پوسٹ کرنے کی تاریخ:
24 NOV 2026 11:38AM by PIB Delhi
1952 میں قائم ہونے والی بھارتی فضائی و خلائی طب سوسائٹی ملک کی واحد رجسٹرڈ فضائی طبی سوسائٹی ہے۔ پیچیدہ فضائی طبی مسائل کے حل کے لیے علم کے تبادلے اور جدید تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے مقصد سے قائم اس سوسائٹی نے 1954 سے اپنے سالانہ سائنسی اجلاسوں کا انعقاد جاری رکھا ہے۔ اس سال آئی ایس اے ایم اپنی 65ویں سالانہ کانفرنس 26 تا 27 نومبر 2026 کو انسٹی ٹیوٹ آف ایرو اسپیس میڈیسن، بنگلورو میں منعقد کرے گی۔ بھارت میں فضائی طبی سرگرمیوں کے اہم ترین مرکزی ادارے کی حیثیت سے آئی اے ایم، مقامی طور پر تیار کیے جانے والے طیاروں کے ڈیزائن اور تیاری نیز بھارت کے پرعزم انسانی خلائی پرواز کے پروگرام کے لیے طبی معاونت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس سال کانفرنس کا موضوع ’ایک فضائی حدود، ایک مشن: ہوائی اڈے سے مدار تک فضائی طبی معاونت‘ ہے، جو فضائی و خلائی طب کے ایک متحدہ تصور کی ترجمانی کرتا ہے۔ اس میں فوجی ہوا بازی، شہری ہوا بازی اور انسانی خلائی پرواز کو یکجا کیا گیا ہے۔ یہ موضوع طبی مہارت، عملی طب اور جدید ترین تحقیق کے باہمی اشتراک کو اجاگر کرتا ہے، جس کا مقصد پرواز کے تمام شعبوں میں معیارات کو ہم آہنگ کرنا اور مختلف شعبوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہے۔
کانفرنس کا افتتاح چیف آف دی ایئر اسٹاف، ایئر چیف مارشل آشوتوش دیکشت کریں گے۔ اس موقع پر بھارت اور بیرونِ ملک سے تعلق رکھنے والی ممتاز فوجی اور شہری شخصیات بھی موجود ہوں گی۔ اس تقریب میں تقریباً 250 مندوبین کی شرکت متوقع ہے، جن میں فوجی اور شہری ہوا بازی کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے طبی ماہرین، بھارتی فضائیہ کے فضائی عملے کے ارکان اور دفاعی تحقیق و ترقی کی تنظیم نیز فضائی و خلائی صنعت کے اداروں کے ممتاز سائنس داں شامل ہوں گے۔
اس تقریب کی ایک اہم خصوصیت ایئر مارشل سبرتو مکرجی یادگاری خطبہ ہوگا، جو سینٹرل ایئرکرافٹ مینوفیکچرنگ انجینئرنگ انسٹی ٹیوٹ کے چیف ایگزیکٹو جناب اے پی وی ایس پرساد پیش کریں گے۔ ایئر وائس مارشل سرینگیش یادگاری خطبہ ایئر وائس مارشل انوپم اگروال (ریٹائرڈ)، پرنسپل کنسلٹنٹ (فضائی و خلائی طب)، ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا پیش کریں گے۔ اس کے علاوہ، جے ایچ ایف مانیکشا پینل میں وِنگ کمانڈر سریندر سودھی (ریٹائرڈ) اور کرنل کے این راؤ (ریٹائرڈ) اپنے ماہرانہ خیالات پیش کریں گے۔
اس سال ایک تاریخی اضافے کے طور پر، سوسائٹی معروف لیکچر سلسلہ ’خلاباز راکیش شرما لیکچر‘ شروع کر رہی ہے، جس کا مقصد خلاباز وِنگ کمانڈر راکیش شرما (ریٹائرڈ) کی عظیم خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔ اس سلسلے کے ذریعے دور اندیش شخصیات اور پیش رو ماہرین کو یکجا کیا جائے گا، تاکہ خلائی تحقیق کے مستقبل اور خلائی طب و ٹیکنالوجی کے میدان میں بھارت کے بڑھتے ہوئے کردار پر غور و خوض کیا جا سکے۔ افتتاحی لیکچر اسکائی روٹ ایرو اسپیس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب پون کمار چندنا پیش کریں گے۔
سائنسی پروگرام میں 100 سے زائد تحقیقی مقالے پیش کیے جائیں گے، جن کے لیے پینل مباحث، سمپوزیم، خطابات اور پوسٹر نشستوں کا اہتمام ہوگا۔ ان علمی مباحث کے ساتھ ایک سائنسی نمائش بھی منعقد کی جائے گی، جس میں جدید ترین فضائی طبی آلات اور حیاتیاتی طبی آلات پیش کیے جائیں گے۔ یہ کانفرنس علمی تبادلے کا ایک اہم فورم ثابت ہوگی اور متعلقہ شعبوں کے ماہرین کو باہمی تعاون اور فضائی و خلائی طب کی ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں کو فروغ دینے کا منفرد موقع فراہم کرے گی۔
****
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-8174