پوسٹ کرنے کی تاریخ:
20 NOV 2026 6:13PM by PIB Delhi

قومی کمیشن برائے اقلیت (این سی ایم) نے شری گرو نانک دیو جی کے پرکاش پرب کی یاد مناتے ہوئے، اور امن، ہم آہنگی، مساوات اور بے لوث خدمت کی ان کی لازوال تعلیمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے عقیدت و احترام کے ساتھ گرپرب منایا۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اقلیتی امور کے مرکزی وزیر جناب کرن رجیجو نے شری گرو نانک دیو جی کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کی تعلیمات عصرِ حاضر کے معاشرے میں بھی انتہائی بامعنی اور قابلِ عمل ہیں۔ جناب رجیجو نے کہا کہ گرو نانک دیو جی نے انسانیت کو 'اک اونکار' یعنی ایک خدا اور تمام انسانوں کے اسی کی اولاد ہونے کا ابدی پیغام دیا۔ 'نام جپو، کرت کرو اور ونڈ چھکو' کے تین رہنما اصولوں کے ذریعے گرو جی نے خدا کو یاد کرنے، ایمانداری سے محنت کرنے اور دوسروں کے ساتھ مل بانٹ کر کھانے کی تعلیم دی۔
'شبد کیرتن' کی روایت کا حوالہ دیتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ گرو نانک دیو جی نے اسے لوگوں کے درمیان امن، روحانی بیداری اور ہم آہنگی کے ایک مؤثر ذریعے کے طور پر قائم کیا۔ 'لنگر' کے نظام کو اجاگر کرتے ہوئے، انہوں نے گرو جی کے اس تصور پر زور دیا کہ کوئی بھی شخص بھوکا نہ سوئے۔ انہوں نے کہا کہ لنگر مساوات، مل بانٹ کر کھانے اور انسانیت کی خدمت کا عملی مظہر ہے — جہاں ذات پات، سماجی حیثیت یا عقیدے کے کسی فرق کے بغیر سب لوگ ایک ہی 'پنگت' میں ایک ساتھ بیٹھتے ہیں۔

مرکزی وزیر نے فلپائن کے شہر منیلا میں واقع گوردوارہ خالصہ دیوان کے وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کے دورے کا بھی حوالہ دیا، اور دنیا بھر میں بھارت کے روحانی و ثقافتی روابط کو مضبوط بنانے کے حکومت کے عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت کا رہنما فلسفہ 'سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس اور سب کا پریاس' سب کی شمولیت اور سب کے لیے یکساں مواقع کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔
سکھ تاریخ اور روایت میں گہرائی سے رچے بسے ایثار و قربانی کے جذبے پر بات کرتے ہوئے، مرکزی وزیر نے کہا کہ وہ صاحبزادوں کی غیر معمولی بہادری اور قربانیوں سے بے حد متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی زندگیاں آنے والی نسلوں کو ہمت، ایمان اور اصولوں پر غیر متزلزل ثابت قدمی کے اسباق سے متاثر کرتی رہیں گی۔

اس پروگرام میں قومی کمیشن برائے اقلیت کے چیئرمین جناب ہرجیت سنگھ گریوال، وائس چیئرپرسن محترمہ ایس منوری بیگم، اور اراکین جناب برجس دیسائی، جناب گلین ڈی ٹکلو اور ڈاکٹر یانگچن ڈولما نے شرکت کی۔
قومی کمیشن برائے اقلیت (این سی ایم) کے سکریٹری جناب سچندرا مشرا، جوائنٹ سکریٹری ڈاکٹر اتیہ نند، اور اقلیتی امور کی وزارت کے جوائنٹ سکریٹریز بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس کے علاوہ قومی کمیشن برائے اقلیت اور اقلیتی امور کی وزارت کے سینئر افسران اور عملے کے اراکین نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔ تقریب کا اختتام لنگر کے ساتھ ہوا، جس نے شری گرو نانک دیو جی کے تصور کردہ مساوات، سماجی خدمت اور مل بانٹ کر کھانے کی لازوال سکھ روایت کی تجدید کی۔
*****
(ش ح –ا ب ن)
U.No:8004