پوسٹ کرنے کی تاریخ:
20 NOV 2026 6:49PM by PIB Delhi
نئی دہلی: وزارتِ سیاحت نے 19 نومبر 2026 کو نئی دہلی میں ایم آئی سی ای (میٹنگ، انسینٹیو، کانفرنس اور نمائش) اور سیاحت ازدواج کے موضوع پر متعلقہ فریقوں کا مشاورتی اجلاس منعقد کیا۔ وزارتِ سیاحت کے سکریٹری جناب بھونیش کمار کی صدارت میں منعقدہ اس اجلاس میں سرکردہ صنعتی تنظیموں، کنونشن اور نمائش کے مقامات کے نمائندوں اور صنعتی اداروں نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد ان دونوں شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینا اور ہندوستان کو کاروباری تقریبات اور شادیوں کے لیے دنیا کی ایک اہم منزل کے طور پر قائم کرنے کے سلسلے میں صنعت سے تجاویز حاصل کرنا تھا۔
اس مشاورتی اجلاس میں انڈین ایگزیبیشن انڈسٹری ایسوسی ایشن (آئی ای آئی اے)، ایونٹ اینڈ انٹرٹینمنٹ مینجمنٹ ایسوسی ایشن (ای ای ایم اے)، انڈین ویڈنگز انڈسٹری ایسوسی ایشن (آئی ڈبلیو آئی اے)، جیو ورلڈ کنونشن سینٹر (جے ڈبلیو سی سی)، انڈیا ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (آئی ٹی پی او)، انڈیا کنونشن پروموشن بیورو (آئی سی پی بی)، فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (فکی)، پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (پی ایچ ڈی سی سی آئی) اور کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری (سی آئی آئی) کے نمائندوں نے شرکت کی۔
جناب بھونیش کمار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم آئی سی ای شعبے کی وسیع صلاحیتوں کو اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ حکومت اور صنعتی شعبے کے درمیان بہتر تال میل، منظم حکمت عملی اور باقاعدہ رابطے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
ایڈیشنل سکریٹری اور ڈائریکٹر جنرل (سیاحت) جناب سمن بلا نے ایم آئی سی ای اور سیاحت ازدواج کے نظام کو مضبوط بنانے میں متعلقہ شعبوں کی انجمنوں کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔
اجلاس میں ایم آئی سی ای اور سیاحت ازدواج کے مجموعی نظام کو مستحکم بنانے، پیشہ ورانہ خدمات فراہم کرنے والوں کی شناخت، متعلقہ شعبوں کے اعداد و شمار کو بہتر بنانے اور ریاستوں و مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے تعاون سے ہندوستانی سیاحتی مقامات کو فروغ دینے جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں حکومت ہندوستان کو ایم آئی سی ای سیاحت کے ایک نمایاں عالمی مرکز کے طور پر قائم کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔ ہندوستان کی مائس مارکیٹ، جس کی مالیت 2024 میں 49.4 ارب امریکی ڈالر تھی، 2030 تک بڑھ کر 103.7 ارب امریکی ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔ وزارتِ سیاحت ’اِنکریڈیبل انڈیا‘ مہم کے تحت ’میٹ اِن انڈیا‘ ذیلی برانڈ کے ذریعے ہندوستان کو مائس سیاحت کی منزل کے طور پر فروغ دے رہی ہے۔
بین الاقوامی ایسوسی ایشن میٹنگز کے شعبے میں بھی ہندوستان نے نمایاں پیش رفت درج کی ہے۔ انٹرنیشنل کانگریس اینڈ کنونشن ایسوسی ایشن (آئی سی سی اے) کے مطابق، عالمی درجہ بندی میں ہندوستان 2022 میں 37ویں مقام پر تھا، جو 2025 میں بہتر ہوکر 26ویں مقام پر پہنچ گیا۔ وہیں ایشیا بحرالکاہل خطے میں ہندوستان کو چھٹا مقام حاصل ہوا۔ 2025 میں نئی دہلی ہندوستان کے شہروں میں سب سے بہتر مقام پر رہی، جبکہ بنگلورو اور ممبئی مشترکہ طور پر اس کے بعد رہے۔
******
( ش ح ۔ م ش ع ۔ م ا )
UR. No-8007