پوسٹ کرنے کی تاریخ:
22 NOV 2026 7:49PM by PIB Delhi
کاشی تمل سنگمم 5.0 کے سلسلے میں آج ایک فوٹوگرافی مقابلے کا اہتمام کیا گیا۔ بنارس ہندو یونیورسٹی کے طلباء نے ہریش چندر گھاٹ کے قریب واقع تاریخی کاماکوٹیشور مندر کا دورہ کیا اور وہاں کی منفرد تعمیراتی خصوصیات اور باریک تفصیلات کو اپنے کیمرے میں محفوظ کیا، جس کے ذریعے انہیں اس مندر کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت کو مزید گہرائی سے سمجھنے کا موقع ملا۔


کانچی کاماکوٹی پیٹھم سے منسلک، کاماکوٹیشور مندر اپنی منفرد ہندوستانی تعمیراتی روایات اور روحانی اہمیت کے لیے جانا جاتا ہے۔ یہاں ’شیو پنچایتن‘ (دیوتاؤں کا وہ گروہ جس میں بھگوان شیو مرکزی حیثیت رکھتے ہیں) سے وابستہ دیوتاؤں کی مورتیاں روایتی تعمیراتی اصولوں کے مطابق نصب کی گئی ہیں۔
اس مقابلے میں حصہ لینے والی طالبات میں سے ایک، خوشی یادو نے مندر کے فنِ تعمیر کو انتہائی دلکش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کی تاریخ اور منفرد خصوصیات کے بارے میں جاننا ایک بھرپور تجربہ رہا۔ انہوں نے کاشی اور تمل ناڈو کے ثقافتی ملاپ کا تجربہ کرنے اور ان کی مشترکہ روایات کے بارے میں مزید جاننے کا موقع ملنے پر اپنے جوش و خروش کا اظہار کیا۔
آج شام بی ایچ یو کیمپس میں واقع وشوناتھ مندر میں ’بھجن‘ کی ایک محفل کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس پروگرام میں بڑی تعداد میں عقیدت مندوں اور طلباء نے شرکت کی۔ انہیں ’کاشی تمل سنگمم‘ کے مقاصد اور اہمیت کے ساتھ ساتھ کاشی اور تمل ناڈو کے مشترکہ ثقافتی اور روحانی ورثے سے متعارف کرایا گیا۔


تقریب سے قبل کی سرگرمیوں کا مقصد طلباء کو کاشی کی روایات، مندروں کے فنِ تعمیر اور روحانی ورثے سے روشناس کرانا ہے، جبکہ اس کے ساتھ ساتھ شمالی اور جنوبی ہند کے درمیان ثقافتی تعلقات کو بھی مضبوط بنانا ہے۔ ’کاشی تمل سنگمم‘ کا پانچواں ایڈیشن 28 نومبر سے 12 دسمبر 2026 تک منعقد کیا جائے گا۔
ش ح ۔ ال ۔ ع ر
UR-811