitm.ac.in/

https://kashitamil.iitm.ac.in/programs

https://kashitamil.iitm.ac.in/events

https://www.kts.cict.in/about

https://www.kts.cict.in/programme

https://www.kts.cict.in/partners

https://www.kts.cict.in/schedule

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/specificdocs/documents/2025/feb/doc2025214502301.pdf

  • Prime Minister's Office

https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2197770

https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=1877325

  • Vice President's Secretariat

https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2197743

https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2209893

  • Ministry of Railways

https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2197516

  • Special Service and Features (PIB)

https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=1980376

  • PIB Backgrounders

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/specificdocs/documents/2025/dec/doc2025121712401.pdf

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/specificdocs/documents/2025/jun/doc202562561301.pdf

Click here to see pdf

*****

ش ح-ظ الف-  م ش

UR No. 8204


(ریلیز آئی ڈی: 2341064) وزیٹر کاؤنٹر : 9
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Gujarati