سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

سی ایس آئی آر-این ای ای آر آئی نے فضائی آلودگی کے حل تلاش کرنے کے لیے ماہرین کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کیا


وزارتِ ماحولیات، جنگلات و موسمیاتی تبدیلی، محکمۂ سائنس و ٹیکنالوجی (ڈی ایس ٹی)، محکمۂ حیاتیاتی ٹیکنالوجی (ڈی بی ٹی) اور سی ایس آئی آر کے اداروں کے ماہرین نے صاف ہوا کے حصول کے لیے سائنسی حل، ٹیکنالوجیز اور مربوط اقدامات پر تبادلۂ خیال کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 21 NOV 2026 4:45PM by PIB Delhi

سی ایس آئی آر-قومی ماحولیاتی انجینئرنگ تحقیقی ادارے (سی ایس آئی آر-این ای ای آر آئی) نے اپنے دہلی علاقائی مرکز، نارائنا، نئی دہلی میں "ہند-گنگا کے میدانوں کے لیے صاف ہوا اور آب و ہوا میں لچک (آئی جی پی-سی اے سی آر)" کے موضوع پر ایک غور و فکر ورکشاپ کا انعقاد کیا۔

اس ورکشاپ میں سائنس دانوں، پالیسی سازوں اور تکنیکی ماہرین نے شرکت کی، تاکہ دہلی-این سی آر اور ہند-گنگا کے وسیع تر میدانی علاقوں میں فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے عملی اور سائنسی بنیادوں پر مبنی حل تلاش کیے جا سکیں۔ اس دوران ایئر شیڈ مینجمنٹ (فضائی خطوں کا انتظام)، آلودگی کے ذرائع، صحت پر اس کے اثرات، موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے کا خطرہ، آلودگی پر قابو پانے کی ٹیکنالوجیز، مصنوعی ذہانت پر مبنی فیصلہ سازی کے معاون نظام اور ادارہ جاتی شراکت داری جیسے موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس بات پر خصوصی توجہ دی گئی کہ ایسے حل تلاش کیے جائیں جنہیں بڑے پیمانے پر نافذ کیا جا سکے اور جن کے ذریعے ہوا کے معیار میں قابلِ پیمائش بہتری لائی جا سکے۔

یہ ورکشاپ سی ایس آئی آر-این ای ای آر آئی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس وینکٹا موہن کی قیادت میں منعقد ہوئی۔ اس میں محکمۂ سائنس و ٹیکنالوجی (ڈی ایس ٹی) کے سائنس دان-ایف ڈاکٹر جی وی رگھوناتھ ریڈی؛ وزارتِ ماحولیات، جنگلات و موسمیاتی تبدیلی (ایم او ای ایف اینڈ سی سی) کے سائنس دان-ای ڈاکٹر این سبرامنیم؛ اور محکمۂ حیاتیاتی ٹیکنالوجی (ڈی بی ٹی) کے سائنس دان-ڈی ڈاکٹر بلیندر سنگھ نے شرکت کی۔ سی ایس آئی آر ہیڈکوارٹر کے سینئر نمائندوں میں ممتاز سائنس دان اور بی ڈی جی کے سربراہ ڈاکٹر شیلجا ڈونمپڈی، نیز سائنس دان-جی اور سی پی ڈی کے سربراہ ڈاکٹر انیربن پال شامل تھے۔

سی ایس آئی آر-این ای ای آر آئی کے دہلی علاقائی مرکز، نئی دہلی میں ’’ہند-گنگا کے میدانی علاقوں کے لیے صاف ہوا اور موسمیاتی لچک‘‘ کے موضوع پر منعقدہ غور و فکر  ورکشاپ کے دوران مختلف وزارتوں اور سی ایس آئی آر کے اداروں کے شرکاء۔

ڈاکٹر ایس کے گوئل، سائنس دان-جی اور چیئر، سی ایس آئی آر-این ای ای آر آئی، دہلی علاقائی مرکز، نے دہلی-این سی آر اور ہند-گنگا کے میدانی علاقوں میں فضائی آلودگی سے متعلق بڑے چیلنجوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مربوط ایئر شیڈ مینجمنٹ (فضائی خطوں کے انتظام)، فضائی معیار کی نگرانی کے مضبوط نیٹ ورک اور سائنسی نتائج کو عملی حل اور پالیسی اقدامات میں تبدیل کرنے کے لیے ایک مربوط پین-سی ایس آئی آر مشن کی ضرورت پر زور دیا۔

