پوسٹ کرنے کی تاریخ:
20 NOV 2026 5:25PM by PIB Delhi
نئی دہلی، 20 نومبر 2026: مصنوعی ذہانت (اے آئی) ہمارے کام کرنے کے طریقوں اور پیداواری صلاحیت کے تصورات کے ہر پہلو میں انقلاب برپا کر رہی ہے۔ اس غیر معمولی تکنیکی تبدیلی کے دور میں ہندوستان کے 10 کروڑ چھوٹے، بہت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایم ایس ایم ایز) کو سبقت برقرار رکھنے کے قابل بنانے کے لیے مائیکروسافٹ انڈیا اور سمہتا-سی جی ایف نے اٹل انوویشن مشن، نیتی آیوگ کے اشتراک سے ’ایم ایس ایم ایز کے لیے اے آئی کو قابلِ عمل بنانے سے متعلق قائدین کے مذاکرات کا انعقادکیا۔
مذاکرات میں اٹل انوویشن مشن، نیتی آیوگ کے مشن ڈائریکٹر ڈاکٹر دیپک باگلا اور مائیکروسافٹ انڈیا و جنوبی ایشیا کے کارپوریٹ، خارجی اور قانونی امور (سی ای ایل اے) کے جنرل منیجر جناب سنجے چڈھا کے ساتھ ایم ایس ایم ای شعبے کے بانیوں اور ماحولیاتی نظام کے شراکت داروں نے شرکت کی۔ اس دوران ہندوستان کے ایم ایس ایم ایز میں اے آئی کے استعمال کی موجودہ صورت حال، اس شعبے میں اقتصادی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اے آئی کے ذریعے دستیاب ہونے والے امکانات، نیز ایم ایس ایم ایز میں اے آئی کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے پورے ماحولیاتی نظام پر مشتمل معاون نظام کی تشکیل کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
یہ مذاکرات مائیکروسافٹ کی ایم ایس ایم ایز کو اے آئی کے استعمال کے قابل بنانے سے متعلق پہل کا حصہ تھا۔ اس پہل کے تحت آندھرا پردیش، دہلی - این سی آر، کرناٹک اور مہاراشٹر میں 3,000 ایم ایس ایم ایز کو 60 روزہ اے آئی تربیتی اجلاس کے دوران کاروبار کے مختلف شعبوں میں اے آئی پر مبنی طریقۂ کار اپنانے میں مدد دی جا رہی ہے، تاکہ وہ زیادہ مؤثر، پیداواری صلاحیت اور وسعت اختیار کرنے کے قابل بن سکیں۔
ڈاکٹر باگلا نے کہا، ’’ہندوستان کی ترقی کی اگلی بڑی جست اس بات پر منحصر ہے کہ ہم اے آئی کو کس حد تک سب کے لیے قابلِ رسائی بناتے ہیں، تاکہ چھوٹے سے چھوٹے کاروبار بھی مہارت، وقت اور لاگت کی رکاوٹوں کے بغیر اسے اپنا سکیں۔ اے آئی کے ذریعے قدر پیدا کرنے میں سب سے بڑا اضافی فائدہ ہمارے ایم ایس ایم ایز اور خود کے روزگار کے حامل افراد سے حاصل ہوگا۔ ان کا مقصد صرف مالیاتی شعبے میں غیر معمولی کامیاب کاروباری ادارے قائم کرنا نہیں، بلکہ ایک ارب سے زائد لوگوں کی زندگیوں پر مثبت اثر ڈال کر سماجی سطح پر بھی ایسی ہی غیر معمولی کامیابیاں حاصل کرنا ہے۔‘‘
اس تقریب میں مائیکروسافٹ انڈیا اور پروگرام پر عمل درآمد میں شراکت دار سمہتا-سی جی ایف نے ایک کثیر لسانی اے آئی چیٹ بوٹ متعارف کرایا، جو ایم ایس ایم ایز کی علاقائی زبانوں میں دستیاب ہوگا۔ اسے اس مقصد سے تیار کیا گیا ہے کہ تربیت مکمل ہونے کے بعد بھی یہ ادارے اپنی روزمرہ کاروباری سرگرمیوں میں اے آئی کا استعمال سیکھنے اور اسے بروئے کار لانے کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔ جلد ہی اس چیٹ بوٹ کا دائرہ وسیع کرکے ملک بھر کے ایم ایس ایم ایز کے لیے دستیاب کرایا جائے گا۔
مائیکروسافٹ انڈیا اور جنوبی ایشیا کے کارپوریٹ، خارجی اور قانونی امور (سی ای ایل اے) کے جنرل منیجر جناب سنجے چڈھا نے کہا کہ ’’ہندوستان کے ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچے نے لاکھوں ایم ایس ایم ایز کو ڈیجیٹل معیشت سے جوڑا ہے۔ اے آئی کے دور میں اگلا اہم مرحلہ پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہے۔ جب چھوٹے کاروبار درست مہارتوں اور اس اعتماد کے ساتھ اے آئی اپناتے ہیں کہ اس کا استعمال ذمہ داری کے ساتھ کیا جا رہا ہے، تو ان کے ملازمین زیادہ قدر و اہمیت کے حامل کام انجام دیتے ہیں، کاروباری ادارے ترقی کرتے ہیں اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ ہم ایم ایس ایم ایز کو اے آئی سے واقفیت کے مرحلے سے آگے بڑھا کر اسے اپنانے میں مدد دینے اور ذمہ دارانہ اے آئی کو دیرپا اقتصادی ترقی اور خوش حالی کی بنیاد بنانے کے لیے ہندوستان کے انکیوبیشن نیٹ ورک کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔‘‘
مائیکروسافٹ اور سمہتا - سی جی ایف پروگرام میں حصہ لینے والے 6,000 افراد کے تربیتی تجربات سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر ’ایم ایس ایم ایز میں اے آئی کے قومی سطح پر استعمال سے متعلق رہنما کتابچہ‘ بھی تیار کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ اس کتابچے میں عملی طریقۂ کار، کامیابی کی کہانیاں اور اہم معلومات شامل ہوں گی، تاکہ صنعتی انجمنوں، انکیوبیٹرز اور سرکاری اداروں کو بڑے پیمانے پر اے آئی کے استعمال کو فروغ دینے میں مدد مل سکے۔
سمہتا - سی جی ایف کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر محترمہ پریا نائک نے کہاکہ ’’یہ اقدام شروع کرنے کا موزوں وقت ہے۔ اب جنریٹیو اے آئی روزمرہ استعمال کے پیداواری صلاحیت بڑھانے والے آلات کا حصہ بن چکی ہے، ہندوستان کا اے آئی بنیادی ڈھانچہ وسعت اختیار کر رہا ہے اور بڑے کاروباری ادارے ایم ایس ایم ایز سے ڈیجیٹل شعبے میں مزید توقعات وابستہ کر رہے ہیں۔ یہ پہل اس سے بہتر وقت پر شروع نہیں ہو سکتی تھی۔ میں مائیکروسافٹ کی شکر گزار ہوں کہ اس نے صلاحیت سازی، فکری قیادت، نظام کی سطح پر مربوط نقطۂ نظر اور حکومت کے ساتھ بامعنی اشتراک کو یکجا کرکے اس پہل کی کامیابی کی راہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔‘‘
ش ح۔ ش ب۔ ق ر
U.No-7993