الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

گلوبل ڈیجیٹل ہیلتھ سمٹ 2026 میں بھاشنی کی شرکت بحسن وخوبی اختتام پذیر، جامع اور حساس طبی خدمات کی فراہمی میں کثیر لسانی مصنوعی ذہانت کے کردار کو اجاگر کیا گیا


ڈی آئی بی ڈی کے سی ای او امیتابھ ناگ کا کلیدی خطاب، مصنوعی ذہانت کے ذریعے طبی خدمات میں زبان کی رکاوٹیں دور کرنے، ہمدردی اور مریضوں کی ضروریات کو ترجیح دینے پر زور

بھاشنی کی جانب سے طبی شعبے میں استعمال کی ایپلی کیشنز، صحت کے لیے ڈیٹا دان مہم اور مصنوعی ذہانت کی عملی نمائش

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 21 NOV 2026 7:21PM by PIB Delhi

وزارتِ الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (ایم ای آئی ٹی وائی) حکومتِ ہند کے تحت ڈیجیٹل انڈیا کارپوریشن (ڈی آئی سی) کی ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن (ڈی آئی بی ڈی) کی گلوبل ڈیجیٹل ہیلتھ سمٹ (جی ڈی ایچ ایس) 2026 میں شرکت بحسن و خوبی مکمل ہوگئی۔ یہ سمٹ 20 اور 21 نومبر 2026 کو نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں منعقد ہوئی۔ دو روزہ سمٹ کے دوران بھاشنی نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی اپنے کثیر لسانی نظام کی نمائش کی اور بتایا کہ کس طرح زبان سے متعلق ٹیکنالوجی طبی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے، طبی امور کے طریقۂ کار کو آسان بنانے اور صحت کی سہولیات کو زیادہ قابلِ رسائی، جامع اور مریضوں کی ضروریات کے مطابق بنانے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

سمٹ کے آخری دن ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن کے سی ای او جناب امیتابھ ناگ نے مصنوعی ذہانت کے ذریعے طبی خدمات میں لسانی رکاوٹوں کو دور کرنے کے موضوع پر کلیدی خطاب کیا۔ ان کے خطاب کا عنوان تھا: مصنوعی ذہانت کے ذریعے طبی خدمات میں زبان کی رکاوٹوں کا ازالہ: اے آئی کے استعمال سے لسانی رکاوٹیں دور کرنے کے بھاشنی ماڈل کا تعارف۔ انہوں نے اپنے خطاب میں ڈیجیٹل طبی بنیادی ڈھانچے میں لسانی ٹیکنالوجی کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ مریض اپنی پسندیدہ زبان میں طبی معلومات سمجھ سکیں، اپنی بات دوسروں تک پہنچا سکیں اور صحت کی سہولیات سے استفادہ کرسکیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261121192249_3ee5a3.jpg

کلیدی خطاب میں اس بات پر زور دیا گیا کہ زبان ڈیجیٹل طبی خدمات کا ایک نہایت اہم، لیکن اکثر نظر انداز کیا جانے والا پہلو ہے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ کثیر لسانی مصنوعی ذہانت کس طرح ڈاکٹروں اور مریضوں کے درمیان رابطے کو آسان بنانے، طبی دستاویزات کی تیاری کو سہل کرنے اور طبی معلومات تک رسائی بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ خطاب میں طبی خدمات کی فراہمی میں ہمدردی کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا اور کہا گیا کہ صحت یابی کا عمل محض بیماری کی تشخیص اور ادویات تک محدود نہیں، بلکہ اس میں ڈاکٹروں، تیمارداروں اور مریضوں کے درمیان انسانی تعلق بھی بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

جب مریضوں کو ان کی اپنی زبان میں طبی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں، خواہ وہ بوڈو، مراٹھی، پنجابی یا میتھلی زبان ہو، تو انہیں یہ سہولیات زیادہ مانوس، اطمینان بخش اور قابلِ رسائی محسوس ہوتی ہیں۔ مریضوں کی اپنی زبان میں ان کی نگہداشت، تسلی اور مسائل کو سمجھنے کی صلاحیت ان میں اعتماد اور سکون پیدا کرنے کے ساتھ طبی عملے سے ان کے تعلق کو بھی مضبوط بناتی ہے۔ بھاشنی کی لسانی ٹیکنالوجی کے ذریعے اس طرح کے رابطوں کو زیادہ جامع اور ہمدردانہ بنایا جاسکتا ہے، تاکہ مریضوں کو یہ احساس ہو کہ ان کی بات سنی اور سمجھی جا رہی ہے۔

کلیدی خطاب میں ’بھاشا دان فار ہیلتھ‘ کو بھی اجاگر کیا گیا، جو طبی شعبے کے لیے لسانی وسائل کی تیاری اور صحت و عامہ کی صحت سے متعلق امور میں کثیر لسانی مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے واسطے عوامی تعاون اور اجتماعی شراکت کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔

’ڈیٹا دان فار ہیلتھ‘ کو ایک ایسی پہل کے طور پر پیش کیا گیا، جس کا مقصد لوگوں کی جانب سے بیماریوں کی علامات اور صحت سے متعلق مسائل بیان کرنے کے لیے روزمرہ بول چال میں استعمال ہونے والے الفاظ اور محاوروں کے ساتھ ان کی طبی اصطلاحات پر مشتمل کثیر لسانی ڈیٹا سیٹ تیار کرنا ہے۔ اس اقدام کے تحت یہ دستاویز کیا جا رہا ہے کہ لوگ عام زندگی میں اپنی زبان اور مقامی بولیوں کے ذریعے صحت سے متعلق پریشانیوں کا اظہار کس طرح کرتے ہیں، کیونکہ روزمرہ استعمال ہونے والے کئی الفاظ اور جملے طبی اصطلاحات سے براہِ راست مطابقت نہیں رکھتے۔مثال کے طور پر، ہندی کا جملہ ’پیر میں پانی بھر گیا ہے‘ طبی اصطلاح ’ایڈیما‘کے مفہوم میں استعمال ہوتا ہے۔ ہندوستانی زبانوں میں ایسے مقامی اور عام بول چال کے جملوں کو جمع کرکے انہیں معیاری طبی اصطلاحات سے جوڑنے کا مقصد مصنوعی ذہانت کے نظام کو اس قابل بنانا ہے کہ وہ لوگوں کی بیان کردہ علامات کو بہتر طور پر سمجھ سکیں، صحت سے متعلق مسائل کی شناخت کرسکیں اور مریضوں و طبی ماہرین کے درمیان زیادہ مؤثر رابطے میں مدد فراہم کرسکیں۔

بھاشنی کے نمائشی اسٹال پر صحت کے شعبے سے متعلق ایپلی کیشن اور کثیر لسانی مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں کے عملی مظاہرے بھی جاری رہے۔ نمائش میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس)، جواہر لعل انسٹی ٹیوٹ آف پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ (جپمر) اور ہندوستانی فوج کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیکل سروسز کے استعمال کے مختلف نمونے پیش کیے گئے، جن کے ذریعے طبی شعبے میں آواز اور زبان سے متعلق ٹیکنالوجی کے استعمال کو اجاگر کیا گیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261121192255_ffcd3a.jpg

جپمر میں ای بھاشنی کو ای سشروت ہاسپٹل مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (ایچ ایم آئی ایس) کے ساتھ مربوط کرنے سے مریضوں کی طبی تاریخ، زیر علاج مریضوں کے شعبے (آئی پی ڈی) کے نوٹس اور ڈسچارج سے متعلق ہدایات کی آواز کے ذریعے دستاویز بندی ممکن ہوگئی ہے۔ ایمس میں پیش کیے گئے مظاہروں میں مختلف زبانوں میں ڈاکٹروں اور مریضوں کے درمیان گفتگو کو آسان بنانے والی اسپیچ ٹیکنالوجی کے ساتھ این آئی سی کے ای ہاسپٹل نسخہ ماڈیول میں بھاشنی کی اسپیچ ٹو ٹیکسٹ سہولت کے انضمام کو بھی دکھایا گیا۔ جبکہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیکل سروسز (آرمی) نے آئی دھنونتری میں بھاشنی کی صلاحیتوں کے استعمال کا مظاہرہ کیا، جہاں ڈاکٹروں کے بولے گئے طبی نوٹس کو تحریری متن میں تبدیل کیا جاتا ہے، تاکہ طبی دستاویزات کی تیاری میں سہولت ہو۔

اسٹال پر ڈاکٹروں اور مریضوں کے درمیان کثیر لسانی گفتگو کے مظاہرے بھی پیش کیے گئے، جن میں بتایا گیا کہ بھاشنی کی اسپیچ اور لینگویج ٹیکنالوجیز کس طرح مختلف زبانیں بولنے والے افراد کے درمیان رابطے کو آسان بنانے، مریضوں کو طبی معلومات سمجھنے میں مدد دینے اور طبی خدمات سے متعلق معاملات کو زیادہ قابلِ رسائی اور جامع بنانے میں معاون ثابت ہوسکتی ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/file/2026/nov/image003_20261121192301_47bf4d.gif

بھاشنی کے اسٹال پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے لیس ایک انٹرایکٹو ہیلتھ کیئر پرسنلٹی کا بھی مظاہرہ کیا گیا، جس میں بتایا گیا کہ مکالماتی اور آواز پر مبنی اے آئی کس طرح رابطے کو زیادہ آسان اور قابلِ رسائی بنانے کے ساتھ ٹیکنالوجی پر مبنی طبی خدمات کے تجربے کو مزید دلچسپ اور سہل بنا سکتی ہے۔

دیگر مظاہروں میں بھاشنی موبائل ایپلی کیشن بھی شامل تھی، جس میں ترجمے اور آواز پر مبنی سہولتوں کو پیش کیا گیا۔ اس کے علاوہ شروتلیکھ کے ذریعے حقیقی وقت میں کثیر لسانی ٹرانسکرپشن اور ترجمے کی سہولت دکھائی گئی۔ ڈیٹا دان فار ہیلتھ ایک عوامی شراکت پر مبنی پہل ہے، جس کا مقصد علامات اور صحت سے متعلق مسائل بیان کرنے میں استعمال ہونے والے عام بول چال کے الفاظ اور ان کی متعلقہ طبی اصطلاحات کو جمع کرکے طبی زبان سے متعلق ڈیٹا سیٹ تیار کرنا ہے۔ وہیں، گرنتھیکا بھاشنی کا ایک رہنما پلیٹ فارم ہے، جس کے ذریعے تحریری اور زبانی لسانی وسائل جمع کرنے اور انہیں ڈیجیٹل شکل دینے کا کام کیا جاتا ہے۔

جی ڈی ایچ ایس 2026 میں اپنی شرکت کے ذریعے بھاشنی نے اس بات کو اجاگر کیا کہ کثیر لسانی مصنوعی ذہانت کا دائرہ محض زبانوں کے ترجمے تک محدود نہیں، بلکہ یہ صحت کے نظام کے مختلف شعبوں میں معاون کردار ادا کرسکتی ہے۔ ادارہ جاتی سطح پر اس کے استعمال، اسپیچ ٹیکنالوجیز، طبی زبان سے متعلق وسائل اور عوامی شراکت پر مبنی اقدامات کو یکجا کرکے اس نمائش اور کلیدی خطبے نے اس اہمیت کو اجاگر کیا کہ ہندوستان کے لسانی تنوع کو مدنظر رکھتے ہوئے طبی خدمات کو مزید قابلِ رسائی، مؤثر، ہمدردانہ اور عوام کی ضروریات کے تئیں حساس بنایا جائے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image004_20261121192307_5cd4fc.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image005_20261121192313_4cf403.jpg

ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن کے بارے میں

ڈیجیٹل انڈیا کارپوریشن (ڈی آئی سی) کے تحت وزارتِ الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (میتی) کا ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن (ڈی آئی بی ڈی)، مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی کثیر لسانی ڈیجیٹل شمولیت کے لیے ایک قومی ایکو سسٹم تیار کر رہا ہے۔ بھاشنی ہندوستان کی 36 تحریری زبانوں، 23 ہندوستانی صوتی زبانوں اور 35 بین الاقوامی زبانوں کو معاونت فراہم کرتا ہے اور سرکاری و عوامی خدمات سے متعلق ڈیجیٹل پلیٹ فارم میں لینگویج اے آئی کی صلاحیتوں کو مربوط بنانے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ بھاشنی ایکو سسٹم کے ذریعے اب تک 11 ارب سے زائد انفرنسز ریکارڈ کیے جاچکے ہیں، جبکہ روزانہ تقریباً 2 کروڑ 40 لاکھ انفرنسز پر کارروائی کی جارہی ہے، جو اس کی کثیر لسانی اے آئی ٹیکنالوجیز کے بڑھتے ہوئے استعمال کی عکاسی کرتی ہے۔ اس ایکو سسٹم میں ترجمہ، اسپیچ ریکگنیشن، اسپیچ سنتھیسس، نقلِ حرفی اور دیگر لسانی خدمات سے متعلق ٹیکنالوجی شامل ہیں، جو ہندوستان کے لسانی تنوع کے درمیان ڈیجیٹل معلومات اور خدمات تک رسائی کو زیادہ آسان بنانے میں مددگار ہیں۔

جی ڈی ایچ ایس 2026 کے بارے میں

گلوبل ڈیجیٹل ہیلتھ سمٹ (جی ڈی ایچ ایس) 2026 کا انعقاد 20 اور 21 نومبر 2026 کو نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں کیا گیا۔ اس سمٹ کا موضوع مصنوعی ذہانت کا عملی نفاذ – اے آئی اِن ایکشن تھا۔ اس میں حکومت، صحت کے شعبے، صنعت اور تعلیمی اداروں سے وابستہ متعلقہ افراد نے شرکت کی۔ سمٹ کے دوران ٹیکنالوجی کی نمائشوں، مظاہروں، سائنسی مباحثوں اور تبادلۂ خیال کے ذریعے صحت کے شعبے میں مصنوعی ذہانت کے عملی استعمال اور ڈیجیٹل ہیلتھ کے حل کو پروان چڑھانےکے ساتھ صحت کے نظام میں ان کے نفاذ اور فروغ کے امکانات پر غور کیا گیا۔

******

( ش ح ۔ م ش ع ۔ م ا )

UR. No-8062


(ریلیز آئی ڈی: 2339763) وزیٹر کاؤنٹر : 5
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी