سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

دلی ہاٹ میں منعقدہ 15 روزہ ’شِلپ سماگم میلہ 2026‘ اختتام پذیر، مجموعی فروخت 1.13 کروڑ روپے سے تجاوز کر گئی


بھارت کے روایتی دست کاری کے فن اور شمولیتی کاروبار کی نمائش؛ ہنرمندوں اور ثقافتی ورثے کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کیاگیا

مرکزی وزیر ڈاکٹر ویریندر کمار، مرکزی وزیر مملکت جناب رام داس اٹھاولے اور سکریٹری جناب سدھانش پنت نے میلے کا دورہ کیا، ہنرمندوں سے بات چیت کی اور ان کی کاروباری کوششوں کی حوصلہ افزائی کی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 23 NOV 2026 5:04PM by PIB Delhi

سماجی انصاف اور تفویضِ اختیارات کی وزارت کے زیر اہتمام 15 روزہ ’شِلپ سماگم میلہ 2026‘ اس ماہ کی 15 تاریخ کو یہاں قومی راجدھانی کے آئی این اے میں واقع دلی ہاٹ میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اس میلے میں وزارت کے تحت کام کرنے والے چار قومی کارپوریشنوں نے مجموعی طور پر1,13,34,681 روپے کی فروخت درج کی۔

میلے میں عوام کی جانب سے حوصلہ افزا شرکت دیکھنے میں آئی، جو بھارت کے روایتی دست کاری کے فنون، دستکارانہ مصنوعات، مقامی طور پر تیار کردہ اشیا اور مستفید طبقات کے ہنرمندوں میں موجود کاروباری صلاحیتوں کے تئیں بڑھتی ہوئی قدر شناسی کی عکاسی کرتی ہے۔

یکم نومبرسے 15 نومبر 2026 تک ’روشنی اور روایت – چراغ سے چراغ جلائیں ‘کے موضوع کے تحت منعقدہ اس میلے میں بھارت کے مالا مال ثقافتی ورثے، روایتی دست کاری، تہواروں کی روشنیوں اور فنون کے تنوع کا جشن منایا گیا۔

سات موضوعاتی حصوں—کلا آنگن، پرکاش چوک، پوجا پتھ، سجاوٹ بازار، گھرانہ، سوا د چوک اور منچ—میں لگائے گئے 130 سے زائد اسٹالوں نے زائرین کو روایتی دست کاری، کپڑوں، گھریلو آرائش کی اشیا، تہواروں سے متعلق مصنوعات، مقامی طور پر تیار کردہ اشیا اور علاقائی کھانوں کی روایات سے روشناس کرانے کا ایک رنگا رنگ موقع فراہم کیا۔

 

وزارت کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ اس میلے نے درج فہرست ذاتوں، دیگر پسماندہ طبقات، صفائی کارکنوں اور معذور افراد سے تعلق رکھنے والے ہنرمندوں اور مستفیدین کو اپنی مصنوعات کی نمائش، صارفین سے براہِ راست رابطہ قائم کرنے اور منڈی میں اپنے کاروبار کے مواقع بڑھانے کے لیے ایک مخصوص پلیٹ فارم فراہم کیا۔

افسر نے بتایا کہ اس میلے میں شرکت کرنے والے ہنرمندوں کو وزارت کے تحت کام کرنے والے چار اعلیٰ سطحی کارپوریشنوں کے ذریعے تعاون فراہم کیا گیا۔ ان میں نیشنل شیڈیولڈ کاسٹس فائننس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایس ایف ڈی سی)، نیشنل بیک ورڈ کلاسز فائننس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این بی سی ایف ڈی سی)، نیشنل صفائی کرمچاریز فائننس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایس کے ایف ڈی سی) اور نیشنل دیویانگ جن فائننس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ڈی ایف ڈی سی) شامل ہیں۔

افسر نے بتایا کہ اس میلے کا افتتاح 2 نومبر 2026 کو سماجی انصاف اور تفویضِ اختیارات کے مرکزی وزیر ڈاکٹر ویریندر کمار نے کیا تھا۔ اپنے دورے کے دوران وزیر موصوف نے اسٹالوں کا معائنہ کیا، ہنرمندوں سے بات چیت کی اور ان کی دست کاری، تخلیقی صلاحیتوں اور کاروباری جذبے کو سراہا۔

ڈاکٹر کمار نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے پلیٹ فارم فراہم کرنا نہایت اہم ہے جو دست کاروں کو اپنی مصنوعات کی نمائش کرنے، روزگار کے مواقع کو مستحکم بنانے اور ایک شمولیتی اور خود کفیل بھارت کی تعمیر میں اپنا تعاون دینے کے قابل بنائیں۔

عہدیدار نے کہا کہ اس میلے کے ذریعے سماجی انصاف اور تفویضِ اختیارات کے محکمے (ڈی او ایس جے ای) اور معذور افراد کو بااختیار بنانے کے محکمے (ڈی ای پی ڈبلیو ڈی) کی مشترکہ پہل ’شلپ اتسو‘ کا بھی پہلی مرتبہ انعقاد کیا گیا۔ اس کے تحت ’بھارت ٹولیپ‘ اور ’پرپل فیسٹ‘ کے ذریعے روایتی دست کاروں اور معذور افراد کی تخلیقی صلاحیتوں کو ایک شمولیتی پلیٹ فارم پر یکجا کیا گیا۔

سماجی انصاف اور تفویضِ اختیارات کے مرکزی وزیر مملکت جناب رام داس اٹھاولے نے 6 نومبر 2026 کو میلے کا دورہ کیا۔ عہدیدار نے بتایا کہ اس موقع پر انہوں نے دست کاری کی اشیا، دست بافی کی مصنوعات، روایتی ملبوسات، تہواروں کی آرائش و زیبائش کے سامان، چراغوں، گھریلو سجاوٹ کی اشیا اور دیگر دیسی مصنوعات کی نمائش کرنے والے اسٹالوں کا معائنہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر موصوف نے میلے میں حصہ لینے والے دست کاروں سے بات چیت کی اور بازار سے ان کے روابط قائم کرنے اور روزگار کے مواقع کو مستحکم بنانے کے لیے اس پہل کی ستائش کی۔ عہدیدار نے مزید کہا کہ وزیر موصوف نے کاروبار اور خود روزگاری کے ذریعے شمولیتی سماجی و اقتصادی ترقی اور مختلف طبقات کو بااختیار بنانے کے تئیں حکومت کے عزم پر زور دیا۔

مرکزی وزیر مملکت برائے امورِ صارفین، خوراک اور عوامی نظامِ تقسیم محترمہ نیموبین جینتی بھائی بامبھنیہ نے بھی مرکزی وزیر مملکت جناب رام داس اٹھاولے کے ہمراہ میلے کا دورہ کیا۔

سماجی انصاف اور تفویضِ اختیارات کی وزارت کے سکریٹری جناب سدھانش پنت نے 5 نومبر 2026 کو میلے کا دورہ کیا اور اس میں حصہ لینے والے دست کاروں اور کاروباری افراد سے بات چیت کی۔ انہوں نے اسٹالوں کا معائنہ کیا اور وہاں پیش کی جانے والی مصنوعات کے تنوع اور معیار کو سراہا۔

سکریٹری نے روایتی دست کاروں کو صارفین سے جوڑنے، انہیں بازار تک رسائی فراہم کرنے اور روزگار کے پائیدار مواقع کو فروغ دینے میں شلپ سماگم کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ عہدیدار نے بتایا کہ انہوں نے شہریوں اور میلے میں آنے والے لوگوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ دست کاروں کی مصنوعات کو سراہ کر اور خرید کر ان کی مدد کریں۔

عہدیدار نے بتایا کہ میلے میں اعلیٰ حکام اور معزز شخصیات نے بھی شرکت کی، جنہوں نے دست کاروں سے بات چیت کی اور وہاں پیش کی جانے والی مختلف مصنوعات اور سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

عہدیدار نے کہا کہ ان دوروں سے کاروبار کو فروغ دینے، بازار تک رسائی کو مستحکم بنانے اور مستفیدین کو اپنی مہارتوں اور روایتی علم کے ذریعے معاشی طور پر خود کفیل بننے کے مواقع فراہم کرنے کے تئیں وزارت کے عزم کی توثیق ہوئی۔

عہدیدار نے بتایا کہ 15 روزہ میلے کے دوران ہر شام منچ پر منعقد ہونے والے ثقافتی پروگراموں کی ایک سلسلہ وار پیشکش بھی لوگوں کی توجہ کا اہم مرکز رہی۔ مختلف ریاستوں کے فن کاروں اور فنونِ لطیفہ پیش کرنے والے گروپوں نے لوک رقص، روایتی موسیقی اور علاقائی فنون کا مظاہرہ کیا، جس سے میلے میں آنے والوں کو بھارت کی متنوع ثقافتی روایات کی جھلک دیکھنے کا موقع ملا۔

 

عہدیدار نے کہا کہ ثقافتی شاموں نے میلے کی رونق میں مزید اضافہ کیا اور ثقافتی تبادلے کے ساتھ ساتھ بھارت کے کثیرالثقافتی ورثے کی قدر و ستائش کو بھی فروغ دیا۔

عہدیدار نے بتایا کہ میلے کے ذریعے دست کاروں کو ’بھارت ٹولیپ‘ اور ’پرپل فیسٹ‘ جیسی پہل کے توسط سے اپنی مصنوعات کی وسیع تر بازاروں تک رسائی کے مواقع بھی فراہم کیے گئے۔ ’بھارت ٹولیپ‘ دست کاروں کو ای کامرس کے پلیٹ فارموں سے جوڑتا ہے، جبکہ ’پرپل فیسٹ‘ معذور افراد کی تخلیقی صلاحیتوں اور استعداد کا جشن منانے کے ساتھ شمولیت اور یکساں مواقع کو فروغ دیتا ہے۔

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ وزارت 2022 سے شلپ سماگم میلوں کا انعقاد کر رہی ہے، جن کے ذریعے درج فہرست ذاتوں، دیگر پسماندہ طبقات اور صفائی کرمچاری برادریوں سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار سے زائد دست کاروں کو اپنی مصنوعات کی نمائش اور فروخت کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہل کاروبار، خود روزگاری، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور مستفید ہونے والی برادریوں کو سماجی و اقتصادی طور پر بااختیار بنانے کے عمل میں مسلسل معاونت فراہم کر رہی ہے۔

اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عہدیدار نے کہا کہ 15 روز کے دوران 1,13,34,681 روپے کی فروخت کے ساتھ شلپ سماگم میلہ 2026 کا کامیاب اختتام روایتی دست کاری کے تئیں عوام کی بڑھتی ہوئی قدر و ستائش اور ایسے مستقل پلیٹ فارموں کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے جو دست کاروں کو براہِ راست صارفین سے جوڑتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ میلہ شمولیتی ترقی کو فروغ دینے، بھارت کے ثقافتی ورثے کے تحفظ اور کاروبار نیز بازار پر مبنی مواقع کے ذریعے معاشی خود مختاری کو آگے بڑھانے کے لیے وزارت کی مسلسل کوششوں کا عکاس ہے۔

****

 (ش ح ۔رک)

U. No.8146


(ریلیز آئی ڈی: 2340461) وزیٹر کاؤنٹر : 3
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी