پوسٹ کرنے کی تاریخ:
23 NOV 2026 1:02PM by PIB Delhi
ہندوستان کا مخطوطاتی ورثہ سیاست، معیشت، طب، ریاضی، فلکیات، زراعت اور پائیدار طرزِ زندگی سے متعلق علم و دانش پر مشتمل ہے۔ یہ ایک ایسے عظیم تہذیبی سفر کی عکاسی کرتا ہے، جس میں رسم الخط، زبان اور علم کے ذریعے مختلف خطوں کے درمیان علم کی ترسیل ہوتی رہی۔ رِگ وید پرارتھناؤں ’’آ نو بھدرَہ کرتَو یَنتو وِشوتَہ‘‘ (ہر سمت سے نیک خیالات ہمارے پاس آئیں) کے جذبے سے جڑا ہوا یہی مشترکہ ورثہ 22 نومبر 2026 کو نئی دہلی کے پُرانا قلعہ میں منعقدہ اجلاس چہارم کا موضوع تھا، جس کا عنوان ’’زبان، ادب، رسم الخط اور مخطوطات کی روایات‘‘ تھا۔ وزارتِ ثقافت نے گیان بھارتَم مشن کے تحت اس اجلاس کا انعقاد کیا۔ اس میں ایس سی او کے رکن ممالک اور مذاکراتی شراکت داروں کے ممتاز دانشوروں، ماہرین اور مندوبین نے شرکت کی اور مخطوطات کے مشترکہ ورثے نیز باہمی تعاون کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا۔
یہ اجلاس پہلی ایس سی او تہذیبی مکالماتی فورم کا حصہ تھا، جو 20 سے 22 نومبر 2026 تک منعقد ہوا۔ اس فورم کا افتتاح ہندوستان کے وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے کیا تھا۔

جناب اندر جیت سنگھ، چیف ایگزیکٹو آفیسر (گیان بھارتَم) اور جوائنٹ سکریٹری، وزارتِ ثقافت نے ایس سی او ممالک کے شرکاء کو گیان بھارتَم مشن اور اس کے تحت انجام دی جانے والی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔ ان سرگرمیوں میں سروے اور فہرست سازی، تحفظ اور صلاحیت سازی، ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل شکل میں محفوظ کرنا، لسانیات اور ترجمہ نیز تحقیق، اشاعت اور عوامی رابطہ شامل ہیں۔ انہوں نے مصنوعی ذہانت کی اہم خصوصیات اور اس سے مربوط سہولتوں، گیان-مترا اے آئی، پانڈُ لِپی درپن اور بھارتیہ جی پی ٹی کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ قومی مخطوطات کے سروے کے ذریعے اب تک ایک کروڑ 26 لاکھ سے زیادہ مخطوطات کی اطلاع موصول ہونا ایک اہم کامیابی ہے۔
مشن کے اشتراکی تصور پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’گیان بھارتَم مشن کے لیے یہ ایک ذمہ داری بھی ہے اور مل کر کام کرنے کی دعوت بھی۔‘‘ انہوں نے ایس سی او خطے میں ہندوستانی رسم الخط کی اہمیت اور عالمی ڈائیلاگ کو فروغ دینے نیز علم کا ایک عالمی ڈیجیٹل ذخیرہ قائم کرنے میں مخطوطات کے کردار کو بھی اجاگر کیا۔
وزارتِ ثقافت کے گیان بھارتَم کے پروجیکٹ ڈائریکٹر پروفیسر انیربان داس نے اجلاس کی نظامت کی اور شرکاء کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ زبان ہمارے خیالات کو اظہار عطا کرتی ہے، جب کہ زبان اور ادب انہیں محفوظ رکھتے ہیں اور یہ مخطوطات زمان و مکان کی حدود سے پار علم و دانش کو اگلی نسلوں تک پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ کس طرح علم پہاڑوں اور سمندروں کو عبور کرتا ہوا مختلف خطوں تک پہنچا، ترجمے اور مقامی ضروریات کے مطابق ڈھلنے کے مراحل سے گزرا اور مختلف معاشروں کی فکری زندگی کا حصہ بن گیا۔

اس کے بعد اجلاس میں چار اہم موضوعات پر تبادلۂ خیال کا آغاز ہوا۔ یہ موضوعات تھے: ’’متعدد زبانیں، متعدد رسم الخط: ہندوستان کا لسانی اور رسم الخطی ورثہ اور ایشیائی زبانوں پر اس کے اثرات‘‘؛ ’’ادب کا سفر: پورے ایشیا میں ہندوستانی متون کی ترسیل، ترجمہ اور مقامی ضروریات کے مطابق ڈھالنے کا عمل‘‘؛ ’’سرحدوں سے ماورا مخطوطات: ہندوستان کے مخطوطاتی ورثے کی عالمی موجودگی اور مختلف خطوں میں اس کا پھیلاؤ‘‘؛ اور ’’بکھرے ہوئے علمی ورثے کو پھر سے جوڑنا: گیان بھارتَم اور مخطوطاتی ورثے کا ڈیجیٹل مستقبل‘‘۔
جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے ایس ایس آئی ایس کے پروفیسر رجنیش کمار مشرا نے ہندوستان کے متنوع لسانی اور رسم الخطی ورثے اور ایشیائی زبانوں پر اس کے اثرات پر زور دیا۔ انہوں نے ان مختلف طرزِ فکر، تصورات اور اظہار کے طریقوں پر روشنی ڈالی، جو ہمارے عظیم رشیوں کے خیالات اور تحریروں کے ذریعے دنیا بھر میں پھیلے۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستانی ثقافت شاہراہِ ریشم کے راستے سمندروں کے پار بھی پھیلی۔ انہوں نے شنکراچاریہ، رام شیکھر، آچاریہ ابھینو گپت اور دیگر دانشوروں کا ذکر کیا اور مخطوطات کی مختلف علاقائی روایات اور ان کے متنی اختلافات پر بھی روشنی ڈالی۔
کلکتہ یونیورسٹی کے شعبۂ سنسکرت کے سربراہ اور ایسوسی ایٹ پروفیسر، پروفیسر کے کے مشرا نے مخطوطات کو ڈیجیٹل شکل میں محفوظ کرنے، مزید زبانوں میں ترجمہ کرنے، مصنوعی ذہانت کے متعدد استعمال اور قومی ڈیجیٹل ذخیرے (این ڈی آر) کے قیام کے ذریعے عالمی سطح پر ان تک رسائی کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی۔ انہوں نے فرانس کی قومی لائبریری (بی این ایف)، تھائی لینڈ، ویتنام، منگولیا اور روس، گوگل آرٹس اینڈ کلچر، نیز دو طرفہ اور محفوظاتی اداروں کے درمیان روابط کا حوالہ دیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے مترجمین، زائرین اور نالندہ کا بھی ذکر کیا۔
ٹی کے ڈی ایل یونٹ کی سربراہ ڈاکٹر وشوجنانی جے ستّی گیری نے گیان بھارتَم اور مخطوطاتی ورثے کے ڈیجیٹل مستقبل پر اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے ہمارے علمی ورثے کو غیر مجاز نقل اور استعمال سے محفوظ رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے روایتی علم کی شائع شدہ نوعیت، تخلیقی و اختراعی حقوق (آئی پی آر)، پیٹنٹ کوڈز، معلوماتی ذخیرے میں مرتب کردہ میٹا ڈیٹا اور نقل یا ناجائز استعمال کی روک تھام کے لیے محدود رسائی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اس سلسلے میں انہوں نے روایتی علمی ڈیجیٹل لائبریری (ٹی کے ڈی ایل) کی مثال بھی پیش کی۔
آئی آئی ٹی بمبئی کے پروفیسر کے رام سبرامنیم نے مخطوطات اور چیزوں کی درست تفہیم میں ان کی اہمیت پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ فکر، اظہار اور ذہن کی تشکیل میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے پنچ تنتر کی مثال دی، جس کا عربی، فارسی سمیت 50 سے زیادہ غیر ملکی زبانوں میں ترجمہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ متون کے ترجمے میں جانبدارانہ تشریح سے گریز کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ علم وقت کے ساتھ زوال پذیر ہو سکتا ہے، اس لیے اسے محفوظ رکھنا ضروری ہے۔ سیکڑوں برس تک محفوظ رہنے والا مخطوطہ صرف اپنے مواد ہی کی وجہ سے قیمتی نہیں ہوتا، بلکہ اپنے ساتھ وقت اور روایات کے جس سفر کو سمیٹے رکھتا ہے، اس کی وجہ سے بھی بیش قیمت ہوتا ہے۔

ایران، کرغزستان، پاکستان، کمبوڈیا، ازبکستان، لاؤس اور نیپال سمیت ایس سی او کے متعدد ممالک کے مندوبین نے ان مباحثوں میں سرگرمی سے حصہ لیا۔ انہوں نے مخطوطات کے تحفظ کے لیے اپنے اپنے ملکوں میں کی جانے والی کوششوں اور اقدامات سے آگاہ کیا اور مخطوطات سے متعلق مختلف سرگرمیوں میں حکومت ہند کی ثقافت کی وزارت کے گیان بھارتَم مشن کے ساتھ اشتراک میں دلچسپی ظاہر کی۔
اجلاس کا اختتام مخطوطات کے تحفظ، رسم الخط کی تربیت، تقابلی ادبی مطالعات، تحقیق اور ترجمے، فہرست سازی، علمی تبادلوں، مجاز ڈیجیٹل رسائی اور مشترکہ تحقیق کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کے ساتھ ہوا۔ اس موقع پر اس بات کی توثیق کی گئی کہ مشترکہ ورثہ اور علمی روایات ایس سی او خطے میں ثقافتی ہم آہنگی اور تعاون کو فروغ دینے میں اہم رول ادا کرتی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ ش ت۔ن م۔
U-8126