سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

سائنسدانوں نے ایک نایاب ’ستارہ جاتی فوسل‘ دریافت کیا ہے، جس میں کائنات کے ستاروں کی پہلی نسلوں سے متعلق سراغ محفوظ ہیں

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 23 NOV 2026 3:46PM by PIB Delhi

ماہرینِ فلکیات نے ایک نایاب قدیم ستارے،ایچ ای 0518-1153، کو دریافت کیا ہے، جس کی کیمیائی ترکیب میں کائنات کے ابتدائی ستاروں کی نسلوں کے آثار محفوظ ہیں۔

کائنات میں ستاروں کی ابتدائی نسلیں بگ بینگ کے چند سو ملین سال بعد وجود میں آئی تھیں۔ اگرچہ وہ عظیم الجثہ ستارے اب باقی نہیں رہے، لیکن اپنی زندگی کے اختتام پر سپرنووا دھماکوں میں تباہ ہونے سے پہلے انہوں نے نئے تشکیل شدہ عناصر سے ابتدائی گیس کو مالا مال کیا تھا۔

اس گیس سے وجود میں آنے والے قدیم ستارے، جن میں دھاتی عناصر کی مقدار بہت کم تھی، ان کیمیائی آثار کو اپنے اندر محفوظ رکھتے ہیں۔ اسی لیے انہیں ”ستارہ جاتی باقیات“ کہا جاتا ہے۔ یہ آثار ماہرینِ فلکیات کو کائنات کی ابتدائی تاریخ کا ازسرِنو جائزہ لینے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ لہٰذا، ایسی نایاب ستارہ جاتی  باقیات کی دریافت ان جوہری عملوں کے بارے میں اہم سراغ فراہم کرتی ہے، جن کے ذریعے ابتدائی کائنات میں عناصر تشکیل پائے اور ہماری کہکشاں کے کیمیائی ارتقا کی راہ ہموار ہوئی۔

ہوائی میں واقع سوبارو دوربین سے حاصل کردہ اعلیٰ وضاحت کے طیفیاتی اعداد و شمار کے ساتھ حالیہ فلکیاتی مقام پیمائی اور ضیائی پیمائش کے اعداد و شمار کا استعمال کرتے ہوئے، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ایسٹرو فزکس (آئی آئی اے)، بنگلورو، جو سائنس اور ٹیکنالوجی کے محکمے (ڈی ایس ٹی) کا ایک خودمختار ادارہ ہے، اور آسام کے دکشن کامروپ کالج کے سائنس دانوں کی ایک ٹیم نے اس ستارے کی فضائی خصوصیات اور کیمیائی عناصر کی مقدار کا نہایت درستگی کے ساتھ تعین کیا۔ فضائی خصوصیات اور کیمیائی عناصر کی مقدار سے متعلق ان پیمائشوں کے ذریعے اس بات کی جامع تحقیق ممکن ہوئی کہ ستارے کے مختلف عناصر جوہری تعاملات کے دوران کس طرح تشکیل پائے، نیز اس کی ارتقائی حالت کیا ہے۔

شکل: یون-بیرز ڈائی گرام، جس میں کاربن کی مطلق مقدار اے (سی) کو کاربن سے بھرپور، دھاتی عناصر کی کم مقدار والے ستاروں (سی ای ایم پی) کے لیے دھاتی عناصر کی مقدار [ایف ای/ایچ] کے مقابل دکھایا گیا ہے۔ مختلف رنگوں کے بیضوی دائرے متعلقہ گروہوں کے تقریباً مقامات کو ظاہر کرتے ہیں، جیسا کہ نشان زد کیا گیا ہے۔ اس تحقیق میں زیرِ مطالعہ ستارے ایچ ای0518-1153 کو بڑے پیلے ستارے کے نشان سے ظاہر کیا گیا ہے۔ سیاہ رنگ کی ٹھوس لکیر [سی/ایف ای].7.0 +=کے مطابق سی ای ایم پی ستاروں کی درجہ بندی کی حد کو ظاہر کرتی ہے۔

اس تحقیق میں ایچ ای0518-1153 کو کاربن سے بھرپور اور دھاتی عناصر کی کم مقدار والے ستاروں (سی ای ایم پی) کی ایک ایسی ذیلی قسم کے طور پر شناخت کیا گیا ہے، جس کے بارے میں پہلے معلوم نہیں تھا۔ اسے سی ای ایم پی-نو ستارہ کہا جاتا ہے۔ سی ای ایم پی ستاروں میں سی ای ایم پی-نو ستارے ایک ایسا ذیلی گروہ ہیں، جن میں کاربن کی مقدار زیادہ، جب کہ بھاری عناصر کی مقدار کم ہوتی ہے۔ یہ ستارے ستارہ جاتی باقیات کی ایک نایاب قسم ہیں، جو کہکشاں کے ارتقا کے ابتدائی مراحل کو براہِ راست سمجھنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ ستارے ایچ ای0518-1153  میں لوہے کی مقدار سورج کے مقابلے میں محض ایک ہزارواں حصہ ہے، اس کے باوجود اس میں کاربن اور سوڈیم کی مقدار غیر معمولی طور پر زیادہ ہے، جب کہ نیوٹران کے جذب سے ہونے والے جوہری عمل کے نتیجے میں بننے والے بھاری عناصر کی مقدار بہت کم ہے۔

یہ مطالعہ کاربن کے آیسوٹوپس(12سی؍13سی) کے کم تناسب کی بھی پیمائش کرتا ہے۔، جو اس بات کی نشاندہی  ہے کہ ستارے کے اندر موجود گیس میں نمایاں طور پر اختلاط کا عمل ہوا ہے۔ بصری اور زیریں سرخ طیفی خطوں میں اس کی اسپیکٹرل توانائی کی تقسیم سے زیریں سرخ شعاعوں کے اضافی اخراج کے شواہد ملتے ہیں، جو ستارے کے گرد گرد و غبار کی ممکنہ موجودگی کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ مشاہدے سے حاصل ہونے والی یہ تمام خصوصیات ستارے کے اندرونی ارتقا اور اس ماحول کی کیمیائی ساخت، جس میں یہ وجود میں آیا، دونوں کے بارے میں قیمتی معلومات فراہم کرتی ہیں۔

انڈین  انسٹی ٹیوٹ آف ایسٹرو فزکس (آئی آئی اے) کی ارونا گوسوامی، جو اس تحقیق کی شریک مصنفہ بھی ہیں، نے وضاحت کرتے ہوئے کہا، ”قدیم ستارے، جن میں دھاتی عناصر کی مقدار بہت کم ہے، ہماری کہکشاں میں باقی رہ جانے والی قدیم ترین اجرامِ فلکی میں شامل ہیں۔ یہ ایسے گیس سے وجود میں آئے تھے جو ستاروں کے اولین دھماکوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والے عناصر سے مالا مال ہو چکی تھی۔ ان کی کیمیائی ساخت ہمیں 13 ارب سال سے بھی زیادہ عرصہ پہلے ہونے والے جوہری عمل کے ذریعے عناصر کی تشکیل کا مطالعہ کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ ایچ ای0518-1153 جیسی دریافتیں ہمیں یہ سمجھنے کے مزید قریب لے آتی ہیں کہ ستاروں کی ابتدائی نسلوں نے کائنات کو ان عناصر سے کس طرح مالا مال کیا، جو بعد میں ستاروں، سیاروں اور زندگی کی تشکیل کے بنیادی اجزا بنے۔“

مشاہدے میں سامنے آنے والے عناصر کی مقدار کے مخصوص تناسب کی اصل کو سمجھنے کے لیے، محققین نے ناپے گئے عناصر کی مقدار کا نظریاتی جوہری عمل کے نمونوں سے حاصل ہونے والی پیش گوئیوں کے ساتھ موازنہ کیا۔ دکشن کامروپ کالج سے وابستہ اور اس تحقیق کے سرکردہ مصنف پارتھا پراتم گوسوامی نے اس دریافت کی وسیع تر اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا، ”کیمیائی اعتبار سے ہر نیا دریافت ہونے والا قدیم ستارہ ہمیں مِلکی وے کہکشاں کی ابتدائی تاریخ اور اولین ستاروں کی زندگی کے بارے میں معلومات ازسرِنو مرتب کرنے میں مدد دیتا ہے۔ یہ ستارہ جاتی باقیات، ستاروں میں جوہری عمل کے ذریعے عناصر کی تشکیل اور کہکشاں کے کیمیائی ارتقا سے متعلق نظریاتی نمونوں کو جانچنے کے لیے مشاہداتی شواہد کی مضبوط ترین بنیاد فراہم کرتی ہیں۔“

یہ دریافت ماہنامہ نوٹسز آف دی رائل آسٹرونومیکل سوسائٹی (ایم این آر اے ایس) نامی تحقیقی جریدے میں شائع ہوئی ہے۔ اس سے قدیم کائنات کی کیمیائی تاریخ کو اپنے اندر محفوظ رکھنے والی ستارہ جاتی باقیات کی بڑھتی ہوئی فہرست میں ایک اور اضافہ ہوا ہے۔ یہ مطالعہ ظاہر کرتا ہے کہ ستاروں کی اعلیٰ ریزولیوشن والی طیفیاتی جانچ کے ذریعے مِلکی وے کہکشاں کے ابتدائی دور کی باقیات مسلسل دریافت کی جا رہی ہیں۔ یہ تحقیق ایک ایسا شعبہ ہے جس میں ہندوستانی ادارۂ فلکی طبیعیات، جو حکومتِ ہند کے محکمۂ سائنس و ٹیکنالوجی کے تحت ایک خود مختار ادارہ ہے، طویل عرصے سے سرگرمِ عمل ہے۔ قدیم ستاروں میں عناصر کی ترکیب کا تجزیہ کرکے ماہرینِ فلکیات 13 ارب سال سے بھی زیادہ عرصہ قبل پیش آنے والے واقعات کا مطالعہ کر سکتے ہیں، یعنی ایسے واقعات جو سورج اور نظامِ شمسی کی تشکیل سے بھی بہت پہلے رونما ہوئے تھے۔

اشاعت کا لنک: http://arxiv.org/abs/2606.05154

****

 (ش ح ۔رک)

U. No.8136

 


(ریلیز آئی ڈی: 2340421) وزیٹر کاؤنٹر : 7
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी