نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایف ڈی سی) اور سونی پکچرز نیٹ ورکس انڈیا (ایس پی این آئی) نے آج گوا میں منعقدہ 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول آف انڈیا (آئی ایف ایف آئی) کے موقع پر ایک مفاہمت نامے (ایم او یو) پر دستخط کیے، جس کے تحت ’ویوز بازار × ایس پی این آئی مواد تخلیق کاروں کی پیش کش کی پہل‘ کا آغاز کیا جائے گا۔
اس پہل کے ذریعے ملک بھر کے مصنفین، تخلیق کاروں اور پروڈکشن ہاؤسز کو ہندی، انگریزی، تمل، تیلگو اور بنگلہ زبانوں میں افسانوی اور غیر افسانوی موضوعات پر مبنی اپنے منفرد تخلیقی تصورات ایس پی این آئی کے سامنے پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
افسانوی سلسلوں، پریمیم ٹی وی پلس مواد، ریئلٹی شوز، گیم اور مقابلے کے پروگراموں، صلاحیتوں پر مبنی پروگراموں اور دیگر غیر اسکرپٹڈ تصورات سمیت مختلف طرز کے پروگراموں کے لیے تجاویز مدعو کی گئی ہیں۔ منتخب درخواست دہندگان کو اپنے تخلیقی تصورات ایس پی این آئی کے سامنے پیش کرنے کے لیے مدعو کیا جائے گا، جہاں ان پر غور کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی ممکنہ تیاری کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے زیرِ سرپرستی این ایف ڈی سی کا صنعتی پلیٹ فارم ’ویوز بازار‘ تخلیقی صلاحیتوں کے حامل افراد کو بھارت کے ذرائع ابلاغ اور تفریحی صنعت کے مختلف متعلقہ فریقوں سے جوڑتا ہے۔ اس اشتراک کا مقصد منفرد کہانیوں کی تخلیق کے مواقع کو وسعت دینا، خصوصاً علاقائی منڈیوں سے آنے والی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور مختلف آوازوں اور نقطۂ نظر کو وسیع تر ناظرین تک پہنچانا ہے۔
مفاہمت نامے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے این ایف ڈی سی کے چیئرمین جناب جی کرشن کمار نے کہا: ’’آئی ایف ایف آئی سنیما اور اسے ممکن بنانے والے لوگوں کا جشن ہے۔ یہ دنیا بھر کی کہانیوں، ثقافتوں اور تخلیقی آوازوں کو ایک جگہ جمع کرتا ہے۔ فلموں اور مختلف آوازوں کا تنوع ہی اس ایڈیشن کو خاص بناتا ہے۔ ’سرحدوں سے ماورا کہانیاں‘ کا موضوع سنیما کی روح کی خوبصورت عکاسی کرتا ہے۔‘‘
این ایف ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر جناب دھیراج سنگھ نے کہا: ’’ویوز بازار تخلیقی صلاحیتوں کے حامل افراد اور صنعت کے درمیان بامعنی روابط قائم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ سونی پکچرز نیٹ ورکس انڈیا کے ساتھ یہ اشتراک مصنفین، تخلیق کاروں اور پروڈکشن ہاؤسز کے لیے مختلف زبانوں اور طرز کے پروگراموں میں اپنے منفرد تخلیقی تصورات پیش کرنے کے نئے مواقع فراہم کرے گا۔‘‘
سونی پکچرز نیٹ ورکس انڈیا کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر جناب گورو بنرجی نے کہا: ’’ملک بھر میں تخلیقی صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے اور یہاں ایسے بے شمار خیالات موجود ہیں جنہیں ہمیشہ قائم شدہ پلیٹ فارموں تک رسائی حاصل نہیں ہو پاتی۔ ویوز بازار کے ذریعے این ایف ڈی سی کے ساتھ ہماری یہ شراکت داری مصنفین اور تخلیق کاروں کے لیے مختلف زبانوں اور طرز کے پروگراموں میں اپنے منفرد تخلیقی تصورات ہم تک پہنچانے کے مزید مواقع پیدا کرنے کی جانب ایک قدم ہے۔ ہم ناظرین کے لیے نئے زاویۂ نظر اور دل چسپ خیالات دریافت کرنے کے منتظر ہیں۔‘‘
این ایف ڈی سی، ویوز بازار کے پورٹل (https://wavesbazaar.com) کے ذریعے موصول ہونے والی تجاویز کا انتظام کرے گا اور باہمی طور پر طے شدہ معیار کی بنیاد پر اندراجات کی ابتدائی فہرست تیار کرے گا۔ منتخب درخواست دہندگان کو اپنے تخلیقی تصورات ایس پی این آئی کے سامنے پیش کرنے کے لیے مدعو کیا جائے گا۔
آئی ایف ایف آئی لوئیڈ یہاں ملاحظہ کریں: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1®=48
****
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-8092