پوسٹ کرنے کی تاریخ:
22 NOV 2026 12:36PM by PIB Delhi
گاندھی نگر، 22 نومبر 2026: فٹ انڈیا سنڈیز آن سائیکل کی 99ویں تقریب اتوار کے روز ملک بھر میں 26,000 مقامات پر منعقد کی گئی۔ اس بار تقریب کا موضوع یومِ دستور تھا، جس کے ذریعے صحت و تندرستی، شہری ذمہ داری اور قوم کی تعمیر میں اجتماعی شرکت کے پیغام کو مزید مستحکم کیا گیا۔
نوجوانوں کے امور اور کھیلوں نیز محنت و روزگار کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویا اور گجرات کے نائب وزیر اعلیٰ جناب ہرش سنگھوی نے گاندھی نگر میں ڈانڈی کٹیر اور مہاتما مندر میں تقریبات کی قیادت کی۔ اس موقع پر انہوں نے شہریوں، کھلاڑیوں اور صحت و تندرستی کے شائقین کے ساتھ شرکت کرتے ہوئے فعال اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دیا۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر منسکھ مانڈویا نے کہا کہ صحت مند، توانا اور منشیات سے پاک نوجوان آبادی، 2047 تک ترقی یافتہ بھارت کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے شہریوں، خصوصاً نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ سائیکل چلانے کو اپنا شوق اور روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ بنائیں۔
ڈاکٹر مانڈویا نے کہا: ’’عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ہم ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر کے لیے کام کر رہے ہیں۔ سنڈیز آن سائیکل کی 99ویں تقریب میں ملک بھر کے 26,000 مقامات پر لوگوں کی شرکت اس موقع کو خاص بناتی ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب ہم 26 نومبر کو یومِ دستور منانے جا رہے ہیں۔ صحت و تندرستی کو چند گھنٹوں یا کسی ایک مخصوص دن تک محدود نہیں رہنا چاہیے، بلکہ اسے ہماری روزمرہ زندگی کا حصہ بننا چاہیے۔‘‘
ڈاکٹر مانڈویا نے یہ بھی کہا کہ سائیکل چلانا محض جسمانی سرگرمی نہیں ہے بلکہ یہ صحت و تندرستی کو فروغ دینے اور صحت مند طرزِ زندگی کے بارے میں بیداری پھیلانے کا ایک ذریعہ بھی ہے۔
انہوں نے مزید کہا: ’’ہمارے نوجوانوں کو نہ صرف اپنے پیشہ ورانہ مستقبل بلکہ اپنی صحت و تندرستی اور ملک کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کے بارے میں بھی باشعور ہونا چاہیے۔‘‘
ڈاکٹر مانڈویا نے سائیکل چلانے کو طرزِ زندگی کا مقبول حصہ بنانے کی بھی اپیل کی اور اس بات پر زور دیا کہ سائیکل چلانے میں عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت سے صحت و تندرستی کو فروغ دینے اور ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ انفرادی سطح پر کی جانے والی چھوٹی چھوٹی کوششیں اجتماعی طور پر بڑی تبدیلی لا سکتی ہیں اور ترقی یافتہ بھارت کے خواب کو حقیقت میں بدلنے میں اپنا کردار ادا کر سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا: ’’صحت مند بھارت کا سادہ سا منتر یہ ہے کہ ہر شہری اپنی صحت کے تئیں باشعور بنے۔ جب ہمارے شہری صحت مند ہوں گے تو ہمارا معاشرہ بھی صحت مند ہوگا اور ایک خوشحال ملک کی تعمیر کے لیے صحت مند معاشرہ ناگزیر ہے۔ آئیے، ہم سب مل کر صحت و تندرستی کو ترجیح دیں اور ترقی یافتہ بھارت کے سفر میں اپنا تعاون پیش کریں۔‘‘
بھارت میں اولمپک تحریک کے جشن کے لیے 100ویں تقریب کا انعقاد
ملک بھر میں بڑھتی ہوئی عوامی شرکت کے پیش نظر ڈاکٹر مانڈویا نے اعلان کیا کہ 29 نومبر 2026 کو منعقد ہونے والی ’سنڈیز آن سائیکل‘ کی 100ویں تقریب بھارت میں اولمپک تحریک کے جشن کے لیے وقف ہوگی۔
اس اہم تقریب کے ذریعے اولمپک اقدار سے بھارت کے عزم اور شہریوں، خصوصاً نوجوانوں میں کھیلوں اور جسمانی سرگرمیوں کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔
گجرات کے نائب وزیر اعلیٰ جناب ہرش سنگھوی نے ’سنڈیز آن سائیکل‘ میں ملک بھر میں بڑھتی ہوئی عوامی شرکت کو سراہا اور کہا کہ یہ پہل شہریوں کو صحت مند طرزِ زندگی اپنانے اور صحت و تندرستی کو معمول کی عادت بنانے کے لیے ترغیب دے رہی ہے۔
گاندھی نگر میں تقریبات کا آغاز صبح 6:30 بجے ڈانڈی کٹیر میں اجتماعی زومبا سیشن سے ہوا، جس کے بعد مہاتما مندر تک اور وہاں سے واپسی کے لیے 2.5 کلومیٹر کی سائیکل ریلی نکالی گئی۔ سافٹ ٹینس کے بین الاقوامی تمغہ یافتگان آدھیا تیواری، جے مینا اور انیکیت پٹیل نے بھی ان تقریبات میں شرکت کی اور اپنی کھیلوں کی کامیابیوں کے ذریعے شرکا کی حوصلہ افزائی کی۔
فٹ انڈیا کے سفیر جناب راکیش سینی اور جناب بھشم مدھانی کے ساتھ فٹ انڈیا چیمپئنز بھانو اور اروِی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اس تقریب کا اہتمام اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (ایس اے آئی) کے علاقائی مرکز، گاندھی نگر نے کیا تھا، جس میں شہریوں، کھلاڑیوں اور صحت و تندرستی کے شائقین نے شرکت کی۔
ڈاکٹر منسکھ مانڈویا کی جانب سے دسمبر 2024 میں شروع کی گئی ’فٹ انڈیا سنڈیز آن سائیکل‘ اب ملک گیر عوامی صحت و تندرستی کی تحریک بن چکی ہے، جو شہریوں کو سائیکل چلانے اور دیگر جسمانی سرگرمیاں اپنانے کی ترغیب دے رہی ہے۔
’’فٹنس کا ڈوز، آدھا گھنٹہ روز‘‘ کے پیغام کے ذریعے یہ پہل صحت و تندرستی، ماحول دوست نقل و حمل اور اجتماعی شرکت کو مسلسل فروغ دے رہی ہے اور اس طرح صحت مند بھارت اور ترقی یافتہ بھارت کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرنے میں اپنا تعاون دے رہی ہے۔
***
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-8091