پوسٹ کرنے کی تاریخ:
22 NOV 2026 10:37PM by PIB Delhi
لوک سبھا اسپیکر جناب اوم برلا نے آج یمنا ندی کو صاف ستھرا بنانے اور اس کے بہاؤ کو بلا رکاوٹ جاری رکھنے کے لیے ایک مسلسل عوامی تحریک چلانے پر زور دیا۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ حکومت کی کوششوں کو عوام کی فعال شراکت داری سے تقویت ملنی چاہیے، انہوں نے شہریوں، اداروں، صنعتوں اور سماجی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ ندیوں کے تحفظ کو مشترکہ ذمہ داری سمجھیں۔
جناب برلا نے آج نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں یمنا ندی کے تحفظ اور عوامی عہد سے متعلق قومی مہم سے خطاب کرتے ہوئے یہ باتیں کہیں۔ اس موقع پر اسپیکر نے شرکاء کو یمنا کو صاف ستھرا بنانے کا سنکلپ(حلف) بھی دلایا اور سبھی سے اس اجتماعی عزم کو پورا کرنے میں اپنا تعاون دینے کی اپیل کی۔
ہندوستان کی تہذیبی تاریخ میں دریاؤں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے جناب برلا نے کہا کہ دریاؤں نے نسلوں سے انسانی آبادیوں، زراعت، صنعتوں اور روزگار کے ذرائع کو سہارا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گنگا اور یمنا ہندوستان کے روحانی اور ثقافتی ورثے کا لازمی حصہ ہیں اور ان کا تحفظ اس ورثے کے ساتھ ساتھ معاشرے کی فلاح و بہبود کے لیے بھی ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہندوستان کی روایات اور اقدار کا تحفظ اس کے دریاؤں اور قدرتی ماحول کی حفاظت سے بھی وابستہ ہے۔
جناب برلا نے زور دیا کہ معاشرے کے ہر فرد کو یمنا کی صفائی اور تقدس برقرار رکھنے کے لیے ذمہ داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ندی کے کناروں کو صاف رکھنا اور روزمرہ کے معمولات میں ایسے طرزِ عمل سے گریز کرنا، جو آلودگی کا سبب بنیں، اجتماعی اخلاقی ذمہ داری بننی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ کی کوششیں اس وقت زیادہ مؤثر ہوتی ہیں اور دیرپا نتائج دیتی ہیں، جب وہ معاشرے کے تمام طبقات کی حمایت سے عوامی تحریک کی شکل اختیار کر لیتی ہیں۔
صنعتوں سے دریاؤں کے تحفظ میں فعال کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے جناب برلا نے کہا کہ صنعتیں ترقی کی اہم بنیاد ہیں، لیکن ان کی ترقی ماحول کی قیمت پر نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے گندے پانی اور صنعتی فضلے کو دریاؤں میں جانے سے روکنے کے لیے سائنسی طریقے سے صفائی اور مؤثر نظام قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی، ماحولیات کا تحفظ اور آبی وسائل کی حفاظت ساتھ ساتھ آگے بڑھنی چاہیے۔
لوک سبھا اسپیکر نے ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی ماحول کے تحفظ کے لیے انفرادی اور اجتماعی طور پر ذمہ داری کے ساتھ اقدامات کرنے کی اپیل کا ذکر کیا۔ انہوں نے ’ایک پیڑ ماں کے نام‘ جیسی مہمات کا حوالہ دیا اور شہریوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ شجرکاری، پانی کے تحفظ اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانے کی کوششوں میں حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ دیرپا بہتری کے لیے ادارہ جاتی اقدامات کے ساتھ ساتھ عادات اور طرزِ عمل میں تبدیلی بھی ضروری ہے۔
سوامی چدانند سرسوتی جی کی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے جناب برلا نے کہا کہ ان کی خدمات روحانی بیداری اور سماجی ذمہ داری کو یکجا کرکے ماحول کے تحفظ کو فروغ دیتی ہیں۔ انہوں نے دریاؤں کے تحفظ، پانی بچانے اور شجرکاری کے لیے معاشرے کو متحرک کرنے کی ان کی کوششوں کو سراہا اور شرکاء سے یمنا کی بحالی کے عزم کو آگے بڑھانے کی اپیل کی۔ انہوں نے گنگا اور یمنا کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے نوجوان رضاکاروں کے جذبے اور لگن کی بھی ستائش کی۔
جناب برلا نے کہا کہ یمنا کئی ریاستوں میں لوگوں کی زندگی اور روزگار کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے دریاؤں کے تحفظ، کٹاؤ کی روک تھام اور آبی وسائل کی حفاظت کے لیے جامع اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دریاؤں کو صاف رکھنے اور ان کے بہاؤ کو برقرار رکھنے کے لیے مسلسل عوامی تعاون ناگزیر ہے۔ کووڈ-19 کے دوران دریاؤں کی صفائی میں نسبتاً بہتری کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے معاشرے سے انسانی سرگرمیوں کے اثرات پر غور کرنے اور آلودگی کی روک تھام کی ذمہ داری قبول کرنے کی اپیل کی۔
متھرا، ورنداون اور بھگوان شری کرشن کی روایات کے ساتھ یمنا کے خصوصی تعلق کا ذکر کرتے ہوئے جناب برلا نے کہا کہ ہندوستان کے روحانی شعور میں اس ندی کو ایک خاص مقام حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عقیدت کو ندی کے تحفظ کے لیے عملی اور مسلسل کوششوں میں تبدیل ہونا چاہیے، خواہ وہ کہیں سے بھی بہتی ہو۔
آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ مستقبل یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے جناب برلا نے کہا کہ صاف ستھری ندیاں اور صحت مند ماحول ان کی فلاح و بہبود کے لیے ضروری ہیں۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کو ایک مشترکہ عالمی چیلنج قرار دیا اور کہا کہ ’وسودھیو کٹمبکم‘ کے فلسفے سے رہنمائی حاصل کرنے والے ہندوستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اجتماعی حل میں اپنا کردار ادا کرے اور ماحولیاتی تحفظ میں قائدانہ رول ادا کرے۔
****
ش ح۔ ع و۔ ش ب ن
U-8114