پوسٹ کرنے کی تاریخ:
20 NOV 2026 8:14PM by PIB Delhi
نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں جاری 45ویں انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر (آئی آئی ٹی ایف) 2026 میں سماجی انصاف اور تفویضِ اختیارات کی وزارت کے پویلین کو وزیٹرس کی جانب سے مسلسل حوصلہ افزا ردِ عمل حاصل ہو رہا ہے، اور 19 نومبر 2026 تک اس کی مجموعی فروخت 60.78 لاکھ روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔

فروخت میں یہ مسلسل اضافہ ملک بھر میں بھارت کی روایتی دستکاری، مقامی مصنوعات، متنوع برادریوں سے تعلق رکھنے والے کاریگروں کی کاروباری صلاحیتوں اور پائیدار روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے تئیں صارفین کی بڑھتی ہوئی قدردانی کی عکاسی کرتا ہے۔

آئی ٹی پی او کے ہال نمبر 5، گراؤنڈ فلور پر واقع وزارت کا پویلین بھارت کی متنوع فنی روایات، مقامی مہارتوں اور کاروباری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے والے ایک متحرک پلیٹ فارم کے طور پر ابھرا ہے، جبکہ یہ روایتی کاریگروں اور صارفین کے درمیان براہِ راست رابطے میں بھی سہولت فراہم کر رہا ہے۔
وزارت کا پویلین آنے والوں کو بھارت کے متنوع ثقافتی اور فنی ورثے کا مشاہدہ کرنے، کاریگروں سے براہِ راست گفتگو کرنے اور مستند، مقامی اور ہاتھ سے بنی مصنوعات خرید کر ان کی معاشی خود مختاری میں اپنا حصہ ڈالنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

وزارت کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ جاری تجارتی میلے میں وزارت کے تین اعلیٰ کارپوریشنز یعنی نیشنل شیڈولڈ کاسٹس فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایس ایف ڈی سی)، نیشنل بیک ورڈ کلاسز فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این بی سی ایف ڈی سی) اور نیشنل صفائی کرمچاریز فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایس کے ایف ڈی سی) کے ذریعے 19 ریاستوں کے 130 سے زائد کاریگر اپنی مصنوعات کی نمائش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزارت کے تینوں اعلیٰ کارپوریشنز کی شرکت عزت مآب وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کے وژن اور 'سب کا ساتھ، سب کا وکاس' کے اصول کے عین مطابق درج فہرست ذاتوں، پسماندہ طبقات، صفائی متروں اور غیر نوٹیفائیڈ، خانہ بدوش اور نیم خانہ بدوش قبائل (ڈی این ٹی) سے تعلق رکھنے والے کاریگروں اور کاروباری افراد کے منڈیوں سے روابط کو مضبوط بنانے، ان میں کاروباری رجحان کو فروغ دینے اور ان کی سماجی و معاشی خود مختاری کو آگے بڑھانے کی مسلسل کوششوں کو اجاگر کرتی ہے۔

عہدیدار نے بتایا کہ اس پویلین میں روایتی ہینڈ لوم، باریک بینی سے تیار کردہ دستکاری کی اشیاء، ہاتھ سے بنے زیورات، ملبوسات، جوتے، ہاتھ سے تیار کردہ دیگر اشیاء اور مقامی مصنوعات کی ایک وسیع رینج نمائش کے لیے رکھی گئی ہے، جو ملک کے مختلف خطوں کی منفرد فنی شناخت اور مالا مال ثقافتی ورثے کی نمائندگی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی آئی ٹی ایف جیسی قومی سطح کی نمائشوں میں شرکت کاریگروں کو اپنی مصنوعات کی مقبولیت بڑھانے، صارفین سے براہِ راست رابطہ کرنے، صارفین کی بدلتی ہوئی ترجیحات کو سمجھنے، کاروباری نیٹ ورکس قائم کرنے اور نئی منڈیوں کے مواقع تلاش کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی آئی ٹی ایف 2026 میں وزارت کی شرکت کا ایک نمایاں پہلو 'ٹیولپ' (روایتی کاریگروں کی ترقی و روزگار پروگرام) کا فروغ ہے، جس کا مقصد کاریگروں کی تیار کردہ مصنوعات کے لیے بازار میں ایک منفرد شناخت قائم کرنا اور صارفین کے درمیان ان کی مقبولیت اور پہچان کو بڑھانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'ٹیولپ' برانڈ کے فروغ کے ذریعے وزارت روایتی دستکاری اور جدید منڈی کی ضروریات کے درمیان پائے جانے والے خلاء کو پُر کرنے، جدت طرازی کی حوصلہ افزائی کرنے، کاروباری صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور کاریگروں کے لیے آمدنی پیدا کرنے والے پائیدار مواقع فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

جاری 45واں انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر 2026، جس کا افتتاح 13 نومبر 2026 کو ہوا تھا، تجارت، کاروبار، انٹرپرینیورشپ اور ثقافتی تبادلے کے لیے ایک نمایاں پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے، جو متنوع پس منظر سے تعلق رکھنے والے پروڈیوسرز اور صارفین کو ایک ساتھ لاتا ہے۔ یہ تجارتی میلہ 27 نومبر 2026 کو اختتام پذیر ہو رہا ہے۔
****
(ش ح –ا ب ن)
U.No:8014