سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

 آئی این ایس اے کے صدر پروفیسر شیکھر سی منڈے کی اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے لیے سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع سے متعلق 10 رکنی گروپ کیلئے تقرری

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 20 NOV 2026 5:42PM by PIB Delhi

انڈین نیشنل سائنس اکیڈمی (آئی این ایس اے) کے صدر پروفیسر شیکھر سی منڈے کو اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے 2026 سے 2028 کی مدت کے لیے ’پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) کے حصول کے لیے سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع کے فروغ سے متعلق سول سوسائٹی، نجی شعبے اور سائنسی برادری کے اعلیٰ سطحی نمائندوں کے اقوام متحدہ کے دس رکنی گروپ‘ میں مقرر کیا ہے۔

 

پروفیسر منڈے اس اعلیٰ سطحی ماہرین کے گروپ میں دنیا بھر کے نو دیگر ممتاز ماہرین کے ساتھ شامل ہوں گے۔ اس گروپ میں گھانا کی محترمہ میریئن ڈورکاس کوئین اور اٹلی کے مسٹر جیورجیو روسی شریک صدور کے طور پر شامل ہیں، جبکہ دیگر اراکین میں سویڈن کے مسٹر میگنس اینڈرسن، برازیل کی محترمہ مونیکا تیجو کاوالکانتی، روسی فیڈریشن کی محترمہ ایوگینیا دمتریوا، جاپان کی محترمہ موٹوکو کوٹانی، چین کے مسٹر جن لی، مالدیپ کے مسٹر مدین مسیح اور نائیجیریا کی محترمہ ریٹا اورجی شامل ہیں۔ یہ اراکین سائنس کے مختلف شعبوں اور سیکٹروں کی نمائندگی کرتے ہیں اور اقوام متحدہ کے 2030 ایجنڈے کے تحت پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے عالمی کوششوں کو آگے بڑھانے میں اپنی اجتماعی مہارت سے تعاون کریں گے۔

یہ دس رکنی گروپ اقوام متحدہ کے ٹیکنالوجی فیسیلیٹیشن میکانزم (ٹی ایف ایم) کا ایک اہم حصہ ہے، جو پائیدار ترقی کے لیے سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع سے فائدہ حاصل کرنے کی غرض سے تعاون اور شراکت داری کو فروغ دیتا ہے۔ یہ گروپ پائیدار ترقیاتی اہداف کے لیے سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع سے متعلق اقوام متحدہ کی بین الوکالتی ٹاسک ٹیم (آئی اے ٹی ٹی) کے ساتھ قریبی رابطے میں کام کرتا ہے اور سائنسی و تکنیکی شعبوں میں سامنے آنے والی نئی پیش رفت اور پائیدار ترقی پر ان کے اثرات سے متعلق رہنمائی اور سفارشات فراہم کرتا ہے۔

اس گروپ کے دائرۂ کار میں اقوام متحدہ کے سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع فورم میں تعاون، ٹیکنالوجی کے حل اور شراکت داری سے متعلق سفارشات پیش کرنا اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیوں، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹلائزیشن، بایو ٹیکنالوجی، کوانٹم ٹیکنالوجیز، صلاحیت سازی، سماجی شمولیت اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے لیے سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع کے روڈ میپس جیسے شعبوں پر مشورے دینا شامل ہے۔

پروفیسر منڈے ساختی اور کمپیوٹیشنل بایولوجی کے ممتاز ماہر اور سائنسی منتظم ہیں۔ وہ اس وقت انسا کے صدر اور ساوتری بائی پھولے پونے یونیورسٹی کے بایو انفارمیٹکس سینٹر میں ممتاز پروفیسر کے عہدے پر فائز ہیں۔ اس کے علاوہ وہ نیشنل سینٹر فار سیل سائنس (این سی سی ایس)، پونے میں جے سی بوس فیلو بھی ہیں۔ پروفیسر منڈے وگیان بھارتی کے قومی صدر کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں، جو ہندوستان میں سائنسی بیداری کو فروغ دینے کے لیے وقف ایک قومی سائنسی تحریک ہے۔ وہ اس سے قبل کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (سی ایس آئی آر) کے ڈائریکٹر جنرل اور حکومت ہند کے محکمہ سائنسی و صنعتی تحقیق (ڈی ایس آئی آر) کے سکریٹری کے عہدوں پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔

ان کی تقرری عالمی ترقیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع سے متعلق بین الاقوامی تبادلۂ خیال میں ہندوستانی سائنسی مہارت اور اس کے تعاون کو ملنے والی بڑھتی ہوئی اہمیت کی عکاسی کرتی ہے۔

انڈین نیشنل سائنس اکیڈمی نے پروفیسر شیکھر سی منڈے کو اس اہم بین الاقوامی تقرری پر مبارکباد دی ہے اور پائیدار ترقیاتی اہداف کو آگے بڑھانے میں سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع کے کردار کو مضبوط بنانے کے لیے ان کے تعاون کی توقع ظاہر کی ہے۔

******

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U : 7998 )


(ریلیز آئی ڈی: 2339287) وزیٹر کاؤنٹر : 2
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी