پوسٹ کرنے کی تاریخ:
23 NOV 2026 4:25PM by PIB Delhi
سائنس و ٹیکنالوجی اور ارضیاتی علوم کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور وزیر اعظم دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج کہا کہ بھارت میں لینڈ سلائیڈ کے انتظام سے متعلق نقطۂ نظر بتدریج آفات کے بعد راحت رسانی سے ہٹ کر روک تھام، پیشگی تیاری اور خطرات میں کمی کی جانب منتقل ہو رہا ہے۔ یہ ملک کی آفات کے انتظام کی حکمتِ عملی میں ایک بڑی تبدیلی کی علامت ہے۔
فریدآباد میں امریتا وشو ودیاپیٹھم میں ساتویں عالمی لینڈ سلائیڈ فورم (ڈبلیو ایل ایف 7) کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ بھارت اب آفات پیش آنے کا انتظار کرنے اور اس کے بعد راحت رسانی کے انتظامات متحرک کرنے کے بجائے خطرات کا پیشگی اندازہ لگانے، قبل از وقت انتباہی نظام کو مضبوط بنانے اور جانی و بنیادی ڈھانچے کے ایسے نقصانات کو روکنے کی جانب بڑھ رہا ہے جن سے بچا جا سکتا ہے۔
بائیس سے 27 نومبر 2026 تک منعقد ہونے والے ساتویں عالمی لینڈ سلائیڈ فورم کی میزبانی پہلی مرتبہ بھارت کر رہا ہے۔ اس کا اہتمام امریتا وشو ودیاپیٹھم نے لینڈ سلائیڈ سے متعلق بین الاقوامی کنسورشیم (آئی سی ایل) اور لینڈ سلائیڈ سے متعلق بین الاقوامی پروگرام (آئی پی ایل) کے اشتراک سے کیا ہے۔ افتتاحی اجلاس میں 75 سے زائد ممالک کے بین الاقوامی ماہرین، سائنس دانوں اور پالیسی سازوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر موجود اہم شخصیات میں ارضیاتی علوم کی وزارت کے سکریٹری ڈاکٹر سرینواس کمار تمّالا؛ امریتا وشو ودیاپیٹھم کی چانسلر ماتا امریتانندمئی دیوی؛ وائس چانسلر ڈاکٹر وکرم رنگن؛ پرو وائس چانسلر ڈاکٹر منیشا ونودنی رمیش اور دیگر تعلیمی رہنما اور بین الاقوامی مندوبین شامل تھے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ بھارت کامتنوع ارضیاتی اور جغرافیائی ساخت کا حامل خطہ، جس میں ہمالیہ، مغربی گھاٹ، شمال مشرقی خطہ اور دیگر خطرے سے دوچار پہاڑی علاقے شامل ہیں، لینڈ سلائیڈ کے خطرات میں کمی کو قومی ترجیحات میں ایک اہم مقام دیتا ہے۔ انہوں نے کیرالہ کے وایناڈ، اتراکھنڈ کے چمولی، سکم، ہماچل پردیش اور جموں و کشمیر میں لینڈ سلائیڈ کے بڑے سانحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے سانحات کے اثرات کم سے کم کرنے کے لیے مختلف شعبوں کے درمیان اشتراک پر مبنی تحقیق، مسلسل نگرانی اور مربوط سائنسی کوششیں ناگزیر ہیں۔
وزیر موصوف نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی کا محکمہ 1982 سے قدرتی وسائل کے اعداد و شمار کے انتظامی نظام (این آر ڈی ایم ایس) کے ذریعے جغرافیائی معلوماتی ٹیکنالوجیز اور قدرتی وسائل سے متعلق اعداد و شمار کے انتظام کے شعبے میں سرگرم عمل ہے۔ 2019 میں متعارف کرائی گئی قومی جغرافیائی معلوماتی پالیسی اور قومی جغرافیائی معلوماتی پروگرام نے جدید ٹیکنالوجیز سے استفادہ کرتے ہوئے بھارت کے جغرافیائی معلوماتی نظام کو مزید مضبوط بنایا ہے۔ اس محکمے نے لینڈ سلائیڈ سے متعلق انتباہی اور قبل از وقت نشاندہی کے نظام، مصنوعی ذہانت پر مبنی کم لاگت والے اور ویڈیو کے ذریعے نگرانی کے حل، ارضیاتی اور جغرافیائی طبیعیاتی تحقیقات، خطرات سے دوچار علاقوں کی نقشہ سازی اور اس سے متعلق تحقیقی اقدامات کی معاونت کی ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ تقریباً 4.3 لاکھ مربع کلومیٹر کے رقبے پر لینڈ سلائیڈ کے خطرے سے متعلق قومی نقشہ سازی مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ 2025 کے اختتام تک لینڈ سلائیڈ کے واقعات کے ریکارڈ کے قومی ڈیٹا بیس میں ماضی میں پیش آنے والے تقریباً 91 ہزار واقعات کی معلومات جمع کر لی گئی ہیں۔ قومی لینڈ سلائیڈ پیش گوئی مرکز 2024 میں کولکاتا میں قائم کیا گیا تھا، جبکہ 2020 میں قائم کیا گیا علاقائی لینڈ سلائیڈ پیش گوئی نظام خطرے سے دوچار علاقوں میں تجرباتی اور عملی پیش گوئی کے عمل میں معاونت کر رہا ہے۔ قومی لینڈ سلائیڈ پیش گوئی مرکز نے اب اپنی سرگرمیوں کا دائرہ بڑھا کر 20 اضلاع تک وسیع کر دیا ہے۔
وزیر موصوف نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ کی سربراہی میں قائم ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی نے حال ہی میں آفات کے اثرات کو کم کرنے اور صلاحیت سازی کی مشقوں کے لیے 1,115.67 کروڑ روپے کی منظوری دی ہے۔ اس کے علاوہ 15 ریاستوں پر محیط قومی لینڈ سلائیڈ تخفیف منصوبے کے لیے ایک ہزار کروڑ روپے منظور کیے گئے ہیں۔ اس منصوبے میں ہمالیائی خطے کی 10 ریاستیں اور لینڈ سلائیڈ کے خطرے سے دوچار پانچ دیگر ریاستیں شامل ہیں۔ انہوں نے ادارہ جاتی اشتراک اور سائنسی شراکت داریوں کا بھی ذکر کیا، جن میں بھارتی ارضیاتی سروے، قومی وسط مدتی موسمیاتی پیش گوئی مرکز اور دہرہ دون میں واقع واڈیا انسٹی ٹیوٹ آف ہمالین جیولوجی شامل ہیں۔ یہ ادارے ارضیاتی تحقیقات، خطرات کے جائزے، مربوط نگرانی، سیٹلائٹ پر مبنی مشاہدات اور مصنوعی ذہانت کی مدد سے لینڈ سلائیڈ کی نقشہ سازی اور پیش گوئی کے عمل کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
لینڈ سلائیڈ کے خطرات کے انتظام میں موسمیاتی سائنس کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ دو ہزار کروڑ روپے کی ابتدائی رقم سے شروع کیا گیا مشن موسم، بھارت کی موسمیاتی مشاہدے، پیش گوئی اور ماڈل سازی کی صلاحیتوں کو مضبوط بنا رہا ہے۔ 2025 میں متعارف کرایا گیا بھارت فورکاسٹ سسٹم تقریباً چھ کلومیٹر تک کے مقامی پیمانے پر موسمی پیش گوئیاں فراہم کرتا ہے، جس سے آفات سے نمٹنے کی تیاری، انتظامی امور اور بنیادی ڈھانچے کی منصوبہ بندی کے لیے زیادہ مقامی اور مخصوص معلومات دستیاب ہو رہی ہیں۔
وزیر موصوف نے زور دیتے ہوئے کہا کہ صرف بارش کی پیش گوئی کی بنیاد پر لینڈ سلائیڈ کے واقعات کا درست اندازہ نہیں لگایا جا سکتا، کیونکہ سائنسی جائزے میں ارضیاتی ساخت، مٹی میں نمی، مٹی کے ذرات کے درمیان پانی کا دباؤ، ڈھلوانوں میں تبدیلی اور زمین کے استحکام جیسے عوامل کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ درست، مؤثر اور مخصوص مقامات کے حالات کے مطابق لینڈ سلائیڈ سے متعلق قبل از وقت انتباہی نظام تیار کرنے کے لیے موسمی پیش گوئیوں کو ارضیاتی، ارضیاتی انجینئرنگ، آبیاتی اور زمین پر حقیقی وقت میں کی جانے والی مشاہداتی سرگرمیوں کے ساتھ مربوط کرنے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے لینڈ سلائیڈ سے متعلق تحقیق اور قبل از وقت انتباہی ٹیکنالوجیز کے شعبے میں امریتا وشو ودیاپیٹھم کی خدمات کو سراہا، خصوصاً اس کے تیار کردہ وائرلیس سینسر نیٹ ورک پر مبنی لینڈ سلائیڈ کی نشاندہی کرنے والے نظام کو، جسے کیرالہ کے منّار میں نصب کیا گیا ہے۔ مسلسل مقامی تحقیق کے ذریعے تیار کیے گئے اور سائنس و ٹیکنالوجی کے محکمے کی معاونت سے قائم اس نظام میں بارش، مٹی کی نمی، مٹی کے ذرات کے درمیان پانی کے دباؤ اور دیگر جغرافیائی طبیعیاتی پیمانوں کی حقیقی وقت میں پیمائش کو یکجا کیا گیا ہے، تاکہ ڈھلوانوں کی بدلتی ہوئی صورتِ حال کا جائزہ لیا جا سکے۔
انہوں نے ارضیاتی علوم کی وزارت کی معاونت اور مشترکہ مالی تعاون سے سکم میں نصب کیے گئے جدید قبل از وقت لینڈ سلائیڈ انتباہی نظام کا بھی ذکر کیا۔ یہ نظام سکم کی ریاستی آفات کے انتظامی اتھارٹی کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے اور اس بات کی مثال ہے کہ حکومت کی معاونت سے جامعات میں ہونے والی تحقیق کو کس طرح عملی سطح پر بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سماج کے لیے براہِ راست مفید ٹیکنالوجیز کی تیاری میں مقامی اختراع، ’میک اِن انڈیا‘ اور ’آتم نربھر بھارت‘ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے مربوط جغرافیائی معلوماتی ڈیٹا بیس، سیٹلائٹ اور سینسر پر مبنی نگرانی، ادارہ جاتی اشتراک اور سائنسی ترقیات کو مؤثر انداز میں آخری سرے تک پہنچانے والے انتباہی نظام میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ سلائیڈ کے خطرات میں کمی کا مستقبل مصنوعی ذہانت، جغرافیائی سائنس، سیٹلائٹ سے حاصل ہونے والے مشاہدات، زمینی سینسرز اور مختلف شعبوں پر مشتمل تحقیق کو عملی طور پر نافذ کرنے میں مضمر ہے، تاکہ سائنسی معلومات بروقت خطرے سے دوچار آبادیوں تک پہنچ سکیں اور اس طرح انسانی جانوں، بنیادی ڈھانچے اور روزگار کے ذرائع کا تحفظ کیا جا سکے۔
وزیر موصوف نے امید ظاہر کی کہ ساتواں عالمی لینڈ سلائیڈ فورم عالمی سطح پر سائنسی اشتراک، ٹیکنالوجی کی منتقلی، ادارہ جاتی صلاحیت سازی اور اثرات پر مبنی قبل از وقت انتباہی نظاموں کو فروغ دے گا۔ اس کے ساتھ ہی فورم میں ہونے والی سائنسی بات چیت کو محفوظ ڈھلوانوں، مضبوط بنیادی ڈھانچے اور آفات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھنے والی برادریوں کی تعمیر کے لیے عملی اقدامات میں تبدیل کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔




****
(ش ح ۔رک)
U. No.8140