سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے دہلی یونیورسٹی اور جے این یو کے جموں و کشمیر، بالخصوص جموں خطے سے تعلق رکھنے والے طلباء کے لیے ظہرانے کا اہتمام کیا


ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے دہلی میں مقیم جموں کے طلباء کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا؛ کہا کہ وہ انہیں اپنا ’’مقامی سرپرست‘‘ سمجھ کر ان سے رابطہ کر سکتے ہیں

طلباء نے ہاسٹل سے متعلق مسائل، کیریئر کے مواقع، روزگار کے امکانات اور جموں و کشمیر سے وابستہ امور پر تبادلۂ خیال کیا

طلباء نے جموں میں ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے ترقیاتی اقدامات اور سرکاری اسکیموں کو سراہا؛ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اپنے زمانۂ طالب علمی کے تجربات بیان کیے

وزیر موصوف نے طلباء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اچھے سیکھنے والے ( بہترین متعلم) بنیں اور قومی و بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر جموں کی نمائندگی کو مضبوط کریں

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 21 NOV 2026 5:16PM by PIB Delhi

مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج نئی دہلی میں اپنی رہائش گاہ پر جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے طلباء کے لیے ظہرانے کا اہتمام کیا۔ اس میں دہلی یونیورسٹی (ڈی یو) اور جواہر لعل نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کے طلباء شامل تھے، جن میں سے بیشتر کا تعلق جموں سے ہے۔ یہ طلباء دہلی کے مختلف تعلیمی اداروں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

اس ملاقات کے دوران وزیر موصوف نے طلباء کو یقین دلایا کہ دہلی میں قیام کے دوران اگر انہیں کسی قسم کی دشواری پیش آئے، مدد کی ضرورت ہو یا کسی سہولت کی فراہمی درکار ہو تو وہ براہِ راست ان سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دہلی میں ان کے لیے ایک ’’مقامی سرپرست‘‘ (لوکل گارجین) کی حیثیت رکھتے ہیں۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے طلباء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ پورے اعتماد کے ساتھ اپنے تعلیمی اور پیشہ ورانہ اہداف کے حصول کے لیے آگے بڑھیں۔ انہوں نے جموں و کشمیر سے اعلیٰ تعلیم کے لیے دہلی آنے والے طلباء کی بڑھتی ہوئی تعداد کو سراہا، جو یہاں یورپی مطالعات (یوروپین اسٹڈیز) اور بین الاقوامی مطالعات (انٹرنیشنل اسٹڈیز) جیسے خصوصی مضامین سمیت مختلف شعبوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

اس نشست میں دہلی یونیورسٹی، جواہر لعل نہرو یونیورسٹی (جے این یو)، دہلی اسکول آف اکنامکس اور دیگر تعلیمی اداروں کے طلباء نے شرکت کی۔ اس موقع پر سچیو شرما، اتاویکا چندن، کرمنگ رینا، سکشم کھجوریا، پلک جسروٹیا، مونالیکا شرما، آدتیہ جموال، میگرنک مگوترا ، ابھیشیک کھجوریا، ونشیکا سمبریا، دھیرج کمار، شیوم راجپوت اور آدتیہ بارو سمیت متعدد طلباء نے اپنے تجربات، خواہشات اور خدشات کا اظہار کیا۔

طلباء نے ہاسٹل میں رہائش، کیریئر کے مواقع، روزگار کے امکانات اور جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو درپیش دیگر مسائل پر تبادلۂ خیال کیا۔ نہوں نے جموں سے متعلق مسائل بھی اٹھائے اور خطے کی ترقی اور مستقبل کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔طلباء نے جموں میں حکومت کی کوششوں، ترقیاتی اقدامات اور اسکیموں کو سراہا، جو خطے میں ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے ان کے مثبت نقطۂ نظر کی عکاسی کرتا ہے۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے طلباء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ مطالعے کا شوق پیدا کریں، اپنے اندر تجسس برقرار رکھیں اور رسمی تعلیمی سرگرمیوں سے آگے بڑھ کر بھی مسلسل اپنے علم میں اضافہ کرتے رہیں۔ اپنے طالب علمی کے دور کے تجربات بیان کرتے ہوئے انہوں نے سیکھنے کے عمل، ثابت قدمی، وسیع تر تعلیمی اور پیشہ ورانہ شعبوں میں مواقع تلاش کرنے اور اپنی جڑوں سے وابستہ رہنے کی اہمیت پر زور دیا۔

اس ملاقات میں قومی اور بین الاقوامی سطح کے پلیٹ فارمز پر جموں کے نوجوانوں کی نمائندگی کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے بھی تبادلۂ خیال کیا گیا، تاکہ وہ وسیع تر مباحثوں میں حصہ لے سکیں، دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں اور ابھرتے ہوئے شعبوں میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

طلباء نے رہائش اور کھانے پینے سے متعلق بعض مسائل کی جانب بھی توجہ دلائی، جن میں ہاسٹل کی سہولیات اور میس سے متعلق امور شامل تھے۔ وزیر موصوف نے ان مسائل کو فوری طور پر دہلی یونیورسٹی کے متعلقہ حکام کے سامنے اٹھایا، تاکہ ان پر ضروری توجہ دی  جا سکے۔ طلباء نے یونیورسٹی کے میس اور کینٹین کے مینو میں مزید چند کھانے شامل کرنے کی تجویز بھی پیش کی، جس سے گفتگو میں ایک خوشگوار اور ذاتی  پہلو شامل ہوگیا۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے طلباء کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ دہلی میں انہیں کبھی کسی مشکل کا سامنا ہو یا کسی مدد کی ضرورت پیش آئے تو وہ بلا جھجھک ان سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ اس ملاقات میں طلباء کی فلاح و بہبود، رہنمائی اور جموں و کشمیر کی ترقی جیسے موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزیر موصوف نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ تعلیمی مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور ملک کی ترقی میں پراعتماد اور فعال کردار ادا کرنے والے شہری بن کر ابھریں۔

***

UR-8050

(ش ح۔اس ک  )


(ریلیز آئی ڈی: 2339748) وزیٹر کاؤنٹر : 7
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी