ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
23 NOV 2026 1:05PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر برائے ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی جناب بھوپیندر یادو نے آج نئی دہلی میں نیشنل وائلڈ لائف بورڈ کی قائمہ کمیٹی (ایس سی-این بی ڈبلیو ایل) کے 92ویں اجلاس کی صدارت کی۔

پالیسی ایجنڈے کے ایک حصے کے طور پر قائمہ کمیٹی نے جنگلی حیاتیات سے متعلق منائے جانے والے ہفتے(وائلڈ لائف ویک 2026 )سے متعلق رپورٹ پر غور کیا، جس کا انعقاد ’’ پناہ گاہوں کو باہم مربوط کرنا، جنگلی حیاتیات کی بہتری‘‘ کے موضوع کے تحت کیا گیا تھا۔ وزیر موصوف نے وائلڈ لائف ویک 2026 کے دوران کیے گئے اقدامات کو اجاگر کیا، جن میں بکسا میں شیروں کو دوبارہ آباد کرنا، راجستھان میں گریٹ انڈین بسٹرڈ پرندوں کو آزاد کرنا اور پروجیکٹ چیتا کو تیسری جگہ تک وسعت دینا شامل ہے۔ یہ اقدامات زمینی سطح پر ٹھوس اور سائنسی بنیادوں پر جنگلی حیاتیات کے تحفظ کے نتائج حاصل کرنے پر حکومت کی توجہ کی عکاسی کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ جناب یادو نے وائلڈ لائف ویک کے دوران منتخب کیے گئے ایوارڈ یافتگان کو مبارک باد دی اور اس بات پر زور دیا کہ صفِ اول کے عملے اور مقامی برادریوں کی جنگلی حیاتیات کے تحفظ کی کوششوں میں بنیادی اہمیت ہے۔ اس کے بعد وزیر موصوف نے جنگلی حیاتیات کے تحفظ کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو اعزاز سے نوازا:
- صفِ اول کا عملہ – تحفظ اور غیر قانونی شکار کی روک تھام: آنجہانی جناب بنوت نوین (تلنگانہ)، جناب ہُکائی ایچ۔ زیمو (ناگالینڈ) اور تِھرو وی۔ کمارسن (تمل ناڈو)۔
- صفِ اول کا عملہ – جنگلی حیاتیات کی نگرانی اور خصوصی مہارتیں: جناب امیش بھارت کلسارپے (مہاراشٹر)، جناب اشون سنگھ کرت سنگھ جڈیجہ (گجرات) اور بہرائچ انسانی و جنگلی حیاتیات کے درمیان ٹکراؤ کے کنڑول سے متعلق گروپ (اتر پردیش)۔
- سماج کے ذریعے تحفظ کا ایوارڈ: وہیل شارک کے تحفظ کے لیے شری مہاویر مچھیمار سہکاری منڈلی لمیٹڈ، منگرول (گجرات) اور پونورووی ایکو ٹورزم مینجمنٹ کمیٹی، سیروملائی پہاڑیاں (تمل ناڈو)۔
آسام کے نامیری ٹائیگر ریزرو کو بھی کنزرویشن ایشورڈ | ٹائیگر اسٹینڈرڈز ( سی اے/ٹی ایس) کے تحت منظوری دی گئی۔

نیشنل وائلڈ لائف بورڈ کی قائمہ کمیٹی (ایس سی-این بی ڈبلیو ایل) کے 92ویں اجلاس کا موضوع ’’سمندری حیاتیات کا تحفظ‘‘ تھا۔ خشکی اور سمندر دونوں مقامات پر جنگلی حیاتیات کے تحفظ کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وائلڈ لائف انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کے سائنس دانوں نے درج ذیل موضوعات پر پریزنٹیشن پیش کیں: ساحلی اور سمندری محفوظ علاقوں کی انتظامی کارکردگی کا جائزہ (ایم ای ای)، پورے ہندوستان میں سمندری کچھوؤں کی صورتحال کا جائزہ اور نگرانی، ہندوستان میں ڈگونگ (سمندری گائے) اور ان کے مسکن کی بحالی میں حاصل ہونے والی اہم پیش رفت (2026–2016)، اور جنگلی حیاتیات پر خطے سے متعلق بنیادی ڈھانچے کے اثرات کو کم کرنا۔
ان پریزنٹیشنز میں جنگلی حیاتیات کے تحفظ کی موجودہ صورتحال اور اس سلسلے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا، بالخصوص سمندری محفوظ علاقوں کے انتظامی نظام کی مؤثریت، سمندری کچھوؤں اور ڈگونگ کے تحفظ سے متعلق اقدامات کو نمایاں کیا گیا۔ جنگلی حیاتیات پر خطے سے متعلق بنیادی ڈھانچے کے اثرات کو کم کرنے سے متعلق پریزنٹیشن میں اس کے نتیجے میں جنگلی حیاتیات کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبہ سازوں، تعمیراتی اداروں، ماحولیاتی مشیروں، جنگلی حیات کے منتظمین، ضابطہ ساز اداروں، پالیسی سازوں اور تجزیہ کاروں سمیت مختلف متعلقہ فریقوں کو بااختیار بنانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی گئی۔

سمندری جنگلی حیاتیات کے تحفظ کے موضوع سے ہم آہنگ، اجلاس کے دوران متعدد کتابچوں کا اجرا کیا گیا، جن میں سمندری حیاتیاتی تنوع کے تحفظ سے متعلق وزارت کے اقدامات کو اجاگر کیا گیا ہے۔ ان میں درج ذیل کتابچے شامل ہیں:
1. ساحلی اور سمندری محفوظ علاقوں کی انتظامی کارکردگی کا جائزہ (ایم ای ای): اس اشاعت میں 2024 سے 2026 کے دوران کیے گئے جائزے کے نتائج پیش کیے گئے ہیں، جس کے تحت 108 ساحلی اور سمندری محفوظ علاقوں کا احاطہ کیا گیا۔ اس میں انتظامی کارکردگی، بہترین طریقہ ہائے کار اور تحفظ کے نظام کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ترجیحی شعبوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔
2. پورے ہندوستان میں سمندری کچھوؤں کی صورتحال کا جائزہ اور نگرانی: وائلڈ لائف انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (ڈبلیو آئی آئی) نے وزارت کی اسکیم ’’وائلڈ لائف ہیبی ٹیٹس کی ترقی‘‘ کے تحت یہ جائزہ انجام دیا۔ اس میں گھونسلے بنانے کے تین موسموں (25–2022)، تقریباً 1,300 کلومیٹر طویل ساحلی پٹی اور ساحل کے 360 حصوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ اس سے سمندری کچھوؤں کی چار اقسام کی افزائش اور ان کے انڈے دینے کی صورتحال کے بارے میں اہم معلومات حاصل ہوئی ہیں۔
3. ہندوستان میں ڈگونگ اور ان کے مسکن کی بحالی کے اہم سنگِ میل (2026–2016): اس اشاعت میں ڈبلیو آئی آئی کے زیرِ عمل اور کیمپا (سی اے ایم پی اے) سے مالی اعانت یافتہ پروگرام کے تحت ایک دہائی کے دوران کی جانے والی تحفظ کی کوششوں کو دستاویزی شکل دی گئی ہے۔ ان میں تمل ناڈو میں ڈرون کے ذریعے ڈگونگ کی آبادی کا پہلا تخمینہ (270 ± 16)، سمندری گھاس کے مسکنوں کی نشاندہی اور پالک خلیج میں ہندوستان کے پہلے ڈگونگ کنزرویشن ریزرو کا اعلان شامل ہے۔
4. ہندوستان میں بحیرۂ عرب کی ہمپ بیک وہیل کی صورتحال: اس اشاعت میں ڈبلیو آئی آئی کے 2022 سے 2025 کے جائزے کے نتائج پیش کیے گئے ہیں۔ اس میں وہیل کی ممکنہ طور پر نظر آنے والی سات اہم جگہوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، ان کے لیے درپیش خطرات، بالخصوص ماہی گیری کے جالوں میں پھنسنے کے مسئلے کو اجاگر کیا گیا ہے، تاکہ مستقبل میں تحفظ کے اقدامات کی مؤثر منصوبہ بندی کی جا سکے۔
5. سمندری کچھوؤں سے متعلق معلوماتی و تحقیقی اشاعتیں: سمندری کچھوؤں کے عملی منصوبے (2026–2021) کے تحت تین کتابچے جاری کیے گئے، جن کے عنوانات ہیں: سمندری کچھوؤں پر نشانات لگانے کا تکنیکی طریقۂ کار، ہندوستانی سمندری حدود میں سمندری کچھوؤں کی نقل و حرکت کا سراغ لگانا اور ہندوستان کے سمندری کچھوے۔ ان کتابچوں میں سمندری کچھوؤں کی نگرانی، تحقیق اور تحفظ کے لیے سائنسی رہنمائی فراہم کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ، وزیر موصوف نے چھوٹی جنگلی بلیوں کے تحفظ سے متعلق ایک دستاویز ’’فیلڈ مینول آن اسمال کیٹس‘‘ بھی جاری کیا۔ اس میں ہندوستان میں پائی جانے والی چھوٹی جنگلی بلیوں کی نو اقسام کا احاطہ کیا گیا ہے اور ان کی شناخت، میدانی سروے اور نگرانی کے لیے عملی رہنمائی فراہم کی گئی ہے۔ یہ رہنما کتاب حکومتِ ہند اور عالمی ماحولیاتی سہولت (جی ای ایف) کے مشترکہ چھوٹی جنگلی بلیوں کے تحفظ کے منصوبے کے تحت تیار کی گئی ہے۔ اس منصوبے پر ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت، اروناچل پردیش، اتر پردیش اور راجستھان کی ریاستی حکومتوں کے اشتراک سے عمل درآمد کر رہی ہے، جبکہ اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) اور گلوبل ٹائیگر فورم اس میں معاونت فراہم کر رہے ہیں۔
قائمہ کمیٹی نے ملک بھر سے موصول ہونے والی 133 تجاویز پر بھی غور کیا۔ ان میں سڑکوں، دفاعی بنیادی ڈھانچے، پینے کے پانی کی فراہمی اور دیگر ضروری ترقیاتی کاموں سے متعلق تجاویز شامل تھیں، جن کے لیے جنگلی حیاتیات (تحفظ) ایکٹ، 1972 کی دفعات کے تحت جنگلی حیاتیات سے متعلق منظوری حاصل کرنا ضروری ہے۔ان تجاویز کا جائزہ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے لیا گیا کہ ان سے ماحول پر کیا اثر پڑے گا، یہ عوامی فلاح و بہبود اور قومی ترقی کے لیے کتنی اہم ہیں، اور جنگلی حیاتیات اور ان کے مسکن کے تحفظ کے ساتھ ساتھ سازگار ماحول کے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات کتنے مناسب ہیں۔

****
ش ح۔ ع و۔ ش ب ن
U-8127