پوسٹ کرنے کی تاریخ:
20 NOV 2026 5:23PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج کہا کہ ذیابیطس، جینیاتی عوارض اور صحت کی جدید ترین سہولتوں کے شعبے میں بھارت ایک عالمی تحقیقی مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔ سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت کے تحت ذیابیطس سے متعلق ایک درجن سے زائد تحقیقی منصوبوں پر فی الحال کام جاری ہے، جن میں سے زیادہ تر حیاتیاتی ٹیکنالوجی کے محکمے (ڈی بی ٹی) کے ذریعے، جب کہ بعض سائنسی و صنعتی تحقیق کی کونسل (سی ایس آئی آر) کے تحت انجام دیے جا رہے ہیں۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ نئی نسل کے سالماتی اور جینیاتی حل کے ذریعے ذیابیطس کی روک تھام اور اس پر قابو پانے کے لیے تحقیق پر تیزی سے توجہ مرکوز کی جا رہی ہے، ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ بھارت کی وسیع آبادی اور جینیاتی تنوع سائنسی بصیرت اور صحت سے متعلق ایسے حل تیار کرنے کا منفرد موقع فراہم کرتے ہیں جو ملک کے ساتھ ساتھ پوری دنیا کے لیے بھی مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بھارتی نوجوانوں میں موٹاپے اور ذیابیطس کی روک تھام محض ایک طبی چیلنج نہیں بلکہ قومی ذمہ داری ہے، جس کے لیے شعبۂ صحت سے وابستہ افراد سے آگے بڑھ کر اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ آر ایس ایس ڈی آئی 2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جس کا انعقاد 19 سے 22 نومبر تک بنگلورو میں کیا جا رہا ہے۔ اس کانفرنس میں ملک اور بیرونِ ملک سے ذیابیطس کے ممتاز ماہرین، معالجین، محققین، ماہرینِ تعلیم اور صحت کے شعبے سے وابستہ پیشہ ور افراد شرکت کر رہے ہیں۔ اس موقع پر موجود نمایاں شخصیات میں حکومتِ کرناٹک کے وزیر برائے ترقیِ گریٹر بنگلورو اور پارلیمانی امور جناب کرشنا بائرے گوڑا اور رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر سی این منجوناتھ شامل تھے۔ افتتاحی پروگرام میں فیلوشپ کی اسناد تقسیم کرنے، ایوارڈ یافتگان کو اعزاز سے نوازنے اور کتابوں و رہنما اصولوں کے اجرا کی تقریبات بھی منعقد ہوئیں۔
وزیر موصوف نے کہا کہ بھارت کی سائنسی اور صحت سے متعلق صلاحیتوں میں نمایاں تبدیلی آئی ہے اور ملک بیرونی حل پر انحصار کرنے کے بجائے اب اپنی ویکسین، طریقہ ہائے علاج، اینٹی بایوٹکس اور جدید طبی ٹیکنالوجیز تیار کر رہا ہے۔ بھارت کی ڈی این اے پر مبنی کووڈ-19 ویکسین، مقامی طور پر تیار کردہ اینٹی بایوٹکس، جینیاتی علاج سے متعلق تحقیق، بایوسمیلیئرز اور بھارت جینوم مطالعے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک سائنسی تحقیق میں ایک اہم کردار ادا کرنے والا ملک بن کر ابھرا ہے اور اس کا تحقیقی نظام اختراعی طریقوں کے ذریعے صحت سے متعلق پیچیدہ چیلنجوں سے نمٹنے پر تیزی سے توجہ دے رہا ہے۔ انہوں نے ایچ پی وی، ڈینگی اور ملیریا جیسی بیماریوں کے لیے بھارت میں ویکسین کی تیاری کے جاری مراحل اور جینیاتی علاج کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت کا بھی ذکر کیا، جو بھارتی حیاتیاتی و طبی تحقیق کے بڑھتے ہوئے دائرے کی عکاسی کرتی ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ ذاتی نوعیت کے علاج اور سالماتی سطح پر مداخلت کے بڑھتے ہوئے رجحان سے ٹائپ 2 ذیابیطس، اس سے وابستہ میٹابولک عوارض اور ان کی روک تھام کو سمجھنے کے نئے امکانات پیدا ہو رہے ہیں، بالخصوص نوجوانوں میں ان بیماریوں کی روک تھام کے حوالے سے۔ انہوں نے سرکاری تحقیقی اداروں، نجی شعبے کے محققین، معالجین، نئے کاروباری اداروں اور طبی انجمنوں کے درمیان زیادہ سے زیادہ اشتراک پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سائنسی دریافتوں کو صحت کی عملی سہولتوں میں تبدیل کرنے کے لیے اطلاقی تحقیق اور سرکاری و نجی شعبوں کی شراکت داری ناگزیر ہے۔
جاری اہم تحقیقی اقدامات میں بھارت اور ڈنمارک کا ایک مشترکہ مطالعہ بھی شامل ہے، جس میں ذیابیطس سے پہلے کی کیفیت اور ذیابیطس کے مریضوں میں آنتوں کے خرد حیاتیاتی نظام میں بھارت سے مخصوص تبدیلیوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس مطالعے کا مقصد میٹابولک عوارض میں آنتوں کے خرد جانداروں کے نمونوں کے کردار کو بہتر طور پر سمجھنا ہے۔ حیاتیاتی ٹیکنالوجی کے محکمے (ڈی بی ٹی) کی معاونت سے ایک اور مطالعے میں جینیاتی طور پر تبدیل کیے گئے ای کولی نیسلے 1917 بیکٹیریا پر تحقیق کی جا رہی ہے، جو جی ایل پی-1 پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان بیکٹیریا کو ایک ایسے طریقۂ کار کے طور پر فروغ دینے کی گنجائش موجود ہے، جس کے ذریعے نظامِ ہاضمہ کے راستے علاج میں استعمال ہونے والے سالمات جسم تک پہنچائے جا سکیں۔ اس سلسلے میں انسانوں پر مطالعے کیے جانے کی توقع ہے۔ اسی طرح، بی آر آئی سی-ٹی ایچ ایس ٹی آئی میں جاری تحقیق کے تحت آنتوں سے وابستہ بیکٹیریا میں جی ایل پی-1 کے مماثل سالمات کی تیاری کا جائزہ لیا جا رہا ہے، تاکہ جی ایل پی-1 پر مبنی علاج پہنچانے کے نئے طریقے تلاش کیے جا سکیں۔
وزیر موصوف نے حمل سے پہلے کے مرحلے سے لے کر ابتدائی بچپن تک ایسی تدابیر سے متعلق تحقیق کا بھی ذکر کیا، جن کا مقصد دل اور میٹابولزم سے وابستہ بیماریوں کے خطرات کو کم کرنا ہے۔ ان میں بچوں کے خون میں سوگر کی سطح، فشارِ خون اور جسم میں چربی کی مقدار پر توجہ دینا بھی شامل ہے۔ انہوں نے دیہی میسورو میں جاری ’آئن اسٹائن‘ مطالعے کا بھی حوالہ دیا۔ ان کے مطابق، یہ اقدامات احتیاطی صحت کی حکمتِ عملیوں کو مضبوط بنانے اور زندگی کے ابتدائی مراحل ہی سے میٹابولزم سے متعلق خطرات سے نمٹنے کے لیے شواہد فراہم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے حمل کے دوران ماں کی غذائیت کے اولاد کی میٹابولک صحت پر نسل در نسل مرتب ہونے والے اثرات کا جائزہ لینے والی تحقیق کا بھی ذکر کیا۔
جاری دیگر تحقیقی منصوبوں کو اجاگر کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ایسی تحقیق کا ذکر کیا جس میں ایکسوسومل پروفائلنگ اور میٹابولومکس کو یکجا کرکے حمل کے دوران ذیابیطس کی تاریخ رکھنے والی خواتین میں ٹائپ 2 ذیابیطس کی پیش گوئی کرنے والے حیاتیاتی اشاریوں کی شناخت کی جا رہی ہے۔ انہوں نے ٹائپ 2 ذیابیطس اور میٹابولک خرابی سے وابستہ چربی والے جگر کی بیماری (ایم اے ایف ایل ڈی) کے درمیان تعلق کی جانچ کرنے والے مطالعات کا بھی ذکر کیا، جن میں ایس 100 اے 6 کے راستے اور ممکنہ طور پر اثر کو بے اثر کرنے والی یک شبیہی ضدِ اجسام کی تیاری پر تحقیق شامل ہے۔ اس کے علاوہ، خون میں انسولین کی زیادتی، جگر میں ایس آئی آر ٹی 1 اور پورے جسم میں انسولین کے خلاف مزاحمت سے متعلق تحقیق کا بھی حوالہ دیا۔ انہوں نے رائبوسومل پروٹینز اور انسولین کے سگنلنگ نظام پر مطالعات کے ساتھ ساتھ اراکیڈونک ایسڈ کے ممکنہ استعمال سے متعلق تحقیق کا بھی ذکر کیا، جس میں خون میں گلوکوز کی سطح کو منظم کرنے کی صلاحیت بہتر بنانے اور ذیابیطس کے باعث پٹھوں کے حجم میں کمی سے ان کی حفاظت کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
وزیر موصوف نے موٹاپے اور ٹائپ 2 ذیابیطس کے علاج کے لیے ایک ممکنہ ہدف کے طور پر میکروفیج جی آئی سگنلنگ سے متعلق ابھرتی ہوئی تحقیق کا حوالہ دیا۔ اس سلسلے میں ستمبر 2026 میں ’جرنل آف کلینیکل انویسٹی گیشن‘ میں شائع ہونے والے تحقیقی نتائج کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے انسولین کو درجۂ حرارت کے اثرات سے محفوظ رکھنے کی تیاریوں کا بھی حوالہ دیا، تاکہ اس کے ذخیرے اور نقل و حمل میں آسانی ہو سکے۔ اس کے ساتھ ہی، منہ کے ذریعے استعمال کی جانے والی انسولین تیار کرنے کے لیے نئے کاروباری اداروں کی جانب سے کی جانے والی تحقیق کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے صحت کے شعبے میں نئے حل کی پیش رفت کے لیے ادارہ جاتی معاونت، ٹیکنالوجی کی ترقی اور خطرات مول لینے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ بھارت نے لیراگلوٹائڈ اور انسولین لِسپرو سمیت بایوسمیلیئر ادویات کی مقامی تیاری میں بھی پیش رفت کی ہے، جس سے ذیابیطس کے سستے علاج کے شعبے میں ملک کی صلاحیت مزید مضبوط ہوئی ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ بھارت کی آبادی کا تنوع، جینوم سے متعلق تحقیقی صلاحیتیں اور سائنسی بنیادی ڈھانچے میں توسیع، اعلیٰ اثرات مرتب کرنے والی طبی تحقیق کے وسیع امکانات فراہم کرتی ہے۔ 84 آبادیاتی گروہوں کے 10,000 افراد پر مشتمل بھارت جینوم مطالعے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کا جینیاتی تنوع ذاتی نوعیت کے علاج کو فروغ دینے اور عالمی سطح پر صحت سے متعلق تحقیق میں تعاون کرنے کے لیے ایک اہم سائنسی وسیلہ ثابت ہو سکتا ہے۔
عوام میں زیادہ سے زیادہ بیداری پیدا کرنے اور سائنسی معلومات کو ذمہ داری کے ساتھ عام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر موصوف نے طبی اور سائنسی برادری سے اپیل کی کہ وہ ذیابیطس، موٹاپے، غذائیت اور وزن گھٹانے کے علاج سے متعلق پھیلائی جانے والی غلط معلومات کا مؤثر طور پر مقابلہ کرے۔ انہوں نے خود ساختہ ماہرینِ غذائیت کی جانب سے دیے جانے والے گمراہ کن غذائی مشوروں، غیر سائنسی دعوؤں اور موٹاپے پر قابو پانے کے لیے ڈاکٹروں کے مشورے کے بغیر ادویات کے استعمال سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ غلط معلومات، معلومات کی کمی سے بھی زیادہ نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مستند سائنسی ماہرین کو معاشرے سے فعال طور پر رابطہ قائم رکھنا چاہیے، تاکہ صحت سے متعلق فیصلے سائنسی شواہد اور ذمہ دارانہ طبی مشوروں کی بنیاد پر کیے جائیں۔
سال2047 تک وِکست بھارت کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرنے کے عزم اور ملک کی تقریباً 70 فیصد آبادی کی عمر 40 سال سے کم ہونے کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں کی صحت، توانائی اور پیداواری صلاحیت کا تحفظ قومی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی نوجوانوں میں موٹاپے اور ذیابیطس کی روک تھام کو ایک اجتماعی ذمہ داری کے طور پر دیکھا جانا چاہیے، جس میں سائنسی اداروں، طبی ماہرین، پالیسی سازوں اور پورے معاشرے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس ذمہ داری کو صرف ذیابیطس کے ماہرین یا صحت کے شعبے سے وابستہ پیشہ ور افراد تک محدود نہیں رکھا جانا چاہیے۔
وزیر موصوف نے آر ایس ایس ڈی آئی اور وسیع تر طبی تحقیقی برادری کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ بھارت میں جاری سائنسی اقدامات سے اپنا رابطہ مزید مضبوط کریں، تحقیقی شراکت داری کو فروغ دیں اور احتیاطی تدابیر، کم خرچ اور جدید ترین صحت خدمات کی تیاری میں اپنا تعاون پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ ذیابیطس اور میٹابولک صحت کے شعبے میں ملک کی سائنسی پیش رفت، وِکست بھارت کی تعمیر کے وسیع تر قومی مشن میں بھی اپنا کردار ادا کر سکتی ہے۔




****
(ش ح ۔رک)
U. No.7992