گفتگو کے دوران ڈاکٹر این سبرامنیم (ایم او ای ایف اینڈ سی سی) نے ہند-گنگا کے میدانی علاقوں کے لیے ایک تکنیکی کمیٹی تشکیل دینے کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ ترجیحی کارروائی کے شعبوں کی نشاندہی کی جا سکے اور بھارت میں مسلسل محیطی فضائی معیار کی نگرانی (سی اے اے کیو ایم) کے نیٹ ورک کی منصوبہ بندی کے لیے سائنسی نقطۂ نظر وضع کیا جا سکے۔ ڈاکٹر بلیندر سنگھ (ڈی بی ٹی) نے درست تغذیہ اور انسانی مائیکرو بایوم کے شعبوں میں تحقیق کے نئے امکانات پر روشنی ڈالی، بالخصوص فضائی آلودگی کے باعث صحت پر مرتب ہونے والے اثرات سے ان کے تعلق کے حوالے سے۔ ڈاکٹر جی وی رگھوناتھ ریڈی (ڈی ایس ٹی) نے تجویز پیش کی کہ سی ایس آئی آر ممکنہ مداخلتوں کی ایک منظم فہرست تیار کرے اور ان کے عملی مظاہرے کے منصوبوں کی معاونت کے لیے موزوں مقامات اور نفاذ کے پیمانے کی نشاندہی کرے۔

ڈاکٹر شیلجا ڈونمپڈی (سی ایس آئی آر ہیڈکوارٹر) نے سی ایس آئی آر کی ٹیکنالوجیز سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا، بالخصوص ان ٹیکنالوجیز سے جو ٹیکنالوجی کی آمادگی کی سطح  (ٹی آر ایل) 6 یا اس سے آگے کے مرحلے تک پہنچ چکی ہیں۔ انہوں نے ہند-گنگا کے میدانی علاقوں میں ان ٹیکنالوجیز کے عملی مظاہروں اور وسیع پیمانے پر نفاذ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ڈاکٹر انیربن پال (سی ایس آئی آر ہیڈکوارٹر) نے آلودگی کے مخصوص ذرائع سے نمٹنے کے لیے ایسی ٹیکنالوجیز تیار کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی جن کے ساتھ واضح نفاذی منصوبے، متعین ادارہ جاتی ذمہ داریاں اور قابلِ پیمائش نتائج وابستہ ہوں۔

سی ایس آئی آر کے سائنس دان اور ماہرین ’’ہند-گنگا کے میدانی علاقوں کے لیے صاف ہوا اور موسمیاتی لچک‘‘ کے موضوع پر منعقدہ غور و فکر ورکشاپ کے دوران تبادلۂ خیال کرتے ہوئے۔ اس ورکشاپ کا اہتمام سی ایس آئی آر-نیری نے اپنے دہلی علاقائی مرکز، نئی دہلی میں کیا تھا۔

سی ایس آئی آر-نیری کے چاروں علاقائی مراکز، یعنی دہلی، ممبئی، کولکاتا اور حیدرآباد، نیز سی ایس آئی آر کی دیگر تجربہ گاہوں اور اداروں کے سائنس دانوں اور ماہرین نے ورکشاپ میں سرگرمی سے حصہ لیا۔ ان میں سی ایس آئی آر-آئی آئی پی، سی ایس آئی آر-سی ڈی آر آئی، سی ایس آئی آر-آئی ایچ بی ٹی، سی ایس آئی آر-آئی ایم ٹیک، سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی، سی ایس آئی آر-سی بی آر آئی، سی ایس آئی آر-سی ایم ای آر آئی، سی ایس آئی آر-این آئی ایس سی پی آر اور سی ایس آئی آر-این آئی ڈی ایس اے کے نمائندوں کے علاوہ سی ایس آئی آر کے روایتی علم کی ڈیجیٹل لائبریری (ٹی کے ڈی ایل) اور ٹیکنالوجی مینجمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے نمائندے بھی شامل تھے۔ تکنیکی اجلاسوں کی نظامت ڈاکٹر انکیت گپتا، سائنس دان-ای، اور ڈاکٹر سنیل گلیا، سائنس دان-ڈی، سی ایس آئی آر-نیری، دہلی علاقائی مرکز نے کی۔

آئندہ کے لائحۂ عمل پر روشنی ڈالتے ہوئے سی ایس آئی آر-نیری کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس وینکٹا موہن نے کہا کہ ادارہ اس ورکشاپ سے حاصل ہونے والی سائنسی اور ادارہ جاتی سفارشات کو یکجا کرکے ایک پالیسی بریف تیار کرے گا۔ اس میں ترجیحی اقدامات، ٹیکنالوجی کی آمادگی کی  سطح، ممکنہ عملی مظاہرے کے منصوبوں اور باہمی تعاون کے مواقع کی نشاندہی کی جائے گی۔ اس سے دہلی-این سی آر اور ہند-گنگا کے میدانی علاقوں میں ہوا کے معیار کو بہتر بنانے اور موسمیاتی لچک کو مضبوط کرنے کے لیے سائنس پر مبنی فیصلے کرنے اور مربوط اقدامات میں مدد ملے گی۔

اس ورکشاپ میں اس ضرورت کو اجاگر کیا گیا کہ فضائی آلودگی کے بار بار پیدا ہونے والے چیلنجوں سے نمٹنے اور پورے خطے میں موسمیاتی لچک کو فروغ دینے کے لیے الگ تھلگ اقدامات سے آگے بڑھ کر ایک مربوط، سائنسی بنیادوں پر استوار اور عملی اقدامات پر مبنی نقطۂ نظر اختیار کیا جائے۔

***

UR-8049

(ش ح۔اس ک  )

 


(ریلیز آئی ڈی: 2339661) وزیٹر کاؤنٹر : 4
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी