کامرس اور صنعت کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

اے پی ای ڈی اے کی جانب سے وارانسی میں متعلقہ فریقوں کے ساتھ تبادلۂ خیال پروگرام کا انعقاد


فرخ آباد سے منجمد سبز مٹر اور مخلوط سبزیوں کی پہلی برآمدی کھیپ قطر کے لیے روانہ

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 24 NOV 2026 10:49AM by PIB Delhi

بھارت کی حکومت کی وزارتِ تجارت و صنعت کے محکمۂ تجارت کے تحت زرعی اور تیار شدہ غذائی مصنوعات کی برآمدات کے فروغ کی اتھارٹی (اے پی ای ڈی اے) نے 20 نومبر 2026 کو وارانسی میں ’متعلقہ فریقوں کے ساتھ تبادلۂ خیال‘ کے پروگرام کا انعقاد کیا۔

اس پروگرام میں برآمد کنندگان اور سرکاری اداروں نے شرکت کی اور زرعی و تیار شدہ غذائی مصنوعات کی برآمدات سے متعلق اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ ان میں برآمدات کو سہل بنانا، پیکنگ، نقل و حمل، منڈیوں تک رسائی، ضابطہ جاتی تقاضے اور ادارہ جاتی معاونت شامل تھے۔ اے پی ای ڈی اے کے عہدیداروں نے شرکاء کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل کا جواب دیا اور برآمدات سے متعلق مشکلات کے حل نیز علاقائی برآمد کنندگان کی بین الاقوامی منڈیوں میں زیادہ سے زیادہ شرکت کو آسان بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اے پی ای ڈی اے کے چیئرمین جناب ابھیشیک دیو کی صدارت میں منعقدہ اس پروگرام کی ایک اہم جھلک اتر پردیش کے فرخ آباد سے قطر کے لیے منجمد سبز مٹر اور مخلوط سبزیوں کی پہلی برآمدی کھیپ کی ورچوئل روانگی تھی۔ میسرز شری لکشمی فروزن فوڈز کی جانب سے برآمد کی جانے والی اس کھیپ میں 63 میٹرک ٹن منجمد سبز مٹر اور مخلوط سبزیاں شامل ہیں۔ یہ کھیپ فرخ آباد سے روانہ ہوئی اور قطر کے شہر دوحہ پہنچانے کے لیے نہوا شیوا بندرگاہ کے ذریعے بھیجی گئی۔

یہ پہلی برآمدی کھیپ اتر پردیش کی زرعی برآمدات بالخصوص قدر افزا اور منجمد غذائی مصنوعات کے شعبے میں تنوع پیدا کرنے کی سمت ایک اہم پیش رفت ہے۔ فرخ آباد اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں سبزیوں کی پیداوار اور ان کی تیاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ اس برآمد سے یہ امکان نمایاں ہوتا ہے کہ علاقائی زرعی پیداوار کو غذائی مصنوعات کی تیاری کے مراکز اور بین الاقوامی ترسیلی سلسلوں سے مربوط کیا جا سکتا ہے، جس سے کسانوں، کسان پیداواری تنظیموں (ایف پی اوز)، غذائی مصنوعات تیار کرنے والوں اور برآمد کنندگان کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے اے پی ای ڈی اے کے چیئرمین جناب ابھیشیک دیو نے زرعی اور تیار شدہ غذائی مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے رکن برآمد کنندگان کو ضروری تعاون فراہم کرنے کے اے پی ای ڈی اے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے حال ہی میں شروع کی گئی ’بھارت کرشی نریات یوجنا‘ (بی کے این وائی) کے بارے میں بھی بتایا، جس کا مقصد زرعی برآمدات کی حوصلہ افزائی اور برآمدات سے متعلق بنیادی ڈھانچے اور سرگرمیوں کو مستحکم بنانا ہے۔ انہوں نے اے پی ای ڈی اے کے ’بھارتی‘ اقدام کو بھی نمایاں کیا، جس کا مقصد کسان پیداواری تنظیموں (ایف پی اوز) کو بااختیار بنانا اور انہیں برآمدی سلسلوں سے منسلک کرنے میں سہولت فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی حاصل کر سکیں۔

چیئرمین نے عالمی منڈیوں میں بھارتی زرعی مصنوعات کی مسابقت بڑھانے کے لیے برآمد کنندگان، ایف پی اوز، سرکاری محکموں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے درمیان مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ اس تبادلۂ خیال سے برآمد کنندگان کو درپیش عملی مشکلات کی نشاندہی کرنے اور ادارہ جاتی معاونت و برآمدات کو سہل بنانے کے اقدامات پر غور کرنے کا موقع بھی ملا۔

اس پروگرام میں اے پی ای ڈی اے، اتر پردیش حکومت کے محکمۂ زراعت، ای سی جی سی، ڈی پی پی کیو ایس، اے آئی سی ایل اے ایس ایس اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ عہدیداروں کے علاوہ برآمد کنندگان، ایف پی اوز اور زرعی و غذائی مصنوعات کی تیاری کے شعبوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

متعلقہ فریقوں کے ساتھ رابطے، منڈیوں کی ترقی کے اقدامات، بنیادی ڈھانچے کی معاونت اور صلاحیت سازی کے پروگراموں کے ذریعے اے پی ای ڈی اے بھارت کی زرعی اور تیار شدہ غذائی مصنوعات کی برآمدات میں توسیع کے لیے مسلسل سہولت فراہم کر رہا ہے۔ فرخ آباد سے قطر کے لیے منجمد سبز مٹر اور مخلوط سبزیوں کی پہلی برآمدی کھیپ اتر پردیش کی زرعی برآمدات میں مصنوعات کے تنوع اور جغرافیائی وسعت میں اضافے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

****

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-8173


(ریلیز آئی ڈی: 2340785) وزیٹر کاؤنٹر : 8
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी